مرسی حامیوں کے احتجاج کے دوران پولیس آفیسر ہلاک

قاہرہ ، 14 جون (سیاست ڈاٹ کام) قاہرہ میں معزول اسلام پسند صدر محمد مرسی کے حامیوں کو منتشر کرنے والے ایک مصری پولیس اہلکار کو گولی مارکر ہلاک کردیا گیا ۔ وزارت داخلہ کے بیان میں یہ بات بتائی گئی۔ جس وقت پولیس اہلکار ایک گرفتار شدہ احتجاجی کو پولیس ویان کی جانب لیکر بڑھ رہا تھا اسی وقت وہاں موجود ایک عمارت کی چھت سے پولیس اہلکار پر فائرنگ کی گئی ۔ اخوان المسلمین کے تقریباً 50 افراد نے احتجاج منظم کیا تھا اور اس کا سلسلہ اس وقت سے جاری ہے جب گزشتہ سال جولائی میں فوج نے مرسی کو اقتدار سے بے دخل کردیا تھا ۔ خاص طور پر جمعہ کو احتجاج میں شدت پیدا ہوجاتی ہے ۔ سکیوریٹی کے خاطر خواہ انتظامات کے باوجود گزشتہ دس ماہ کے دوران احتجاج میں تقریباً 1000 افراد ہلاک ہوگئے اور ہزاروں افراد گرفتار کئے جاچکے ہیں۔