مذہبی خبریں

اعراس شریف
حیدرآباد ۔ 30 ۔ جولائی : ( راست ) : اعراس شریف حضرت علامہ سید شاہ ابراہیم رضوی قادری و حضرت علامہ سید شاہ طاہر رضوی قادری واقع قادری باغ عنبر پیٹ میں 3 شوال کو مقرر ہے ۔ جس میں چار بجے شام تا عصر قصیدہ بردہ شریف بعد عصر ختم شریف و صندل مالی بعد مغرب جلسہ فیضان اولیاء اللہ مقرر ہے ۔ مراسم صندل مالی جانشین انجام دیں گے ۔۔

مسلمانوں کو نماز کی پابندی کرنے اور مساجد کو آباد رکھنے کا مشورہ
شمس آباد عیدگاہ پر نماز عید ، مولاناسید مصطفی علی صوفی قادری کا خطاب
شمس آباد ۔ 30 ۔ جولائی : ( سیاست نیوز) : عیدگاہ شمس آباد میں عید الفطر خشوع و خضوع سے منائی گئی ۔ مولانا سید مصطفی علی صوفی قادری نے امامت و خطابت کی ۔ مولانا نے اپنے خطاب میں کہا کہ مسلمان ماہ رمضان میں روزہ رکھتے ہوئے اللہ تعالی کی عبادت میں مشغول رہتے ہیں اور پانچ وقت کی نمازوں کا اہتمام کرتے ہیں ۔ اللہ تعالیٰ کی ماہ رمضان میں اپنے بندوں پر خاص عنایت رہتی ہے ۔ جس طرح ہم سب ماہ رمضان میں پانچ وقت کی نماز پابندی کے ساتھ ادا کرتے ہیں ۔ اس طرح رمضان کے بعد بھی نمازوں کی پابندی کرنی چاہئے ۔ نماز کی پابندی سے انسان بری عادتوں سے دور ہوجائے گا ۔ اور مسلمان پوری دنیا پر غالب ہوجائے گا ۔ مولانا نے تمام مسلمانوں سے مساجد کو آباد رکھنے کی اپیل کی ۔ مولانا نے فلسطین کے مظلومین کے لیے دعا کرتے ہوئے کہا کہ اسرائیل فلسطین کے شہریوں پر بمباری کرتے ہوئے قتل عام کررہے ہیں ۔ اللہ ان تمام شہداء کو جنت الفردوس میں اعلیٰ مقام عطا کرنے کے لیے دعا کئے ۔ تمام مسلمانوں کو ظالموں کے ظلم سے محفوظ رکھنے اور ان کی حفاظت کے لیے خاص دعا کی ۔ شمس آباد سرپنچ راجا ملا سدیشور نے عیدگاہ شمس آباد میں پہنچ کر مسلمان بھائیوں سے بغل گیر ہو کر عید کی مبارکباد پیش کیں ۔ اس موقع پر افتخار احمد شریف حال مقیم شکاگو ، محمد یوسف علی خاں صدر انتظامی کمیٹی جامع مسجد شمس آباد ، محمد عبدالقادر معتمد ، محمد غوث خازن ، ایس ایم اسلم قادری ، وینو گوڑ کانگریس منڈل صدر ، ستیش زیڈ پی ٹی سی ممبر ، سریدھر یادو ، نندراج گوڑ ، کے علاوہ دیگر افراد موجود تھے ۔ شمس آباد آر جی آئی انسپکٹر ٹی سدھاکر کی قیادت میں سریکانت گوڑ ، وینکٹیشورلو ، ہری پرساد ریڈی ، سرینواس ، مہیش گوڑ ، سائیدولو ، سب انسپکٹران نے بندوبست کیا اور مبارکباد پیش کیں ۔۔

عید کی خوشیوں میں سب کو شامل کریں حافظ محمد صابر پاشاہ
حیدرآباد ۔ 30 ۔ جولائی : ( راست ) : عید درحقیقت جذبہ ایثار قربانی کے نتیجے کانام ہے ۔ اس عید کو عید الفطر کہا گیا ہے کیوں کہ مسلمانوں پر آج کے روز صدقہ فطر کی ادائیگی کی ذمہ داری عائد ہوتی ہے کہ یہ عظیم عبادت میں شامل ہو کر جذبہ درد دل کے ساتھ بارگاہ خداوندی میں سجدہ ریزہو ۔ یہی اصل میں عید ہے ۔ عید ایک ایسا موقع ہے کہ جس میں محتاجوں ، یتیموں ، مسکینوں اور بیواؤں کو سہارا دیا جائے ۔ ان سب کو عید کی خوشیوں میں شامل کرلینے کی کوشش کی جائے ۔ ان خیالات کا اظہار نماز عید الفطر سے قبل مسجد حج ہاوز نامپلی حیدرآباد میں حافظ محمد صابر پاشاہ قادری نے کیا ۔ انہوں نے اجتماع سے مزید کہا کہ آج کے اس دور میں مسلمانوں کو کامیابی سے ہم کنار ہونا ہے تو یہ بیحد ضروری ہے کہ آپس میں متحد ہوں ۔۔