مذہبی خبریں

قرآن مجید کا مقصد صراط مستقیم کی جانب رہنمائی
جماعت اسلامی ہند چارمینار کا جلسہ استقبال رمضان ، جناب شہزاد ناصر کا خطاب
حیدرآباد ۔ 18 ۔ جون : ( فیاکس ) : سورہ عصر میں اللہ تعالیٰ نے انسان پر انفرادی اور اجتماعی فرائض اور جن چیزوں پر اس کی فلاح کا انحصار ہے اس کو بیان کیا ہے ۔ قرآن مجید کا مقصد ہی یہی ہے کہ انسان کو صراط مستقیم کی طرف رہنمائی کی جائے ۔جس پر چل کر انسان رب کائنات کی رضا و خوشنودی حاصل کرسکے اور آخرت کے نقصان سے بچ سکے ۔ ان خیالات کا اظہار جناب یوسف علی خاں معاون امیر مقامی نے جماعت اسلامی ہند چارمینار کے زیر اہتمام اسلامک سنٹر چھتہ بازار میں منعقدہ اجتماع کے دوران درس القرآن دیتے ہوئے کیا ۔ انہوں نے کہا کہ سورہ عصر میں بتادیا گیا ہے کہ ساری انسانیت خسارے میں ہے سوائے ان لوگوں کے جن میں یہ چار صفت ہو ، ’ ایمان ، عمل صالح ، حق کی نصیحت اور صبر کی تلقین ‘ ۔ اس سورہ میں زمانے کی قسم سے وقت کی تیز رفتاری کی طرف اشارہ ہے کہ اگر تم نے اس کو ضائع کردیا تو خسارہ ہے ، خسارہ سے بچنے کے لیے مذکورہ چار صفات ضروری اور لازم و ملزوم ہیں ۔ یہ صفات جن افراد یا جن اقوام کے اندر ہوگی وہ خسارہ سے بچ جائیں گے ۔ جناب شہزاد ناصر رکن جماعت نے ’ استقبال رمضان ‘ کے عنوان پر خطاب کرتے ہوئے کہا کہ سورہ بقرہ کی آیتوں میں بتایا گیا ہے ’ رمضان وہ مہینہ ہے جس میں قرآن کو نازل کیا گیا ، جو ہدایت ہے لوگوں کے لیے ، جس میں واضح نشانیاں ہیں اور وہ حق و باطل کو فرق کرنے والی ہے ، تم میں سے جو کوئی اس ماہ کو پائے اس کو چاہئے کہ وہ روزہ رکھے ‘ ۔ سحر و افطار اور دوسری چیزوں کا احترام کرتے رہیں ، غیبت اور دوسری برائیوں سے اپنے آپ کو بچائیں ، چونکہ رمضان کی افضلیت قرآن سے ہے لہذا ہم اس بات کا جائزہ لیں کہ قرآن سے ہمارا تعلق کتنا مضبوط ہے ۔ استقبال رمضان قرآن سے تعلق کو مضبوط کرتے ہوئے کریں ، رمضان میں بچوں کے ساتھ 10 منٹ ہی سہی ، چند آیتیں ترجمہ کے ساتھ پڑھیں اور قرآن کو سمجھنے کی کوشش کریں ۔ اس بات کو ذہن میں رکھیں کہ یہ کتاب ایک انقلابی کتاب ہے قرآن کو نافذ و جاری کرنے کے لیے اٹھنا پڑے گا اور جدوجہد کرنا پڑے گا ۔۔

رمضان المبارک تزکیہ نفس کا مہینہ
مولانا محمد عثمان نقشبندی اور ضیا عرفان حسامی کا خطاب
حیدرآباد ۔ 18 ۔ جون : ( راست ) : سلویٰ ایجوکیشنل سوسائٹی کے زیر اہتمام سلیم بھائی کامپلکس ریڈہلز نامپلی میں جلسہ استقبال رمضان المبارک و طرحی غیر طرحی نعتیہ مشاعرہ زیر نگرانی مولانا محمد عثمان نقشبندی امام مکہ مسجد چارمینار منعقد ہوا ۔ مولانا شمس الزماں نے قرات سنائی ۔ جناب محمد ضیا عرفان قادری داعی محفل نے اپنی خیر مقدمی تقریر میں کہا کہ رمضان المبارک کے استقبال کا مقصد یہ نہیں کہ ہم مہینہ بھر کا راشن اور اشیائے ضروریہ کا ذخیرہ کریں ۔ مزیدار پکوان کی فہرست بنائیں ۔ ہوٹلوں کا انتخاب کریں بلکہ رمضان المبارک کی آمد کا مقصد یہ ہے کہ ہم روزانہ بارگاہ رب العزت میں ندامت کے آنسو بہا کر رو رو کر گڑگڑا کر آئندہ گناہ نہ کرنے کا عہد کریں ، توبہ و استغفار میں ایک ایک لمحہ عبادت میں گزاریں ۔ روزانہ درود شریف اور قرآن مجید کی تلاوت کے لیے خود کو تیار کرلیں ۔ سحری کو جب بھی اٹھیں کم سے کم دو رکعت نفل ادا کریں اور زیادہ وقت ہو تو زیادہ نوافل ادا کریں کیوں کہ بندہ نوافل کی کثرت سے خدا کے قریب ہوجاتا ہے ۔ رمضان کا مہینہ قبولیت دعا کا مہینہ ہے ۔ خصوصا افطار کے وقت روزہ دار کی دعا قبول ہوتی ہے ۔۔

عرس شریف حضرت سیدنا بابا شرف الدینؒ،آج محفل چراغاں
حیدرآباد ۔ 18 ۔ جون : ( راست ) : حضرت سیدنا بابا شرف الدین صاحب قبلہ سہروردیؒ واقع پہاڑی شریف کے سلسلہ عرس شریف تقاریب میں 19 جون کو محفل چراغاں کا انعقاد عمل میں آئے گا ۔ 18 جون کو بعد نماز عشاء پنجہ شاہ ولایت نظامس ٹرسٹ کی جانب سے قدیم سرکاری جلوس صندل مبارک صرفخاص سے برآمد ہو کر چندرائن گٹہ شاہین نگر سے ہوتا ہوا جامع مسجد پہاڑی شریف قبل نماز فجر پہنچا ۔ 20 شعبان قبل نماز مغرب محفل چراغاں منعقد ہوگی ۔ پیرزادہ سید فرید الدین سہروردیؒ ، پیرزادہ سید شمس الدین سہروردی ، پیرزادہ سید سلیم علی ، پیر زاہد سید احمد علی ، پیرزادہ سید اشرف علی ، پیرزادہ سید ذوالفقار علی ، پیرزادہ سید مقبول حسین ، پیرزادہ سید نصیر پاشاہ ، پیرزادہ حافظ سید محی الدین ، خادم پیرزادہ سید علیم الدین جہانگیر پاشاہ و جمیع پیرزادگان مجلس تولیت کمیٹی کی جانب سے بارگاہ عالیہ میں چراغاں روشن کرنے کی رسم ادا کریں گے ۔ 21 جون کو محفل قل بعدنماز فجر تلاوت قرآن خوانی و قصیدہ بردہ شریف ہوگا ۔ ٹھیک 11 بجے دن جمیع پیرزادگان مجلس تولیت کمیٹی کی نگرانی میں غسل شریف ( یعنی قل کی محفل ) کی رسم انجام دی جائیں گی ۔ سلام بحضور خیرالانامؐ میں گذرانا جائے گا ۔ مجلس کا اختتام پیرزادہ قاری سید فرید الدین سہروردی گدی نشین آستانہ عالیہ امام و خطیب بارگاہ کی دعا پر ہوگا ۔۔

مفتی اعظم فلسطین کے ہاتھوں آج مدرسہ رحمت العلوم کی عمارت کا افتتاح
حیدرآباد /18 جون ( پریس نوٹ ) قاری محمد محبوب کی اطلاع کے بموجب مدرسہ رحمت العلوم کی نئی عمارت واقع محلہ حسینی نگر نزد مسجد کلاں قلعہ گولکنڈہ کا افتتاح 19 جون کو بعد نماز مغرب مفتی اعظم فلسطین فضیلت الشیخ محمد اے ایم حسین امام و خطیب مسجد اقصیٰ بیت المقدس کے دستِ مبارک سے ہوگا ۔ واضح ہوکہ حضرت مفتی اعظم جناب سید وقارالدین قادری صدرنشین انڈو عرب لیگ و چیف ایڈیٹر روزنامہ رہنمائے دکن کی خصوصی دعوت پر تشریف لائے ہیں ۔ حضرت سید نور علی شاہ قادری عرف حضرت حیدر پاشاہ کی سرپرستی میں یہ محفل منعقد ہوگی ۔ محفل کا آغاز کمسن قاری سید نور محمد شاہ قادری کی قرات کلام پاک کمسن قاری غلام محمد عامری کی نعت شریف سے ہوگا ۔ مولانا سیف متین علی شاہ قادری ناظم اعلی مدرسہ رحمت العلوم خیرمقدم کریں گے ۔جناب سید وقارالدین قادری صدرنشین انڈو عرب لیگ مہمان مفتی اعظم فلسطین کا تعارف کرائیں گے ۔ جبکہ مولانا سید شاہ ظہیرالدین علی صوفی قادری سجادہ نشین درگاہ حضرت صوفی اعظم قطب دکنؒ مولانا پیر سید شبیر نقشبندی محرک عالمی قرآنی و روحانی مہم جناب کوثر محی الدین رکن اسمبلی حلقہ کاروان جناب غلام محی الدین خان پاشاہ بھائی مہمان خصوصی ہوں گے ۔ عامتہ المسلمین سے شرکت کی خواہش کی گئی ہے ۔

مدرسہ دینیہ اقبال العلوم کا جلسہ استقبال رمضان و دستاربندی حفاظ کرام
حیدرآباد /18 جون ( راست ) جناب معتمد خلیل الرحمن مدرسہ ہذا کی اطلاع کے بموجب 22 جون کو 11 بجے صبح مسجد یسین مدرسہ دینیہ اقبال العلوم معہ دارالاقامہ متصل سن سٹی پی اینڈ ٹی کالونی حمایت ساگر روڈ ضلع رنگاریڈی زیر صدارت مولانا سید حبیب احمد قاسمی ناظم مدرسہ مشکوۃ العلوم ٹولی چوکی مقرر ہے ۔ جس میں مولانا حافظ محمد موسیٰ خان ندوی استاد دارالعلوم رحمانیہ مولانا محمد زاہد علی رشیدی خطیب مسجد قطب شاہی گڈی ملکاپور جناب میر محتشم علی خان ، جناب احمد بشیرالدین فاروقی ، حافظ محمد صابر پاشاہ ، الحاج خلیل الرحمن ڈاکٹر رفیق شرکت کریں گے ۔ نعت شریف جناب سید شاہنواز ہاشمی اور ایم ایس فاروقی پیش کریں گے ۔ حافظ و مولانا عبدالقادر قاسمی صدر مدرس مدرسہ ہذا کے شکریہ پر جلسہ کا اختتام عمل میں آئے گا ۔ مدرسہ ہذا کے طلباء کا تعلیمی مظاہرہ ہوگا ۔ اس موقع پر 2 حفاظ کرام کی دستاربندی کی جائے گی ۔

جماعت اسلامی ہند شہر حیدرآباد کا اجتماع عام
حیدرآباد /18 جون ( راست ) جماعت اسلامی ہند شہر حیدرآباد کا سہ ماہی اجتماع عام انشاء اللہ بروز اتوار 22 جون کو صبح 11 بجے دن نمائش میدان نامپلی میں منعقد ہوگا ۔ تلاوت و ترجمانی حافظ و قاری مبین الدین کریں گے ۔ اس کے بعد ایک ترانہ ہوگا جسے برادر سراج اور ان کے ساتھی پیش کریں گے ۔ افتتاحی کلمات حافظ محمد رشادالدین سٹی سکریٹری جماعت اسلامی ہند ،شہر حیدرآباد کے ہوں گے ۔ جناب عبدالرقیب حامد لطیفی کا بعنوان ’’ استقبال رمضان المبارک ‘‘ پر خطاب ہوگا ۔ جناب حامد محمد خان صدر ایم پی جے کا بعنوان ’’ ملک کی صورتحال اور امت مسلمہ کی ذمہ داریاں ‘‘ پر خطاب ہوگا ۔ صدارتی خطاب خواجہ عارف الدین امیر حلقہ جماعت اسلامی ہند ، حلقہ آندھراپردیش و اڑیسہ کریں گے ۔ حافظ عبدالعزیز ناظم اجتماع نے مرد و خواتین سے شرکت کی اپیل کی ہے ۔ مزید تفصیلات کیلئے سیل نمبر 9050619641 پر ربط کریں ۔

حرمین شریفین عربی اسلامی ماڈل یونیورسٹی کا تعارفی کنونشن
حیدرآباد /18 جون ( پریس نوٹ ) پروفیسر مولانا سید جہانگیر بانی و صدر جامعہ مجلس استقبالیہ اور جناب سید واجد علی کامل ایڈوکیٹ نابئین صدور معتمد مجلس استقبالیہ جناب منصور سعدی کی اطلاع کے بموجب جامعہ نے جو اپنے کورسیس کا سلسلہ جاری رکھا ہے ۔ عامتہ الناس کے سامنے کورس کی اہمیت اور احادیث سے واقفیت کے سلسلہ میں 22 جون کو صبح 9 بجے سے جامعہ کا دوسرا سالانہ جلسہ اندرا پریہ درشنی میں منعقد ہوگا ۔ جس میں نہ صرف حیدرآباد بلکہ ملک کی دیگر ریاستوں جیسے ٹامل ناڈو اور بنگلور کے علاوہ سعودی عرب اور کویت کے بین الاقوامی شہرت یافتہ علماء کرام شرکت کریں گے ۔ اس کنونشن کے مہمان خصوصی تلنگانہ اسٹیٹ کے ڈپٹی چیف منسٹر وزیر مال جناب محمود علی ہوں گے جبکہ صدارت مفتی خلیل احمد شیخ جامعہ نظامیہ کریں گے ۔

مجلس اشاعت السنہ کے زیر اہتمام
نماز تراویح کے لیے حفاظ کا نظم
حیدرآباد ۔ 18 ۔ جون : ( راست ) : مولانا حافظ عبدالمجید حسامی ناظم مرکز العلوم و نائب ناظم مجلس اشاعت السنہ آندھرا پردیش کے بموجب ہر سال کی طرح اس سال بھی ماہ رمضان میں تراویح کے لیے مجلس اشاعت السنہ آندھرا پردیش کی جانب سے جید حفاظ کا انتظام کیا جاتا ہے ۔ مساجد کمیٹی کے منتظمین سے خواہش کی جاتی ہے کہ اپنی اپنی مساجد میں اگر حفاظ کی ضرورت ہو تو برائے کرم مولانا حافظ محمد ذکی الدین راہی حسامی سے 9849203849 پر ربط کریں ۔ شادی خانوں میں تراویح کا اہتمام کرنے والے چھ شبی ، سہ شبی اور پنج شبی شبینہ ، سہ شبی شبینہ اور دہے والے حضرات بھی ربط کرسکتے ہیں ۔ نماز تراویح کے خواہش مند حفاظ بھی تفصیلات کیلئے 9441855578 ۔ 9849203849 پر ربط کریں ۔ حفاظ کرام کا بذریعہ انٹرویو تقرر عمل میں آئے گا ۔ صبح 9 تا1 بجے دن دفتر مجلس اشاعت السنہ مادنا پیٹ داراب جنگ کالونی پر ملاقات کرسکتے ہیں ۔۔

جلسہ عظمت سیدنا امام اعظم ابوحنیفہؓ
حیدرآباد ۔ 18 ۔ جون : ( راست ) : کل ہند مرکزی مجلس اہل سنت و جماعت کے زیر اہتمام جلسہ عظمت سیدنا امام اعظم ابوحنیفہؓ 19 جون کو بعد نماز عشاء بمقام مسجد حضرت مدنی شاہؒ ، آسمان گڑھ زیر صدارت مولانا سید شجاعت علی سراج قادری صدر منعقد ہوگا ۔ حافظ محمد نظیر کی قرات کلام پاک ، جناب ابوبکر بن محمد کی نعت شریف کے بعد مولانا حافظ محمد کفیل احمد قادری ، مولانا سید حامد الحسن کلیمی علی پاشاہ قادری ، جناب نوید بیابانی اور صدر کے خطابات ہوں گے ۔۔

حمیدیہ میں آج دوسری محفل
استقبال رمضان المبارک
حیدرآباد ۔ 18 ۔ جون : ( پریس نوٹ ) : اسلامک ہسٹری ریسرچ کونسل انڈیا ( آئی ہرک ) اور مجلس انتظامی درگاہ حضرت تاج العرفاءؒ کے زیر اہتمام 20 شعبان صبح 8 بجے تا 9-30 بجے بمقام حمیدیہ واقع شرفی چمن سبزی منڈی قدیم میں جاری سات روزہ محافل استقبال رمضان المبارک کے سلسلے کی دوسری محفل منعقد ہوگی ۔ جس کی نگرانی ڈاکٹر سید محمد حمید الدین شرفی ڈائرکٹر آئی ہرک و سجادہ نشین درگاہ تاج العرفاء کریں گے ۔ 19 تا 25 شعبان المعظم جاری محافل استقبال رمضان مبارک میں فضائل رمضان ’ فریضہ صوم ، سحر و افطار ‘ تراویح ، اعتکاف ، تہجد ، صدقات واجبہ و نافلہ ، زکواۃ ، انفاق ، خیرات ، طاق راتیں ، نزول قرآن مجید ، شب قدر اور عبادات ماہ صیام کے موضوعات پر سلسلہ وار خطابات ہوں گے ۔۔

شعبہ خواتین جماعت اسلامی چارمینار کا تربیتی اجتماع
حیدرآباد /18 جون ( راست ) شعبہ خواتین جماعت اسلامی ہند چارمینار کا تربیتی اجتماع 19 جون بروز جمعرات کو 2.30 بجے دن چھتہ بازار اسلامک سنٹر آفس زیر نگرانی محترمہ وحیدہ فاضل مقرر ہے ۔ ارکان ، کارکنان ، متفقین سے خواہش کی گئی ہے کہ وقت کی پابندی کرتے ہوئے اجتماع میں شرکت کریں۔

جلسہ استقبال رمضان المبارک
حیدرآباد ۔ 18 ۔ جون : ( راست ) : مولانا سید عباد بن ذکی القاسمی کی اطلاع کے بموجب 19 جون جمعرات بعد نماز ظہر مسجد صراط مستقیم آزاد نگر عنبر پیٹ میں استقبال رمضان کے عنوان پر مولانا خواجہ نذیر الدین سبیلی ناظم جامعہ عائشہ نسواں کا خطاب ہوگا ۔ صدارت مولانا محمد زکریا فہد قاسمی کریں گے ۔ جلسہ کا آغاز حافظ محمد اسماعیل شریف کی تلاوت قرآن مجید سے ہوگا ۔ جلسہ کی کارروائی مفتی محمد عرفان قاسمی چلائیں گے ۔ خواتین کے لیے علحدہ پردہ کا نظم رہے گا ۔۔

تنظیم بنت حرم کا جلسہ استقبال رمضان
حیدرآباد ۔ 18 ۔ جون : ( راست ) : تنظیم بنت حرم کی جانب سے جلسہ استقبال رمضان برائے خواتین و طالبات 22 جون کو صبح 10 تا 2 بجے دن مدرسہ بنات الحرم اندرون مکہ مسجد چارمینار زیر نگرانی محترمہ صبیحہ صدیقی صدر تنظیم بنت حرم و رکن آل انڈیا مسلم پرسنل لا بورڈ مقرر ہے ۔ جلسہ کا آغاز محترمہ نعیم النساء فاروقی کی قرات کلام پاک سے ہوگا اور محترمہ سیدہ عقیلہ خاموشی نائب صدر تنظیم بنت حرم و رکن آل انڈیا مسلم پرسنل لا بورڈ ، محترمہ رحمت النساء فاروقی صدر معلمہ مدرسہ بنات الحرم ، محترمہ عزیزہ محبوب معتمد عمومی تنظیم بنت حرم خواتین کو مخاطب کریں گی ۔ خواتین و طالبات سے وقت کی پابندی کے ساتھ شرکت کی خواہش کی جاتی ہے ۔ تفصیلات کے لیے سیدہ زینت سلطانہ شریک معتمد تنظیم بنت حرم سے 9618254762 پر ربط کریں ۔۔