مذہبی خبریں

سلسلہ قادریہ رفاعیہ کا حسن خدمت ایوارڈ
حیدرآباد /9 اگست ( راست ) خطیب جامع مسجد قطب شاہی اندرون ملٹری ایریا فرسٹ لانسرز ، مولانا غلام محمد مجتبیٰ احمد قادری رفاعی ، فرزند مولانا قاری محمد مبشر احمد قادری مدظلہ ( خلیفہ و مجاز حضرت بدر ملت مولانا ابوتراب میراں سید شاہ بدرالدین احمد قادری الجیلانیؒ) کو مولانا مفتی سید شاہ صغیر اللہ قادری الرفاعی مدظلہ کے دست مبارک سے سلسلہ قادریہ رفاعیہ کا دس سالہ حسن خدمت ایوارڈ بمقام بیدم چرلہ کرنول اے پی میں جشن رفاعیہ کے موقع پر علماء و مشائخین کی موجودگی میں عطا کیاگیا ۔

ماہانہ مجلس چھٹی شریف
حیدرآباد /9 اگست ( راست ) حسب عملدرآمد قدیم زیر اہتمام ایچ ای ایچ دی نظام اوقاف کمیٹی و زیر نگرانی مولانا صوفی شاہ محمد مظفر علی چشتی ابوالعلائی صاحب سجادہ نشین خواجہ کا چھلہ مغل پورہ چھٹی شریف 6 ذیقعدہ الحرام مطابق 9 اگست بروز چہارشنبہ بمقام خواجہ کا چھلہ مغل پورہ مقرر ہے ۔ بعد نماز عصر ختم خواجگان و محفل سماع و چراغ چشتیاں روشن کی جائے گی ۔

محفل درس قرآن
حیدرآباد ۔ 9 ۔ اگست : ( راست ) : قرآن و سیرت سوسائٹی کے زیر اہتمام ہفتہ واری محفل درس قرآن بروز چہارشنبہ بعد نماز مغرب اندرون خواجہ کا چھلہ مغل پورہ میں منعقد ہوگی ۔ مولانا محمد عبدالمجید صدیقی نظامی سورہ الاعراف کا سلسلہ وار درس دیں گے اور تفسیر بیان کریں گے ۔۔

 

مسجد عزیزیہ ہمایوں نگر میں
حج تربیتی اجتماع
حیدرآباد ۔ 9 ۔ اگست : ( راست ) : انتظامی کمیٹی مسجد عزیزیہ ہمایوں نگر و جماعت اسلامی ہند نامپلی کی جانب سے عازمین حج و عمرہ ، مرد و خواتین کے لیے تربیتی پروگرام بروز پیر 15 اگست 10 تا 1 بجے دن مسجد عزیزیہ کے کانفرنس ہال میں منعقد ہوگا ۔ اس تربیتی پروگرام کی صدارت مولانا اعجاز محی الدین وسیم خطیب و صدر کمیٹی مسجد عزیزیہ کریں گے ۔ مولانا حافظ عماد الدین محسن عمری و مدنی امام مسجد ہذا کے افتتاحی کلمات ہوں گے ۔ ڈاکٹر رفیع الدین فاروقی پاور پوائنٹ کے ذریعہ مناسک حج و عمرہ پر تفصیل سے روشنی ڈالیں گے ۔ بعد ازاں مولانا اعجاز محی الدین وسیم کا خصوصی خطاب ہوگا ۔ اس موقع پر عازمین کو مناسک حج و عمرہ ادائیگی کے دوران مانگی جانے والی دعاؤں پر مبنی کتابچہ تحفتاً پیش کیا جائے گا ۔۔

 

حج و عمرہ تربیتی کورس کے نئے اور
آخری بیاچ کا آغاز
حیدرآباد ۔ 9 ۔ اگست : ( راست ) : حج و عمرہ تربیتی کورس کا نیا بیاچ انسٹی ٹیوٹ آف عربک متصل ہوٹل سٹی ڈائمنڈ مہدی پٹنم میں 9 تا 10 بجے دن صبح مفتی سید آصف الدین ندوی قاسمی کی نگرانی میں 11 اگست سے شروع کیا جارہا ہے ۔ جس میں حج و عمرہ کے احکام ومسائل ، فرائض و واجبات بالتفصیل سمجھائے جاتے ہیں ۔ حج و عمرہ کی خصوصی دعائیں پڑھائی رٹائی اور یاد دلائی جاتی ہیں ۔۔

 

کل ہند تنظیم اصلاح معاشرہ کا
ماہانہ جائزہ اجلاس
حیدرآباد ۔ 9 ۔ اگست : ( راست ) : مولانا خالد بن سعید بانجاح نظامی ناظم ادارہ کے بموجب ماہانہ جائزہ اجلاس کل ہند تنظیم اصلاح معاشرہ 10 اگست بعد نماز ظہر مرکز کل ہند سیف کامپلکس بہادر پورہ منعقد ہوگا ۔ ریاستی و بیرون ریاستوں کی کارکردگی کی رپورٹ پیش ہوگی اور کاموں کو تیز تر کرنے کے لیے مفید مشورہ ہوگا ۔۔

 

دعائے صحت کے لیے گزارش
حیدرآباد ۔ 9 ۔ اگست : ( راست ) : بانی ادارہ چہاردہ معصومین مولوی سید کاظم حسین عابدی مرحوم کی اہلیہ ذاکرہ سیدہ طاہر باقری بنت میر محمد علی باقری مرحوم جعفریہ دواخانہ میں زیر علاج ہیں ۔ ان کی صحت کے لیے دعا کی گزارش کی جاتی ہے ۔۔

درس مکتوبات امام ربانیؒ
حیدرآباد ۔ 9 ۔ اگست : ( راست ) : ابوالفداء اسلامک ریسرچ سنٹر کے زیر اہتمام بضمن ماہانہ فاتحہ حضرت مولانا ابورجاء سید شاہ حسین شہید اللہ بشیر بخاری نقشبندی خلیفہ حضرت ابوالفداء 11 اگست بروز جمعرات بعد نماز عشاء مسجد حضرت سید شاہ فیض اللہ حسینی ؒ شکر گنج ، درس مکتوبات حضرت امام ربانی ‘ دیں گے ۔ بعد ازاں ذکر و مراقبہ کی مجلس ہوگی ۔۔

 

تبدیلی غلاف مبارک
حیدرآباد ۔ 9 ۔ اگست : ( راست ) : پہاڑی شریف درگاہ حضرت سیدنا بابا شرف الدین صاحب قبلہؒ کی مجلس ماہانہ تبدیلی غلاف مبارک 6 ذی قعدہ بروز چہارشنبہ بعد نماز عشاء مقرر ہے ۔ نماز عشاء 8-30 بجے ہوگی ۔ بعد نماز عشاء تبدیلی غلاف مبارک کی رسم انجام دی جائے گی ۔ بعد تبدیلی غلاف مبارک ختم قرآن قصیدہ بردہ شریف و سلام بحضور خیرالانام گذرانا جائے گا ۔ مجلس کا اختتام پیرزادہ سید فرید الدین سہروردی قادری گدی نشین آستانہ عالیہ و خطیب مسجد بارگاہ کی دعا پر ہوگا ۔ نیز تبرکات بھی تقسیم ہوگا ۔۔

قرات ، حمد ، نعت و اذاں کی
آج فری تربیتی کلاسیس
حیدرآباد ۔ 9 ۔ اگست : ( راست ) : کلیتہ البنین جامعتہ المومنات مغل پورہ میں بروز چہارشنبہ بعد نماز عشاء قرات ، حمد ، نعت و اذاں کی مفت تربیتی کلاسیس حافظ محمد صابر پاشاہ قادری لیں گے ۔۔

مشائخ حیدرآباد کی ادبی خدمات کتاب کا رسم اجراء
حیدرآباد ۔ 9 ۔ اگست : ( راست ) : ڈاکٹر عاصم ریشماں نے ’ مشائخ حیدرآباد کی ادبی خدمات آزادی کے بعد ‘ رسم اجراء کے سلسلہ میں منعقدہ جلسہ سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ علم دین کے حصول کے لیے علمائے کرام کی رہنمائی ضروری ہے ۔ اسی طرح تزکیہ نفس کے لیے مشائخ عظام کی رہبری بھی ناگزیر ہے ۔ اس جلسہ کا انعقاد صدر دفتر صابر ایجوکیشنل اینڈ ویلفیر سوسائٹی خواجہ کا چھلہ مغل پورہ میں زیر نگرانی حافظ محمد صابر پاشاہ قادری عمل میں آیا ۔۔

33 سالہ جلسہ کل ہند مرکزی
مجلس اہل سنت و جماعت
حیدرآباد ۔ 9 ۔ اگست : ( راست ) : کل ہند مرکزی مرکزی مجلس اہل سنت و جماعت کے قیام اور پہلے مرکز اہل سنت کو جامع مسجد افضل گنج قائم کر کے 33 سال کا عرصہ گذرا ۔ اس ضمن میں ایک جلسہ عام اور نعت پاک کی محفل منعقد کرنے اور اسی کے ساتھ رمضان المبارک میں مدینہ پاک کی سرزمین پر بم دھماکہ کا واقعہ ہوا اس کے غم و غصہ کے اظہار کے لیے مذمتی و احتجاجی جلسہ کا بھی انعقاد عمل میں آئے گا ۔ اسکائی لائن اپارٹمنٹ بشیر باغ میں مولانا سید شجاعت علی سراج قادری صدر کی صدارت میں ایک اہم مشاورتی اجلاس منعقد کیا گیا جس میں صدر استقبالیہ جناب محمد بن علی چشتی پاشاہ بھائی نے پروگراموں کی تفصیلات بتلائیں ۔۔

عرس شریف
حیدرآباد ۔ 9 ۔ اگست : ( راست ) : قدیم سالانہ عرس شریف حضرت سیدنا اجالے شاہ ؒ اور حضرت سیدنا جلال شاہ چشتی ؒ کا احاطہ درگاہ شریف سعید آباد میں مقرر ہے ۔ 30 ویں چاند کے حساب سے عرس شریف منایا جاتا ہے ۔ پروگرام کے مطابق 11 اگست بعد نماز عشاء جلوس صندل مالی درگاہ شریف سے روانہ ہوگا جو سعید آباد چوراہا ، سعید فنکشن ہال مین ، اکبر باغ سے درگاہ شریف پہونچے گا ۔ تمام مراسم عرس مولانا سید محمد عبدالعزیز چشتی سجادہ نشین و متولی انجام دیں گے ۔۔

 

مدرسہ اسلامیہ کاشف العلوم تالاب کٹہ کے افتتاحی اجلاس سے علماء کرام کاخطاب
حیدرآباد /9 اگست ( راست ) غزوہ خندق 5 ھ ابوسفیان جب دس ہزار لشکر کے ساتھ مدینہ کے قریب پہونچا اور شہر کے ارد گرد خندق کھدی ہوئی دیکھی تو وہ اس جنگی تدبیر اور مسلمانوں کی پیش قدمی سے حیران ہوگیا اور پکار اٹھا خدا کی قسم یہ ایسی تدبیر ہے جس سے عرب آج تک ناواقف تھے گویا اس زمانہ میں مسلمان اقوام عالم سے آگے تھے اور ہر میدان میں ایسی کوششیں اور پیش قدمی کرتے کہ غیر مسلم طاقتیں اپنی حیرانی کا اظہار کرتی تھیں ۔ آج کے مسلمانوں کیلئے اس طرح کی تمثیلی چراغ راہ ہے ۔ انہیں چاہئے کہ ہر میدان میں آگے بڑھیں ۔ حافظ ، عالم ، مفتی ، سیاست داں اور اچھے تاجر بنیں اور دنیا کو بتائیں کہ ہمارا روحانی تعلق ایسے افراد سے ہے جن کی حکومت میں کبھی سورج غروب نہیں ہوتا تھا ۔ اپنی بات کو جاری رکھتے ہوئے مولانا نے فرمایا کہ دینی مدارس اس تحفظ دین کے قلعے ہیں یہاں سے علماء ، حفاظ ، محدثین پیدا ہوتے ہیں ۔ ضرورت ہے ان کو آباد رکھنے کی ہر ممکن سعی کی جائے ۔ ان خیالات کا اظہار مفسر قرآن مولانا کبیر الدین اور مولانا محمد ہلال اعظمی نے اپنے بیان میں کیا ۔ انہوں نے مدرسے کے نصاب و نظام اور طلبہ کی تقریری صلاحیت پر اپنی مسرت کا اظہار کیا ۔ مفتی عبدالسلام مظاہری نے مہمانان کرام کا تعارف پیش کیا اور نظامت کے فرائض انجام دئے ۔