اللہ کی مخلوق کیساتھ حسن سلوک کرنا مسلمان کی اہم ذمہ داری
جامعۃ المؤمنات میں خواتین کا اجتماع، ڈاکٹر تہمینہ تحسین کا خطاب
حیدرآباد ۔ یکم جون (راست) اللہ تعالیٰ کی مخلوق کی خدمت کرنا اس کے ساتھ حسن سلوک اور ان کی خیر خواہی کرنا مسلمان کی اہم ترین ذمہ داری ہے۔ اللہ اُس شخص سے زیادہ محبت کرتا ہے جو اس کی مخلوق کے ساتھ اچھا سلوک کرتا ہے۔ نبی کریم صلی اللہ علیہ و سلم نے ارشاد فرمایا تم زمین والوں پر رحم کرو تم پر آسمان والا رحم کرے گا۔ بدبخت انسان رحم سے خالی ہوتا ہے جو لوگوں پر رحم نہیں کرتا، اللہ تعالیٰ اُس پر رحم نہیں کرتا۔ ان خیالات کا اظہار جامعۃ المؤمنات مغلپورہ میں منعقدہ خواتین کے کثیر اجتماع میں ڈاکٹر تہمینہ تحسین نے کیا۔ اجتماع کا آغاز حافظہ خدیجہ فاطمہ کی قرأت، قاریہ ناھید جبین کی نعت شریف سے ہوا۔ سلسلہ خطاب جاری رکھتے ہوئے محترمہ نے کہاکہ پیاسوں کو پانی پلانا، بھوکے کو کھانا کھلانا، راستہ چلنے والوںکو راستہ دکھانا، راستے سے تکلیف دہ چیز کو ہٹانا، کسی مزدور کا بوجھ اُٹھانا بیماروں کی دوا کرنا، بچوں، عورتوں اور کمزور آدمیوں کا کام کاج کرنا یہ تمام خدمت خلق ہے جس کی فضیلت اللہ کے رسول ﷺ نے بتائی ہے۔ لیکن ہر شخص کی خدمت اس کی قابلیت اور دیانت کے مطابق ہوگی۔ ڈاکٹر کی خدمت یہ ہے کہ مریضوں کے ساتھ ہمدردی سے پیش آئے۔ عالم کی خدمت علم کو پھیلانا، استاذ کی خدمت شاگردوں کو تربیت دینا، حاکم کی خدمت پوری امانت داری کے ساتھ کام انجام دینا، ان تمام میں کاشت کار سب سے اچھا خادم خلق ہے کہ وہ غلہ پیدا کرتا ہے جس پر زندگی کا دار و مدار ہے۔
جلسہ تکمیل حفظ قرآن مجید ختم درس بخاری شریف
حیدرآباد ۔ یکم جون (راست) عبدالستار حسامی صدر مدرس کی اطلاع کے بموجب مدرسہ عربیہ روضۃ العلوم کا جلسہ 7 جون م 8 شعبان بوقت بعد نماز مغرب بمقام ملاپ گارڈن فنکشن ہال ریتی باؤلی رنگ روڈ پلر نمبر 55 ناظم مدرسہ جناب رحیم الدین انصاری کی صدارت میں اور مہتمم مدرسہ مولانا حسام الدین ثانی عرف جعفر پاشاہ کی نگرانی میں منعقد ہے۔ تکمیل حفظ قرآن مہمان عالم دین مولانا سید اشہد رشیدی مدظلہ مہتمم مدرسہ شاہی مرادآباد یوپی کروائیں گے جبکہ بخاری شریف کا آخری درس مولانا محمد حسیب الرحمنقاسمی شیخ الحدیث جامعہ اسلامیہ دارالعلوم حیدرآباد دیں گے۔ مولانا محمد مسلم قاسمی شیخ الحدیث، مولانا عبدالرحیم قاسمی، مولانا مفتی سعود عالم قاسمی کے خطابات ہوں گے۔ عبدالستار حسامی صدر مدرس تعارف و رپورٹ پیش کریں گے۔ خواتین کے لئے پردہ کا نظم رہے گا۔
غیر طرحی نعتیہ مشاعرہ
حیدرآباد ۔ یکم جون (راست) علامہ حسام الدین فاضل میموریل ایجوکیشنل سوسائٹی کے زیراہتمام سالانہ غیر طرحی نعتیہ مشاعرہ احاطہ حسامیہ نونہال ہائی اسکول اندرون کمان شیخ فیض یاقوت پورہ میں 3 جون کو بعد نماز عشاء مقرر ہے۔ شعراء کرام اپنا کلام سنائیں گے۔ قاری غلام احمد نیازی کی قرأت کلام پاک ہوگی۔ جناب مرزا سلمان بیگ حمد باری تعالیٰ اور جناب اکمل علی سلمان نعت شریف سنائیں گے۔ مشاعرہ کی نظامت کا فریضہ جناب سید مسرور عابدی شرفی القادری کریں گے۔
علوم الحدیث پر سہ روزہ ورکشاپ
حیدرآباد ۔ یکم جون (راست) مسلم ویمنس انٹلکچول فورم کی جانب سے سہ روزہ ورکشاپ بعنوان ’’علوم الحدیث‘‘ برائے طالبات و خواتین 7 تا 9 جون صبح 10 بجے دن تا شام 5 بجے شام بمقام مسجد عالیہ فرسٹ فلور گن فاؤنڈری منعقد کیا جارہا ہے۔ آغاز قاریہ حافظہ صدیقہ بیگم کی قرأت کلام پاک سے ہوگا۔ محترمہ نجمہ نعت شریف پیش کریں گی۔ افتتاحی سیشن زیرصدارت جناب محمد عبدالرحیم قریشی اسسٹنٹ جنرل سکریٹری آل انڈیا مسلم پرسنل لاء بورڈ مہمان خصوصی محترمہ ناصرہ خانم ناظمہ شعبہ خواتین جماعت اسلامی آندھراپردیش و اڑیسہ ہوں گی۔ محترمہ حلیمہ سلطانہ یٰسین ’’حدیث اور وحی کا تعلق‘‘ پر روشنی ڈالیں گی۔ عالمہ فوزیہ تحسین معلمہ جامعہ مکارم الاخلاق ’’تاریخ و طریق حدیث‘‘ پر گفتگو کریں گی۔ ڈاکٹر رفعت سیما ڈائرکٹر جامعہ مکارم الاخلاق ’’مقام حدیث قرآن کی روشنی میں‘‘ مخاطب کریں گے۔ مولانا نورالدین عمری’’علوم الحدیث‘‘ پر روشنی ڈالیں گے۔ ڈاکٹر سعید احمد مدنی جمعیت اہلحدیث ’’حدیث اور ہماری زندگی‘‘ پر خطاب کریں گے۔ مفتی صادق محی الدین جامعہ نظامیہ ’’تدوین حدیث نبی کریم ﷺ اور صحابہ کے دور میں‘‘ پیش کریں گے۔ مزید تفصیلات کیلئے فون نمبرات 7032292442 ، 9951887787 پر ربط کریں۔
فضائل رمضان مبارک و جشن نزول قرآن مجید ماہ رمضان میں ڈاکٹر حمیدالدین شرفی کے خطابات
حیدرآباد ۔ یکم جون (پریس نوٹ) اسلامک ہسٹری ریسرچ کونسل انڈیا (آئی ہرک) کے زیراہتمام ’’فضائل رمضان مبارک و جشن نزول قرآن مجید‘‘ کے ضمن میں یکم رمضان المبارک تا اختتام ماہ صیام ہر روز ڈاکٹر سید محمد حمیدالدین شرفی ڈائرکٹر آئی ہرک ’’اٹھارویں سالانہ تاج العرفاء یادگار توسیعی خطابات‘‘ کے تحت شرف تخاطب حاصل کریں گے۔ یہ خطابات دوران ماہ رمضان ہر دوشنبہ، سہ شنبہ، چہارشنبہ، پنجشنبہ اور شنبہ کو بعد نماز ظہر جبکہ ہر جمعہ اور یکشنبہ کو بعد نماز تراویح ہوا کریں گے۔ حیدرآباد اور سکندرآباد کی ان مساجد کی کمیٹیوں کے ذمہ دار حضرات اور متولی صاحبان جو اپنی مسجد میں ڈاکٹر حمیدالدین شرفی کا خطاب رکھنا چاہتے ہوں ان سے گزارش ہے کہ مسجد کمیٹی یا دفتر تولیت کے مطبوعہ لیٹر پر تحریری خواہش کے ساتھ 20 شعبان المعظم 19 جون2014 ء یا اس سے قبل صبح 9 بجے سے دوپہر 2 بجے تک دفتر آئی ہرک واقع ’’ایوان تاج العرفاء حمیدآباد‘‘ شرفی چمن قدیم سبزی منڈی حیدرآباد شخصی طور پر رجوع کریں۔ ٹیلی فون (سیل وغیرہ) یا زبانی ارشاد کی تعمیل سے معذرت چاہی جاتی ہے۔
مدرسہ باب العلم انوار محمدی میں حلقہ قرآنیہ کا نظم
حیدرآباد ۔ یکم جون (راست) ڈاکٹر میر وجاہت علی معتمد مجلس انتظامی کی اطلاع کے بموجب ماہ رمضان مبارک کے پُرمسرت موقع پرنماز تراویح میں قرآن کریم سنانے والے حفاظ کرام کے لئے یکم شعبان المعظم سے مدرسہ باب العلم انوار محمدی پولیس کالونی بہادر پورہ میں حافظ و قاری محمد یاسرالدین صدیقی کی زیرنگرانی حلقہ قرآنیہ و سماعت قرآن کریم کا نظم 10 ساعت صبح تا ظہر ہے۔ جید حفاظ اساتذہ کرام سماعت قرآن کریں گے۔ خواہشمند حفاظ کرام بوقت صبح 10 ساعت تا نماز عصر دفتر پر ملاقات کرسکتے ہیں یا فون نمبر 9848173896 پر ربط کریں۔
محبوبیہ اسلامی اسکول میں سیاست و جامعہ نظامیہ دینی کورس کا امتحان
حیدرآباد ۔ یکم جون (پریس نوٹ) انتظامی کمیٹی کی اطلاع کے بموجب جامعہ نظامیہ و سیاست کے زیراہتمام گرمائی دینی تعلیمی چالیس روزہ کورس کا امتحان زبانی و تحریری مرکز محبوبیہ اسلامی اسکول نزد بنگلہ بینی بیرون دبیرپورہ پر 3 جون کو 4 تا 6 بجے مقرر ہیں۔ سوالات و جوابی بیاض سنٹر پر دیا جائے گا۔ ایسے طلباء و طالبات جنھوں نے گرمائی جماعتوں سے استفادہ کیا وہ روزانہ 11 تا 1 بجے دن امتحان کا ہال ٹکٹ محترمہ بشریٰ سلطانہ اور جناب محمد غوث الدین سے حاصل کرلیں۔ کامیابی پر صداقت نامہ کی 6 جون 2014 ء کو اختتامی جلسہ میں تقسیم عمل میں آئے گی۔
عرس شریف
حیدرآباد ۔ یکم جون (راست) عرس شریف ٹیکمال میں حضرت شاہد اللہ فاروقی قادری کی تقاریب کا آغاز 2 جون کو ہوگا۔ بعد نماز عصر صندل مالی کی رسم سجادہ نشین بارگاہ شاہدیہ انجام دیں گے۔ بعد مغرب زیرنگرانی مولانا قاضی سید شاہ اعظم علی صوفی قادری جلسہ فیضان اولیاء منعقد ہوگا جس میں قرأت و نعت کے بعد مولانا ڈاکٹر سید شاہ مرتضیٰ علی صوفی حیدر قادری، مولانا سید شاہ مصطفی سعید قادری و دیگر علماء و مشائخ کے خطابات ہوں گے۔ آخر میں جعفرالحسن چنو پاشاہ سلام بحضور خیرالانام پیش کریں گے۔ بعد عشاء محفل سماع منعقد ہوگی۔ 3 جون بروز منگل بعد عشاء محفل شجرہ خوانی منعقد ہوگی اور 4 جون بروز چہارشنبہ صبح مجلس قل پر تقاریب کا اختتام عمل میں آئے گا۔
٭ سالانہ عرس شریف درگاہ حضرت سید شاہ محفوظ قادریؒ موقوعہ پٹیل مارکٹ اُردو گلی گلاب رائے مارکٹ پتھرگٹی 5 جون کو مقرر ہے۔ بعد مغرب میلاد شریف چادرگل، غسل شریف اور صندل مالی کی رسم انجام دی جائے گی۔ سجادہ نشین صندل مالی کی رسم انجام دیں گے۔
تحریک اسلامی کے اجتماعات
حیدرآباد ۔ یکم جون (راست) تحریک اسلامی کے زیراہتمام ہفتہ واری اجتماعات 2 جون بروز پیر بعد نماز ظہر مسجد خواجہ معین الدین پتھرگٹی اور بعد نماز مغرب مسجد کوثر صالح نگر کنچہ قلعہ گولکنڈہ، مسجد نور محمدی وارث گوڑہ کے علاوہ بعد نماز عشاء موتی مسجد موتی دروازہ قلعہ گولکنڈہ، مسجد محمدیہ یکمینار شہباز گوڑہ میں منعقد ہوں گے۔ مبلغین تحریک اسلامی کے اصلاحی خطابات ہوں گے۔
اسلام میں حق وصداقت پر مبنی ظرافت کے شاندار شاہکار
المعہد الدینی العربی کے عربی‘ ادبی ثقافتی ہفتہ سے پروفیسر مصطفی شریف کا خطاب
حیدرآباد۔ یکم جون (راست )المعہد الدینی العربی میں ’’دوسرا عربی ادبی ثقافتی ہفتہ‘‘ منعقد ہوا ۔ سرپرستی عمدۃ المحدثین مولانا محمد خواجہ شریف شیخ الحدیث جامعہ نظامیہ وبانی المعہد الدینی العربی نے کی اور خیر مقدمی کلمات پیش کئے۔ پروفیسرمصطفی شریف نے اپنے تحقیقی لکچر بعنوان ’’انسانی معاشرہ میںظرافت کی ضرورت اور اس کے فوائد‘‘ پر روشنی ڈالتے ہوئے کہاکہ اسلام میں حق وصداقت پر مبنی ظرافت کے شاندار شاہکارموجود ہیںاور ظرافت کی ضرورت اور اس کے فوائدکو آیت قرآنیہ واحادیث کے ذریعہ ثابت کیااور کہا کہ ظرافت انسان کیلئے ضروری ہے ۔ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم تبسم فرماتے اس کے ثبوت کیلئے آپ نے احادیث شریفہ کو پیش کیا ،ظرافت کو عربی کتب اور ودیگرضرب الامثال کے ذریعہ سے بتایا، حجاج بن یوسف اوراعرابی اور جاحظ کا قصہ بیان کیا ۔لکچر کے سلسلہ کو جاری رکھتے ہوئے انھوں نے کہا کہ مودۃ اور محبت سے معاشرۂ انسانی میں خوش گوار ماحول پیدا ہوتاہے۔ عربی لکچر کا آغاز قرأت کلام پاک اور نعتِ شریف سے ہوا۔ لکچر کے آخر میں طلبہ نے سوالات کئے جس کا پروفیسر نے مختصر وجامع جوابات دیئے۔ اس اجلاس میں مولوی غلام محمد ہاشم رکن معھداور طلبہ واساتذہ اور سامعین کی کثیر تعداد تھی۔ مولانا محمد آصف الدین قادری نے نظامت کی اور اردو میںاختصار کے ساتھ خلاصہ بیان کیا۔
جشن عظمت مصطفی و دستارِ بندی حفاظ مفتی محمد مجیب اشرف کی شرکت
حیدرآباد۔ یکم جون (فیاکس) مولانا محمد ابوالحسن علی رضوی بانی و مہتمم جامعہ غوثیہ رضویہ لنگم پیٹ کی اطلاع کے بموجب دینی و اقامتی ادارۂ جامعہ غوثیہ رضویہ لنگم پیٹ کا سالانہ جشن عظمت مصطفی و دستار بندی حفاظ 3 جون بروز منگل کو بعد نماز عشاء احاطہ جامعہ مقرر ہے جس میں مہمانانِ خصوصی کی حیثیت سے ملک کے مولانا مفتی محمد مجیب اشرف خلیفہ خصوصی مفتی اعظم ہند و بانی دارالعلوم امجدیہ ناگپور، مولانا سید شاہ عزیز اللہ قادری شیخ العقائد جامعہ نظامیہ حیدرآباد، مولانا غلام مصطفی گجرات، مولانا تراب الدین رضوی ناندیڑ ، مولانا ابوالکلام مصباحی، مولانا اویس رضا عرف سہیل رضا، جناب سید مخدوم محی الدین شرکت و خطاب کریں گے۔ جناب محمد مخدوم جمالی، جناب مجاہد امین قادری، مقبول خان انوریٔ حافظ عبدالرحیم بارگاہ رسالتؐ میں منظوم نذرانہ عقیدت پیش کریں گے۔ اس موقع پر جامعہ سے فارغ التحصیل 4 حفاظ کرام کو سند و خلعت دی جائے گی۔ مدعو علمائے کرام کی حیثیت سے مفتی محبوب عالم رضوی، مولانا محمد ساجد حسین قادری، مولانا احمد حسن رضوی، ڈاکٹر سید حسین نوری، مولانا ضمیرالاسلام، مولانا طفیل احمد رضوی، مولانا معصوم احمد نقشبندی و کاظمی، مولانا سید سمیع اللہ سرسلہ، مولانا شرف الدین ثقافی، مولانا غلام سرور، مولانا انعام الحق، مولانا محسن رضا، مولانا منظر حسین، مولانا جاوید احمد، مولانا عبدالصمد، مولانا ساجد رضا وغیرہ شرکت کریں گے۔