جکارتہ۔یکم ستمبر (سیاست ڈاٹ کام ) ہندوستان کے پرنب بردھن اور شباناتھ سرکار کی جوڑی نے 18 ویں ایشیائی کھیلوں میں برج مقابلے کے مرد ڈبلز کلاس میں گولڈ میڈل حاصل کیا۔برج کے اس کھیل میں گولڈ کے ساتھ ہندوستان نے ایشیائی کھیلوں میں سب سے زیادہ 15 گولڈ میڈلس جیتنے کی اپنی بہترین کارکردگی کی برابری کر لی ہے ۔ ہندستان نے آخری مرتبہ 1951 میں ایشیائی کھیلوں کے پہلے ورژن میں 15 گولڈ میڈلس جیتے تھے ۔60 سالہ بردھن اور56 سال کے سرکار کی ٹاپ ٹیم نے مرد ڈبلز برج مقابلے کے گولڈ میڈل مقابلے میں سب سے زیادہ 384 پوائنٹس کے ساتھ سنہری کامیابی اپنے نام کی جو ہفتہ کے دن باکسنگ میں امت پنگھل کے بعد ہندستان کا دوسرا گولڈ میڈل رہا۔ ان کھیلوں میں تاش کے کھیل میں یہ ہندستان کا کل تیسرا میڈل ہے ۔ اس سے پہلے مرد ٹیم اور مکسڈ ٹیموں نے دوبرونز میڈل جیتے ہیں۔اس مقابلے کا سلور میڈل چین کے لکشن یانگ اورگاگ چین نے جیتا 378 پوائنٹس جبکہ برونز میڈل ہانگ کانگ نے حاصل کیا۔