نئی دہلی ۔ 11 جون (سیاست ڈاٹ کام) مرکزی وزراء نے آج پارلیمنٹ میں کی گئی نریندر مودی کی تقریر کو ’’دل کو چھو لینے والی‘‘ تقریر قرار دیتے ہوئے خیرمقدم کیا اور کہا کہ وزیراعظم ایوان میں کئے گئے اپنے وعدوں کو من و عن پورا کریں گے۔ وزیرداخلہ راجناتھ سنگھ نے کہا کہ مودی کی تقریر دل کو چھو چکی ہے۔ انہوں نے نہ صرف ملک کے وزیراعظم کی حیثیت سے تقریر نہیں کی بلکہ یہ ہر ایک دل کی آواز ہے۔ وزیرآبی وسائل اوما بھارتی نے کہا کہ وزیراعظم نے عوامی تحریک کے ذریعہ ہی ترقی کو یقینی بنانے پر زور دیا ہے۔ میں جانتی ہوں کہ وزیراعظم اپنے وعدہ کو پورا کریں گے۔ مملکتی وزیرداخلہ کرن ریجی جو نے کہا کہ وزیراعظم کی تقریر ارکان پارلیمنٹ اور وزراء کے بشمول تمام کیلئے ایک پیام ہے۔ سابق مرکزی وزیر اور کانگریس لیڈر ویرپا موئیلی نے بھی مودی کی تقریر میں مہاتما گاندھی کے خیالات کو پیش کرنے پر ستائش کی۔
امریندر سنگھ پر مودی کی جوابی تنقید
نئی دہلی 11 جون (سیاست ڈاٹ کام) وزیراعظم نریندر مودی نے کانگریس لیڈر امریندر سنگھ پر جوابی تنقید کی جنھوں نے نئی حکومت کے تقریباً تمام پروگرامس کو ’’نئی بوتل میں پرانی شراب‘‘ قرار دیا تھا۔ مودی نے لوک سبھا میں اُن کا نام لئے بغیر کہاکہ اُنھیں شراب کی یاد فطری بات ہے۔ وزیراعظم نے صدرجمہوریہ کے خطبہ پر تحریک تشکر مباحث کا جواب دے رہے تھے۔ قبل ازیں امریندر سنگھ نے بی جے پی حکومت کے ایجنڈہ کو ’’نئی بوتل میں پرانی شراب‘‘ قرار دیتے ہوئے کانگریس نے جو پروگرامس پہلے ہی شروع کئے تھے اُنھیں موجودہ نئے ناموں سے متعارف کروارہی ہے۔