مذہبی خبریں

مولانا ابوالقاسم نعمانی دیوبند کا خواتین کے اجتماع سے خطاب
حیدرآباد ۔ /11 مارچ (راست) مولانا محمد مصدق القاسمی منتظم مجلس علمیہ کے بموجب /14 مارچ بروز ہفتہ صبح 11 دن مجلس علمیہ تلنگانہ و آندھرا کے زیراہتمام خواتین کیلئے آفیسرس میس ملک پیٹ میں اجتماع منعقد ہے ۔ جس میں ملک کی دینی درسگاہ دارالعلوم دیوبند (یو پی) کے مہتمم مولانا مفتی ابوالقاسم اور مولانا محمد عبدالقوی نائب ناظم مجلس علمیہ کے خطابات ہوں گے ۔

تحریک اسلامی کا اجتماع
حیدرآباد ۔ /11 مارچ (راست) تحریک اسلامی کے زیراہتمام عظیم الشان ہفتہ واری مرکزی اجتماع /12 مارچ (بروز جمعرات) بعد نماز عشاء 9 تا 11 بجے شب سنی مرکز مسجد گل بانو نامپلی میں منعقد ہوگا اس عظیم الشان اجتماع کا آغاز قرأت کلام پاک سے ہوگا ۔ مبلغین تحریک اسلامی نعت مصطفےؐ پیش کریں گے ۔ نگران تحریک اسلامی مولانا محمد فاروق قادری کا ’’حرمت شراب‘‘ پر خصوصی خطاب ہوگا ۔

جامعتہ المومنات کی کل ہند فقہی کانفرنس کی تائید
حیدرآباد /11 مارچ ( راست ) جامعتہ المومنات کی تیسری سہ روزہ کل ہند فقہی کانفرنس کے بضمن جامعتہ المومنات مغل پورہ حیدرآباد میں مسلم تنظیموں اور دینی مدارس کے ذمہ داران کا مشاورتی اجلاس منعقد ہوا جس میں متفقہ طور پر 52 مسلم تنظیموں اور مدارس کے ذمہ داران نے کانفرنس کے انعقاد کو وقت کی اہم ترین ضرورت قرار دیا اور اس فقہی کانفرنس کی تائید کا اعلان کیا ۔ دور حاضر میں جدید مسائل پر غور و خوص کرنا یہ اہم ترین کام ہے جو قابل ستائش و تعریف ہے ۔ اجلاس کا آغاز حافظ محمد ریاض احمد کی قرات ، قاری اویس کی نعت شریف سے ہوا ۔ خیر مقدمی کلمات ڈاکٹر مفتی محمد مستان علی قادری ناظم اعلی جامعتہ المومنات نے ادا کئے ۔ امیر شریعت مفتی محمد حسن الدین نے فقہی کانفرنس کے عناوین کی تشریح کی اور بتایا کہ بارہ علماء پر مشتمل فیصلہ ساز کمیٹی ہوگی ۔ ان کے فیصلوں پر علماء کی تائید کی جائے گی ۔ معتمد استقبالیہ مولانا سید شاہ حامد حسین شطاری نے کانفرنس کی تفصیلات سے اجلاس کو آگاہ کیا ۔ مولانا سید درویش محی الدین قادری مرتضی پاشاہ صدر اسلامی مدارس بورڈ نے کہا کہ فقہ ، قرآن و حدیث سے الگ نہیں ہے ۔ بلکہ کتاب و سنت کی روشنی میں فقہ کو مدون کیا گیا ہے ۔ امام احمد بن جنبلؒ فرماتے ہیں فتویٰ دینے کیلئے پانچ لاکھ احادیث یاد ہونے چاہئے ۔ الحاج راشد عبدالرزاق میمن نے کہا کہ کانفرنس کے عناوین میں ’’ فسخ نکاح ‘‘ اہم ہے علماء اس پر مشاورت کرکے مسئلہ کا حل نکالنا چاہئے ۔ اس اجلاس میں ڈاکٹر حافظ محمد صابر پاشاہ قادری ، مولانا عبدالمنان نظامی ، مولانا محمد توفیق رضا نوری ، پروفیسر میر محمد سلیمان علی شاہ ، مولانا محمد صلاح الدین قادری ، مولانا محمد زاہد قادری ، مولانا محمد عبدالرفیق قادری ، ڈاکٹر مفتی محمد کاظم حسین نقشبندی ، مولانا سید عارف ہاشمی ، جناب سید زاہد ، مولانا محمد جلال الدین ، الحاج محمد حبیب الدین قادری ، مولانا محمد حفیظ الدین ، جناب مرزا سعادت اللہ بیگ ، جناب محمد صابر پاشاہ ، جناب محمد امجد علی ، جناب محمد عاکف علی ، جناب محمد ضمیر الدین خان ، جناب بشیر ، مولانا عبدالقدیر و دیگر مدارس کے ذمہ داران نے شرکت کئے ۔

عرس شریف
حیدرآباد ۔ 11 ۔ مارچ : ( راست ) : فیضان چشتیہ حیدرآباد دکن کے زیر اہتمام حضرت خواجہ شیخ شاہ محمد احسان الحق فاروقی چشتی سلیمانی ( شیخ طریقت و خسر محترم بحرالعلوم علامہ حسرت صدیقیؒ ) کا عرس شریف 12 اور 13 مارچ کو منعقد ہوگا ۔ 12 مارچ کو بعد نماز عشاء محفل قصیدہ بردہ شریف نعت خوانی و حلقہ ذکر بمکان جناب شاہ محمد واجد چشتی نزد مسجد اقصیٰ نٹراج نگر زیر سرپرستی مولانا سید شاہ محمد عبداللہ حسینی البخاری چشتی ، زیر صدارت مولانا سید محمد عبدالقادر حسینی البخاری منعقد ہے ۔ 13 مارچ کو بعد نماز جمعہ رسم صندل مالی پیشکشی چادر گل عطر بیزی درگاہ حضرت ممدوح واقع عقب مسجد یکمینار بخشی گنج کمہارواڑی فتح دروازہ اور بعد نماز مغرب جشن چراغاں و محفل قل بمکان جناب محمد شریف چشتی سلیمانی روبرو تقویٰ اسکول سرور نگر جھرہ زیر نگرانی مولانا خواجہ پیر شاہ محمد مہتاب چشتی منعقد ہے ۔ قرات و نعت کے بعد نگران محفل کا تعلیمات اولیاء پر خطاب ہوگا ۔۔

سنی مرکز میں اجتماع
حیدرآباد ۔ 11 ۔ مارچ : ( راست ) : کل ہند مرکزی مجلس شیخ الاسلام بانی جامعہ نظامیہ کے زیر اہتمام قدیم سنی مرکز مدرسہ برکات الحسنات حسینی علم میں ہفتہ واری سنی اجتماع زیر صدارت مولانا غلام احمد قریشی مجددی نقشبندی 20 جمادی الاول بعد نماز مغرب مقرر ہے ۔ محفل درود شریف ، ادعیہ ماثورہ ، شجرہ خوانی کے بعد خطابات ہوں گے ۔۔

محی الدین قادر جیلانی کا
آج تعزیتی جلسہ
حیدرآباد ۔ 11 ۔ مارچ : ( راست ) : ایوان فنکار ، بزم فروغ اردو تلنگانہ و فولس پیراڈائز ویلفیر اسوسی ایشن کے زیر اہتمام فنکار و ادب دوست جناب محی الدین قادر جیلانی کا تعزیتی اجلاس 12 مارچ کو 7 بجے شام گھانسی بازار نزد ہائی کورٹ بمکان معین امر بمبو زیر نگرانی پروفیسر مجید بیدار منعقد ہوگا جلسہ کو ڈاکٹر جاوید کمال ، ڈاکٹر م ق سلیم ، ڈاکٹر معین امر بمبو ، ماسٹر شفیع ، ستارخاں علیم ، لطیف الدین لطیف اور نیراعظم مخاطب کرینگے ۔۔

بضمن عرس مبارک شیخ الاسلام سمینار کا انعقاد
حیدرآباد ۔ 11 ۔ مارچ : ( فیاکس ) : تنظیم غلامان صاحب قاب قوسین کے زیر اہتمام بہ تعاون انتظامی کمیٹی مسجد غفاریہ آکاش نگر عنبر پیٹ عرس صد سالہ شیخ الاسلام حضرت بانی جامعہ نظامیہ کے ضمن میں شیخ الاسلام سمینار 15 مارچ کو بعد نماز ظہر مدنی فنکشن ہال نزد جامع مسجد عنبر پیٹ منعقد ہے ۔ سمینار کی سرپرستی مفتی خلیل احمد شیخ الجامعہ نظامیہ کرینگے ۔ نگرانی علامہ محمد خواجہ شریف شیخ الحدیث جامعہ نظامیہ و صدارت مفتی محمد نعیم الدین نعیمی القادری صدر مدرس دارالعلوم گلشن رضا کریں گے ۔۔

بزم جوہر کا ادبی اجتماع
حیدرآباد ۔ 11 ۔ مارچ : ( پریس نوٹ ) : ڈاکٹر راہی جنرل سکریٹری بزم جوہر کے بموجب ’ کلاسیکی اقدار کا تحفظ ‘ بزم کا ادبی اجتماع 14 مارچ کو 3 بجے دن مسدوسی ہال مغل پورہ منعقد ہوگا ۔ پہلا اجلاس مذاکرے پر مشتمل ہوگا ۔ جس کی صدارت شاعر جناب صادق نوید کریں گے ۔ جب کہ ڈاکٹر بشیر احمد ، نادر المسدوسی ، جناب عبدالرشید خاں مہمانان خصوصی کے علاوہ ڈاکٹر منیر الزماں منیر کا خصوصی خطاب ہوگا ۔ ڈاکٹر راہی کا کلیدی نوٹ اور نظامت ہوگی ۔۔

ختم دلائل الخیرات
حیدرآباد ۔ 11 ۔ مارچ : ( راست ) : ابوالفداء اسلامک ریسرچ سنٹر کے زیر اہتمام محفل ختم دلائل الخیرات ( درود شریف ) و ختم خواجگان نقشبند و تعلیمات اولیاء نقشبندی زیر نگرانی مولاناسید شاہ حسین شہید اللہ بشیر بخاری نقشبندی قادری خلیفہ حضرت ابوالفداء 12 مارچ بعد نماز مغرب مسجد حضرت سید شاہ فیض اللہ حسینی شکر گنج مقرر ہے ۔۔

مشیر آباد میں کل جلسہ اصلاح
معاشرہ و محفل نعت ؐ
حیدرآباد ۔ 11 ۔ مارچ : ( راست ) : تنظیم غوث و خواجہ رضا اہلسنت و جماعت مشیر آباد کے زیر اہتمام جلسہ اصلاح معاشرہ و محفل نعت ؐ 13 مارچ کو بعد نماز عشاء بنگلہ دیش کپڑے کی مارکٹ صدیق نگر مشیر آباد میں مقرر ہے ۔ نگرانی پی محمد نور الدین صوفیانی سرپرست تنظیم ، زیر صدارت مولانا قاری الحاج محمد مجیب علی قادری رضوی مہمان مقرر مولانا غلام قادری رضوی ، مہمان ثنا خواں رسول ؐ محمد شبیر حبشی قادری رضوی ، محمد فاروق حبشی قادری رضوی اور محمد اسلم حسین برکاتی گجرات سے تشریف لائیں گے ۔۔

ادبی اجلاس و نعتیہ مشاعرہ
حیدرآباد ۔ 11 ۔ مارچ : ( راست ) : بزم فیضان رضوان فاطمہ نگر وٹے پلی کے زیر اہتمام ماہانہ صدر بزم رضوان طریقت ادبی اجلاس 13 مارچ کو بعد نماز عشاء بعنوان ’ نعت شریف تاریخ کے آئینہ میں ‘ منعقد ہوگا ۔ نگرانی صاحبزادہ میر وقار الدین علی خاں کریں گے ۔ مولانا سید محمود پاشاہ قادری زرین کلاہ خطاب کریں گے ۔ نعتیہ مشاعرہ کی نگرانی مولانا سید محمود پاشاہ قادری زرین کلاہ کریں گے ۔۔

حضرت شیخ الاسلام حیات خدمات کارنامے میں شرکت کی اپیل
حیدرآباد ۔ 11 ۔ مارچ : ( راست ) : معتمد انجمن طلبہ قدیم جامعہ نظامیہ مولانا محمد سلطان احمد کے بموجب 12 مارچ بروز جمعرات بعد نماز عشاء خلوت میدان پر انجمن طلبہ قدیم کے زیر اہتمام ایک جلسہ عام حضرت شیخ الاسلام حیات خدمات اور کارناموں کے عنوان سے منایا جارہا ہے ۔ اس جلسہ کی صدارت مولانا مفتی خلیل احمد شیخ الجامعہ نظامیہ کریں گے ۔ مہمانان خصوصی جناب محمد محمود علی ڈپٹی چیف منسٹر ، اکبر الدین ، مفتی محمد عظیم الدین ، مولانا سید علی اکبر نظام الدین ، مولانا سید کاظم پاشاہ قادری الموسوی ، مولانا سید قبول پاشاہ شطاری ، سید احمد پاشاہ قادری ، مولانا سید ابراہیم حسن سجاد پاشاہ ، مولانا اولیاء حسینی مرتضی پاشاہ ، مفتی سید ضیا الدین نقشبندی ، مفتی سید صادق محی الدین فہیم ، مولانا محمد عبدالمجید ، مولانا سید عبید اللہ قادری آصف پاشاہ ، مولانا سید نعمت اللہ قادری ، مولانا سید احمد الحسنی سعید پاشاہ ، مولانا سید ابوتراب قادری اور مولانا حامد حسین حسان فاروقی شرکت کریں گے ۔ جلسہ کا آغاز قاری سعید الدین قادری کی قرات کلام پاک اور مولانا محمد شفیع محمد خاں نقشبندی کی نعت شریف سے ہوگا ۔۔

فاتحہ کی شرعی حیثیت : مولانا غوثوی شاہ کا بیان
حیدرآباد ۔ 11 ۔ مارچ : ( راست ) : مولاناغوثوی شاہ نے اپنے ایک بیان میں کہا کہ اصطلاحِ شریعت میں ’’ایصالِ ثواب‘‘ کا نام ہی ’’فاتحہ ‘‘ ہے جس کا لفظ سورئہ فاتحہ سے ماخذ ہے ۔ حدیث صحیح طبرانی نے اوسط میں سعدابن عبادہ ؓ سے یہ روایت کی ہے حضورؐ نے فرمایا اَ لْفاتحۃُ وَلَوْبِکُراع شاۃِ محترق (یعنے میّت کے نام پر) ’’ فاتحہ دو گوجلے ہڈے ہی پر ہو ٗ اِسی طرح بحوالہ حدیث ِ صحیح ابن ابی الدنیا ؓ میں حضورؐ نے فرمایا ‘‘طعامِ موجودہ پر مُردوں کو فاتحہ دو اور اُسی حوالہ کے بموجب حضرت انس ؓ نے فرمایا کہ ’’حضورؐ نے اپنے روبرو کھانا رکھ کے فاتحہ دی اور اس کا ثواب مُردوں کو پہونچایا اِسی طرح بہ روایت بیہقی ؔ فی شعب الایمان حضورؐ نے فرمایا جس کا مفہوم یہ ہے کہ قبر میں مدفون مُردہ انتظار میں رہتا ہے کہ اسکے ماں باپ اور بھائی بہن یا کسی دوست آشنا کی طرف سے اُسکے حق میں دعائے مغفرت فاتحہ کا تحفہ پہونچے جب کسی کی طرف سے ’’فاتحہ‘‘ کا تحفہ پہونچتا ہے تو وہ اس کو دنیا و مافیہا سے زیادہ محبوب و عزیز ہوتا ہے اور آپؐ نے فرمایا مُردوں کے لئے زندوں کا خاص تحفہ دعائے مغفرت فاتحہ ہے اور حدیث صحیح مسلم کتاب الحدود اور شرح برزخ میں وارد ہے کہ حضورؐ نے اپنے صاحبزادہ حضرت ابراھیم ؓ کی وفات کے تیسرے دن اشیاء موجودہ کھجور اور دودھ پر فاتحہ پڑھی اور اُسکو تقسیم کروادیا اور حضرت مُلاّ علی قاری ؒ نے اِسی حوالہ سے فرمایا کہ حضور ؐ نے سوکھے کھجوروں اور جَو ْ کی روٹی جو چُوری ہوی تھی سامنے رکھکر سورئہ فاتحہ اور تین قُل ھو اللہ پڑھ کر فاتحہ دی پھر اپنے دستِ مبارک چہرئہ مبارک پر پھیر لیئے پھر حُکم فرمایا کہ ابوذر ؓ اِس کو لوگوں میں تقسیم کرڈالو۔ معلوم ہُوا کہ فاتحہ دینا بدعت نہیں بلکہ سُنّتِ رسولؐ ہے۔ حضرت شاہ عبد العزیز ؒ مُحدث دہلوی اپنی کتاب فتاویٰ عزیزی کے صفحہ 61پر لکھتے ہیں کہ فاتحہ پڑھنا اور اس کا ثواب ارواح کو پہونچانا فی نفسہ جائز اور دُرست ہے حضرت مولانااشرف علی تھانوی ؒ اپنی کتاب التشرف کے صفحہ 901پر لکھتے ہیں میںؔ قبر پر فاتحہ پڑھنے میں الحمدللہ قل ھواللہ احد پڑھتا ہوں جن کی خاص فضیلت آئی ہے الحاصل آج دنیا کے 210کروڑ مسلمانوںمیں 180کروڑ حنفی مالکی شافعی اور حنبلی فاتحہ کے قائل ہیں جن میں 160کروڑ صرف حنفی مسلک کے مسلمان سُنّی حنفی ہیں ۔ اِن تمام جوازات و حقائق کے باوجود فاتحہ فعلِ مستحب ہے اگردیں تو فائدہ اورنہ دیں تو کوئی گناہ نہیں اور فاتحہ پڑھنے والے کوروکنابھی گناہ ہے ۔

دفتر سیاست پر دینیات کی
کتاب رعایتی قیمت پر دستیاب
حیدرآباد ۔ 11 ۔ مارچ : ( راست ) : مکتبہ تعلیم بالغان اور ادارہ سیاست کے اشتراک سے دینیات کی کتاب ( رومن انگلش ) کی اشاعت عمل میں آئی ہے جو خاص کر عصری علوم کے طلباء کے لیے ترتیب دی گئی ہے ۔ جس کو گرمائی تعلیم کے لیے نصاب کے طور پر استعمال کرسکتے ہیں ۔ کتاب میں کلمات اسلام مع ترجمہ ، مکمل نماز ، 30 مسنون دعائیں ، وضو و غسل کا طریقہ ، 50 دینی کوئز کے سوال و جواب ، مختصر سیرت النبیؐ ، کھانے ، سونے ، پینے وغیرہ کے اسلامی آداب ، 12 قرآنی سورتیں ، اصلاحی باتیں ، تجوید کی اہمیت اور خاص کر نورانی قاعدہ کی تختیاں بھی درج ہیں اور آخر میں جمعہ کا خاص 80 مرتبہ پڑھا جانے والا درود شریف بھی موجود ہے ۔ خواہش مند افراد اس دینیات کو دفتر سیاست عابڈس سے صرف 20 روپئے میں حاصل کرسکتے ہیں ۔۔

عرس شریف
٭ عرس حضرت خواجہ مرزا صمدانی بیگ چشتی القادری محبوبی مرزائی حضرت خواجہ سید علاؤالدین تمنائی چشتی قادری قلنداری مرزائی و حضرت بدیع الدین بشیر میاں تمنائی قلنداری مرزائی کی عرس تقاریب 16 مارچ بروز پیر منعقد ہوں گے۔ بعد نماز عشاء درگاہ شریف حضرت سردار بیگ صاحب قبلہ گولی گوڑہ کمان میں بعد نماز عشاء محفل سماع و صندل مالی چادرگل زیرنگرانی سجادہ نشین منعقد ہوگی۔