مذہبی خبریں

اللہ سے مغفرت طلبی کیلئے دوسرا دہا ، مسلمانوں کیلئے خصوصی موقع
مسجد حضرت سیدہ فاطمہؑ زہرا جھرہ اور حمیدیہ میں ڈاکٹر حمید الدین شرفی کے خطاب
حیدرآباد ۔ 9 ۔ جولائی : ( پریس نوٹ ) : روزہ کا منشاء نفس کا توڑنا، دل میں صفائی پیدا کرنا، فقراء اور مساکین سے موافقت کرنا ہے روزہ جہاں گنہ گاروں کے گناہ معاف کروانے کا ذریعہ ہے وہیں نیکوں اور پرہیزگاروں کے درجات بڑھاتا ہے اور ابرار کو تقرب الٰہی کی دولت سے اور زیادہ نوازتا ہے۔ بلاشبہ رمضان مبارک رحمت حق تعالیٰ، افضال الٰہی ، امن و سلامتی کی ضمانت اور خوش خبری لے کر رونق افروز اور انعامات الٰہی کے دائمی طور پر جاری رہنے کی نوید کے ساتھ مراجعت فرما ہوتا ہے۔ فرض عبادات اور مسنون اعمال پر ایمان و اخلاص کے ساتھ مداومت سبب مغفرت بن جاتے ہیں۔ ڈاکٹر سید محمد حمید الدین شرفی ڈائریکٹر آئی ہرک نے9 رمضان المبارک کو بعد نماز ظہر مسجد سیدہ فاطمہؑ زہرا جھرہ، آصف نگر روڈ اوربعد نماز عصر حمیدیہ، سبزی منڈی میں اٹھارویں سالانہ حضرت تاج العرفاء سیف شرفی ؒ یادگار خطابات کے 9 ویں دن کے اجلاسوں میں ان خیالات کا اظہار کیا۔ انھوں نے سلسلہ کلام جاری رکھتے ہوے کہا کہ اللہ تعالیٰ سے مغفرت طلبی کا بندوں کے لئے عشرہ دوم خصوصی موقع ہے۔ بندہ اپنے گناہوں اور غلطیوں کا اعتراف کرتے ہوے توبہ کے ذریعہ اپنے ارحم الرٰحمین خالق و معبود حقیقی سے ہمیشہ معروضہ کرتا ہے کہ اس کو معاف فرما دے اسے اس کے گناہوں کی سزا سے چھٹکارا اور رہائی عطا فرما دے جب کہ مغفرت میں یہ مفہوم اور وضاحت کے ساتھ ہے۔ مغفرت چاہنا گویا طالب بخشش ہونا ہے اور جو کچھ گناہ اور عیب والے کام ہوے ہیں ان کی شہرت نہ ہونے کے لئے معروضہ ہے یعنی بندہ اپنے مولیٰ سے التجا کرتا ہے کہ وہ اپنے فضل و کرم سے اسے رسوا نہ کرے اور اس کے عصیاں و معائب کی پردہ پوشی فرماے۔ پھر رحمت مزید کے لئے بندہ کی دعائیں گویا اس کے اپنے خالق و رب پر ایمان کامل اور یقین واثق کی دلیل ہے۔ ڈاکٹر حمید الدین شرفی نے کہا کہ رمضان مبارک کے تین دہے اسی نوید اور خوش خبری کے ساتھ سایہ فگن ہوتے ہیں کہ بندے عفووکرم، مغفرت و نجات اور رحمت بے پایاں سے مالا مال ہو جائیں۔ اللہ تعالیٰ نے اپنے بندوں کو یہ موقع پھر سے عنایت فرما یا ہے۔ روزہ ،نماز ،تراویح، تہجد، قرآن مجید کی تلاوت و سماعت کے ساتھ صدقہ و خیرات، غربا و مساکین کے ساتھ درد مندانہ سلوک اور غمگساری ، سچائی ، حق گوئی، اور اچھے معاملات وجہ عفو و کرم اور رحمت و مغفرت و نجات ہیں ہمیشہ ان معمولات خیر اور عمدہ اخلاق کو اپناے رکھیں۔ اجلاسوںکے آخر میںبارگاہ رسالتؐ میں سلام گزرانا گیا اور رقت انگیز دعائیں کی گئیں۔

جامعہ نظامیہ حیدرآباد ‘ ملت اسلامیہ کا متاع عزیز
زکوٰۃ و عطیات کے ذریعہ اعانت کی اپیل ‘ مولانا سید شاہ قبول پاشاہ شطاری کابیان
حیدرآباد ۔ 9 ۔ جولائی : ( پریس نوٹ ) : مولاناسید شاہ قبول پاشاہ شطاری صاحب معتمد مجلس علماء دکن و رکن معزز جامعہ نظامیہ نے اپنے ایک صحافتی بیان میں کہاکہ جامعہ نظامیہ ملک کی 143سالہ قدیم اسلامی یونیورسٹی ہے جہاں تفسیر ‘ حدیث ‘ فقہ ‘ عقائد و کلام ‘ عربی ادب ‘ سیرت اور اسلامی تاریخ کی اعلیٰ تعلیم کا انتظام ہے ۔ علاوہ ازیں دور جدید سے طلبا کو ہم آہنگ کرنے کیلئے کمپیوٹر کے کورسس بھی سکھائے جاتے ہیں ۔ جید علماء فضلاء اور صلحاء کا تاریخ ساز ادارہ جو مسلسل 143 سال سے علم دین کی اشاعت اور دین مبین کی حفاظت میں مصروف ہے ۔ یہاں کے علماء ہر پرفتن دور میں ملت کی رہبری میں مصروف رہے ہیں ۔سادگی قناعت اور جہد مسلسل علمائے جامعہ نظامیہ کا طرہ امتیاز رہا ہے ۔ الغرض علماء اعلام کی نگرانی میں یہاں کے طلبا کی تربیت ہوتی ہے اور پھر یہ طلباء فارغ ہو کر ملت دین کی خدمت میں مصروف ہوتے ہیں ۔ بلافیس قیام و طعام کی سہولت کے ساتھ ہر سال طلباء کی تعداد میں اضافہ ہوتا ہے ۔ لباس و بستر و کتب ‘ ادویات وغیرہ بھی جامعہ فراہم کرتا ہے تاکہ طلبا سکون و اطمینان کے ساتھ حصول علم کے سلسلے کو جاری رکھ سکیں ۔ اس وقت جامعہ نظامیہ کے اضلاع اور بیرونی ریاستوں میں243 ملحقہ مدارس کام کر رہے ہیں جن سے ہزاروں تشنگان علم سیراب ہو رہے ہیں ۔ اور امت کی رہبری کے یہ مراکز ہیں ۔ صرف جامعہ کے سالانہ اخراجات تین کروڑ روپئے سے زائد ہیں ۔ جامعہ نظامیہ نے ایک اہم اقدام کے طور پر کلیۃ البنات کا آغاز کیا جس میں لڑکیوں کی اعلیٰ دینی تعلیم کا معقول انتظام کیاگیا ہے ۔ کلیۃ البنات میں مستند معلمات تدریسی خدمات انجام دے رہی ہیں ۔ الحمدللہ کلیۃ البنات میں الدکتورہ (پی ایچ ڈی) تک تعلیم کا انتظام ہے ۔ لڑکیوں کی آمدورفت کے لئے منی بسوں کا انتظام ہونا ہے ۔ عامۃ المسلمین کا ملی فریضہ یہ ہے کہ وہ جامعہ نظامیہ کے اس اقدام میں حصہ لیتے ہوئے مالیہ کی فراہمی میں تعاون کریں ۔ اہل خیر حضرات ماہ رمضان المبارک کے مسعود موقع پر زکوٰۃ اور عطیات صبح سات بجے تا شام پانچ بجے تک جامعہ نظامیہ شبلی گنج پر عنایت فرماسکتے ہیں یا فون نمبرات 24416847, 24576772, 24503267 پر مطلع کریں تو کارکن آکر وصولی کا کام انجام دیں گے ۔ ماہ رمضان کے ہر جمعہ مکہ مسجد میں اور عید الفطرکے موقع پر عیدگاہ میں بھی وصولی زکوٰۃ کے خصوصی مراکز قائم کئے جاتے ہیں وہاں بھی رقوم جمع کی جاسکتی ہیں چیک اور ڈرافٹ پر ’’ جامعہ نظامیہ‘‘ تحریر فرماکر کراس کر دیں ۔

ماہ رمضان ہمدردی و غم خواری کا مہینہ
ایم جی اے کا خصوصی رمضان پروگرام ، محترمہ ماریہ احمدی کا خطاب
حیدرآباد /9 جولائی ( راست ) ایک مسلمان روزے کی حالت میں جب فقر و فاقہ کی کیفیت سے گذرتا ہے تو اس کے اندر ایسے لوگوں کے بارے میں ہمدردی پیدا ہوتی ہے جو مستقل طور پر فقر و مفلسی میں مبتلا رہتے ہیں ۔لہذا اس مہینہ کی مناسبت سے وہ اپنی طاقت و قوت کے مطابق اس سے بھائی چارگی کا اظہار کرتا اور ان کی تکلیفوں کو دور کرنے کی حتی الامکان کوشش کرتا ہے ۔ ان خیالات کا اظہار محترمہ ماریہ احمدی مسلم گرلز اسوسی ایشن نے مرادنگر میں سن رائز ہائی اسکول میں کیا ۔ انہوں نے کہا کہ روزے میں انسان بھوکا پیاسا رہتا ہے تو اسے ان لوگوں کی تکلیفوں کا احساس ہوتا ہے جن کی زندگی فقر و فاقہ اور غریبی میں گذرتی ہے ۔ یہ مہینہ ہمدردی و غم خواری کا مہینہ ہے ۔ اسی لئے مسلمانوں کی یہ صفت ہے کہ اس مہینہ میں زیادہ سے زیادہ اللہ کی راہ میں اللہ کے بندوں کی خدمت افطار و سحر کے ذریعہ اور خیر خیرات و صدقات کے ذریعہ خرچ کرتا ہے ۔ اس کے علاوہ چنچل گوڑہ میں رحمتیہ ہائی اسکول دبیرپورہ میں درشہوار ہائی اسکول انگلش ماڈل اسکول میں محترمہ عائشہ تبسم ، محترمہ مریم ، محترمہ میمونہ صوفیہ نے مخاطب کیا ۔

سماعت قرآن مجید برائے خواتین
حیدرآباد /9 جولائی (راست ) سماعت قرآن روزانہ 5 پارے اردو ترجمہ کے ساتھ خواتین کیلئے صبح 10 بجے تا ظہر تک پتہ بمکان ڈاکٹر علیم اللہ خان ، فلیٹ نمبر 403 ، 4th فلور حسنین ریسی ڈنسی متصل مدینہ فرانک اسکول آصف نگر میں روڈ مقرر ہے ۔

محفل نعت شہ کونین ﷺ
حیدرآباد /9 جولائی ( راست) جامع مسجد مومن چودھری نجم نگر کشن باغ میں 10 جولائی جمعرات بعد نماز ظہر محفل نعت شہ کونین ﷺ زیر نگرانی مولانا مرزا امجد بیگ قادری منعقد ہوگی ۔

مسجد عامرہ میں جلسہ مظاہرہ قرات قرآن کریم
حیدرآباد /9 جولائی ( راست ) جمعیتہ علماء حلقہ نامپلی کے زیر اہتمام بروز ہفتہ 12 جولائی کو بعد نماز ظہر مسجد عامرہ عابڈس میں جلسہ مظاہرہ قرات قرآن مجید مقرر ہے۔ نظامت کے فرائض حافظ و قاری محمد ارشد فیضی جبکہ نگرانی مولانا مفتی محمد تجمل حسین قاسمی کریں گے اور صدارت حافظ و قاری مولانا نذیرالدین سبیلی کریں گے ۔ جس میں شہر کے ممتاز قراء کرام جیسے حافظ و قاری محمد نصیرالدین المنشاوی ، حافظ و قاری محمد عبدالباری ، حافظ و قاری محمد ابراہیم جہانگیر ، قاری محمد عمر ، حافظ و قاری محمد یونس اور قاری محمد منیر الدین قرات کلام پاک پیش کریں گے ۔

طالبات کو پاکدامنی اور تقویٰ کی روش اختیار کرنے کی تلقین
الخیر سوسائٹی کی تقسیم نوٹ بکس تقریب ، شیخ فیاض الدین و دیگر کا خطاب
حیدرآباد /9 جولائی ( راست ) جناب شیخ فیاض الدین نے مسلم لڑکیوں کو تعلیم کے میدان میں آگے بڑھتے ہوئے ملک اور قوم کی ترقی کیلئے کمربستہ ہونے کا مشورہ دیا ۔ جناب شیخ فیاض الدین نے کہا کہ بچوں کی تربیت میں والدین خاص کر ماں کا اہم کردار ہوتا ہے اور اگرمائیں پڑھی لکھی اور جدید علوم سے وابستہ ہوں گی تو اپنے بچوں کا مستقبل سوارنے میں بڑا رول ادا کرسکتی ہیں ۔ جناب شیخ فیاض الدین نے الخیر کامپلکس بڑا بازار گولکنڈہ میں مستحق طالبات میں لانگ نوٹ بکس کی تقسیم کے ایک پروگرام کے دوران ان خیالات کا اظہار کیا ۔ الخیر سوسائٹی گولکنڈہ کے زیر اہتمام گورنمنٹ بی جے آر کالج برائے طالبات گولکنڈہ میں انٹرمیڈیٹ کی 200 سے زائد یتیم اور مستحق طالبات میں لانگ نوٹ بکس کی مفت تقسیم عمل میں لائی گئی ۔ اس موقع پر شیخ فیاض الدین نے طالبات کو پاکدامنی اور تقوی کی روش اختیار کرنے کی تلقین کی ۔ انہوں نے کہا کہ اللہ سے ڈر اور خوف اختیار کرنا اور برائیوں سے خود کی حفاظت کرنا ہی تقوی ہے ۔ انہوں نے طالبات کو قرآن مجید کو سمجھ کر پڑھنے اور اس کی تعلیمات پر عمل پیرا ہونے کی تلقین کی ۔ اس موقع پر نواب ایم بی خان نے الخیر سوسائٹی کی مختلف سرگرمیوں کی ستائش کی اور طالبات کو مسابقتی میدان میں آگے بڑھنے اور اپنی فلیڈ میں نمایاں کامیابی حاصل کرنے کا مشورہ دیا ۔ پروگرام سے بی جے آر کالج کی پرنسپل شریمتی سکریٹری نے بھی خطاب کیا اور تعلیم کے میدان میں کی جارہی الخیر سوسائٹی کی خدمات کی سراہنا کی اور کہا کہ اس سے طالبات کی حوصلہ افزائی ہوگی ۔ اس موقع پر جوائنٹ سکریٹری سوسائٹی جناب محمد عبدالسبحان نے سوسائٹی کی مختلف سرگرمیوں پر تفصیلی روشنی ڈالی ۔ انہوں نے کہا کہ سوسائٹی مسلم سماج کو اقتصادی اور تعلیمی میدان میں آگے بڑھانے کے مقصد کے تحت بک بینک ، کمپیوٹر سنٹر ٹیلرنگ سنٹر چلا رہی ہے ۔ اس کے علاوہ مختلف موقعوں پر میڈیکل کیمپ منعقد کئے جاتے ہیں ۔ نیز طلباء کی رہنمائی کیلئے توسیعی لکچررس کا بھی اہتمام کیا جاتا ہے ۔ الخیر سوسائٹی شعبہ خدمت خلق کے کنوینر یحیی بن حسن نے اظہار تشکر کیا ۔ جناب عبدالصبور نے پروگرام کی کارروائی چلائی ۔

ماہانہ محفل نعت شہہ کونین ﷺ
حیدرآباد ۔ 9 ۔ جولائی : ( راست ) : مکتبہ اہل سنت و جماعت کے زیر نگرانی چلائی جانے والی انجمن کاروان حسانؓ کے زیر اہتمام ماہانہ محفل نعت شہہ کونینﷺ 10 جولائی بمکان شیخ عبید بن عثمان العمودی واقع متصل ماڈرن فنکشن ہال ہمت پورہ میں منعقد ہے ۔ بعد نماز عشاء قصیدہ بردہ شریف ہوگا ۔ اس کے ساتھ ہی محفل کا آغاز ہوگا ۔۔

جامع مسجد بی صاحبہ پنجہ گٹہ میں
عازمین حج کا تربیتی اجتماع
حیدرآباد ۔ 9 ۔ جولائی : ( پریس نوٹ ) : اسٹیٹ حج کمیٹی کے زیر اہتمام عازمین حج کا تربیتی اجتماع اتوار 13 جولائی کو باوقات صبح 9 تا ایک بجے دن جامع مسجد بی صاحبہ پنجہ گٹہ میں منعقد ہوگا ۔ اسپیشل آفیسر حج کمیٹی پروفیسر ایس اے شکور صدارت کریں گے ۔ اور عازمین کو سفر حج اور دیگر ضروری امور سے واقف کروائیں گے ۔ علماء کرام فضائل و مناسک حج و عمرہ اور آداب زیارت مسجد نبویؐ کے علاوہ احرام کے طریقہ اور شرائط پر روشنی ڈالیں گے ۔ خواتین کے لیے پردہ کا اہتمام رہے گا ۔۔

سنی مرکز میں مرکزی اجتماع
حیدرآباد ۔ 9 ۔ جولائی : ( راست ) : تحریک اسلامی کے زیر اہتمام ہفتہ واری مرکزی اجتماع 10 جولائی کو بعد نماز عصر تا مغرب زیر قیادت مولانا محمد آصف بلال قادری سنی مرکز مسجد گل بانو نامپلی میں منعقد ہوگا ۔ قرات و نعت شریف کے بعد مولانا محمد فاروق قادری کا فیضان رمضان کے عنوان پر خطاب ہوگا ۔۔

عبدالرحیم قریشی کا ماہ رمضان کی
فضیلت پر خطاب
حیدرآباد ۔ 9 ۔ جولائی : ( پریس نوٹ ) : جامع مسجد بہلول خاں گوڑہ سنجیوا ریڈی نگر کے صدر جناب محمد نصیر الدین قادری کے بموجب 11 جولائی کو ایک بجے دن میں مسجد ہذا میں جناب محمد عبدالرحیم قریشی جنرل سکریٹری آل انڈیا پرسنل لا بورڈ صدر تعمیر ملت و صدر یونائٹیڈ مسلم فورم کا ماہ رمضان المبارک کی فضیلت پر مخاطب کریں گے ۔ نماز جمعہ 2 بجے ہوگی ۔۔

جلسہ فضائل رمضان المبارک و
جشن نزول قرآن مجید
حیدرآباد ۔ 9 ۔ جولائی : ( راست ) : اسلامک ہسٹری ریسرچ کونسل انڈیا ( آئی ہرک ) کے زیر اہتمام یکم تا اختتام ماہ صیام ’فضائل رمضان المبارک و جشن نزول قرآن مجید ‘ سے معنون اٹھارویں سالانہ حضرت تاج العرفاء یادگار خطابات کے سلسلہ میں 11 رمضان جامع مسجد عنبر پیٹ بعد نماز ظہر اور بعد نماز عصر بمقام حمیدیہ واقع شرفی چمن سبزی منڈی میں ڈاکٹر سید محمد حمید الدین شرفی ڈائرکٹر آئی ہرک سعادت خطاب حاصل کریں گے ۔۔

مجلس ولادت حضرت فقیر پاشاہ قبلہؒ
حیدرآباد ۔ 9 ۔ جولائی : ( راست ) : مجلس ولادت قطب دکن حضرت سید شاہ محمد باقر حسین المعروف بہ حضرت فقیر پاشاہ فرزند اصغر قطب الاقطاب حضرت خواجہ محبوب اللہ ؒ زیر نگرانی حضرت سید شاہ حیدر علی حسینی القادری حضرت حیدر پاشاہ 10 جولائی ایوان طریقت اندرون آستانہ حضرت خواجہ محبوب اللہ قاضی پورہ میں مقرر ہے ۔ عصر تا افطار محفل سماع منعقد ہوگا ۔۔

محفل فیضان قدیرؒ
حیدرآباد ۔ 9 ۔ جولائی : ( راست ) : محفل فیضان قدیرؒ 11 جولائی جمعہ خانقاہ قدیریہ جل پلی گیٹ پہاڑی شریف روڈ میں مقرر ہے ۔ پروگرام کے مطابق بعد نماز جمعہ تا قبل مغرب جس میں فاتحہ خوانی شجرہ خوانی اور محفل سماع ہوگا ۔ مولانا خواجہ سید ابوتراب شاہ قادری چشتی نگرانی کریں گے ۔۔