مذہبی خبریں

جلسہ شب قدر
حیدرآباد /29 جون ( راست ) مسجد حضرت محی الدین پاشاہ زرین کلاہؒ نورخان بازار میں 26 رمضان المبارک بروز ہفتہ بعد نماز تراویح جلسہ شب قدر منعقد ہوگا ۔ حافظ وزیر علی امام مسجد کی قرات کلام پاک ہوگی ۔ حافظ محمد شعیب اللہ خان نعت پاک کا نذرانہ پیش کریں گے ۔ مولانا سید محمود بادشاہ قادری زرین کلاہ جانشین سلطان الواعظینؒ بعنوان ’’ قرآن و صاحب قرآن ‘‘ مخاطب کریں گے ۔

سماعت قرآن برائے خواتین
حیدرآباد /29 جون ( راست ) جامعتہ المومنات مغل پورہ حیدرآباد کے زیر اہتمام 30 جون بروز جمعرات 9 بجے صبح بمکان بڑے بھائی بیرنگ والے نامپلی متصل مسجد ایک مینار حافظہ انجم فاطمہ مومناتی ، حافظہ سعدیہ بیگم مومناتی قرآن مجید سنانے کی سعادت حاصل کریں گے ۔ جبکہ بمکان محمد عبدالرحیم عیدی بازار خدیجہ کالونی میں حافظہ کنیز مومناتی ، حافظہ حلیمہ مومناتی ، حافظہ عارفہ بیگم مومناتی قرآن مجید سنانے کی سعادت حاصل کریں گے ۔

جامعتہ المومنات میں طاق رات کا اہتمام
حیدرآباد /29 جون ( راست ) جامعتہ المومنات مغل پورہ 30 جون 24 رمضان المبارک بروز جمعرات بعد نماز تراویح طاق رات کا اہتمام ڈاکٹر مفتیہ رضوانہ زرین پرنسپل جامعتہ المومناتی کی صدارت میں منعقد ہے ۔ مفتیہ تہینہ تحسین مومناتی کا خطاب کریں گے ۔ اس کے علاوہ 27 ، 29 رمضان المبارک کی شب قیام اللیل کا اہتمام رہے گا ۔

عرس شریف
حیدرآباد /29 جون ( راست ) حضرت سید رحمت اللہ شاہ قادری و سید عباداللہ شاہ قادری کا عرس شریف 26 رمضان المبارک بروز ہفتہ احاطہ درگاہ تکیہ عباداللہ شاہ قادری محلہ چنچل گوڑہ شاہ کالونی دبیرپورہ اوور برج مقرر ہے ۔ 26 رمضان بعد نماز ظہر تلاوت کلام پاک 4 بجے دن قصیدہ بردہ شریف درگاہ شریف بعد عصر درود کی محفل مسجد حضرت سید عباداللہ میں اور دعاء ہوگی جبکہ بعد نماز مغرب تناول طعام 8.30 بجے شب صندل مالی سید عباداللہ صندل مسجد عباداللہ سے برآمد ہو کر درگاہ شریف پہونچے گا ۔ مسجد عباد اللہ شاہ میں نماز عشاء 9.30 بجے ہوگی بعد نماز تراویح پیش امام و حافظ کی گلپوشی ہوگی ۔

جلسہ شب قدر
حیدرآباد /29 جون ( راست ) علامہ حسام الدین فاضل میمورئیل ایجوکیشنل سوسائٹی کی جانب سے حسامیہ نونہال ہائی اسکول یاقوت پورہ میں بروز جمعرات گیارہ بجے دن جلسہ شب قدر مقرر ہے ۔ قرات و نعت شریف کے بعد اسکول کے طلبہ مختلف زبانوں میں فضائل شب قدر کے عنوان پر تقاریر کریں گے ۔ مولانا محمد نعیم الدین حسامی عادلؔ صدارت کریں گے ۔ جناب محمد زعیم الدین حسامی ، محمد سہیم الدین حسامی ، ساجدہ حسامی اور دیگر اساتذہ کرام بھی خطاب کریں گے ۔ جناب منور علی خان نظامت کے فرائض انجام دیں گے ۔

سالانہ فاتحہ
حیدرآباد /29 جون ( راست ) محترمہ حضرت محبوب الہٰخواجہ محبوب مرزا چشتیؒ کے سالانہ فاتحہ عرس شریف 26 رمضان المبارک بروزشنبہ درگاہ شریف حضرتہ ممدوح واقع چُڑی بازار دال منڈی میں مقرر ہے ۔ ساڑھے تین بجے سہ پہر تلاوت کلام پاک فاتحہ بعد نماز عصر چادرگل اور سلام بحضور آقائے دوجہاں ﷺ کے حضور پیش کیا جائے گا ۔

 

جلسہ شب قدر
حیدرآباد /29 جون ( راست ) مسجد محمدیہ صالح نگر چھوٹا بازار قلعہ گولکنڈہ میں 30 جون بروز جمعرات کو بعد نماز تراویح جلسہ فضائل شب قدر منعقد ہوگا ۔ نگرانی مولانا سید شاہ ظہیرالدین علی صوفی قادری کریں گے ۔ مولانا محمد محی الدین قادری محمودی کا خطاب ہوگا ۔

یک شبی شبینہ
حیدرآباد /29 جون ( راست ) مسجد حضرت کمبل پوش شاہ صاحبؒ اندرون یاقوت پورہ میں 30 جون بروز جمعرات کو ایک شبی شبینہ مقرر ہے ۔ حافظ و قاری محمد عبدالحمید خان ، حافظ و قاری محمد عامر خان ، حافظ و قاری محمد ذاکر ، حافظ و قاری محمد جاوید نماز تراویح میں مکمل قرآن مجید سنائیں گے ۔ نماز عشاء ٹھیک 8.30 بجے ہوگی ۔ سحری کا معقول انتظام رہے گا ۔

جلسہ فضائل شب قدر اور حمدیہ و نعتیہ مشاعرہ
حیدرآباد /29 جون ( راست ) اسوسی ایشن آف اردو ڈیولپمنٹ کی جانب سے جمعرات 30 جون کو 3 بجے دن پارسی محل مصری گنج میں جلسہ فضائل شب قدر و حمدیہ اور نعتیہ مشاعرہ منعقد ہوگا ۔

 

زکوٰۃ دینا مال میں برکت اور دولت میں فروغ کا ذریعہ ہے
مسجد محمدیہ، مسجد غوثیہ اور ’’حمیدیہ‘‘، شرفی چمن میں ڈاکٹر سید محمد حمید الدین شرفی کا خطاب
حیدرآباد ۔ 29 ۔ جون : ( پریس نوٹ ) : مسلمانوں پر نماز پنجگانہ کی فرضیت سب سے بڑا انعام ہے اس کے بعد زکوٰۃ کا درجہ رکھا گیا ہے۔ ماہ رمضان کے فرض روزے جہاں بندوں کو ملکوتی صفات کا حامل بناتے ہیں وہیں انھیں اصلاح نفس اور تصفیہ قلب کے خصائص سے بہرہ مند کرتے ہیں جس کا لازمی نتیجہ سال بھر فکر و عمل کی پاکیز گی کی صورت میں ظاہر ہوتا ہے مستطیع مسلمانوں پر زندگی بھر میںایک بار بیت اللہ کا حج فرض فرمایا گیا ہے ہر عبادت بندہ کو اللہ تعالیٰ کے افضال و اکرام اور قرب کے انوار سے نوازنے کا حیلہ ہیں۔ نماز اور روزہ جسمانی عبادات ہیں اور زکوٰۃ مالی عبادت ہے جبکہ حج میں دونوں خصوصیتیں موجود ہیں زکوٰۃ کے ذریعہ ایک بندہ دوسرے بندوں کے کام آتا ہے اور بارگاہ خداوندی سے عبادت کا اجر و ثواب پاتا ہے ساتھ ہی ایک اہم فرض کی سالانہ ادائیگی سے بری ہوتا ہے زکوٰۃ ضرورت مندوں کی مالی اعانت، پریشان حال لوگوں کی امداد اور انھیں راحت پہنچانے،فقراء و مساکین کے مسائل روزگار کے حل میں عملی معاونت اور نہایت اہم با مقصد، نیک اور ملی کاموں کے لئے سالانہ فراہمی سرمایہ کا موثر وسیلہ ہے حقوق عباد کی تکمیل کا نہایت اہم ذریعہ ہے۔ اگرچہ کہ زکوٰہ فرائض دین میں سے ہے لیکن یہ ہر ایک پر نہیں بلکہ دولت کی ایک خاص مقدار رکھنے والوں پر معین شرح اور مقرر مدت کے اعتبار سے ہے۔اس فرض کی ادائیگی کے لئے نیت اور قرآن حکیم کے مشخصہ مستحقین اور مصارف میںمال کی حوالگی اور جنھیں دیا ہے ، انھیں اس مال کا مالک بنا دینے کی پابندی کے ساتھ لازم ہے۔ڈاکٹر سید محمد حمید الدین شرفی ڈائریکٹر آئی ہرک نے رمضان مبارک کے روح پرور اور نورانی ماحول میں بعد نماز ظہر مسجد محمدیہ مقطعہ مدار، راج بھون روڈ، بعد نمازعصر حمیدیہ شرفی چمن اور بعد تراویح مسجد غوثیہ گلشن ، مغل نگر، کاروان روڈ میں خطاب کی سعادت حاصل کرتے ہوے ان حقائق کا اظہار کیا۔ وہ اسلامک ہسٹری ریسرچ کونسل انڈیا (آئی ہرک) کے’’حضرت تاج العرفاءؒ یادگار خطابات‘‘ کے بیسویں سال کے 22 ویں دن کے اجتماعات سے خطاب کر رہے تھے جن کا آغاز قراء ت کلام پاک سے ہوا۔ بارگاہ شہنشاہ کونینؐ میں ہدیہ نعت پیش کیا گیا۔ ڈاکٹر سید محمد حمید الدین شرفی نے سلسلہ کلام جاری رکھتے ہوے کہا کہ زکوٰۃمال کی پاکیزگی کا موجب اور مال میں زیادتی، برکت اور ترقی کا حیلہ ہے ۔صدقہ کو چھپا کر اور زکوٰۃ کو ظاہر کر کے دینا چاہئیے۔زکوٰۃ کے ظاہر کرنے میں دوسرے صاحبان نصاب کو زکوٰۃ ادا کرنے اور فرض کی ادائیگی کی ترغیب و حکمت ہے۔

 

جلسہ فضائل رمضان المبارک و
جشن نزول قرآن کریم
حیدرآباد ۔ 29 ۔ جون : ( پریس نوٹ ) : اسلامک ہسٹری ریسرچ کونسل انڈیا ( آئی ہرک ) کے زیر اہتمام یکم تا اختتام ماہ صیام ’فضائل رمضان المبارک و جشن نزول قرآن کریم ‘ سے معنون بیسویں سالانہ حضرت تاج العرفاءؒ یادگار خطابات کے سلسلہ میں 24 رمضان بعد نماز ظہر جامع مسجد سکندرآباد اور بعد نماز عصر حمیدیہ شرفی چمن میں ڈاکٹر سید محمد حمید الدین شرفی ڈائرکٹر آئی ہرک سعادت خطاب حاصل کریں گے ۔۔

مسجد عامرہ عابڈز میں اتوار کو عازمین حج کا تربیتی اجتماع
حیدرآباد ۔ 29 ۔ جون : ( پریس نوٹ ) : تلنگانہ اسٹیٹ حج کمیٹی کے زیر اہتمام منتخب عازمین حج کے لیے چھٹا تربیتی اجتماع اتوار 3 جولائی کو 9-30 تا 1-30 بجے دن مسجد عامرہ عابڈز میں منعقد ہوگا ۔ اسپیشل آفیسر تلنگانہ اسٹیٹ حج کمیٹی پروفیسر ایس اے شکور صدارت کریں گے ۔ اس کیمپ میں ممتاز علمائے کرام اور ماہرین فضائل و مناسک حج و عمرہ ، اور سفر حج سے متعلق ضروری امور بیان کریں گے ۔ احرام باندھنے کا طریقہ سمجھایا جائے گا اور اس کی شرائط بیان کی جائیں گی ۔ عازمین حج سے بپابندی وقت شرکت کی خواہش کی گئی ہے ۔ وہ اپنے ساتھ نوٹ بک اور پین ضرور لائیں تاکہ اہم باتیں نوٹ کی جاسکیں ۔ خاتون عازمین کے لیے خصوصی انتظامات کیے گئے ہیں ۔ ۔

 

مسجد صدیق نگر مشیر آباد میں
آج جلسہ شب قدر
حیدرآباد ۔ 29 ۔ جون : ( راست ) : غوث و خواجہ رضا ایجوکیشنل ویلفیر سوسائٹی کے زیر اہتمام 24 رمضان المبارک بعد نماز تراویح مسجد اہلسنت و جماعت صدیق نگر مشیر آباد میں جلسہ شب قدر منعقد ہے ۔ زیر سرپرستی پی محمد نور الدین صوفیانی و زیر صدارت الحاج یم محمد حفیظ الدین چشتی افتخاری کریں گے ۔ جلسہ کا آغاز قاری محمد حبیب الحسن رضوی کی قرات اور قاری محمد جمیل احمد رضوی اور محمد فیض الدین رضوی کی حمد و نعت سے ہوگا ۔ مہمان خصوصی علماء کرام جن میں بطور خاص مولانا سید شاہ ظہیر الدین علی صوفی القادری ، مولانا شاہ قاری محمد مجیب علی رضوی القادری ، کا خصوصی خطاب ہوگا ۔ ان کے علاوہ شہر حیدرآباد و سکندرآباد کے جید علماء کرام کے خطابات ہوں گے ۔۔

 

ایک رکعت میں مکمل قرآن کی تلاوت
حیدرآباد ۔ 29 ۔ جون : ( راست ) : کل ہند مرکزی مجلس شیخ الاسلام بانی جامعہ نظامیہ کے زیر اہتمام 24 رمضان بروز جمعرات مسجد طور قاضی پورہ میں زیر نگرانی مولانا محمد اسد اللہ صدیقی 9-45 بجے شب یکشبی شبینہ مقرر ہے ۔ مولانا غلام احمد قریشی نماز تراویح کی ایک ہی رکعت میں مکمل قرآن مجید تلاوت کریں گے ۔ دوسری رکعت اور بقیہ رکعتوں میں چھوٹی سورتیں تلاوت کریں گے ۔ سحر کا انتظام رہے گا ۔۔