رباط ۔ 29 مئی (سیاست ڈاٹ کام) افریقی ملک مراقش کے وزیراعظم سعدالدین عثمانی نے اسلامی تحریک مزاحمت (حماس) کے سیاسی شعبہ کے سربراہ اسمعیل ھنیہ کو یقین دلایا ہیکہ ان کی حکومت غزہ پٹی میں زخمی مظاہرین کے علاج کیلئے فیلڈ ہاسپٹل قائم کرے گی۔ فلسطینی میڈیا کے مطابق مراقشی وزیراعظم سعدالدین عثمانی نے ٹیلیفون پر اسمعیل ھنیہ سے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ مراقش کے فرمانروا شاہ محمد ششم نے غزہ میں زخمیوں کے فوری علاج کیلئے فیلڈ ہاسپٹل قائم کرنے کی تاکید کی ہے۔ ان کی ہدایت کے مطابق غزہ میں فیلڈ ہاسپٹل کے قیام کے انتظامات کیلئے مصری حکومت سے تعاون کیلئے بات چیت کی گئی ہے۔ قبل ازیں مراقش کے وزیرخارجہ نے بھی اسمعیل ھنیہ سے ٹیلیفون پر بات چیت کی تھی اور یقین دلایا تھا کہ ان کا ملک قضیہ فلسطین اور فلسطینی قوم کی ہر سطح پر حمایت اور مدد جاری رکھے گی۔