مذہبی خبریں

واقعہ معراج توحید ، رسالت پر ایمان لانے کی دعوت
جلسہ شب معراج سے مولانا صادق محی الدین فہیم کا خطاب
حیدرآباد ۔ 30 ۔ مئی : ( راست ) : صاحب قرآن رسول کریم ﷺ کی سیرت مبارکہ میں معراج شریف کا واقعہ ایک درخشاں درس مسلسل اور معجزہ ہے وہیں یہ عالم انسانیت کے ہر فرد کو توحید اور رسالت پر ایمان لانے کی دعوت دیتا ہے ۔ طائف میں رسول کریم ﷺ پر دشمنان اسلام نے اذیت کے ساتھ جو مصیبتوں کے پہاڑ توڑے ہیں اس کی مثال نہیں ملتی ۔ اہل طائف کی نادانی اور شیطانی حرکات پر آپؐ بے انتہا رنجیدہ خاطر ہوگئے ۔ قلب مبارک پر گرانی اور حزن و ملال کی کیفیت طاری ہوگئی ۔ اپنے پیارے رسول پر جو کیفیت طاری ہوگئی تھی اس کے ازالہ کے لیے آپ کی تسکین خاطر اور آپؐ کے لیے فرحت اور مسرت کا ماحول بہم پہنچانے کے لیے اس کے ساتھ ساتھ عالم انسانیت پر آپ کا مقام اور قدر و منزلت کو واضح کرنے کے لیے نسبت عقبی اول کے سال یعنی 12 نبوی کے ماہ رجب کی 27 ویں رات کو رحمت للعالمینؐ اللہ کے حکم پر معراج شریف کے لیے جسد مبارک کے ساتھ رات کے وقت حالت بیداری میں

مکہ مکرمہ میں ام ہانی کے مکان سے بیت المقدس اور بیت المقدس سے ساتوں آسمانوں اور پھر ساتویں آسمان سے عرش بریں اور عرش الہیٰ سے ماورا جہاں تک رب العالمین نے چاہا وہاں تک آپ کی رسائی ہوئی ۔ دینی ، تعلیمی و صنعتی تنظیم کے زیر اہتمام تعارف اسلام کلاسیس کے تسلسل میں جلسہ عام بعنوان معراج النبیؐ برائے اصحاب و خواتین طلباء وطالبات میں حافظ مفتی سید صادق محی الدین فہیم نے معراج شریف پر مدلل مفصل بیان میں ان خیالات کا اظہار کیا ۔ مولانا سید محمد قبول بادشاہ شطاری نے کہا کہ معراج شریف کا یہ سچا واقعہ صرف اور صرف رسول کریم ؐ ہی کا معجزہ ہے ۔ آپ نے فرمایا کہ رسول کریم ؐ سے محبت سچی ہوتی ہے تب ہی شریعت محمدیؐ پر کار بند رہنا اور عبادتوں میں دل مائل ہوجاتا ہے ۔ آپ نے نمازوں کی پابندی کرنے اور سیرت طیبہؐ اور قرآن کی تلاوت پر زور دیتے ہوئے کہا کہ سارے مسائل کا حل اسی میں مضمر ہے ۔ اللہ کی رحمتوں اور نعمتوں سے فیض یاب ہونے کے لیے اپنے آپ کو اللہ کی طرف صدق دل سے رجوع کرنا ضروری ہے ۔ اس موقع پر صدر تنظیم محمد وہاج الدین صدیقی نے بھی مخاطب کیا ۔ اجتماع کا آغاز حافظ زین العابدین کی قرات کلام مجید سے ہوا ۔ ڈاکٹر طیب پاشاہ قادری نے نعت شریف اور سلام بحضور سرور کونین ؐ پیش کیا ۔۔

جلسہ درس ختم بخاری شریف و
تکمیل حفظ قرآن کریم
حیدرآباد ۔ 30 ۔ مئی : ( راست ) : قاری محمد عبدالرحمن خاں سلامی ندیم ناظم کے مطابق 31 مئی کو جامعہ فیض الاسلام سلامی اسٹریٹ وٹے پلی فلک نما میں مولانا محمد عبدالغفار خاں بانی و مہتمم جامعہ کی صدارت میں 10-30 بجے دن جلسہ درس ختم بخاری شریف مقرر ہے۔ مولانا خورشید عالم مظاہری اور مفتی معین الدین بانکوی حسامی خطاب کریں گے اور مولانا مفتی کوثر عالم قاسمی شیخ الحدیث جامعہ بخاری شریف کی آخری حدیث کا درس دیں گے ۔ اس موقع پر حافظ محمد گلفراز کی تکمیل حفظ قرآن کریم ہوگی اور اس سال فضیلت کی تکمیل کرنے والی طالبات کو انعام بھی دیا جائے گا ۔۔

تاریخ اسلام لکچر کی نشست
حیدرآباد ۔ 30 ۔ مئی : ( راست ) : کانفرنس ہال جامع مسجد عالیہ سانچہ توپ گن فاونڈری میں 31 مئی ہفتہ بعد نماز عصر تاریخ اسلام لکچر کی نشست منعقد ہوگی ۔ بعنوان گنبدان قطب شاہی کا طرز تعمیر پر جناب احمد علی مخاطب کریں گے ۔۔

سالانہ غیر طرحی نعتیہ مشاعرہ
حیدرآباد ۔ 30 ۔ مئی : ( راست ) : علامہ حسام الدین فاضل میموریل ایجوکیشنل سوسائٹی کے زیر اہتمام سالانہ غیر طرحی نعتیہ مشاعرہ کامل ہال احاطہ حسامیہ نونہال ہائی اسکول اندرون کمان شیخ فیض ، روبرو پتھر کا مکان یاقوت پورہ میں3 جون کو 9 بجے شب مقرر ہے ۔ شعراء کرام اپنا کلام سنائیں گے ۔ مشاعرہ کی نگرانی مولانا محمد نعیم الدین حسامی عادل کریں گے ۔۔

جلسہ فیضان اولیاء
حیدرآباد ۔ 30 ۔ مئی : ( راست ) : عرس شریف حضرت شاہد اللہ قادریؒ کے سلسلہ میں 3 شعبان کو بعد نماز مغرب ٹیکمال ضلع میدک زیر صدارت مولانا قاضی سید شاہ اعظم علی صوفی قادری جلسہ فیضان اولیاء مقرر ہے ۔ نگرانی مولانا سید شاہ احمد نور اللہ حسنی حسینی قادری سجادہ نشین بارگاہ شاہدیہ کریں گے ۔ قرات و نعت کے بعد صدر جلسہ کے علاوہ مولانا ڈاکٹر سید شاہ مرتضی علی صوفی حیدر قادری ، مولانا سید شاہ مصطفی سعید قادری و دیگر علماء کے خطابات ہوں گے ۔۔

تحریک اسلامی کے اجتماعات
حیدرآباد ۔ 30 ۔ مئی : ( راست ) : تحریک اسلامی کے زیر اہتمام ہفتہ واری اجتماع 31 مئی کو بعدنماز مغرب مسجد حسینی ایرانی گلی شہران مارکٹ و جامع مسجد سکندرآباد کے علاوہ بعدنماز عشاء مسجد محمدیہ عیدگاہ شاہ صاحب نارتھ لالہ گوڑہ میں منعقد ہوں گے ۔ مبلغین تحریک اسلامی کے بیانات ہونگے ۔۔

نماز ، اللہ اور رسولؐ سے قرب کا ذریعہ حافظ صابر پاشاہ کا بیان
حیدرآباد ۔ 30 ۔ مئی : ( راست ) : سرکار دو عالم ؐ فرماتے ہیں کہ معراج کی متبرک رات مجھے تین انعامات سے نوازا گیا ۔ پہلا یہ کہ مجھ پر اور میری امت پر ایک دن اور ایک رات میں پچاس نمازیں فرض قرار دی گئیں ۔ دوسرا انعام سورہ بقرہ کا خاتمہ عطا کیا ۔ تیسرا انعام یہ کہ میرا امتی اگر کبائر میں مبتلا ہو تو انبیاء کی شفاعت سے بخش دیا جائے گا اور پھر جس کے دل میں ایک رائی کے دانے کے برابر بھی ایمان ہوگا تو اسے بالاخر جہنم سے نکالا جائے گا اور جنت میں داخل کیا جائے گا ۔ ان خیالات کا اظہار کلیتہ البنین مغل پورہ میں منعقدہ دینی اجتماع سے حافظ محمد صابر پاشاہ قادری نے کیا ۔ نگرانی مولانا محمد مستان علی قادری نے کی ۔۔

محفل درس قرآن مجید و تفسیر
حیدرآباد ۔ 30 ۔ مئی : ( پریس نوٹ) : مرکزی مجلس فیضان ملتانیہ کے زیر اہتمام ہفتہ واری محفل درس قرآن مجید و تفسیر زیر نگرانی مولانا ابوالعارف شاہ سید شفیع اللہ حسینی القادری الملتانی بمقام جامع مسجد ابراہیمی محلہ قادر باغ رنگ روڈ بروز شنبہ بعد نماز مغرب مقرر ہے ۔ آغاز مولانا محمد پذیر الدین اشرفی کی قرات کلام پاک و نعت شریف سے ہوگا ۔ مولانا ابو زاہد شاہ سید وحید اللہ حسینی القادری الملتانی درس قرآن مجید دیں گے اور تفسیر بیان کریں گے ۔۔
لڑکیوں کے لیے
آج فن قرات کی خصوصی کلاس
حیدرآباد ۔ 30 ۔ مئی : ( راست ) : اقراء قرات سوسائٹی کے زیر اہتمام قاری محمد عبدالقیوم شاکر بانی و معتمد سوسائٹی ہفتہ کو بعد نماز مغرب سوسائٹی کے مرکزی آفس کوچہ مرزا عباس قاضی پورہ شاہ علی بنڈہ میں لڑکیوں ( خواتین ) کے لیے فن قرات کی خصوصی تربیتی کلاس لیں گے ۔ شرکت کی عام اجازت رہے گی ۔ تفصیلات کے لیے 9440486723 پر ربط کریں ۔۔
مجلس دعوت و ارشاد کے اجتماع
حیدرآباد ۔ 30 ۔ مئی : ( پریس نوٹ ) : مجلس دعوت و ارشاد کے ہفتہ واری دینی ، علمی ، اصلاحی اجتماعات زیر صدارت مفتی سید صادق محی الدین فہیم بروز ہفتہ بعد نماز مغرب متصلاً مسجد معاذ ملت نگر عقب نوری نگر بنڈلہ گوڑہ مرکزی اجلاس اور بروز اتوار بعد نماز مغرب متصلًا بمقام مسجد نور محمدی ابراہیم باغ عقب واسیوی کالج عثمان ساگر روڈ میں اجلاس منعقد ہوگا ۔ ہر دو اجلاس میں مفتی سید فاروق محی الدین کا خصوصی خطاب ہوگا ۔ خواتین کے لیے پردہ کا نظم رہے گا ۔۔

محفل نعت پاک
حیدرآباد ۔ 30 ۔ مئی : ( راست ) : محفل نعت پاک یکم شعبان بعد عشاء مسجد حافظ ڈنکا مغل پورہ میں مقرر ہے ۔ صدارت مولانا عرفان اللہ شاہ نوری کریں گے ۔ مہمانان خصوصی کی حیثیت سے مولانا سید احمد علی تاجی شرفی القادری سید روف حسین ، سید عبدالغفور قادری ، جناب محمد عمر عادل ، الحاج محمد ظہور الدین ، شیخ محمد یحییٰ ، مولانا شیخ سالم باوزیر شرکت کریں گے ۔ کنوینر قاری محمد یوسف علی نقشبندی قادری مہمانوں کی شال پوشی و گلپوشی کریں گے صدر استقبالیہ الحاج محمد ظفر علی ہوں گے ۔ الحاج محمد اقبال شریف قادری نظامت کے فرائض انجام دیں گے ۔۔

مدرسہ ابراہیمیہ تحفیظ القرآن الکریم
کا جلسہ تقسیم اسناد و عطائے خلعت
حیدرآباد ۔ 30 ۔ مئی : ( راست ) : جلسہ تقسیم اسناد و عطائے خلعت مدرسہ ابراہیمیہ تحفیظ القرآن الکریم یکم جون 10 ساعت دن زیر صدارت مولانا محمد محبوب شریف نظامی صدر رحمت سوسائٹی کشن باغ جلسہ تقسیم اسناد و عطائے خلعت بسلسلہ تکمیل حفظ قرآن کریم احاطہ مدرسہ ابراہیمیہ تحفیظ القرآن الکریم متصل مسجد چمکورہ خلوت منعقد ہوگا ۔ فارغین طلبہ وطالبات کو اسناد و عطائے خلعت دئیے جائیں گے ۔ اس جلسہ کو مولانا محمد خواجہ شریف شیخ الحدیث جامعہ نظامیہ و مولانا محمد مصطفی شریف ، مولانا سید ظفر احمد جمیل مخاطب کریں گے ۔ خواتین کے لیے پردہ کا نظم ہے ۔۔

انجمن ترقی اردو عظیم تر حیدرآباد کا
معراج النبیؐ نعتیہ مشاعرہ کا انعقاد
حیدرآباد ۔ 30 ۔ مئی : ( پریس نوٹ ) : انجمن ترقی اردو عظیم ترحیدرآباد کے زیر اہتمام 25 مئی اتوار ایوان صابر مغل پورہ میں منعقد ہوئی ۔ جس کی نگرانی جناب محمد اکبر خاں اکبر نے کی اور نظامت کے فرائض ڈاکٹر سلیم عابدی نے انجام دئیے ۔ ابتداء میں باقر تحسین ، انجم شافعی اور تشکیل انور رزاقی نے اس نورانی محفل کے مہمانان خصوصی سامعین حضرات اور شعراء کرام کا استقبال کیا ۔ نعتیہ مشاعرہ کا آغاز تلاوت کلام پاک سے ہوا ۔ بعد ازاں شعرا کرام مسرس اکبر الدین اکبر ، سلیم عابدی ، جلال عارف ، انجم شافعی ، وحید پاشاہ قادری ، شوکت علی درد ، باقر تحسین ، قابل حیدرآبادی ، شیخ اسماعیل صابر ، خلش حیدرآباد ، ظفر فاروقی اور تشکیل انور رزاقی نے بارگاہ رسالت مآب ؐ میں ہدیہ نعت کا نذرانہ پیش کیا۔ باقر تحسین کے شکریہ پر یہ محفل اختتام پذیر ہوئی ۔ تشکیل انور رزاقی اس یادگار محفل رسول کے کنوینر و میزبان تھے ۔۔