مذہبی خبریں

اعراس شریف
حیدرآباد ۔ 18 ۔ فروری : ( راست ) : حضرت پیر شاہ محمد قاسم المعروف بہ حضرت شیخ جی حالی ابوالعلائی کا عرس شریف مرکزی آستانہ ابوالعلائیہ اردو شریف بہ قیادت سجادہ نشین و متولی بصد عقیدت واحترام حسب نظام العمل منایا جارہا ہے ۔ 29 ربیع الثانی بعد نماز مغرب حضرت سجادہ نشین صندل مالی کی خدمات انجام دے کر سہ روزہ تقاریب عرس کا آغاز کریں گے ۔ 30 ربیع الثانی بروز جمعہ بعد نماز فجر تا 8 ساعت صبح ختم کلام پاک اور بعد مغرب تا 10 ساعت شب سماع خانہ قاسمی میں محفل سماع منعقد ہوگی ۔ یکم جمادی الاول بروز ہفتہ بعد مغرب تا 9 بجے شب محفل سماع و قل شریف ہو کر تقریب عرس کا اختتام عمل میں آئے گا ۔۔
٭٭ حضرت سیدنا جعفر صادق حسینی القادری صاحبؒ نبیرہ قطب الاقطاب حضرت سیدنا خواجہ محبوب اللہ اور خلف و جانشین قطب دکن حضرت سیدنا فقیر پاشاہ صاحبؒ کا عرس شریف درگاہ فقیر پاشاہ صاحبؒ نزد عیدگاہ میرعالم باقر نگر ، بستی نبی کریم میں 29 ربیع الثانی تا یکم جمادی الاول منعقد ہوگا ۔ 29 ربیع الثانی بروز جمعرات کو بعد عصر صندل مبارک عیدگاہ سے برآمد ہو کر درگاہ شریف پہنچے گا ۔ بعد مغرب ختم قرآن و محفل سماع ۔ 30 ربیع الثانی بروز جمعہ بعد مغرب محفل قصیدہ بردہ شریف اور محفل چراغاں ۔ اور یکم جمادی الاول بروز ہفتہ صبح دس تا گیارہ بجے ختم قرآن مجید ، گیارہ تا دو بجے دن محفل سماع و دعا ہوگی ۔۔

فاتحہ حضرت خواجہ محبوب مرزا چشتیؒ
حیدرآباد ۔ 18 ۔ فروری : ( راست ) : حضرت محبوب الہ خواجہ محبوب مرزا چشتیؒ کے ماہانہ فاتحہ 2 جمادی الاول کو درگاہ شریف حضرت محبوب گلشن سرور نگر میں مقرر ہے ۔ چار بجے شام ختم خواجگان تلاوت قرآن پاک محفل درود شریف فاتحہ بعد عشاء سماع کی محفل منعقد ہوگی ۔ حضور آقائے دو جہاں کے حضور سلام ﷺ گذرانا جائے گا ۔۔

ابن ِ عربی ؒ کانفرنس
حیدرآباد ۔ 18 ۔ فروری : ( راست ) : سلسلہء غوثیہ کمالیہ کے تین مشہور بزرگ حضرت شیخ اکبر ابن عربی ؒ حضرت سید سلطان محمود اللہ شاہؒ اور حضرت سیّدی کمال اللہ شاہ المعروف مچھلی والے شاہ ؒ کے عرس کے موقع پر مولاناغوثوی شاہ کی نگرانی میں 19فبروری بروز جمعرات بعدنماز عشاء بمقام مسجدکریم اللہ شاہ ؒ بیگم بازار نزد تانبہ پیتل شاپس ، ابن ِ عربی ؒکانفرنس کا انعقاد عمل میں آئیگا ۔ خلفاء سلسلہ کے علاوہ حضرت سیدقبول پاشاہ قادری شطاری ، مولاناخواجہ شریف اور مولاناغوثوی شاہ کا خطاب ہوگا۔ ڈپٹی چیف منسٹر تلنگانہ جناب محمد محمود علی بحیثیت مہمان خصوصی شرکت کریں گے اور کتاب کا رسم اجراء انجام دیں گے ۔ 19 فروری بروز جمعرات کو بعد نمازِ عصر اجتماع بہ مزار حضرت مچھلی والے شاہ ؒ سرائے الٰہی کاچیگوڑہ وبعد ازیں اجتماع بہ مزار حضرت سید سلطان محموداللہ شاہ ؒ واقع قبرستان افضل گنج برائے فاتحہ عمل میں آئیگا ۔ 19فبروری بروز جمعرات ایم کیو ٹی وی پر رات 8بجے شب ابن عربی ؒ کانفرنس کے انعقاد کو راست دیکھا جاسکتا ہے۔

سنی مرکز میں تحریک اسلامی کا اجتماع
حیدرآباد ۔ 18 ۔ فروری : ( راست ) : تحریک اسلامی کے زیر اہتمام ہفتہ واری مرکزی اجتماع بروز جمعرات بعد نماز عشاء 9 تا 11 بجے شب سنی مرکز مسجد گل بانو نامپلی میں منعقد ہوگا ۔ قرات کلام پاک و نعت شریف کے بعد مولانا محمد آصف بلال قادری کا خصوصی خطاب ہوگا ۔۔