مذہبی خبریں

عرس شریف
حیدرآباد ۔ یکم ۔ جون : ( راست ) : درگاہ حضرت سید روح اللہ شاہ قادریؒ متصل مسجد مرتضی واقع عثمان پورہ چادر گھاٹ کا عرس شریف 2 جون مقرر ہے ۔ صندل مبارک افضل شریف صاحب مرحوم کے مکان سے برآمد ہو کر درگاہ شریف پہونچے گا ۔ جہاں پر صندل مالی کی رسم انجام دی جائے گی ۔ بعد فاتحہ خوانی ، چادر گل پیش کی جائے گی اور درود و سلام کے بعد محفل عرس کا اختتام عمل میں آئے گا ۔۔

 

اقرا ء قرات سوسائٹی کا اجلاس
حیدرآباد ۔ یکم ۔ جون : ( راست ) : اقراء قرات سوسائٹی کے پریس نوٹ میں بتایا گیا ہے کہ 2 جون کو بعد مغرب سوسائٹی کا اجلاس قاضی پورہ اسٹور میں قاری محمد عبدالقیوم شاکر کی صدارت میں منعقد ہوگا ۔ 5 جون کو مکہ مسجد میں منعقد شدنی سیدنا عثمان غنیؓ و سیدنا بلال ؓ ایوارڈس قرات کلام پاک و اذان کے پروگرام کو قطعیت دی جائے گی ۔۔

 

حلقہ ذکر جہری
حیدرآباد ۔ یکم ۔ جون : ( راست ) : شاخ خانقاہ نوریہ لالہ گوڑہ سکندرآباد میں جمعرات کو بعد نماز عشاء حلقہ ذکر جہری مقرر ہے ۔ مولانا محمد ابرار اللہ شاہ نوری اور مولانا محمد سلطان علی شاہ نوری کا خطاب ہوگا ۔۔

سنی مرکز میں آج صاحب قرآن
کانفرنس اور حفاظ کرام کی دستار بندی
حیدرآباد ۔ یکم ۔ جون : ( راست ) : تحریک اسلامی کے سنی مرکز میں واقع دارالعلوم برکاتہ الحرمین میں صاحب قرآن کانفرنس و تکمیل حفظ قرآن و دستار بندی 2 جون بعد نماز عشاء 9 بجے شب سنی مرکز مسجد گل بانو نامپلی میں زیر صدارت مولانا سید شاہ صغیر احمد نقشبندی منعقد ہوگا ۔ قیادت الحاج سید احمد پاشاہ قادری کریں گے ۔ مہمانان خصوصی مفتی محمد مجاہد علی نقشبندی اور مولانا محمد آصف بلال قادری ، مولانا محمد فاروق قادری کے علاوہ دیگر علماء کے خطابات ہونگے ۔ اس موقع پر امسال حفظ قرآن تکمیل کرنے والے 5 حفاظ کرام کو حفظ قرآن مجید کی تکمیل پر اسناد عطا کئے جائیں گے اور معزز علماء کے ہاتھوں دستار بندی اور شال و گلپوشی کی جائے گی ۔۔

ختم دلائل الخیرات
حیدرآباد ۔ یکم ۔ جون : ( راست ) : ابوالفداء اسلامک ریسرچ سنٹر کے زیر اہتمام محفل ختم دلائل الخیرات ( درود شریف ) و ختم خواجگان نقشبند و تعلیمات اولیاء نقشبند زیر نگرانی مولانا سید شاہ حسین شہید اللہ بشیر بخاری نقشبندی قادری 2 جون بعد نماز مغرب مسجد حضرت سید شاہ فیض اللہ حسینیؒ شکر گنج مقرر ہے ۔ بعد نماز عشاء جماعت ابوالفداء کا قصیدہ بردہ شریف ہوگا ۔۔

 

درگاہ حضرت سید شہاب الدین سہروریؒ کی اراضی میں غیر قانونی تعمیرات کو روک دیا گیا
شمس آباد ۔ یکم ۔ جون : ( سیاست نیوز ) : شمس آباد کے علاقہ رالہ گوڑہ میں واقع درگاہ حضرت سید شہاب الدین سہروردیؒ کی اراضی میں مشن بھگیراتا کے تحت واٹر ٹینک کی تعمیر کروائی جارہی تھی مقامی مسلمانوں نے احتجاج کرتے ہوئے شمس آباد سرپنچ راچا ملا سدیشور اور شمس آباد تحصیلدار کو یادداشت پیش کی جس میں غیر قانونی تعمیری کام کو فورا روکنے کا مطالبہ کیا ۔ شمس آباد تحصیلدار وینکٹ ریڈی نے کام کو فورا رکوادیا ۔ مقامی مسلمانوں نے بتایا کہ درگاہ کی اراضی کا مسئلہ گزشتہ کئی سالوں سے چل رہا ہے ۔ درگاہ کی اراضی پر ناجائز قبضہ بھی ہورہے ہیں ۔ وقف بورڈ میں کئی مرتبہ اطلاع دینے کے باوجود اب تک کوئی کارروائی نہیں کی گئی ۔ شمس آباد کے تمام سیاسی قائدین نے علحدہ علحدہ درخواستیں شمس آباد تحصیلدار کو پیش کی ۔ تحصیلدار وینکٹ ریڈی نے تیقن دیا کہ بہت جلد اس اراضی کے مسئلہ کو سروے کرواکر حل کرلیا جائے گا ۔ درگاہ کی اراضی کی قیمت لاکھوں روپئے ایکڑ ہے جس پر شرپسند افراد مسلسل قبضہ کی کوشش کررہے ہیں ۔ اس کے علاوہ شمس آباد منڈل کے کئی درگاہوں کی اراضیات پر قبضہ ہوچکا ہے ۔ وقف بورڈ کی جانب سے کوئی کارروائی انجام نہیں دی جارہی ہے ۔ اس موقع پر محمد شمس الدین ڈپٹی سرپنچ ، محمد جہانگیر خاں کوآپشن ممبر ، ایچ ایوب حسین گرام پنچایت ممبر ، ایس ایم اسلم قادری ٹی آر ایس میناریٹی سیل اسٹیٹ جنرل سکریٹری ، نجم الدین ، محمد عبدالقیوم ، محمد عبدالعزیز ، شیخ خلیل ، تاج بابا ، محمد عبدالشکور ، مرزا اسلم بیگ ، محمد عبدالقادر کے علاوہ عوام کی کثیر تعداد موجود تھی ۔۔

 

ماہ رمضان میں مساجد کو پانی کی سربراہی
شمس آباد ۔ یکم ۔ جون : ( سیاست نیوز ) : شمس آباد سرپنچ راچا ملا سدیشور نے نامہ نگاروں سے بات کرتے ہوئے کہا کہ رمضان کے مقدس مہینہ میں مسلمان بھائی روزہ رکھتے ہوئے خدا کی عبادت میں مشغول رہتے ہیں جن کی سہولت کے لیے شمس آباد کے تمام مساجد میں گرام پنچایت کی جانب سے پینے کے پانی کا انتظام کیا جائے گا اور مساجد کے اطراف صفائی کے انتظامات ، اسٹریٹ لائٹس وغیرہ ڈالے جائیں گے ۔ انہوں نے مسلمان بھائیوں سے اپیل کی کہ رمضان کے ماہ میں تلنگانہ خاص کر شمس آباد کی ترقی کیلئے دعا کی جائے ۔ محمد شمس الدین ڈپٹی سرپنچ نے کہا کہ ہر سال کی طرح اس سال بھی گرام پنچایت کی جانب سے تمام انتظامات کئے جائیں گے ۔ اس موقع پر ایچ ایوب حسین گرام پنچایت ممبر وغیرہ موجود تھے ۔۔

 

جلسہ استقبال رمضان
حیدرآباد ۔ یکم ۔ جون : ( راست ) : مسجد صفہ جانکی نگر کالونی میں بعد نماز مغرب 3 جون مولانا عبید الرحمن اطہر ندوی امام و خطیب مسجد ٹین پوش رمضان کی اہمیت اور رمضان کس طرح گزارا جائے رمضان میں روزے رکھتے ہوئے نمازوں کی پابندی قرآن خوانی شب بیداری تراویح کا اہتمام اور لوگوں کے ساتھ حسن و سلوک پر اللہ تعالیٰ کے انعامات پر تفصیلی روشنی ڈالیں گے ۔۔