مذہبی خبریں

جلسہ شب برأت
حیدرآباد۔/11جون، ( راست ) مسجد قطب شاہی ممتاز منشن متصل مکرم جاہ ہاسپٹل روبرو رائل کورٹ فنکشن ہال لکڑی کا پُل میں جلسہ شب برأت 14شعبان المعظم مطابق 13جون بروز جمعہ بعد نماز عشاء مقرر ہے۔ نماز عشاء 8:45بجے ہوگی۔قرأت کلام پاک اور نعت شریف کے بعد حضرت مولانا ڈاکٹر سید حمید الدین شرفی قادری ڈائرکٹر آئی ہرک کا خصوصی خطاب ہوگا۔ سلام بحضور خیرالانامؐ اور دعاء پر جلسہ کا اختتام ہوگا۔

حج و عمرہ تربیتی کلاسیس اور
سیرت نبویؐ کورس
حیدرآباد ۔ 11 ۔ جون : ( راست ) : جناب سید شرف الدین صدر لبیک ایجوکیشنل و ویلفیر سوسائٹی حیدرآباد کے بموجب عازمین حج و عمرہ کی دینی تربیت و عملی رہنمائی کے لیے حج و عمرہ تربیتی کلاسیس صبح 11 تا 12 بجے دن اور عام مسلمانوں میں سیرت نبوی سے واقفیت کے لیے سیرت النبیؐ کلاسیس صبح 10 تا 11 بجے دن انسٹی ٹیوٹ آف عربک مہدی پٹنم میں مولانا مفتی سید آصف الدین ندوی قاسمی جنرل سکریٹری سوسائٹی کی نگرانی میں ہورہے ہیں ۔ جو 19 جون تک جاری رہیں گی ۔ تفصیلات کے لیے 9290164227 پر ربط کریں ۔۔

سیرت نبویؐ کو جاننا محبت رسولؐ کے تقاضے
سیرت النبیؐ کورس سے مفتی سید آصف الدین ندوی قاسمی کا خطاب
حیدرآباد ۔ 11 ۔ جون : ( راست ) : رسول اللہ ﷺ کے وصال سے پہلے کے حالات میں ہے کہ مدینہ منورہ کے انصاری صحابہ رسول ﷺ کی علالت سے بڑے فکر مند تھے اور نہ صرف فکر مند تھے بلکہ انتقال سے کئی دن پہلے سے آپ مسجد نبویؐ آنا اور امامت کرنا بند کردیا تھا ۔ آپ کے حکم پر حضرت ابوبکر امامت فرما رہے تھے ان دنوں میں انصاری صحابہ اپنے گھروں میں بیٹھے رو رہے تھے ۔ رسول اللہ ﷺ کے احسانات کو یاد کر کے وہ غمگین تھے ، رسول اللہ ﷺ کو انصار مدینہ کی اس حالت و کیفیت کے بارے میں اطلاع دی گئی ۔ اس موقع پر رسول اللہ ﷺ نے جو خطبہ ارشاد فرمایا وہ محبت رسول اور اس کے اثرات و ثمرات کو بتلاتا ہے کہ فرمایا ! میں انصار کے معاملہ میں تم کو وصیت کرتا ہوں ۔ عام مسلمان بڑھتے جائیں گے لیکن انصار اس طرح کم ہو کر رہ جائیں گے جیسے کھانے میں نمک ۔ وہ اپنی طرف سے اپنا فرض ادا کرچکے اب تمہیں ان کا فرض ادا کرنا ہے ۔ ان خیالات کا اظہار مولانا مفتی سید آصف الدین ندوی قاسمی بانی انسٹی ٹیوٹ آف عربک مہدی پٹنم نے دس روزہ سیرت النبیؐ کے کورس میں کیا ۔۔

مکہ مسجد میں کل جلسہ شب برات
حیدرآباد ۔ 11 ۔ جون : ( پریس نوٹ ) : انچارج مہتمم مکہ مسجد محمد عبدالمنان کی اطلاع کے بموجب تاریخی مکہ مسجد میں 14 شعبان م 13 جون بروز جمعہ بعد نماز عشاء زیر نگرانی مولانا حافظ قاری محمد عثمان نقشبندی امام مکہ مسجد جلسہ شب برات مقرر ہے ۔ سورہ یسین شریف کی تین مرتبہ تلاوت کی جائے گی ۔ اور مولانا فضائل شب برات بیان کریں گے ۔ جلسہ کا آغاز حافظ شیخ محمد علی موذن مکہ مسجد کی قرات کلام پاک سے ہوگا ۔ نماز عشاء 9 بجے ادا کی جائے گی ۔۔

عرس شریف
حیدرآباد ۔ 11 ۔ جون : ( راست ) : درگاہ حضرت جلال صاحب المعروف سید مخدوم حسینیؒ کا عرس مبارک جھرہ ٹپہ چبوترہ آصف نگر 12 جون بعد نماز مغرب بصدارت جناب سید مشتاق احمد معتمد محمد عبدالقدیر و اراکین مقرر ہے ۔ صندل مبارک صدر و اراکین مجلس انتظامی کی نگرانی میں سابقہ صدر مرحوم عبدالرحمن کے مکان سے نکل کر براہ سرور نگر کشن نگر سے ہو کر ہری درگاہ جل جلال صاحبؒ پہنچے گا ۔۔

تعمیر مسجد کے لیے تعاون کی اپیل
حیدرآباد ۔ 11 ۔ جون : ( راست ) : مدینہ مسجد بانو نگر کی ایک وسیع مسجد ہے جہاں مصلیوں کی کثرت رہتی ہے ۔ موسم گرما میں اکثر لائیٹ فیل ہوجاتی ہے اور اب ماہ رمضان آرہا ہے لائیٹ کے فیل ہونے سے مصلیوں کی نماز میں خشوع و خضوع برقرار نہیں رہ پاتا ۔ ایک صاحب خیر نے انوینٹر دلوایا تھا اب اس کی بیاٹری ناکارہ ہوچکی ہے نئے انوینٹر کی بیاٹری کے لیے 14 ہزار روپئے درکار ہیں ۔ صاحب خیر اصحاب اس رقم کا یا بیاٹری کا اپنے طور پر بندوبست کر کے مسجد کی اس ضرورت کی تکمیل کرسکتے ہیں ۔ ثواب جاریہ کے خواہاں حضرات صدر انتظامی کمیٹی جناب الحاج سید مبارک سے فون نمبر 9391103074 پر یا مسجد ہذا پر عصر و مغرب کے درمیان تشریف لاکر معائنہ کرسکتے ہیں ۔۔

محفل فیضان قدیرؒ
حیدرآباد ۔ 11 ۔ جون : ( راست ) : محفل فیضان قدیرؒ 13 شعبان بروزجمعرات بعد عشاء خانقاہ قدیریہ جل پلی گیٹ پہاڑی شریف روڈ میں مقرر ہے ۔ جس میں فاتحہ خوانی ، شجرہ خوانی اور محفل سماع ہوگا ۔ مولانا خواجہ سید ابوتراب شاہ قادری چشتی نگرانی کرینگے ۔۔

نماز تراویح و تہجد کے لیے
حفاظ کے خدمات
حیدرآباد ۔ 11 ۔ جون : ( پریس نوٹ ) : مولانا مفتی محمد شفیق احمد نقشبندی نائب صدر کل ہند بزم انوار اللہ کے اطلاع کے بموجب ماہ رمضان المبارک کی آمد پر کل ہند بزم انوار اللہ کے زیر اہتمام نماز تراویح و تہجد میں حفاظ کرام کے انتظامات کا سلسلہ شروع ہوچکا ہے ۔ ماہ رمضان المبارک میں تراویح کے لیے حفاظ کرام کے خواہش مند حضرات و مساجد کے ذمہ دار صدر دفتر مسجد مسکین فتح دروازہ ، مصری گنج صدر کل ہند بزم انوار اللہ مولانا عبدالوہاب قادری معتمد مولانا ڈاکٹر عماد الدین انور سے بالمشافہ یا فون نمبرات 9391244063 ۔ 9849439081 ۔ 9848984929 پر ربط کریں ۔۔

بارکس صلالہ کتہ پیٹ گرین سٹی میں
آج مسجد کا افتتاح
حیدرآباد ۔ 11 ۔ جون : ( راست ) : اصحاب خیر حضرات کے تعاون سے 850 گز اراضی مسجد کے لیے خریدی جارہی ہے مزید 6 لاکھ روپئے کی ضرورت ہے ۔ پختہ تعمیر نہ ہونے کی وجہ سے عارضی شیڈ ڈال دیا گیا ہے تاکہ رمضان المبارک سے قبل نماز کا آغاز ہو اور مصلیان محلہ کو سہولت ہو ۔ اس لیے 12 جون مغرب کی نماز سے مسجد کا افتتاح ہوگا ۔ نماز مغرب مولانا مفتی سید صادق محی الدین فہیم پڑھائیں گے ۔۔

شیخ اسعد اعظمی کو رابطہ عالم اسلامی مکہ مکرمہ کی رکنیت کا اعزاز
حیدرآباد /11 جون ( راست ) شریف محمد بن غالب الیمانی الاشراف صدر جامعتہ المفلحات کوتہ پیٹ بارکس کی اطلاع کے بموجب اسلامی اسکالرس جامعہ سلفیہ بنارس کے استاذ اور عربی مجلہ صوت الامہ بنارس کے چیف ایڈیٹر شیخ اسعد اعظمی کو اسلامی دنیا کی معروف عالمی تنظیم رابطہ عالم اسلامی مکہ مکرمہ کارکن نامزد کیا گیا ہے ۔ اس حسن انتخاب پر مملکت سعودی عرب اور رابطہ عالم اسلامی کے جنرل سکریٹری دکتور عبداللہ عبدالمحسن کی بجاطور پر شکریہ و مبارکبادی کے مستحق ہیں ۔ شیخ اسعد اعظمی تعلیم و تدریس ، تصنیف و تالیف کے علاوہ خطابت سے بھی اصلاح معاشرہ کی خدمت انجام دیتے رہتے ہیں ۔

جمعیتہ فارغات جامعہ المفلحات حیدرآباد کا قیام
حیدرآباد /11 جون ( راست ) تلنگانہ و آندھراپردیش و دیگر صوبے کی سینکڑوں طالبات جامعتہ المفلحات سے شعبہ حفظ ، عالمیت و فضیلت اور معہد تدریب المعلمات والد اعیات سے فراغت حاصل کرکے اسناد حاصل کرچکی ہیں اور ملک و بیرون ملک میں دعوتی و تدریسی خدمات حتی الامکان انجام دے رہی ہیں ۔ جامعہ سے فارغ شدہ اور استفادہ کرنے والی طالبات کے باہمی تعارف اور علمی تعاون کیلئے اس اسوسی ایشن ( جمعیت ) کا قیام عمل میں آچکا ہے ۔ جس کیلئے رکنیت سازی کا کام شروع ہوچکا ہے ۔ لہذا فارغات و مستفیدات جامعہ رکنیت اور مزید معلومات کیلئے ( کنوینر جمعیت فارغات ) 9390966086 اور 9247025600 پر ربط کریں ۔