قاہرہ ۔ 20 ۔ اگست (سیاست ڈاٹ کام) ممنوعہ اخوان المسلمین کے 17 حامیوں کو آج یہاں کی ایک عدالت نے گزشتہ سال اسلام پسند صدر محمد مرسی کی معزولی کے خلاف احتجاج کے دوران فساد برپا کرنے کی پاداش میں عمر قید کی سزا سنائی ، جس کے ساتھ اسی طرح کے کیسوں میں جیل پہنچ جانے والے افراد کی تعداد اندرون ایک ہفتہ 27 ہوگئی ہے۔قاہرہ کریمنل کورٹ نے انہیں غیر حاضری میں سزا سنائی جبکہ یہ گڑبڑ قاہرہ کے ضلع المانیال میں ہوئی تھی جس کے نتیجہ میں 5 افراد کی موت ہوئی۔ اسی کیس میں ایک شخص کو 15 سال کی سزا سنائی گئی۔ مصر کے اولین منتخب صدر مرسی کی معزولی کے بعد سے ان کے گروپ اور وفاداروں کو سرکاری کارروائی کا سامنا ہورہا ہے۔ موجودہ طور پر ہزاروں افراد جیل میں ہیں اور سینکڑوں دیگر سیکوریٹی فورسس کے ساتھ جھڑپوں میں ہلاک ہوچکے ہیں۔ سرکاری حکام اس گروپ پر ملک بھر میں عسکری حملے برپا کرنے کا الزام عائد کرتے ہیں۔ زائد از 1000 افراد ہلاک ہوچکے ہیں اور مرسی کے حامیوں کے خلاف حکام کی مہم میں 16000 افراد محروس کئے جاچکے ہیں۔ گزشتہ ہفتہ مصری فوجداری عدالت میں اخوان المسلمین کے 10 ارکان کو عمر قید کی سزا سنائی تھی۔