مرکزی بجٹ پر یو پی اے کی چھاپ : چدمبرم

نئی دہلی 10 جولائی ( سیاست ڈاٹ کام ) سابق وزیر فینانس پی چدمبرم نے آج کہا کہ این ڈی اے وزیر فینانس ارون جیٹلی کی جانب سے پیش کردہ عام بجٹ میں ہر جگہ یو پی اے حکومت کی پالیسیوں کی چھاپ دکھائی دیتی ہے اور حکومت کیلئے کانگریس مکت ( کانگریس سے پاک ) بجٹ پیش کرنا ممکن نہیں تھا ۔ مسٹر چدمبرم نے یو پی اے حکومت کے اولین بجٹ کے بعد اپنے تبصرہ میں کہا کہ وہ حقیقی دنیا میں ان کی آمد کا خیر مقدم کرتے ہیں۔ بی جے پی نے کانگریس مکت بھارت کیلئے ووٹ حاصل کیا تھا ۔

ان کے دوست ارون جیٹلی کو اس حقیقت کو تسلیم کرلینا چاہئے کہ کانگریس مکت بجٹ پیش کرنا ممکن نہیں ہے ۔ انہوں نے کہا کہ مسٹر جیٹلی نے آج پیش کردہ عام بجٹ میں ان ( چدمبرم ) کے فبروری میں پیش کردہ عبوری بجٹ کی بنیادی اہمیت کو تسلیم کیا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ اقتصادی استحکام ‘ جی ایس ٹی ‘ انشورنش شعبہ میں راست بیرونی سرمایہ کاری اور سماجی شعبہ کی اسکیمات کے معاملہ میں بجٹ میں ہر جگہ یو پی اے حکومت کی چھاپ دکھائی دیتی ہے ۔ انہوں نے تاہم کہا کہ مسٹر جیٹلی کی بجٹ تقریر میں اگر کچھ نہیں تھا تو وہ مزاح کا رنگ تھا اور کسی اہم شخصیت کے اقوال بھی پیش نہیں کئے گئے ۔ انہوں نے مسٹر جیٹلی کی ستائش کی کہ انہوں نے انتخابات کے دوران اختیار کردہ لب و لہجہ کو بدل دیا ہے اور معیشت کے تعلق سے یو پی اے کی پالیسیوں کو تسلیم کیا ہے ۔