ڈھاکہ 30 ستمبر (سیاست ڈاٹ کام) بنگلہ دیشی کرکٹ کے ارباب مجاز نے وکٹ کیپر بیٹسمین مشفق الرحیم کو ونڈے ٹیم کی قیادت سے برطرف کرتے ہوئے ان کے مقام پر فاسٹ بولر مشرف مرتضی کو نیا کپتا مقرر کیا ہے۔ دریں اثناء رحیم ٹسٹ کرکٹ میں بنگلہ دیشی ٹیم کی قیادت جاری رکھیں گے۔ ٹیم کی قیادت میں تبدیلی کا اعلان پاکستان کرکٹ بورڈس کے ڈائرکٹرس کے اجلاس میں صدر نجم الحسن نے کیا۔ نجم الحسن نے ٹیم کی قیادت میں تبدیلی کا اعلان کرنے کے بعد کہا ہے کہ مشفق الرحیم موجودہ صورتحال میں ٹیم کے سب سے بہترین بیٹسمین ہیں جبکہ قیادت کے علاوہ وکٹ کیپنگ کی ذمہ داری سے ان پر کافی بوجھ اور دباو پڑ رہا ہے لہذا انہیں وکٹ کیپنگ اور بیٹنگ پر توجہ مرکوز کرنے کیلئے قیادت سے علحدہ کیا گیا ہے۔زائد ذمہ داریوں سے راحت کے بعد انہیں کسی قدر سکون ملے گا تا کہ وہ ونڈے میں ٹیم کیلئے بہتر رول ادا کرسکے ۔ دریں اثناء ٹیم کی نائب کپتانی میں تبدیلیاں ہوئی ہیں جیسا کہ تمیم اقبال اور شکیب الحسن بالترتیب ٹسٹ اور ونڈے کے نائب کپتان مقرر کئے گئے ہیں۔