مرکزی حکومت چلانے وزیراعظم نریندر مودی ناکام

وزارت عظمی کے عہدہ سے سبکدوش ہونے کا مطالبہ ، رکن اسمبلی و چیرمین وقف بورڈ اے پی جلیل خاں کا بیان

حیدرآباد ۔ /15 اپریل (سیاست نیوز) تلگودیشم پارٹی رکن اسمبلی و صدرنشین ریاستی وقف بورڈ آندھراپردیش مسٹر جلیل خان نے بی جے پی کو ہدف ملامت بنایا اور کہا کہ حکومت چلانے میں وزیراعظم نریندر مودی کس حد تک ناکام رہے اس کا تازہ ترین ثبوت اور مثال ان کی جانب سے (نریندر مودی کی جانب سے ) کی گئی ایک روزہ بھوک ہڑتال ہی ہے ۔ لہذا اپنی اس ناکامی کو پیش نظر رکھتے ہوئے وزیراعظم نریندر مودی سے فی الفور وزارت عظمی کے عہدے سے مستعفی ہونے کا مسٹر جلیل خاں نے پرزور مطالبہ کیا ۔ انہوں نے گیسٹ ہاؤز میں اخباری نمائندوں سے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ ریاست آندھراپردیش کو خصوصی موقف حاصل ہونے کا آخری وقت چیف منسٹر آندھراپردیش مسٹر این چندرا بابو نائیڈو نے مکمل بھروسہ اور یقین کیا لیکن مرکزی حکومت بالخصوص وزیراعظم نریندر مودی نے ریاست آندھراپردیش کے ساتھ مکمل طور پر دھوکہ کیا ۔ صدرنشین آندھراپردیش وقف بورڈ نے مرکزی حکومت کو سخت تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ ملک میں بی جے پی کے برسراقتدار آنے کے بعد دلت طبقات پر مظالم کے واقعات میں زبردست اضافہ ہوا ہے اور کسی بھی ریاست میں حالات پرامن نہیں ہیں ۔ بلکہ تقریباً ریاستوں میں خواتین کی عصمت ریزی کے واقعات میں اضافہ ہوا ہے ۔ بلکہ ان واقعات میں بی جے پی کے قائدین بھی ملوث پائے جارہے ہیں ۔ انہوں نے دریافت کیا کہ آیا گزشتہ چار سال تک اپوزیشن جماعتیں ریاست آندھراپردیش کو خصوصی موقف حاصل نہ ہونے پر کیوں خاموشی اختیار کئے ہوئے تھے اور تب ہی مرکزی حکومت کے خلاف احتجاج کا آغاز کیوں نہیں کیا گیا ۔ رکن اسمبلی تلگودیشم پارٹی نے وائی ایس آر کانگریس پارٹی کو ہدف ملامت بنایا اور کہا کہ وائی ایس جگن موہن ریڈی کی پدیاترا سے انہیں کچھ حاصل ہونے والا نہیں ہے ۔ کیونکہ جس ضلع میں مسٹر وائی ایس جگن موہن ریڈی داخل ہورہے ہیں اس ضلع کے اطراف و اکناف سے عوام کو اکٹھا کرکے اس پدیاترا میں شامل کرکے پدیاترا کے کامیاب انعقاد کو بنانے کی کوشش کی جارہی ہے جبکہ حقیقت تو یہ ہے کہ مسٹر وائی ایس جگن موہن ریڈی کی پدیاترا کے تعلق سے عوام میں نہ ہی کوئی جوش و خروش پایا جارہا ہے اور نہ ہی کوئی دلچسپی و ردعمل کا اظہار کیا جارہا ہے ۔ مسٹر جلیل خان نے مسٹر وائی ایس جگن موہن ریڈی کو چیلنج کیاکہ اگر ان میں ہمت ہو تو اپنی پدیاترا کے سلسلہ میں منعقد کئے جانے والے بڑے جلسہ عام میں بی جے پی اور نریندر مودی کو چور کہہ کر بتادیں ۔ انہوں نے واضح طور پر کہا کہ وائی ایس آر کانگریس پارٹی اور بی جے پی کے مابین خفیہ مفاہمت ہوچکی ہے ۔