مدن پلی /3 مارچ ( سیاست ڈسٹرکٹ نیوز ) ضلع چتور شہر مدن پلی میں واقع بڑا مکان حضرت قادر شاہ اولیاء کے سالانہ عرس تقریب میں آل انڈیا غیر طرحی نعتیہ مشاعرہ منعقد کیا گیا ۔ جس کی صادرت سابق اردو اکیڈیمی چیرمین جناب سید شاہ نورالحق قادری نے کی اور خطاب کیا ۔ ہزاروں محبان اردو اور معتقدین اولیاء اللہ کے مجمع سے انہوں نے کہا کہ اسلام دہشت گردی کی اجازت نہیں دیتا جو مذہب چیونٹی کو مارنے کی اجازت نہںے دیتا اس مذہب کو بدنام کرنے کی سازش رچائی جارہی ہے ۔ اسلام سلامتی اور امن کی تعلیم دیتا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ ان کو مدن پلی سے خاص لگاؤ ہے اور اسی لئے سالانہ مشاعرہ میں چوتھی مرتبہ مدعو کئے گئے ہیں ۔ مزید کہا کہ نعت کا سننا ، پڑھنا ، لکھنا سب کچھ عبادت میں شامل ہیں ۔ جس ہستی کا مداح خود اللہ رب العزت ہے تو اس ہستی پاک حضور ﷺ کی تعریف کیوں باعث ثواب و برت نہ ہو ۔ اس موقع پر Right To information act کے کمشنر امتیاز احمد نے بھی خطاب کیا اور کہا کہ مادری زبان میں جب تعلیم ہوتی ہے تو طالب علم مواد بھی سمجھ پاتا ہے اور اساتذہ کی نگرانی میں اخلاقیات کی تعلیم بھی ہوتی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ اردو زبان کی ترقی و ترویج کیلئے ہر ایک کو کمربستہ ہونا چاہئے ۔ اردو اخبار پڑھنا گھروں میں اردو اخبار منگوانا لازم کرلیں ۔ بلدیہ چیرپرسن سیوا پرساد نے کہا کہ ہندوستان میں ہندو ، مسلم ، سکھ ، عیسائی سب ملکر زندگی گذارتے ہیں ۔ اسی میں لوگوں کی خوشی ہے ۔ دین ، بزرگان دین کی تعلیمات پر عمل آوری اس لئے ضروری ہے کہ وہ انسانوں کے دلوں کو سدھارتے ہیں ۔ انسانیت کی تعلیم دیتے ہیں ۔ اس موقع پر انہوں نے یہ اعلان کیا کہ وہ بلدیہ مدن پلی کے ذریعہ ایک اردو لائبریری قائم کریں گے ۔ جگہ اور دیگر انتظامات کیلئے وہ ا ردو دان حضرات کے سپرد ذمہ داری سونپی ۔ بلدیہ نائب چیرپرسن بھوانی پرساد بھی اس موقع پر بات کرتے ہوئے کہا کہ ہم ہندوستانیوں کو بلا لحاظ ملت و قوم بھائی چارگی کے ساتھ زندگی گذارنی ہے ۔ اس موقع پر ہندوستان کے نامور شعراء کرام نے شرکت کی ۔ متولی حضرت سادر شاہ اولیاء مکاندار سید ہاشم معتمد بابا فخرالدین عرف قمر امینی کنوینر محمد خان جوہر نے اس موقع پر مہمانان خصوصی اور شعراء اکرام کی گلپوشی اور شال پوشی فرمائی ۔ پروگرام کا آغاز قرات کلام پاک سے نعت شریف سے کیا گیا اور بعد میں شمع اردو کو روشن کیا گیا ۔ بعد میں صدر شعبہ اردو سری وینکٹیشورا یونیورسٹی عبدالستار ساحر کی نظامت میں مشاعرہ کا آغاز ہوا ۔