مرسی کی معزولی کا ایک سال ملک بھر میں احتجاجی مظاہرے

قاہرہ۔ 3 جولائی (سیاست ڈاٹ کام) ملک کے پہلے جمہوری طور پر منتخبہ صدر محمد مرسی کو فوج نے ایک سال قبل یعنی 3 جولائی 2013ء کو معزول کردیا تھا۔ اس کے بعد ملک میں بڑے پیمانے پر احتجاجی مظاہروں کا سلسلہ شروع ہوگیا اور عبدالفتاح السیسی کے نئے صدر بننے کے باوجود خونریزی و تشدد جاری ہے۔ مرسی کی معزولی کے ایک سال کی تکمیل پر آج ملک کے تقریباً 9 بڑے شہروں میں احتجاجی مظاہرہ کئے گئے۔ عہدیداروں نے بتایا کہ 157 افراد کو گرفتار کیا گیا ہے اور بعض مقامات پر پولیس نے آتشیں اسلحہ اور گیاسولین بم ضبط کئے۔ اخوان المسلمین کی زیرقیادت اتحاد نے آج ’’یوم انتقام‘‘ کا اعلان کیا تھا اور اس کے تحت احتجاجی مظاہرے کئے گئے۔ پولیس نے کئی شہروں میں آنسو گیاس کا استعمال کرتے ہوئے مظاہرین کو منتشر کردیا۔ سکیورٹی فورسیس کے ساتھ جھڑپوں میں ایک احتجاجی ہلاک اور دیگر کئی زخمی ہوئے۔