مرکزی وزیر برائے فروغ انسانی وسائل سمرتی ایرانی نے

نئی دہلی 30 مئی (سیاست ڈاٹ کام) مرکزی وزیر برائے فروغ انسانی وسائل سمرتی ایرانی نے سی بی ایس ای بارہویں جماعت کے امتحانات میں ٹاپ کرنے والے طلبہ کو مبارکباد پیش کی اور اُن کی سخت محنت کی ستائش کی جس کی وجہ سے اُن کے خاندانوں کو فخر کا موقع حاصل ہوا ہے۔ مضامین میں اعلیٰ ترین کارکردگی کے مظاہرہ کی ستائش کرتے ہوئے سمرتی ایرانی نے کہاکہ امتحانات، نمبرات، اقدار اور کردار زندگی میں پیشرفت کے وسائل ہوتے ہیں۔ اُنھوں نے کہاکہ وہ اِن تمام طلبہ کی ستائش کرتی ہیں جنھوں نے سخت محنت کرکے اچھے نتائج حاصل کئے جس کی وجہ سے اُن کے خاندانوں کو فخر کرنے کا موقع مل سکا۔ نتائج کا اعلان مختلف زونس کے لئے علیحدہ طور پر ہوا ہے۔ لڑکیوں نے لڑکوں سے بہتر مظاہرہ کیا ہے۔ بحیثیت مجموعی ملک گیر سطح پر کامیابی حاصل کرنے والوں کا فیصد 82.66 ہے۔ اپنے پیغام میں سمرتی ایرانی نے کہاکہ وہ تمام کامیاب طلبہ کو اپنے خوابوں کی تعبیر حاصل کرنے پر مبارکباد پیش کرتی ہیں اور دعا کرتی ہیں کہ اُنھیں اپنی زندگی میں خوشی اور مسرت حاصل ہو اور وہ اپنے مقاصد کی تکمیل کرسکیں۔ اِس طرح صحتمند ہم آہنگ معاشرہ اور مستحکم قوم کی تعمیر میں اپنا حصہ ادا کرسکیں۔