لکھنؤ۔/27جنوری، ( سیاست ڈاٹ کام ) چیف منسٹر اتر پردیش اکھلیش یادو نے آج کہا کہ ریاستیں ہی میک اِن انڈیا ، جیسے مرکزی پروگرامس کو کامیابی سے ہمکنار کرسکتی ہیں۔انہوں نے یہاں e-up سمیٹ کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ مرکزی اسکیمات پر عمل آوری کیلئے جب کبھی موقع فراہم کیا جائے تو اتر پردیش حکومت پیش پیش رہے گی۔چیف منسٹر نے کہا کہ چونکہ ریاستوں میں عوام رہتے ہیں اور وہی اسکیمات کو روبہ عمل لاسکتے ہیں جبکہ مرکز کے پاس عوام نہیں ہے لہذا وہ اسکیمات کو تنہا کامیاب نہیں بناسکتا۔ انہوں نے بتایا کہ حالیہ چیف منسٹرس کے اجلاس میں سینئر عہدیداروں نے انکشاف کیا کہ اتر پردیش میں سب سے زیادہ جن دھن اسکیم کے کھاتے کھولے گئے ہیں جسے مرکزی حکومت نے شروع کیا ہے۔علاوہ ازیں اکھلیش یادو نے بتایا کہ کئی شعبوں بالخصوص زراعت، ڈیری مصنوعات اور نیشکر کی کاشت میں اتر پردیش سرفہرست ہے۔ انہوں نے کہا کہ ریاست میں انفراسٹرکچر کو ترقی دینے کی کوشش جاری ہے کیونکہ بہتر انفراسٹرکچر کے صنعتکاروں کو ترغیب نہیں دی جاسکتی۔ انہوں نے یہ ادعا کیا کہ سماج وادی پارٹی اقتدار میں آنے کے بعد انتخابی وعدوں کی تکمیل کی جارہی ہے اور بنیادی سہولیات کی فراہمی کیلئے بجٹ میں خاطر خواہ فنڈ بھی مختص کیا گیا ہے۔