کنگسٹن۔ 30 جولائی (سیاست ڈاٹ کام) ہندوستانی اوپنر مرلی وجئے کو ویسٹ انڈیز کے خلاف سبینا پارک میں کھیلے جانے والے دوسرے ٹسٹ میچ میں شامل نہیں کیا گیا ہے کیونکہ اینٹیگا میں منعقدہ پہلے ٹسٹ کے دوران گیند کی مار پڑنے کے سبب ان کے انگوٹھے پر زخم آیا تھا۔ 32 سالہ وجئے کو گزشتہ ہفتہ اینٹیگا ٹسٹ کے پہلے دن زخمی ہوجانے کے سبب ویسٹ انڈیز کے خلاف دونوں اننگز کے دوران فیلڈ پر بھی نہیں پہونچ سکے تھے۔ مرلی وجئے جو تاحال 38 ٹسٹ میچوں میں 2,637 رنز بناچکے ہیں ، چہارشنبہ کو تربیتی مشقوں کے طور پر بیٹنگ کی تھی لیکن جمعرات اختیاری مشقوں سے دُور رہے تھے جس کے ساتھ ہی بنگلور کے لوکیش راہول کو ان کی جگہ لینے کا موقع مل گیا ہے۔ راہول دونوں وارم اَپ میچوں میں نصف سنچریاں بنائے تھے۔ اب وہ سبینا پارک میں اپنا پہلا ٹسٹ میچ کھیلیں گے۔