مذہبی خبریں

ہر قدم اسلام اور اس کی تعلیم و تربیت کا لحاظ رکھنے پر زور
مدرسہ عزیز العلوم میں اجلاس و دستاربندی ، مولانا جمال الرحمن کا خطاب
حیدرآباد /4 جون ( راست ) مدرسہ عزیز العلوم ضیاء گوڑہ کا جلسہ دستاربندی زیر صدارت مولانا شاہ جمال الرحمن مفتاحی 30 مئی کو بعد مغرب منعقد ہوا ۔ جلسہ کا آغاز علیم الرحمن کی تلاوت کلام پاک سے ہوا اور حضور اقد ﷺ کی خدمت میں نذرانہ عقیدت محمد عبدالرحمن نے پیش کیا ۔ اس کے بعد طلبہ مدرسہ کا تقریری پروگرام شروع ہوا ۔ طلبہ نے اپنی پوری محنت اور سال بھر کی کوششوں کا نچوڑ پیش کیا اور مختلف عنوانات پر اپنے اپنے خیالات کا اظہار کیا ۔ ابتداء میں حافظ محمد شہباز نے ’’ موت‘‘ کے عنوان پر سیر حاصل بیان کیا ۔ بعد ازاں محمد عارف الدین صحابہ کرام کی پاک باز جماعت کی مدح توصیف کرتے ہوئے عظمت صحابہ کے عنوان پر پیش قیمت خطاب کیا ۔ دریں اثناء مدرسہ عزیز العلوم کے بانی و ناظم حافظ محمد رفیق حسامی نے طلبہ کو نصیحت کرتے ہوئے کہا کہ ہر مسلمان پر اسلام نے علم و اخلاق اور تعلیم و تربیت کے لحاظ ذمہ داری لازم کی ہے ۔ مگر طالب علم اور حافظ قرآن کی ذمہ داری بڑھ جاتی ہے اور انہیں قرآن کی دولت ملنے کے بعد ہر قدم پر اسلام اور اس کی تعلیم و تربیت کا لحاظ رکھنا ضروری ہے ۔ حافظ قرآن کا مقام و مرتبہ عام لوگوں سے بڑھ کر ہے۔ انہوں نے کہا کہ قرآن نے ہم کو یہ مقام عنایتکیا ہے تو ہم سے یہ مطالبہ بھی کرتے ہیںکہ ہم کوئی ایسی حرکت نہ کریں جس سے خدا ناراض ہو ۔ ہمیں ہر وقت خدا کو راضی کرنے کی نگرانی چاہئے ۔ ہمارے ظاہر و باطن سے اسلام اور اسلامی اوصاف نمایاں اور ظاہر ہونا چاہئے یہی ہماری کامیابی اور یہی ہماری منزل ہے ۔ آخر میں حضرت شاہ نے خوش نصیب طلبہ کی تکمیل قران کرائی اور ان کے سروں پر دستار فضیلت باندھی اور دین پر عمل کرنے کی تلقین کی ۔ حضرت نے فرمایا کہ حضور ﷺ نے نے فرمایا ’’ تم میں سے سب سے بہتر وہ ہے جو قرآن کریم سیکھے اور دوسروں کو سکھائے ‘‘ ۔ الحمدللہ آج مدرسہ عزیز العلوم کے دو طالب علم نے قرآن کا حفظ مکمل ہوگیا ہے ۔ اس مدرسہ کے ناظم اساتذہ اور تمام معاونین قابل مبارک باد ہیں۔ اس اجلاس کی نظامت کے فرائض ناظم مدرسہ حافظ رفیق نے انجام دی اور حضرت شاہ کی دعاء پر جلسہ کا اختتام عمل میں آیا ۔

عرس شریف
حیدرآباد۔ 4 جون (راست) افضل العرفاء جگر گوشہ غوث الثقلین حضور سیدنا رفیع الدین احمد بغدادی غریب نوازؒ کا عرس شریف گار کی ٹیکری ،گنبدانِ قطب شاہی شیخ پیٹ میں 5 جون کو بعد نماز عشاء غسل شریف و تناولِ طعام ، محفل منقبتی مشاعرہ سے شروع ہوگا ۔ 6 جون بروز جمعہ بعد نماز ِ عصر جلوس صندلِ مالی بستی شیخ پیٹ سے برآمد ہو کر جو درگاہ حضرت ممدوح پہنچے گا۔ بعد نمازِ مغرب صندلِ مالی کے اُمور کی انجام دہی عمل میں آئے گی۔ بعدازاں حضرت الحاج سید درویش محی الدین قادری مرتضی مہر پاشاہ جانشین حضرت مرشد ؒ کی نگرانی میں محفل سماع منعقد ہوگی۔ غسل شریف و صندل مالی کے اُمور کی انجام دہی بھی حضرت مرتضی مہر پاشاہ کی نگرانی میں عمل میں آئے گی۔

درس قرآن مجید
حیدرآباد /4 جون ( راست ) بیت الخیر کامپلکس چوتھی منزل انجمن گراؤنڈ ملے پلی میں جمعرات 5 جون کو بعد نماز مغرب ڈاکٹر محمد محبوب فرید سورہ مریم کے چوتھے رکوع کا سلسلہ وار درس دیں گے ۔ جناب ایم اے فہیم ، مولانا محمد یوسف اصلاحی کی کتاب ’’ آداب زندگی ‘‘ کا اقتباس بہ زبان انگریزی پیش کریں گے ۔

شیخ ثناء اللہ مدنی کے خطابات
حیدرآباد /4 جون ( راست ) شہری جمعیت اہلحدیث حیدرآباد و سکندرآباد کی اطلاع کے بموجب شیخ ثناء اللہ مدنی جو حیدرآباد کے دورے پر ہیں ۔ شہر کے محتلف مقامات پر شیخ کے خطابات ہوں گے ۔ شیخ آج مسجد قباء حافظ بابا نگر میں بعد نماز ظہر اور بیدر کرناٹک میں بعد نماز عشاء ایک اجتماع عام سے خطاب کریں گے ۔ شیخ کل مسجد توحید قطب شاہی گلشن کالونی نزد سات گنبد میں خطبہ جمعہ دیں گے ۔ خطبہ کا آغاز 12.45 بجے سے شروع ہوگا ۔

جلسہ اصلاح معاشرہ
حیدرآباد /4 جون ( راست ) مولانا سید عباد بن ذکی قاسمی کی اطلاع کے بموجب 5 جون کو بعد نماز ظہر مسجد صراط مستقیم آزاد نگر عنبرپیٹ میں جلسہ اصلاح معاشرہ منعقد ہے ۔ مہمان مقرر مولانا عبدالملک مظاہری ہوں گے ۔ صدارت مولانا محمد ذکریا فہد قاسمی کریں گے ۔ جلسہ کی کارروائی مولانا شیخ عبیداللہ جابر حسامی چلائیں گے ۔

تحریک اسلامی کا اجتماع
حیدرآباد ۔ 4 ۔ جون : ( راست ) : تحریک اسلامی کے زیر اہتمام ہفتہ واری مرکزی اجتماع 5 جون کو بعد نماز عشاء 9 تا 11 بجے شب سنی مرکز مسجد گل بانو نامپلی میں زیر قیادت امیر تحریک اسلامی مولانامحمد آصف بلال قادری منعقد ہوگا ۔ قرات کلام پاک و نعت شریف سے اجتماع کا آغاز ہوگا ۔ مولانا محمد مجاہد علی نقشبندی کا ’ قرآن و حدیث کی روشنی میں تقلید کی اہمیت ‘ پر خصوصی خطاب ہوگا ۔ اس کے بعد ذکر جہری و دعا ہوگی ۔۔

جلسہ تکمیل حفظ قرآن مجید و
ختم درس بخاری
حیدرآباد ۔ 4 ۔ جون : ( راست ) : عبدالستار حسامی کے بموجب مدرسہ روضتہ العلوم ٹولی چوکی کا جلسہ 7 جون کو بعد نماز مغرب ملاپ گارڈن فنکشن ہال ریتی باولی رنگ روڈ پلر نمبر 55 ناظم مدرسہ جناب رحیم الدین انصاری کی صدارت میں اور مہتمم مدرسہ مولانا حسام الدین ثانی عرف جعفر پاشاہ کی نگرانی میں منعقد ہے ۔ تکمیل حفظ قرآن مہمان عالم دین مولانا سید اشہد رشیدی یو پی کروائیں گے جب کہ بخاری شریف کا آخری درس مولانا محمد حسیب الرحمن قاسمی دیں گے ۔ اس موقع پر ایک حافظ اور حافظہ کو دستار و خمار حفظ اور تیرہ عالمات کو خمار فضیلت دی جائے گی ۔ مولانا محمد مسلم قاسمی ، مولانا عبدالرحیم ، مولانا مفتی سعود عالم قاسمی کے خطابات ہوں گے ۔۔

مولانا شاہ محمد جمال الرحمن مفتاحی کا خطاب
حیدرآباد ۔ 4 ۔ جون : ( راست ) : مولانا عبدالستار حسامی صدر مدرس کے بموجب جمعرات بعد نماز ظہر متصلاً مدرسہ روضتہ العلوم معراج کالونی ٹولی چوکی میں حسب معمول پندرہ روز خطاب مولانا شاہ محمد جمال الرحمن مفتاحی کا استقبال رمضان المبارک کے عنوان پر ہوگا ۔۔

جامع مسجد دارالشفاء میں
حج کمیٹی کا دوسرا تربیتی اجتماع
حیدرآباد ۔ 4 ۔ جون : ( پریس نوٹ ) : آندھرا پردیش اسٹیٹ حج کمیٹی کے زیر اہتمام عازمین حج کا دوسرا تربیتی اجتماع اتوار 8 جون کو صبح 10-30 بجے دن تا 4 بجے شام جامع مسجد دارالشفاء میں منعقد ہوگا ۔ پروفیسر ایس اے شکور اسپیشل آفیسر اسٹیٹ حج کمیٹی صدارت کریں گے ۔ اس تربیتی اجتماع میں مولانا مفتی انعام الرحمن جمیل فضائل حج مولانا مفتی تجمل حسین مناسک حج و عمرہ اور مولانا مفتی محبوب شریف نظامی آداب زیارت مدینہ منورہ بیان کریں گے ۔ جناب عبدالحمید ایکزیکٹیو آفیسر اسٹیٹ حج کمیٹی سفر حج سے متعلق ضروری امور سے واقف کروائیں گے ۔ جناب اشفاق علی حسامی احرام باندھنے کا عملی مظاہرہ کریں گے اور اس کی شرائط پر روشنی ڈالیں گے ۔ مولانا مفتی صادق محی الدین فہیم سوالات کے جواب دیں گے ۔ خانگی ٹور آپریٹرس کے ذریعہ جانے والے عازمین حج بھی شرکت کرسکتے ہیں ۔۔

عرس شریف
حیدرآباد ۔ 4 ۔ جون : ( راست ) : حضرت سید محفوظ شاہ قادری کوڑی ؒ کا عرس شریف اردو شریف اردو گلی میں 5 جون مقرر ہے ۔ بعد نماز مغرب مولود کی محفل و صندل و نشان مبارک کا رسم انجام دئیے جائیں گے ۔ 7 شعبان کو بعد عصر ختم قرآن شریف کی محفل و چراغاں کا رسم انجام دئیے جائینگے ۔۔

دارالعلوم رحمانیہ میں جلسہ تکمیل حفظ قرآن مجید و ختم درس بخاری شریف
حیدرآباد ۔ 4 ۔ جون : ( راست ) : مفتی محمد غیاث الدین رحمانی قاسمی مہتمم کے بموجب 5 جون بعد نماز مغرب مدرسہ اسلامیہ دارالعلوم رحمانیہ تالاب کٹہ یاقوت پورہ میں جلسہ تکمیل حفظ قرآن مجید و ختم درس بخاری شریف منعقد ہوگا جس میں مولانا مفتی سعید احمد پالنپوری بخاری شریف کی آخری حدیث کا درس دیں گے ۔ مولانا شاہ محمد جمال الرحمن مفتاحی حفظ قرآن مجید مکمل کرنے والے خوش نصیب حفاظ کی تکمیل کروائیں گے ۔ ان کے علاوہ مولانا مفتی سبیل ( میل وشارم ) بحیثیت مہمان خصوصی شرکت کریں گے ۔ گذشتہ چار سالوں میں جن طلبہ نے حفظ قرآن مجید مکمل کیا ہے ان سے خواہش کی جاتی ہے کہ وہ دفتر کے اوقات میں مدرسہ حاضر ہو کر اپنے نام کا اندراج کرائیں ۔۔

یاد امام اعظم ابوحنیفہؒ کا انعقاد
حیدرآباد ۔ 4 ۔ جون : ( راست ) : ادارہ اپنا شہر اپنے لوگ کے زیر اہتمام یوم امام اعظم ابوحنیفہؒ کے وصال کے موقع پر بہ قیام گاہ محمد ضیا عرفان قادری حسامی واقع ریڈہلز جلسہ سیرت امام اعظم ابوحنیفہؒ زیر نگرانی مولانا محمد عبدالحی قاسمی منعقد ہوا ۔ قاری انیس احمد نے قرات سنائی ۔ جناب جابر پٹیل چیرمین سلویٰ ایجوکیشنل سوسائٹی مہمان خصوصی تھے محمد انس عرفان ، محمد حسان عرفان ، محمد سلمان عرفان کنوینر تھے ۔ امام اعظم قرآن و حدیث کی روشنی میں ہر پیچیدہ مسئلہ آسانی سے حل فرماتے ۔ آپ نے ایسے ایسے مسائل حل کئے کہ عقل دنگ رہ جاتی ہے ۔ امام اعظم کے جلسے ہر مسجد میں منعقد کئے جائیں گے تاکہ ہمارے بزرگ اور نئی نسل اپنے امام سے واقف ہوسکیں ۔ آخر میں ڈاکٹر سید غیاث عارف کی نگرانی میں مشاعرہ منعقد ہوا ۔۔

مدرسہ باب العلم انوار محمدی میں
اتوار کو جلسہ تکمیل حفظ قرآن کریم
حیدرآباد ۔ 4 ۔ جون : ( راست ) : ڈاکٹر میر وجاہت علی ( معتمد مجلس انتظامی ) کی اطلاع کے بموجب مدرسہ باب العلم انوار محمدی پولیس کالونی بہادر پورہ کا سالانہ جلسہ تکمیل حفظ قرآن کریم احاطہ مدرسہ میں مولانا سید کاظم پاشاہ قادری الموسوی کی زیر نگرانی اتوار 8 جون 11 ساعت دن مقرر ہے ۔ جلسہ کا آغاز قرات کلام مجید سے ہوگا ۔ طلبائے مدرسہ ہدیہ نعت سنائیں گے ۔ مولانا مفتی محمد عظیم الدین اس سال ادارہ ہذا میں حفظ قرآن کریم کی تکمیل کی سعادت پانے والے 20 طلبہ کو تکمیل کروائیں گے ۔ مولانا محمد عبدالمجید صدیقی قادری الملتانی اور پروفیسر سید بدیع الدین صابری بعنوان ’ فضائل قرآن مجید اور حفظ قرآن کی عظمت ‘ پر خصوصی خطاب کرینگے ۔ مولانا سید محمد قادری الجیلانی ( کے ایس اے ) مہمان خصوصی ہوں گے ۔۔

نعتیہ مشاعرہ و جلسہ عطائے خلافت کا کامیاب انعقاد
حیدرآباد ۔ 4 ۔ جون : ( راست ) : جناب محمد صمصام الدین حسامی کے بموجب علامہ حسام الدین فاضل میموریل ایجوکیشنل سوسائٹی کے زیر اہتمام سالانہ غیر طرحی نعتیہ مشاعرہ و جلسہ عطائے خلافت بمقام کامل ہال ، احاطہ حسامیہ نونہال ہائی اسکول ، یاقوت پورہ میں منعقد ہوا ۔ مشاعرہ کی نگرانی مولانا محمد نعیم الدین حسامی عادل جانشین و خلیفہ مولانا محمد جلال الدین حسامی کامل نے کی ۔ جلسہ کا آغاز قاری غلام احمد نیازی کی قرات کلام پاک سے ہوا ۔ جناب اکمل علی سلمان نے حمد باری تعالیٰ پیش کیا جب کہ مرزا سلمان بیگ نے نعت شریف سنائی ۔ اس محفل میں نگران مشاعرہ مولانا محمد نعیم الدین حسامی عادل نے اپنے دونوں فرزندان مولوی محمد زعیم الدین حسامی اور مولوی محمد سہیم الدین حسامی کو سلسلہ قادریہ و حسامیہ کی خلافت عطا کی ۔ جناب سید مسرور عابدی شرفی القادری نے نظامت کے فرائض انجام دئیے ۔ ڈاکٹر سلیم عابدی ، سید سہیل عظیم ، تشکیل انور رزاقی ، حکیم مزمل احمد ساجد ، محمد برہان الدین وارثی ، سید علی عادل ، خلش حیدرآبادی ، انجم شافعی ، ظیب پاشاہ قادری ، فرید سحر ، مسرور عابدی ، قاری عبدالقیوم شاکر ، ڈاکٹر نعیم قادری ، محمد عابد حسامی ، میر عظمت علی عظمت ، ارشد قادری ، زبیر حامد حسامی ، محمد مصطفی صدیقی حسامی ، مومن وارثی ، حامد رضوی ، شاکر گوڈر شاہی ، سید مصطفی علی سید ، عبدالرشید اور دیگر شعراء کرام نے نعتیہ کلام سنانے کی سعادت حاصل فرمائی ۔ مذکورہ عطائے خلافت سے متعلق جناب سید مسرور عابدی اور جناب برہان الدین وارثی نے تہنیتی اشعار پیش کیے ۔ رات دیر گئے مشاعرہ کا اختتام عمل میں آیا ۔۔