یروشلم 23 اکٹوبر (سیاست ڈاٹ کام) مرکزی وزیرداخلہ راجناتھ سنگھ آئندہ ماہ اسرائیل کا دورہ کرنے تیار ہیں جبکہ دونوں ممالک کے درمیان تعلقات کے مزید گہرے ہونے کا اشارہ مل رہا ہے۔ راجناتھ سنگھ توقع ہے کہ وزیراعظم بنجامن نتن یاہو سے 6 نومبر کو ملاقات کریں گے۔ اُن کے اعلیٰ سطحی 4 روزہ دورہ کی تفصیلات کا تعین کیا جارہا ہے۔ جون 2000 ء کے بعد ہندوستان کے کسی بھی وزیرداخلہ کا یہ اوّلین دورہ اسرائیل ہوگا۔ 2000 ء میں اُس وقت کے مرکزی وزیرداخلہ ایل کے اڈوانی نے تل ابیب کا دورہ کیا تھا۔ راجناتھ سنگھ کا دورہ وزیراعظم نریندر مودی کی وزیراعظم اسرائیل بنجامن نتن یاہو سے گزشتہ ماہ نیویارک میں اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کے اجلاس کے دوران علیحدہ ملاقات کے بعد ہورہا ہے۔ نتن یاہو نے مودی سے کہا تھا کہ دونوں ممالک کے درمیان مختلف شعبوں میں تعاون کے لحاظ سے کوئی حد مقرر نہیں ہے۔ نتن یاہو نے مودی کو اُن کی انتخابی کامیابی پر مبارکباد بھی پیش کی تھی۔ کل اسرائیل کے مشیر قومی سلامتی جوزف کوہین نے ہندوستان کا تین روزہ دورہ ختم کیا تھا اور راجناتھ سنگھ سے ملاقات بھی کی تھی۔