مذہبی خبریں

’’حمیدیہ ‘‘ میں
محفل مرتضوی کرم اللہ وجہہ
حیدرآباد /16 جولائی ( پریس نوٹ ) ’’ حمیدیہ ‘‘ واقع شرفی چمن سبزی منڈی قدیم میں شنبہ 19 جولائی مطابق 20 رمضان المبارک محفل مرتضوی امیر المومنین سیدنا علی بن ابی طالب کرم اللہ وجہہ ، قبل نماز عصر تا وقت افطار منعقد ہوگی ۔ نماز عصر 5.30 بجے ہوگی ۔ 4 ساعت شام سے تلاوت کلام پاک کی محفل بابرکت مقرر ہے ۔ اس موقع پر حضرت تاج العرفاء سید شاہ سیف الدین قادری شرفیؒ کے محل مبارک ( حضرتہ بڑی پیرانی ماں صاحبہ ) ا اور ڈاکٹر سید محمد حمیدالدین شرفی سجادہ نشین حضرت تاج العرفاء کی اہلیہ محترمہ مغفورہ کی سالانہ فاتحہ ہوگی ۔ ضیافت افطار نماز مغرب اور بعدہ ، تناول تبرک ہوگا ۔

قرآنی مہم آج کا پروگرام
حیدرآباد /16 جولائی ( پریس نوٹ ) عالمی قرآنی روحانی مہم کے پریس نوٹ کے بموجب عالم اسلام جامعہ ازہر قاہرہ ( مصر) کے قراء عظام الشیخ السید یوسف ھندوی اور الشیخ محمد سمیر بلال 17 جولائی کو 6 بجے شام تا 7 بجے قبل افطار مسجد نانا باغ ، بشیر باغ میں آیات قرآنی کی اپنے مخصوص لحن میں مسجد رحمانیہ میں کل دس بجے شب میر عالم منڈی ، میر چوک میں حاضری دیں گے اور مرقد حضرت وطن پر تلاوت کلام سنائیں گے ۔

جلسہ تکمیل حفظ قرآن کلام پاک
حیدرآباد /16 جولائی ( راست ) مسجد نور مدرسہ فیض العلوم سعیدآباد میں آج بعد نماز ظہر مقامی مجلس دعوۃ الحق کا ماہانہ اجتماع منعقد ہوگا ۔ اس موقع پر مولانا شاہ محمد جمال الرحمن مفتاحی و مفتی عبیدالرحمن کے خطابات ہوں گے ۔ مدرسہ کے طلبہ کے حفظ کلام پاک کی تکمیل اور دعاء ہوگی ۔ خواتین کیلئے پردہ کا نظم رہے گا ۔ نماز ظہر 1.30 بجے ہوگی ۔

عازمین حج کا تربیتی اجتماع
حیدرآباد /16 جولائی ( پریس نوٹ ) اسٹیٹ حج کمیٹی کے زیر اہتمام عازمین حج کیلئے اتوار 20 جولائی کو عابد فنکشن ہال میں عازمین حج کا تربیتی اجتماع منعقد ہوگا ۔ پروفیسر ایس اے شکور اسپیشل آفیسر اسٹیٹ حج کمیٹی صدارت کریں گے اور عازمین حج کو سفر حج کی تیاریوں کے تعلق سے ضروری امور سے واقف کروائیں گے ۔ ممتاز علماء کرام فضائل و مناسک حج و عمرہ اور آداب زیارت روضہ نبوی ﷺ مدینہ منورہ کے علاوہ سفر حج سے متعلق ضروری امور سے واقف کروائیں گے ۔ احرام باندھنے کا عملی مظاہرہ کیا جائے گا اور اس کی شرائط سے واقف کروایا جائے گا ۔ ایکزیکیٹیو آفیسر اسٹیٹ حج کمیٹی جناب عبدالحمید نے تمام عازمین حج سے ان اجتماعات میں شرکت اور استفادہ کی اپیل کی ہے ۔ خواتین کیلئے پردہ کا خصوصی انتظام رہے گا ۔

قلعہ گولکنڈہ میں بین الاقوامی جلسہ حسن قرات
مصر اور ایران کے قراء خصوصی لحن میں قرات پیش کریں گے
حیدرآباد ۔ 16 ۔ جولائی : ( راست ) : انتظامی کمیٹی مدرسہ رحمت العلوم و آل انڈیا قرات اکیڈیمی قلعہ گولکنڈہ کے زیر اہتمام سالانہ مرکزی بین الاقوامی جلسہ حسن قرات بروز جمعہ 18 جولائی کو بعد نماز تراویح ٹھیک 10 بجے شب بمقام گورنمنٹ بوائز ہائی اسکول میدان روبرو واقع گولکنڈہ پولیس اسٹیشن زیر نگرانی مولانا پیر سید شبیر نقشبندی محرک عالمی قرآنی و روحانی مہم مقرر ہے جب کہ صدارت مولانا قاری سید متین علی شاہ قادری ناظم اعلیٰ مدرسہ رحمت العلوم و صدر آل انڈیا قرات اکیڈیمی کریں گے ۔ جس میں بین الاقوامی شہرت یافتہ قراء کرام الشیخ سید یوسف ہندوائی اور الشیخ قاری محمد سمیر بلال جامعہ ازہر مصر کے علاوہ قاری آغائی عباس حسینی ( اسلامی جمہوریہ ایران ) اپنے مخصوص لحن میں قرات کلام پاک سنانے کی سعادت حاصل کریں گے ۔ جلسہ کا آغاز کمسن قاری سید نور محمد شاہ قادری و قاری غلام محمد عامری کی قرات کلام پاک سے ہوگا ۔ نعت خواں حضرات مسرس محمد معز الدین فراز اور محمد سلمان قادری نعت شہ کونینؐ پیش کریں گے ۔ اس موقع پر جناب حسین نوریان قونصل جنرل اسلامی جمہوریہ ایران متعینہ حیدرآباد کے علاوہ مولانا سید شاہ ظہیر الدین علی صوفی سجادہ نشین درگاہ حضرت صوفی اعظمؒ ، جناب کوثر محی الدین ، الحاج غلام محی الدین خاں پاشاہ ، جناب سید نعیم الدین جاوید بحیثیت مہمانان خصوصی شرکت کریں گے ۔ مدرسہ ہذا کے طلبہ میں جامعہ نظامیہ کے منعقدہ امتحانات کے اسناد کی تقسیم عمل میں آئے گی ۔ جلسہ حسن قرات میں مسجد اقصیٰ فلسطین بالخصوص غزہ کے مظلومین اور شہدا کے لیے خصوصی دعائیں اور ظالم و جابر اسرائیل کی بربریت و جارحیت کے خلاف احتجاجی مذمت کی جائے گی ۔ قاری محمد محبوب کنوینر جلسہ حسن قرات نے عامتہ المسلمین سے کثیر تعداد میں شرکت کی خواہش کی ہے ۔۔

مغل پورہ پلے گراونڈ پر کل ہند مرکزی رحمت عالم کمیٹی کی لیلتہ القدرکانفرنس
مہمان مقرر مولانا محمد تجمل حسین نورانی ( جھارکھنڈ ) کی شرکت کو قطعیت
حیدرآباد ۔ 16 ۔ جولائی : ( راست ) : محمد شاہد اقبال قادری صدر رحمت عالم کمیٹی و ڈاکٹر عظمت رسول کے بموجب کل ہند مرکزی رحمت عالم کمیٹی کے زیر اہتمام 25 جولائی کو بعد نماز عشاء مغل پورہ پلے گراونڈ پر کل ہند مرکزی رحمت عالم کمیٹی کی لیلتہ القدر کانفرنس کے ضمن میں ایک اہم اجلاس قادریہ اسلامک سنٹر پر انتظامات کو قطعیت دینے کے سلسلہ میں منعقد ہوا ۔ محمد شاہد اقبال قادری نے بتایا کہ کانفرنس کے انعقاد کے لیے ایک متحرک کمیٹی تشکیل دی گئی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ برصغیر ہند کے عالمی شہرت یافتہ اسلامی اسکالرس و دانشوروں ، علماء و مشائخین ، شعراء فقہاء خطباء کے علاوہ بیرونی مہمان مقرر شمالی ہند کے عالم مولانا محمد تجمل حسین نورانی ( جھارکھنڈ ) کی شرکت اور خطاب ہوگا ۔ عنقریب دوسرے بیرونی عالمی شہرت یافتہ مہمان مقرر کے نام کا اعلان کیا جائے گا ۔ کانفرنس کی سرپرستی مولانا محمد عبداللہ قریشی الازہری ، صدارت مولانا سید شاہ محمود صفی اللہ حسینی المعروف وقار پاشاہ ، نگرانی مولانا سید محمد شاہ قادری ملتانی اور قیادت محمد شوکت علی صوفی اور مولانا سید محمد عبداللہ حسنی چشتی قادری کریں گے ۔ مقامی علماء کرام میں مولانا حافظ محمد اقبال احمد رضوی ، مفتی ذاکر حسین نوری ، ڈاکٹر محمد عبدالنعیم قادری ، مولانا نادر المسدوسی شرکت و خطاب کریں گے ۔ صدر استقبالیہ جناب مرزا نثار احمد بیگ نظامی خطبہ استقبالیہ سنائیں گے ۔ کانفرنس میں عالم اسلام کے مظلوم مسلمانوں بالخصوص فلسطین کے مظلوم مسلمانوں ، شہداء اور مجاہدین کے لیے دعا کی جائے گی ۔۔

تحریک اسلامی کا مرکزی اجتماع
حیدرآباد /16 جولائی ( راست ) تحریک اسلامی کے زیر اہتمام عظیم الشان ہفتہ واری مرکزی اجتماع 17 جولائی کو بعد نماز عصر تا مغرب زیر نگرانی تحریک اسلامی مولانا محمد فاروق قادری سنی مرکز مسجد گل بانو نامپلی میں منعقد ہوگا ۔ امیر تحریک اسلامی مولانا محمد آصف بلال قادری کا ’’ فضائل اعتکاف کے عنوان پر خصوصی خطاب ہوگا بعد ازاں ذکر جہری و رقت انگیز دعاء ہوگی ۔

ایم جی اے کا ’’ قرآن سمینار ‘‘ برائے خواتین
حیدرآباد /16 جولائی ( پریس نوٹ ) مسلم گرلز اسوسی ایشن کی رمضان پروگرامس میں خواتین و طالبات میں قرآنی شعور کو پروان چڑھانے اور انہیں قرآنی تعلیمات سے قریب کرنے کیلئے ایک اہم ’’ قرآن سمینار ‘‘ 19 جولائی کو 11 بجے دن بنجارہ فنکشن ہال ، بنجارہ ہلز مقرر ہے ۔ اس خصوص میں سمینار کا آغاز قرات کلام پاک سے ہوگا ۔ اس کے بعد درس قرآن کے علاوہ مختلف اہم عنوانات جیسے ’’ روزہ ، رمضان اور قرآن ‘‘ تلاوت قرآن کے احکام و آداب ‘‘ ، ’’ قرآن کے اخلاقی تعلیمات ‘‘ ، ’’ دعوت قرآن ‘‘ ، قرآن سے دوری اور اس کے نتائج ‘‘ ، ’’ قرآن اور میڈیکل سائنس ‘‘ ، پر ڈاکٹرس پروفیسرس لکچررس و اسلامی اسکالرس بصیرت افروز تقاریر کریں گے ۔

جلسہ فضائل رمضان المبارک و
جشن نزول قرآن مجید
حیدرآباد ۔ 16 ۔ جولائی : ( پریس نوٹ) : اسلامک ہسٹری ریسرچ کونسل انڈیا ( آئی ہرک ) کے زیر اہتمام یکم تا اختتام ماہ صیام ’فضائل رمضان المبارک و جشن نزول قرآن مجید ‘ سے معنون اٹھارویں سالانہ حضرت تاج العرفاء یادگار خطابات کے سلسلہ میں 18 رمضان مسجد قادریہ احمد نگر فرسٹ لانسر بعد نماز ظہر اور بعد نماز عصر بمقام حمیدیہ واقع شرفی چمن سبزی منڈی میں ڈاکٹر سید محمد حمید الدین شرفی ڈائرکٹر آئی ہرک سعادت خطاب حاصل کریں گے ۔۔

جامعہ نظامیہ ملت اسلامیہ کا سرمایہ افتخار
علوم اسلامیہ کی اشاعت کیلئے مالیہ کا استحکام ضروری ۔ اراکین مجلس انتظامی کا بیان
حیدرآباد ۔ 16 ۔ جولائی : ( پریس نوٹ) : مولانا سید محمد صدیق حسینی (سجادہ نشین درگاہ حضرت محبوب اللہؒ) مولانا ڈاکٹر محمد عبدالمجید (پروفیسر شعبہ عربی جامعہ عثمانیہ) مولانا خواجہ بہاء الدین (انجنیئر) مولانا ڈاکٹر سید بدیع الدین صابری (پروفیسر شعبہ عربی جامعہ عثمانیہ) ‘ مولانا سید محمد قبول پاشاہ شطاری ‘ جناب یوسف محی الدین ارشد (اسٹرکچرل انجنیئر) ڈاکٹر محمد سمیع اللہ خان ‘ مولانا سید محمد ناصرالدین جیلانی ‘ مولانا سید ظہیرالدین علی صوفی ‘ مولوی محمد عمر علی خان ‘ مولانا حافظ سید اصغر شرفی ‘ مولوی سیداحمد معزز اراکین مجلس انتظامی جامعہ نظامیہ نے اپنے مشترکہ صحافتی بیان میں کہا کہ جامعہ نظامیہ 143 سال سے سرچشمہ علم و منبع فیوض و برکات بنی ہوئی ہے ۔ شہرہ آفاق دینی درسگاہ ’’جامعہ نظامیہ‘‘ محتارج تعارف نہیں ‘ جامعہ نظامیہ کا وجود بابرکت ملت اسلامیہ کا عزیز ورثہ بھی ہے ۔ علم و روحانیت کی اس قدیم عظیم درسگاہ کے فیض یافتہ علماء نہ صرف ہند بلکہ دنیا کے بیشتر ممالک میں تبلیغ و تدریس کے مقدس فرائض انجام دے رہے ہیں ۔ جامعہ نظامیہ حیدرآباد میں قدیم سے ایک دارالافتاء قائم ہے ملت کے تمام دینی و شرعی مسائل میں رہنمائی کی جاتی ہے ۔ دارالافتاء جامعہ نظامیہ کے فتاوی ملک اور ریاست کی جملہ عدالتوں میں مستند اور معتبر تسلیم کئے جاتے ہیں ۔ جامعہ نظامیہ سے ملحقہ مدراس ریاست اور بیرون ریاست کی تعداد 243 ہوگئی ہے۔ ان مدارس میں 50ہزار سے زائد طلبا ابتدائی تعلیم حاصل کرکے جامعہ نظامیہ کی فوقانی جماعتوں میں داخلہ لیتے ہیں ۔ واضح ہو کہ جامعہ نظامیہ کے جملہ مصارف قومی عطیات اور اس کی مملوکہ جائیداد کی محدود آمدنی سے تکمیل پاتے ہیں اور جتنی آمدنی ہوتی ہے اسی حساب سے خرچ بھی ہوتا ہے۔ کوئی محفوظ مالیہ نہیں رکھا جاتا ۔ ہر سال آمدنی و خرچ کی آڈٹ ہوتی ہے ۔ ۔ اہل خیر حضرات سے ماہ رمضان کے مسعود موقع پر اپیل ہے کہ اپنے زکوٰۃ اور عطیات جامعہ نظامیہ شبلی گنج اور گن فاؤنڈری روبرو اسٹیٹ بینک آف حیدرآباد زیر تعمیر کامپلکس صبح سات بجے تا شام چھ بجے تک وصولی زکوٰۃ کا انتظام کیا گیا ہے ۔ فون نمبرات :24416847, 24576772, 24503267 پر مطلع کریں تو کارکن آ کر وصولی کا کام انجام دیں گے ۔

رمضان میں ایمان و اخلاص کے ساتھ عبادت اور ماں باپ کی خدمت ، مغفرت کی بشارت ہے، ڈاکٹر سید محمد حمید الدین شرفی کا خطاب
حیدرآباد ۔ 16 ۔ جولائی : ( پریس نوٹ) : رمضان مبارک کے بے حد و شمار اور پر انوار پہلو ہیں جن میں نمایاں کلام حق تعالیٰ قرآن مجید کا نزول ہے۔ اس ماہ مبارک کے آخری عشرہ کی طاق راتوں میں شب قدر کا پوشیدہ ہونا جس میں حضرت جبرئیل اور ملائکہ کا اترنا اورجو بندے عبادت الٰہی، یاد حق ،ذکر و تسبیح میں مشغول ہوں انہیں سلام کرنا اور ان عابدوں اور ذاکروں کے حق میں بارگاہ الٰہیہ میں دعاے خیر اور استغفار کرنا بڑی اہمیت رکھتا ہے ۔ بعثت شریف کا عظیم الشان اور مقدس واقعہ بھی رمضان شریف میں رونما ہوا۔ تاریخ اسلام کے نہایت اہم ، یادگار، انقلاب آفریں اور انوار حق و صداقت سے ساری انسانیت کو مالا مال کرنے والے فقید المثال واقعات اور فتوحات عظیمہ بھی اکثر رمضان المبارک میں پیش آے۔ بالخصوص غزوہ بدر میں اہل حق کی بے نظیر اور نہایت شاندار کامیابی اور فتح مندی اسی ماہ مقدس کی 17تاریخ کو ہوئی۔ فتح غزوہ بدر نے عرب ہی نہیں سارے عالم کے حالات پر گہرے اثرات مرتب کئے اور دین حق اسلام کی عظمت کا دنیا کو احساس دلایا۔ اسی طرح مکہ مکرمہ کی فتح عظیم کا بھی اسی ماہ مبارک سے تعلق ہے بہ ہر پہلو رمضان مبارک کی عظمت و فضیلت مسلمہ ہے اسی لئے اس کو تمام مہینوں کا سردار فرمایا گیا۔ ڈاکٹر سید محمد حمید الدین شرفی ڈائریکٹر آئی ہرک نے رمضان مبارک کے روح پرور اور نورانی ماحول میں 16 رمضان المبارک کو بعد نماز ظہر مسجد محمدیہ مقطعہ مدار اور بعد نمازعصر حمیدیہ شرفی چمن میں روزہ دار مصلیوں کے نمائندہ اجتماعات سے خطاب کی سعادت حاصل کرتے ہوے ان حقائق کا اظہار کیا۔ وہ اسلامک ہسٹری ریسرچ کونسل انڈیا (آئی ہرک) کے’’حضرت تاج العرفاءؒ یادگار خطابات‘‘ کے اٹھارویں سال کے 16 ویں روز منعقدہ اجتماعات سے خطاب کر رہے تھے جو قراء ت کلام پاک سے شروع ہوے۔ بارگاہ شہنشاہ کونین ؐمیں ہدیہ نعت پیش کیا گیا۔ ڈاکٹر حمید الدین شرفی نے سلسلہ کلام جاری رکھتے ہوے کہا کہ خصائص و عبادات رمضان مبارک میں نماز تراویح اور اعتکاف بھی ہیں۔ نماز تراویح سنت موکدہ اور جماعت سے تراویح کی ادائیگی لازمی اور موجب سعادت ہے۔ ماں باپ کی خدمت کرنے والے کے لئے جہاں نوید مغفرت ہے وہیں ماہ رمضان میں ایمان و اخلاص کے ساتھ روزے رکھنے والے اور عبادت و ریاضت کرنے والے کے لئے بھی گناہوں سے چھٹکارے کی ضمانت حاصل ہے۔ انھوں نے اس ماہ مبارک میں راہ خدا میں خرچ کرنے والوں کو یاد دلایا کہ مستحق اور حاجت مند عزیز و اقارب کی اعانت میں دہرا اجر و ثواب ہے۔اجلاسوں کے آخر میںبارگاہ رسالت مآب ؐ میں سلام گزرانا گیا اور رقت انگیز دعا ئیںکی گئیں۔

دارالعلوم ندوۃ العلماء کو امداد کی اپیل
حیدرآباد ۔ 16 ۔ جولائی : ( راست ) : دارالعلوم ندوۃ العلماء محتاج تعارف نہیں ۔ اس کے قیام کو تقریبا ایک سو بیس سال سے زائد ہورہے ہیں ۔ اللہ کا شکر ہے کہ اس اثناء میں اس نے گراں قدر علمی و دینی خدمات انجام دی ہیں ۔ عرصہ دراز تک اسکو مولانا سید ابوالحسن علی ندویؒ ( علی میاں ) کی سرپرستی اور توجہ حاصل رہی ہے ۔ اس وقت دارالعلوم ندوۃ العلماء میں ہندوستان کے مختلف علاقوں کے علاوہ تھائی لینڈ ، انڈونیشیا ، ملیشیا ، افریقہ ، سعودی عرب ، انگلینڈ ، امریکہ ، سری لنکا ، آسٹریلیا ، نیپال اور دوسرے ممالک کے طلبہ بھی زیر تعلیم ہیں اور مختلف ملکوں سے برابر داخلہ کی درخواستیں موصول ہورہی ہیں ۔ ان اسباب کی بنیاد پر داخلوں کی تعداد میں ہر سال غیر معمولی اضافہ ہورہا ہے ۔ دارالعلوم ندوۃ العلماء کے بنیادی مقاصد میں ایسے موزوں افراد تیار کرنا جو دعوۃ و ارشاد مسلمانوں میں تصحیح عقائد درستگی اعمال اور غیر اسلامی رسوم و رواج سے امت اسلامیہ کو نجات دلا سکے اور غیر مسلموں میں اسلام کی صحیح تصویر پیش کرسکے ۔ لہذا اس کے تمام منصوبوں کی تکمیل کے لیے آپ کا ہر طرح کا تعاون باعث خیر و برکت ہوگا اور اس سے پوری ملت اسلامیہ کو فائدہ پہونچے گا ۔ اس کے مالیات کی فراہمی کے لیے حسب بقا جناب حافظ عقیل قاسمی اور مولانا شمیم احمد ندوی حیدرآباد میں ہیں ۔ مولانا شمیم احمد ندوی سے براہ راست رابطہ کے نمبرات 09935987423 ۔ 07275708163 پر ربط کیا جاسکتا ہے اور جناب حافظ عقیل قاسمی سے 9936603968 ۔ 7569733883 ۔ اور سید عباد حسینی سے 040-24526251 پر ربط کریں ۔ دارالعلوم ندوۃ العلماء کا سالانہ بجٹ پندرہ کروڑ روپئے ہے جو صرف آپ اہل خیر حضرات کے تعاون سے پورے ہوتے ہیں ۔۔

ہر صاحب استطاعت عاقل و بالغ مرد یا عورت پر زکواۃ واجب
زکواۃ اسلام کا بنیادی رکن ، ایم جی اے کے پروگرام سے محترمہ نور جہاں کا خطاب
حیدرآباد ۔ 16 ۔ جولائی : ( پریس نوٹ) : اسلامی شریعت میںاصولی طور پر زکواۃ کے لیے دو حکم ملتے ہیں ۔ ایک اس مال کا جو خرید و فروخت کی نیت سے کاروبار میں لگایا گیا ہو یا پہلے ہی سے حاصل کیا ہوا مال تجارت میں لگادیا گیا ہو اور ان کی خرید و فروخت شروع کی گئی ہو ۔ ان کو کاروبار مال یا تجارتی مال کہہ سکتے ہیں شریعت نے تجارتی مال کی ہر قسم پر زکواۃ واجب کی ہے ۔ ان میں مال کی کوئی ایسی قسم نہیں جس پر زکواۃ واجب نہیں ۔ دوسرے ایسے اموال جو تجارت کے لیے نہ ہیں ۔ انہیں غیر کاروباری مال کہتے ہیں ۔ جس پر زکواۃ واجب نہیں بلکہ چند مخصوص قسم پر واجب ہیں ۔ جن میں سونا ، چاندی ، مخصوص جانور ، زمین سے پیدا ہونے والے غلے پر ۔ ان خیالات کا اظہار محترمہ نور جہاں نے پیرزادی محلہ میں مسلم گرلز اسوسی ایشن کی جانب سے جاری افطار پروگرام میں کیا ۔ انہوں نے کہا کہ ہر صاحب استطاعت عاقل و بالغ مرد و ہو یا عورت پر چند شرائط کے ساتھ زکواۃ دینا واجب ہے ۔ جس کے پاس کم از کم ساڑھے سات تولہ سونا ، ساڑھے باون تولے چاندی ہو تو زکواۃ واجب ہے ۔ اس سے کم مقدار میں ہو تو واجب نہیں ۔ اگر زیورات میں قیمتی پتھر جڑے ہوں تو ان کو الگ کر کے حساب لگایا جائے گا ۔ زکواۃ کی مقدار نصاب کا موجودہ ملکیت کا چالیسواں حصہ ہے ۔ سال کی ابتداء اور انتہا پر مقدار اور تعداد کا پورا ہونا ضروری ہے ۔ درمیان مال میں اگر مقدار میں کمی ہوجائے تو اس پر زکواۃ نہیں ہوگی ۔ اگر صاحب مال مقروض ہو تو اس پر زکواۃ واجب نہیں ۔ قرض ادا کرنے کے بعد جو مال بچ جاتا ہے ۔ اس مقدار پر زکواۃ ادا کی جائے گی ۔ مثلا اگر کسی شخص کے پاس ایک سال گذرنے کے بعد سو روپیہ ہیں اور وہ اسی روپیے کا مقروض ہے تو اب جو مقدار بچ جاتی ہے وہ مقدار زکواۃ نہیں ہے ۔۔

رمضان المبارک کے آخری عشرہ میں اعتکاف کا بڑا ثواب
سنی مرکز میں تحریک اسلامی کے زیر اہتمام 10 روزہ مسنون اعتکاف
حیدرآباد ۔ 16 ۔ جولائی : ( راست ) : رمضان المبارک کے آخری عشرہ کا اعتکاف اس ماہ رمضان کی خاص عبادات سنت موکدہ علی لکفایہ ہے اور اس کا بڑا اجر ثواب ہے ۔ اللہ کے محبوب ﷺ نے فرمایا جس کسی نے ایمان کے ساتھ ثواب کی نیت سے اعتکاف اس کے تمام گناہ بخش دئیے جاتے ہیں ۔ رمضان المبارک میں جس نے 10 دن کا اعتکاف کرلیا گویا وہ ایسا کیا جس نے دو حج دو عمرہ کرلیے اور اعتکاف کرنے والا گناہوں سے محفوظ رہتا ہے ۔ اس کے لیے تمام نیکیاں لکھی جاتی ہے ۔ رمضان المبارک میں تحریک اسلامی کی جانب سے امیر تحریک اسلامی کی قیادت میں سنی مرکز مسجد گل بانو نامپلی میں 10 روزہ مسنون اعتکاف 20 رمضان کو قبل از مغرب سے شروع ہوگا ۔ روزانہ سماعت قرآن کے علاوہ دن میں حلقے ہوں گے ۔ مولانا محمد آصف بلال قادری اور مولانا محمد فاروق قادری کے بیانات ہوں گے ۔ تحریک اسلامی کی جانب سے سحر و افطار کے طعام کا مفت نظم رہے گا ۔ تفصیلات کے لیے 9885029133 پر ربط کریں ۔۔

دین اسلام اصحاب بدر کی قربانیوں کا صدقہ
جنگ بدر پر تحریک مسلم شبان کے جلسے ، جناب مشتاق ملک و دیگر کے خطاب
حیدرآباد ۔ 16 ۔ جولائی : ( پریس نوٹ ) : جنگ بدر کے یوم کو قرآن حکیم نے یوم الفرقان حق و باطل میں فرق کو یوم قرار دیا ۔ 313 کو اللہ نے نصرت عطا کی ۔ جنگ کے قیدیوں سے علم سکھایا گیا ۔ علم سے انسان حق و باطل میں فرق محسوس کرنا سیکھتا ہے ۔ آج ہمارا دین اصحاب بدر کی قربانیوں کا صدقہ ہے ۔ اللہ کے رسول میدان بدر میں دعا فرمائے کہ پروردگار یہ اگر کامیاب نہیں ہوئے تو پھر قیامت تک اس سرزمین پر تیرا نام لینے والا کوئی نہیں ہوگا ۔ ان خیالات کا اظہار جناب محمد مشتاق ملک صدر تحریک مسلم شبان نے تحریک مسلم شبان کے زیر اہتمام 18 ویں جلسہ جنگ بدر میں خطاب کرتے ہوئے یاقوت پورہ ناگاباولی جامعہ مسجد کوٹلہ احسن اللہ خاں میں کیا ۔ جناب محمد مشتاق ملک نے اپنے صدارتی خطاب میں کہا کہ مصیبت ، بھوک ، پیاس کو حق کے راستے میں برداشت کرنا اصحاب رسولؐ کی سنت ہے ۔ انصاف کو قائم کرنے کے لیے تکالیف کو برداشت کرنا تعلیمات اسلام ہے ۔ اللہ کی رضا اور محمدﷺ کی محبت ہو تو پھر بڑی سے بڑی تکلیف کو برداشت کیا جاسکتا ہے ۔ اللہ کے رسولﷺ کی صاحبزادی حضرت رقیہ کا انتقال بدر کے دوران ہوا رسول اکرم ﷺ اپنی صاحبزادی کے جنازے میں شریک نہیں ہوئے ۔ تاریخ انسانی میں غزوہ بدر کی بڑی اہمیت ہے ۔ اور اس جنگ نے اسلامی تاریخ ہی نہیں بلکہ انسانی تاریخ پر اثرات ڈالے ہیں ۔ جناب عارف قادری نے بھی مخاطب کیا ۔ حافظ عبدالمجید کی قرات کلام پاک اور نعت شریف سے جلسہ کا آغاز ہوا ۔۔