بنگلور، 30جنوری (سیاست ڈاٹ کام ) کرناٹک کے وزیراعلی ایچ ڈی کمار سوامی نے مرکزی حکومت پر الزام لگایا کہ وہ کرناٹک کے ساتھ خشک سالی راحتی کاموں میں سوتیلا سلوک کررہی ہے ۔مسٹر کمار سوامی نے بدھ کو کہاکہ مرکز نے کرناٹک کے خشک سالی راحت کاموں کے لئے محض 950کروڑ روپے جاری کئے ہیں۔ انہوں نے کہاکہ ریاستی حکومت نے قدرتی آفت فنڈ سے 2500کروڑ روپے کی مانگ کی تھی لیکن مرکزی حکومت نے محض 950کروڑ روپے ہی الاٹ کئے ہیں جبکہ مہاراشٹر کو 4500کروڑ روپے دے ئے گئے ۔ ہمیں بہت ہی کم امدادی رقم دی گئی۔مسٹر کمار سوامی نے نامہ نگاروں سے بات چیت میں کہا کہ میں جلد ہی وزیراعظم نریندر مودی سے ملاقات کرکے انہیں راحتی کاموں کے لئے الاٹ کئے گئے فنڈ میں عدم یکسانیت کے تعلق سے بتاوں گا۔خیال رہے کہ کرناٹک حکومت نے ریاست کے مجموعی طورپر 175تعلقہ میں سے 156کو خشک سالی سے متاثرہ اعلان کیا ہے ۔