مذہبی خبریں

محفل اقبال شناسی
حیدرآباد ۔ 21 ۔ جنوری : ( راست ) : کانفرنس ہال جامع مسجد عالیہ سانچہ توپ ، گن فاونڈری میں 21 جنوری بعد نماز عصر محفل اقبال شناسی کی نشست منعقد ہوگی ۔ اقبال کی ایک نظم کا تجزیہ پر جناب سید امتیاز الدین مخاطب کریں گے ۔۔

ختم دلائل الخیرات
حیدرآباد ۔ 21 ۔ جنوری : ( راست ) : ابوالفداء اسلامک ریسرچ سنٹر کے زیر اہتمام محفل ختم دلائل الخیرات ( درود شریف ) و ختم خواجگان نقشبند و تعلیمات اولیاء نقشبند زیر نگرانی مولانا سید شاہ حسین شہید اللہ بشیر بخاری نقشبندی قادری خلیفہ حضرت ابوالفداء 22 جنوری کو بعد نماز مغرب مسجد حضرت سید شاہ فیض اللہ حسینی شکر گنج مقرر ہے ۔۔

فاتحہ حضرت خواجہ محبوب مرزا چشتیؒ
حیدرآباد ۔ 21 ۔ جنوری : ( راست ) : حضرت محبوب الہ خواجہ محبوب مرزا چشتیؒ کے ماہانہ فاتحہ 2 ربیع الثانی کو درگاہ شریف حضرت محبوب گلشن سرور نگر میں مقرر ہے ۔ چار بجے شام تلاوت کلام اللہ محفل درود شریف ، ختم خواجگان فاتحہ بعد نماز مغرب سماع کی محفل منعقد ہوگی ۔ بعد سماع آقائے دوجہاں ﷺ کے حضور میں سلام پیش کیا جائے گا ۔۔

’ نوجوانوں میں شعور بیداری ‘ کا جلسہ
حیدرآباد ۔ 21 ۔ جنوری : ( راست ) : نوجوانوں میں شعور بیداری کے عنوان پر 24 جنوری بروز ہفتہ شام 7 بجے عمیرہ فاروق فنکشن ہال واقع فاروق نگر فلک نما میں پیس آرمی کے زیر اہتمام منعقد ہونے والے جلسے میں ڈی سی پی ساوتھ زون مسٹر وی ست نارائن شرکت کریں گے ۔۔

درس قرآن مجید
حیدرآباد ۔ 21 ۔ جنوری : ( راست ) : مولانا پروفیسر محمد مصطفی شریف ڈائرکٹر دائرۃ المعارف العثمانیہ کا درس قرآن مجید جمعرات کو 9 بجے شب مکان واقعہ ڈیفنس کالونی عقب K.V.No.1 لنگر حوض قریب مسجد غوثیہ منعقد ہورہا ہے ۔۔

مجلس ذکر و سلوک
حیدرآباد ۔ 21 ۔ جنوری : ( راست ) : خانقاہ چشتیہ صابریہ حسینیہ مرکز خدمت خلق کوہ نور کالونی الکاپور روڈ میں 22 جنوری کو بعد نماز مغرب دوسری اصلاح و تربیتی مجلس ’ مجلس ذکر و سلوک ‘ منعقد ہوگی ۔ بارگاہ نبی اکرم ؐ میں ڈاکٹر طیب پاشاہ قادری ، یوسف خاں اعجاز ، مولوی عبدالواسع نعت شریف سنائیں گے ۔ ذکر جہری سے قبل نگران مجلس حافظ محمد عبدالمقتدر قریشی کا اصلاحی و تربیتی خطاب ہوگا ۔۔

جلسہ اصلاح معاشرہ
حیدرآباد ۔ 21 ۔ جنوری : ( راست ) : مولانا سید عباد بن ذکی قاسمی کے بموجب 22 جنوری کو بعد نماز ظہر مسجد صراط مستقیم آزاد نگر عنبر پیٹ میں زیر صدارت حافظ محمد غوث رشیدی جلسہ اصلاح معاشرہ منعقد ہے ۔ مولانا شاہ محمد جمال الرحمن مفتاحی مخاطب کریں گے ۔ نماز ظہر 1-30 بجے ہوگی ۔ خواتین کے لیے پردہ کا نظم رہے گا ۔۔

جلسہ میلاد النبیؐ
حیدرآباد ۔ 21 ۔ جنوری : ( پریس نوٹ ) : مرکزی میلاد کمیٹی یاقوت پورہ کا جلسہ میلاد النبیؐ جشن رحمت للعالمینؐ 24 جنوری کو بعد نماز عشاء جلسہ زیر نگرانی مولانا محمد عبداللہ قریشی بڑا بازار یاقوت پورہ پر منعقد ہوگا ۔ مہمانان خصوصی مولانا سید النصر حسین اشرفی مصباحی ( بہار ) ، جناب مجید اللہ فرحت خاں ترجمان ایم بی ٹی شرکت کریں گے ۔ مقررین خصوصی مولانا سید شاہ عبدالرحمن حسن قادری ، مولانا سید حامد حسین شطاری ، مولانا غیاث پاشاہ قادری اشرفی مخاطب کریں گے ۔۔

تشدد کا جواب تشدد سے دینے کی ضرورت نہیں
جلسۂ میلاد النبیؐ میں ڈاکٹر خواجہ شاہد و دیگر کا خطاب
حیدرآباد ۔ 21 ۔ جنوری : ( پریس نوٹ ) : حضرت محمد مصطفیﷺ کی زندگی کا سب سے نمایاں پہلو اخلاق و کردار کا نظر آتا ہے۔ آپؐ نبی بنائے جانے سے پہلے بھی مکہ کی سماجی زندگی میں پاکیزہ کردار کے لئے شہرت رکھتے تھے۔ غلط روش کا جواب غلط روش سے اور تشدد کا جواب تشدد سے دینے کی ضرورت نہیں بلکہ آپؐ کی سیرت میں اس کا جواب موجود ہے تاہم ہمیں صرف قول سے نہیں بلکہ عمل سے اس کا جواب دینا چاہئے۔ ان خیالات کا اظہار ڈاکٹر خواجہ محمد شاہد، پر و وائس چانسلر نے آج مولانا آزاد نیشنل اردو یونیورسٹی میں منعقدہ جلسۂ جشن عید میلاد النبیؐ میں اپنے خطاب میں کیا۔ پروفیسر حسیب الدین قادری ڈین اسکول آف لسانیات نے اپنے انگریزی خطاب میں کہا کہ رسول اللہ ﷺ نے کبھی انتقام نہیں لیا۔ آپ ؐ نے فرمایا کہ جو طاقت رکھنے کے باوجود معاف کردے اصل طاقتور تو وہی ہے۔ ڈاکٹر علیم اشرف جائسی اسوسی ایٹ پروفیسر شعبہ عربی نے ’نرمی ۔ رواداری اور بقائے باہم سیرت رسولؐ کی روشنی میں‘‘ کے عنوان پر اثر انگیز خطاب کیا اور کہا کہ آپؐ کی زندگی بکریاں چرانے کے عمل سے شروع ہوئی اور اقتدار تک پہنچی۔ تاجر ہو یا استاد سبھی کے لئے آپ کی سیرت میں نمونہ ہے۔ ڈاکٹر جائسی نے کہا کہ رسول اللہ ؐ کی زندگی کی خاص بات یہ ہے کہ ہرشعبہ زندگی کے لئے آپ کی زندگی میں نمونہ ملتا ہے۔ ڈاکٹر جنید ذاکر، کنوینر جلسہ میلاد النبیؐ و اسسٹنٹ پروفیسر شعبہ مطالعات ترجمہ نے خطبہ استقبالیہ دیتے ہوئے اپنے خطاب میں کہا کہ اللہ سے محبت کا دارومدار عشق و محبت رسولؐ پر منحصر ہے جب تک ہم اپنے جان و مال اور ماں باپ سے زیادہ رسول اللہ ﷺ سے محبت نہیں کرتے اس وقت تک ہماری مسلمانی اور ایمان دونوں نامکمل ہیں ۔ڈاکٹر جنید ذاکر نے کہا کہ اس وقت ملت منتشر ہے نفسانی خواہشات کے سبب فکری انحطاط آگیا ہے اس صورتحال کو بدلنے ہمیں سچائی‘ ایمانداری‘ اصول و حق پرستی اور عدل کا دامن تھامنا ہوگا۔ جلسہ کا آغاز تلاوت کلام پاک سے ہوا۔ طلبہ محمد سعد ‘ تبریز عالم ‘ مشرف علی ‘ محمد وسیم اور دیگر نے حمد و نعت کے نذرانے پیش کئے۔ ڈاکٹر بدیع الدین احمد ، اسوسیئٹ پروفیسر، مینجمنٹ نے کاروائی چلائی۔ ڈاکٹر مظہر قادری، اسسٹنٹ ریجنل ڈائرکٹر کے شکریہ پر جلسہ کا اختتام عمل میں آیا۔

اخلاص میں کمی سے مسلم معاشرہ کمزور
دبستان جلیل شعبہ خواتین کا جلسہ رحمتہ للعالمینؐ معزز خواتین کا خطاب
حیدرآباد ۔ 21 ۔ جنوری : ( پریس نوٹ ) : دبستان جلیل شعبہ خواتین کا جلسہ رحمتہ للعالمینؐ 18 جنوری محترمہ حامدی بیگم کی صدارت ڈاکٹر فرزانہ حمید اور محترمہ انیس عائشہ کی نگرانی میں منعقد ہوا ۔ محترمہ صبیحہ صدیقی صدر تنظیم بنت حرم اس جلسہ کی مہمان اعزازی تھیں ۔ ناظم جلسہ محترمہ نکہت آراء شاہین نے نعتیہ اشعار کی مدد سے نظامت کے فرائض نہایت ہی خوش اسلوبی کے ساتھ ادا کئے ۔ محترمہ بشریٰ سلطانہ کی قرات کلام پاک کے بعد محترمہ اقرا فاطمہ نے حمد باری تعالیٰ اور ممتاز النساء نے نعت شریف سنائی ۔ محترمہ مریم زمانی نے سورہ النساء رکوع نمبر 19 کی تفسیر بیان کی ۔ محترمہ صبیحہ صدیقی نے اپنے خطاب میں کہا کہ ’ دنیا میں دین اسلام اس لیے آیا ہے کہ وہ سارے دینوں پر غالب رہے ‘ ۔ محترمہ سیدہ عقیلہ خاموشی نے مخاطب کرتے ہوئے کہا ’ ایک دوسرے سے اخلاص میں کمی نے آج مسلم معاشرے کو کمزور کردیا ہے ‘ ۔ محترمہ اصغر صدیقہ نے کہا ’ قرآن پاک کی آیتیں گواہ ہیں کہ سرکار دوعالمؐ خاتم النبین ہیں ‘ ۔ محترمہ نکہت کوثری نے بتایا کہ ’ اتباع رسولؐ ہی حب نبویؐ ہے ۔ جسے ہمیں اپنے عمل سے ظاہر کرنا چاہئے ‘ ۔ محترمہ خیر النساء علیم نے مخاطب کرتے ہوئے کہا سرکار دو جہاںؐ نے فرمایا ہے کہ ’’ دنیا مومن کے لیے متاع اور نیک عورت خیر المتاع ہے ‘‘ ۔ محترمہ ممتاز جہاں عشرت ، محترمہ رحیم النساء بیگم ، محترمہ نصرت ریحانہ ، محترمہ اسریٰ منظور ، محترمہ مشرف کاظمی ، محترمہ شبینہ فرشوری ، محترمہ فخر النساء ، محترمہ فہیم جلیلی نے نعت شریف اور محترمہ سلمیٰ جلیلی نے سلام بحضور خیرالانام پیش کیا ۔ محترمہ عزیزہ محبوب نے دعا کی ۔ ڈاکٹر حمیرا جلیلی نے حاضرین کا شکریہ ادا کیا ۔۔

بضمن جشن میلاد النبیؐ بزم علی منظور ، طرحی نعتیہ مشاعرہ کا انعقاد
حیدرآباد۔21جنوری(پریس نوٹ) جشن میلاد النبی کے ضمن میں بزم علی منظورؒ کے زیر اہتمام سالانہ طرحی نعتیہ مشاعرہ’’باوضو نام محمد لیا کرتے ہیں‘‘ کا مسجد حضرت سید خوندمیر چنچلگوڑ ہ میںعمل میںآیا جس کی نگرانی حضرت مولانا سیددلاور مخصوصی سجاد دائر ہ چنچلگوڑہ نے کی اور مہمانِ خصوصی کی حیثیت سے الحاج حضرت سید کاظم منظور ‘حضرت مقصود علی خان سحر‘حضرت سیدعلی بیخود‘ ڈاکٹر فاروق شکیل‘ جناب سید سمیع اللہ سمیع حسینی‘ مسروی عابدی شرفی ‘شاہد عدیلی‘ عبدالرشید ارشد ‘ شبیر خان شبیر ‘ سردار سلیم‘ صابر اچھل پوری‘ سید علی عادل تشریف اللہی‘ سید خواجہ امین نصرتی‘ شہنواز مخصوصی‘ سید یعقوب سروش‘ سید اسمعیل ذبیح اللہ کے علاوہ قومی اور بین الاقوامی شہرت یافتہ نعت خواں شعراء نے اپنا طرحی کلام پیش کیا ۔ معتمد بزم علی منظور جناب رضامنظور نے حضرت سید باقر منظور کا نعتیہ کلام پیش کرتے ہوئے سماع باندھ دیا۔جناب شفیع اللہ خان عارف نے مشاعرے کی کاروائی چلائی اور مشاعرے کا آغاز حافظ میر اںصحباں خوندمیری کی قرات کلام پاک سے ہوا۔

حمیدیہ میں آج پہلی محفل غوث اعظمؒ
حیدرآباد ۔ 21 ۔ جنوری : ( پریس نوٹ ) : اسلامی ہسٹری ریسرچ کونسل انڈیا ( آئی ہرک ) اور مجلس انتظامی درگاہ شریف حضرت تاج العرفاء کے زیر اہتمام بروز جمعرات 22 جنوری کو صبح 8 تا 9-30 بجے حمیدیہ شرفی چمن سبزی منڈی قدیم میں جاری 11 روزہ محافل غوث اعظم ؒ کے سلسلے کی پہلی محفل مبارک منعقد ہوگی ۔ مولانا سید محمد سیف الدین حاکم حمیدی اور پروفیسر سید محمد حسیب الدین حمیدی کے خطابات ہوں گے ۔ بعد ازاں نگرانی محفل ڈاکٹر سید محمد حمید الدین شرفی ڈائرکٹر آئی ہرک و سجادہ نشین درگاہ حضرت تاج العرفاء مخاطب کریں گے ۔ شعراء کرام ہدیہ نعت و منقبتیں پیش کریں گے ۔۔

یوسف گوڑہ میں آج جلسہ فیضان غوث اعظمؒ
حیدرآباد ۔ /21 جنور ی (راست) خانقاہ قادریہ ابراہیمیہ کے زیراہتمام /22 جنو ری کو بعد نماز عشاء 8.30 بجے شب مدرسہ شمس العلوم روبرو مسجد محمدیہ ایل این نگر یوسف گوڑہ میں زیرسرپرستی مولانا صوفی شیخ کریم الدین شاہ قادری الازہری مقرر ہے ۔ مولانا قاضی شیخ قادر محی الدین نظامی القادری بعنوان فیضان غوث اعظمؒ مخاطب کریں گے ۔ خواتین کیلئے پردے کا انتظام رہے گا ۔

طالبات کیلئے سیرت النبیؐ کوئیز مقابلہ
حیدرآباد۔ /21 جنوری (راست) ناظم جامعۃ البنات الاصلاحیۃ ملک پیٹ مولانا عبدالعلیم اصلاحی بموجب جامعہ کی جانب سے اسکولس اور کالجس کی طالبات کیلئے سیرت النبیؐ رقمی انعامی کوئیز مقابلہ /27 جنوری کو 9.30 بجے دن آفیسرس میس فنکشن ہال نیو ملک پیٹ منعقد کیا جائے گا ۔ رجسٹریشن کی آخری تاریخ بڑھاکر /24 جنوری کردی گئی ، تفصیلات کیلئے 9573946656, 9676202819 پر فون کیجئے ۔

مجالس عزاء
حیدرآباد۔ /21 جنوری (راست) انجمن عزادرانِ پنجشنبہ کے مجالس عزاء کا سلسلہ جمعرات /22 جنوری شام 7 بجے سے صدر انجمن محمد اسحاق علی کے مکان یونائیٹیڈ ریسیڈنسی فلیٹ نمبر 504 نور خاں بازار سے آغاز ہوگا ۔ طیب علی عاشور خانہ الحسینی جام باغ ، میر حسین علی خاں قیصر منزل ، سید ہادی علی زیدی نور خاں بازار ، محمود علی روبرہ یادگارِ خور شید ، حاجی حسین علی باقری حسین نگر کالونی ، عابد علی خان والا جاہی و جعفر علی الاوہ سرطوق ، سید رضا حسین نقوی کوچہ خطیب ، آقا علی آفندی و چھوٹی بارگاہ چھتہ بازار ، عاشور خانہ نعل مبارک پرانی حویلی ، بارگاہِ ابوالفضل عباس دیوان دیوڑھی ، کوثر علی خان صفدر ، ماتم کدہ حسینی ، عباس علی فرید احاطہ کمال یارجنگ ، بارگاہِ شبیر زہرا نگر ، پنجہ شاہ ولایت ، عاشور خانہ قدم رسول میں نائب صدر سید عسکری حسین کی مجلس کے بعد مجالس عزا کا اختتام ہوگا ۔