نئی دہلی 3 اگسٹ ( سیاست ڈاٹ کام ) مرکزی حکومت نے آج سپریم کورٹ سے کہا ہے کہ وہ اپنی سوشیل میڈیا پالیسی پر مکمل نظر ثانی کریگی ۔ حکومت نے وزارت اطلاعات و نشریات کیلئے ایک سوشیل میڈیا ہب قائم کرنے کیلئے جاری اپنے اعلامیہ سے بھی دستبرداری اختیار کرلی ہے ۔ چیف جسٹس دیپک مصرا کی قیادت والی ایک بنچ نے اٹارنی جنرل کے کے وینو گوپال کی درخواست کی سماعت کی جس میںکہا گیا ہے کہ مرکزی حکومت اپنے اعلامیہ سے دستبرداری کا فیصلہ کرتی ہے ۔ عدالت نے اس اعلامیہ کے خلاف دائر کردہ درخواست کی یکسوئی کردی جس میں الزام عائد کیا گیاتھا کہ یہ ہب در اصل شہریوں کی آن لائین سرگرمیوں کی نگرانی کیلئے قائم کیا جا رہا ہے ۔ وینو گوپال نے سماعت کے آغاز ہی میں بنچ کو حکومت کے اس فیصلے سے واقف کروا دیا اور کہا کہ اس اعلامیہ سے دستبرداری اختیار کی جا رہی ہے ۔
سنیتا ولیمس ‘ بوئنگ ‘ اسپیس ایکس اسپیس کرافٹ کا حصہ : ناسا
ہوسٹن 3 اگسٹ ( سیاست ڈاٹ کام ) ہندوستانی نژاد امریکی خلا باز سنیتا ولیمس ان 9 خلا باموں میںشامل ہیں جنہیں ناسا نے اپنے پہلے انسانی اسپیس فلائیٹ پروگرام کیلئے منتخب کیا ہے ۔ خلائی شٹل کو پہلے 2011 میں برخواست کردیا گیا تھا ۔ کئی برسوں کی تیاری کے بعد اب نیشنل ایروناٹکس اینڈ اسپیس اڈمنسٹریشن ( ناسا ) نے اس پرواز کیلئے عملہ کا اعلان کردیا ہے ۔
چوکسی کے فرار میں حکومت کا ساز باز آشکار : کانگریس
نئی دہلی 3 اگسٹ ( سیاست ڈاٹ کام ) کانگریس نے آج الزام عائد کیا کہ اینٹیگا سے جو حیرت انگیز تفصیلات آ رہی ہیں ان سے ملک میں کروڑہا روپئے کا دھوکہ دینے والے میہول چوکسی کے فرار میں مودی حکومت کے ساز باز کا پتہ چلتا ہے ۔ کانگریس صدر راہول گاندھی نے ٹوئیٹر پر اس مسئلہ پر وزیر اعظم نریندر مودی کو نشانہ بنایا اور کہا کہ حکومت نے چوکسی کے فرار کو یقینی بنایا ۔