مرکزی حکومت پر ظالمانہ طرز عمل کا الزام

کریم نگر۔/5اگسٹ، ( سیاست ڈسٹرکٹ نیوز) بدعنوانیوں کے خلاف کانگریس ارکان پارلیمنٹ سوال اٹھانے پر انہیں معطل کیا جانا مرکزی حکومت کا انتہائی ظالمانہ و آمرانہ طرز عمل ہے۔ سابق ایم پی پونم پربھاکر نے سخت تنقید کی۔ پارلیمنٹ سے کانگریس کے 25ارکان پارلیمنٹ کو معطل کرنے پر احتجاج کرتے ہوئے این ایس یو آئی ضلع صدر پڑالا راہول کی زیر قیادت منگل کی شام تلنگانہ چوک پر وزیر اعظم نریندر مودی کا علامتی پتلا نذر آتش کیا گیا۔ اس موقع پر پونم پربھاکر نے مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ بدعنوانیوں سے پاک و صاف شفاف حکومت کا وعدہ کرکے عوام کو گمراہ کیا جارہا ہے اور اقتدار پر آکر بدعنوان وزراء کی ہر طرح پشت پناہی کرنے کا الزام عائد کرتے ہوئے  سخت تنقید کی۔ انہوں نے کہا کہ نریندر مودی اپنا طرز عمل نہیں بدلیں گے تو مزید احتجاج میں شدت پیدا کرنے کا انتباہ دیا۔ اس پروگرام میں پارٹی اسمبلی حلقہ انچارج چیلمیڈہ لکشمی نرسمہا، مقامی کانگریس پارٹی صدر کراراج شیکھر، مہیلا کانگریس ایس سی شعبہ صدر گوگیلا، جئے سری، روی رمنا راؤ، اے آنند چکرا دھر، لکشمی اشوک، کنکم وینکٹ، رتنم، ستیم، سرینواس، سدھیر کے علاوہ دیگر نے شرکت کی۔

 

اردو میڈیم ڈگری کالج تانڈور میں قیام سے آج تک مستقل اساتذہ کی عدم تقرری
تانڈور۔/5اگسٹ، ( سیاست ڈسٹرکٹ نیوز) ضلع رنگاریڈی میں قائم واحد اردو میڈیم ڈگری کالج تانڈور میں قیام کے بعد سے آج تک مستقل اساتذہ کا تقرر عمل میں نہیں آیا۔ کنٹراکٹ اساس پر چند اساتذہ یومیہ اجرت پر پڑھا رہے ہیں، مشاہرہ بھی ہر ماہ پابندی سے نہیں ملتا، ایسے اساتذہ کی خدمات کو استقلال بخشنے کے بجائے ریاست تلنگانہ میں مزید کنٹراکٹ اساتذہ کے تقرر کے احکام جی او نمبر 30 کے ذریعہ جاری کردیئے گئے ہیں شاید حکومت کا مالیہ مستحکم نہیں ہے۔