شوہر کی اطاعت اور صبر کرنے والی خاتون کو خوشخبریاں
جامعۃ المؤمنات کا اجتماع برائے خواتین ، تصنیف کا رسم اجراء ، خاتون مفتیات کا خطاب
حیدرآباد۔ 29 مئی (راست) شوہر کی رضامندی پر جنت کی بشارت حضور اکرمؐ نے ارشاد فرمایا جس خاتون کا انتقال اس حالت میں ہوجائے کہ اس کا شوہر اس سے راضی تھا، وہ سیدھے جنت میں داخل ہوجائے گی۔ شوہر کی اجازت کے بغیر گھر سے نکلنے والی بیوی پر خدا کی ناراضگی، گناہ کے کام میں شوہر کے حکم کی اطاعت واجب نہیں۔ شوہر کی ناشکری سے اعمال ضائع ہوجاتے ہیں۔ اسلام نے شوہر پر بیوی کے حقوق عائد کئے ہیں۔ ان میں ایک بنیادی حق نفقہ ہے۔ شوہر کی اطاعت اور صبر کرنے والی خاتون کو خوشخبریاں دی گئی ہیں، بیٹیاں اللہ کی رحمت ہے۔ لڑکی کی پیدائش پر خوش ہونے والے باپ کیلئے جنت کی نوید ہے۔ الحمدللہ 300 خوش نصیب عالمات، الدکتورات، فاضلات، مفتیات، حافظات ہیں جو آج جامعۃ المؤمنات سے فارغ التحصیل ہوئی ہیں۔ یہ قابل ستائش ہے۔ ان خیالات کا اظہار خاتون مفتیات نے جامعۃ المؤمنات کے 25 ویں سالانہ ایک روزہ دینی تربیتی ریاستی اجتماع برائے خواتین سے کیا جو رائل فنکشن ہال کوٹلہ عالیجاہ حیدرآباد میں منعقد ہوا۔ اجتماع کا آغاز مفتیہ حافظہ سمیرہ خاتون کی قرأت ، حافظہ محمدی زرین رومانہ کی نعت شریف سے ہوا۔ اس اجتماع میں مہمان خصوصی کی حیثیت سے محترمہ کوثر شیرین قادریہ، ڈاکٹر سیدہ میمونہ خان، محترمہ شاہینہ کامرانی، عطیہ نورالحق، محترمہ این شہناز، محترمہ مہرالنساء، محترمہ متین النساء، محترمہ فریدہ بانو، محترمہ قمرالنساء، محترمہ حنیفہ پروین، محترمہ مفتیہ سعیدہ فاطمہ، محترمہ حافظہ فرحت فاطمہ، فاطمہ بیگم، معینہ بیگم، محترمہ جہاں پروین بیگم، محترمہ امۃ العلیم، محترمہ شمیم سلطانہ، محترمہ ڈاکٹر مطہر سلطانہ، محترمہ حمیرہ جبین نے شرکت کی۔ صدارتی خطاب ڈاکٹر مفتیہ رضوانہ زرین پرنسپل و شیخ الحدیث جامعۃ المؤمنات نے کیا۔ ڈاکٹر مفتیہ نازیہ عزیز نے جامعۃ المؤمنات کی سالانہ تعلیمی رپورٹ پیش کی۔ ان کے علاوہ قاریہ شکیلہ کوثر (کشمیر)، قاریہ عظمی پروین (یوپی)، عالمہ محسنہ (ہریانہ)، قاریہ شفاء کوثر (مغربی بنگال)، سعدیہ (چینائی) نے مخاطب کیا۔ خاتون مفتیات نے علمی مباحثہ اور فقہی مذاکرہ پیش کیا۔ کتاب کی رسم اجراء بنام ’’مسالک اربعہ کے اختلافی مسائل‘‘ مصنف ڈاکٹر مفتی محمد کاظم حسین نقشبندی عمل میں لائی گئی۔ ڈاکٹر مفتی محمد مستان علی قادری ناظم اعلیٰ جامعۃ المؤمنات کی دعا پر اجتماع کا اختتام ہوا۔ جناب ڈاکٹر ذاکر حسین ، حافظ محمد صابر پاشاہ قادری کی نگرانی میں تمام انتظامات کئے گئے۔
جیڈی میٹلہ میں جلسہ تکمیل حفظ قرآن مجید ، ڈپٹی چیف منسٹر کی شرکت
حیدرآباد 29 مئی (راست) مدرسہ الانصار شاہ پور نگر جیڈی میٹلہ (قطب اللہ پور) میں 30 مئی بروز پیر کو 9 بجے صبح تا نماز ظہر 28 طلبہ کے حفظ قرآن مجید کی تکمیل پر جلسہ تکمیل حفظ قرآن مجید و دستاربندی حفاظ کرام کی تقریب منعقد ہوگی۔ اس موقع پر قرآن کی حقانیت اور دجالی فتنے کے عنوان سے ایک جلسہ منعقد ہوگا۔ مہمان خصوصی کی حیثیت سے مفسر قرآن مولانا سید طلحہ نقشبندی، خلیفہ حضرت مولانا پیر ذوالفقار احمد نقشبندی شرکت کریں گے۔ نائب وزیر اعلیٰ تلنگانہ جناب محمد محمود علی، صدر جمعیۃ العلماء تلنگانہ و آندھرا حافظ پیر شبیر احمد، مولانا عبدالقوی ناظم ادارہ اشرف العلوم، مولانا محمد مصدق القاسمی صدر دعوہ اسلامک اکیڈیمی کے خصوصی خطاب ہوں گے۔ اس موقع پر علمائے کرام کے ہاتھوں مدرسہ سے فارغ حفاظ کرام کی دستاربندی عمل میں آئے گی۔ صدارت مولانا شاہ جمال الرحمن مفتاحی صدر مجلس تحفظ ختم نبوت تلنگانہ و اے پی کریں گے۔
جبکہ نگرانی مولانا قاضی محمد سمیع الدین قاسمی نائب صدر جمعیۃ العلماء تلنگانہ و اے پی کریں گے۔
مسجد عالیہ گن فاؤنڈری میں آج شخصی مسائل زکوٰۃ پر مشاورت
حیدرآباد 29 مئی (راست) جامع مسجد عالیہ گن فاؤنڈری میں مفتی صاحبان 30 مئی بروز پیر بعد نماز عصر تا مغرب شخصی مسائل اثاثہ جات و احوال و مقدار زکوٰۃ کے بارے میں مشاورت کے لئے موجود رہیں گے۔ ضرورت مند استفادہ کرسکتے ہیں۔
حمیدیہ میں آج
چوتھی محفل استقبال رمضان المبارک
حیدرآباد۔ 29 مئی (پریس نوٹ) اسلامک ہسٹری ریسرچ کونسل (انڈیا) آئی ہرک اور مجلس انتظامی درگاہ حضرت تاج العرفاءؒ بروز دوشنبہ 22 شعبان صبح 8 تا 9:30 بجے دن حمیدہ واقع شرفی چمن سبزی منڈل قدیم میں جاری سات روزہ محافل استقبال رمضان المبارک کے سلسلے کی چوتھی محفل منعقد ہوگی جس کی نگرانی ڈاکٹر سید محمد حمیدالدین شرفی ڈائریکٹر آئی ہرک و سجادہ نشین درگاہ حضرت تاج العرفاءؒ کریں گے۔ 19 تا 25 شعبان المعظم جاری محافل استقبال رمضان میں فضائل رمضان، فریضہ صوم، سحر و افطار، تراویح، اعتکاف ، تہجد، صدقات واجبہ و نافلہ ، زکوۃ، انفاق، خیرات، طاق راتیں، نزول قرآن، شب قدر اور عبادات ماہ صیام کے موضوعات پر سلسلہ وار خطابات ہوں گے۔ جناب محمد یوسف حمیدی صدر استقبالیہ نے عامتہ المسلمین سے بہ پابندی وقت شرکت کی خواہش کی ہے۔
’’درس فصوص الحکم ‘‘ کتاب کی رسم اجراء و نعتیہ مشاعرہ
حیدرآباد۔ 29 مئی (پریس نوٹ) قرن اول میں تصوف پر تحریر کردہ شیخ اکبر محی الدین ابن العربیؒ کی معرکتہ آلارا تصنیف ’’فصوص الحکم‘‘ کا اُردو ترجمہ بحرالعلوم محمد عبدالقدیر صدیقی حسرت سابق صدر شعبہ دینیات جامعہ عثمانیہ دارالترجمہ جامعہ عثمانیہ حیدرآباد کے زیراہتمام انجام دیا تھا اور حسرت صدیقی ہی کے سلسلے سے جڑی ایک شخصیت ڈاکٹر صوفی عبدالقادر باشاہ قادری چشتی شاذلی ادونی اور یہ ہند و پاک میں پہلی شخصیت ہیں کہ جنہوں نے حضرت بحرالعلوم عبدالقدیر صدیقی حسرت پر پی ایچ ڈی کرکے حیات اور کارنامے مقالہ پیش کرکے ڈاکٹریٹ کی ڈگری بھی حاصل کی ہے، نے اس کتاب کے جملہ 27 دروس کا مجموعہ ’’درس فصوص الحکم کے نام سے شائع کیا ہے جو جملہ 328 صفحات پر مشتمل ہے، اس کتاب کی رسم اجرائی اور نعتیہ مشاعرہ کا اہتمام یکم جون بروز چہارشنبہ شام 6 بجے اُردو گھر، مغلپورہ مقرر ہے۔ صدارت پروفیسر مجید بیدار کریں گے۔ رسم اجراء کے بعد ڈاکٹر فاروق شکیل کی صدارت میں نعتیہ مشاعرہ ہوگا۔ مہمان خصوصی ڈاکٹر محسن جلگانوی، ڈاکٹر طیب پاشاہ قادری، ڈاکٹر نعیم سلیم اور دیگر شعراء کرام نعت کا نذرانہ پیش کریں گے۔
حضرت بابا شرف الدین صاحب سہروردی کے تقاریب عرس کا آج اختتام
حیدرآباد۔/29مئی، ( راست ) قطب الاقطاب شہنشاہ دکن سلطان العارفین حضرت سیدنا بابا شرف الدین صاحب قبلہ سہروردی ؒ پہاڑی شریف کے عرس شریف کی سات روزہ تقاریب کا آج قل کی محفل سے اختتام عمل میں آئے گا۔ 30مئی بروز پیر کو بعد ادائی نماز فجر تلاوت قرآن، قصیدہ بردہ شریف ہوگا۔11بجے دن جمیع پیرزادگان کی نگرانی میں بارگاہ عالیہ کو غسل شریف ( یعنی قل کی محفل ) کی رسم انجام دی جائے گی۔ بعد ادائی نماز ظہر سلام بحضور خیرلانام ؐ گذرانا جائے گا۔ تقاریب عرس کا اختتام پیرزادہ سید فرید الدین سہروردی گدی نشین آستانہ عالیہ امام و خطیب مسجد بارگاہ کی دعا پر ہوگا۔ تناول طعام خاص و عام کا بھی اہتمام رہے گا۔
اعراس شریف
حیدرآباد 29 مئی (راست) دو روزہ عرس شریف حضرت الحاج محمد نصراللہ چشتی مرزائیؒ واقع آغاپورہ کمان بھوئی گوڑہ میں 26 اور 27 شعبان بروز جمعہ ، ہفتہ مقرر ہے۔ پروگرام کے مطابق 26 شعبان بروز جمعہ بعد مغرب صندل شریف مقرر ہے۔ 27 شعبان بروز ہفتہ بعد مغرب محفل سماع ہوگی۔ مراسم عرس سجادہ نشین متولی انجام دیں گے۔
٭ چار روزہ عرس شریف حضرت سید خواجہ سلطان علی شاہؒ واقع آغاپورہ میں یکم تا 4 رمضان المبارک مقرر ہے۔ پروگرام کے مطابق یکم رمضان کو بعد عصر مراسم غسل شریف کا آغاز ہوگا۔ 2 رمضان کو صندل شریف، 3 رمضان کو چراغاں، محفل سماع ہوگی۔مراسم عرس سجادہ نشین و متولی انجام دیں گے۔ عرس کی تیاریوں کا آغاز ہوچکا ہے۔
مشاعرے کا انعقاد
حیدرآباد 29 مئی (راست) معتمد نشر و اشاعت ابو جعفر محمد رضی الدین کے بموجب جمعرات کی شب ’’اُردو کمپیوٹر سنٹر‘‘ سنتوش نگر (مادنا پیٹ) میں ’’بزم کوکب‘‘ کے افتتاحی مشاعرہ کا انعقاد عمل میں آیا۔ نگرانی مولانا سید شاہ کاظم محی الدین شرفی نے کی اور نظامت کے فرائض نجیب احمد نجیب نے انجام دیئے۔ ابویاسر محمد صفی الدین کی قرأت کلام پاک سے مشاعرہ کا آغاز ہوا۔ سرپرست بزم سردار سلیم نے اپنے خیرمقدمی کلمات اور اُردو مشاعروں کی خوب صورت روایت اور اس کی افادیت پر بڑے پُراثر انداز میں روشنی ڈالی۔ صدر بزم جلال الدین اکبر نے مہمانوں کا استقبال کیا۔ اس مشاعرہ میں شعراء مسرس ضیاء عرفان حسامی، انور سلیم، یوسف روش، سردار سلیم، جلال الدین اکبر، اسد ثنائی، نورالدین امیر، قاری انیس احمد قادری، نجیب احمد نجیب اور وحید پاشاہ قادری نے اپنے منتخب کلام سے نوازا۔ آخر میں نگران مشاعرہ کی دعا اور سرپرست بزم کے شکریہ پر محفل کا اختتام عمل میں آیا۔
گرمائی کلاسیس کا افتتاحی جلسہ و استقبال رمضان
حیدرآباد 29 مئی (راست) جلسہ اختتام گرمائی مدرسہ و استقبال رمضان 31 مئی بروز منگل بعد نماز مغرب مسجد حسن ہمایوں نگر زیرنگرانی حافظ سید ضیاء الدین زیرصدارت جناب سید صابر مقرر ہے۔ بعد نماز مغرب بچوں کا مختصر تعلیمی مظاہرہ اور شاہ نواز ہاشمی کی نعت اور مولانا ڈاکٹر راشد نسیم ندوی کا خطاب ہوگا۔
٭ جلسہ استقبال رمضان المبارک 30 مئی بروز پیر بعد مغرب اُردو گھر مغلپورہ منعقد ہے۔ نگرانی مفتی صادق محی الدین فہیم کریں گے۔ دیگر مہمانان خصوصی میں جناب سعادت اللہ بخاری، مولانا محمد شریف الدین قادری شرفی، سید سالار، نواب کاظم علی خاں، ایس کے افضل الدین ماہ رمضان کے فضائل بیان کریں گے۔ بعد جلسہ نعتیہ مشاعرہ ہوگا۔ میڈیکل پورفارمرس آف انڈیا کی جانب سے منتخب صحافیوں کو ایوارڈ پیش کئے جائیں گے۔
مسجد عالیہ گن فاؤنڈری میں آج شخصی مسائل زکوٰۃ پر مشاورت
حیدرآباد 29 مئی (راست) جامع مسجد عالیہ گن فاؤنڈری میں مفتی صاحبان 30 مئی بروز پیر بعد نماز عصر تا مغرب شخصی مسائل اثاثہ جات و احوال و مقدار زکوٰۃ کے بارے میں مشاورت کے لئے موجود رہیں گے۔ ضرورت مند استفادہ کرسکتے ہیں۔
اصلاحی و تربیتی مجلس
حیدرآباد 29 مئی (راست) مولانا سید عباد بن ذکی القاسمی کی اطلاع کے بموجب 30مئی بروز پیر بعد نماز عشاء احاطہ جامع اسلامیہ تجوید القرآن آزاد نگر عنبرپیٹ میں زیرصدارت جناب شیخ داؤد اقبال اصلاحی و تربیتی مجلس منعقد ہے۔ اس مجلس کی کارروائی مولانا محمد زکریا فہد قاسمی چلائیں گے۔ مجلس کا آغاز حافظ محمد یحیٰی سعد کی قرأت کلام پاک سے ہوگا۔ حافظ علیم الدین واحد اصلاحی نظم اور حافظ سید غیاث الدین نعت النبی ﷺ پیش کریں گے۔ مجلس کی سرپرستی مولانا شاہ محمد کمال الرحمن قادری چشتی کریں گے۔ جبکہ مولانا شاہ محمد فضل الرحمن محمود قادری چشتی مخاطب کریں گے۔ نماز عشاء ٹھیک 8.30 بجے ہوگی۔