مذہبی خبریں

علم سے معرفت خداوندی کا حصول
جامعتہ المومنات میں کتب کا رسم اجراء ، مولانا سید شاہ بدر الدین قادری الجیلانی کا خطاب
حیدرآباد ۔ 30 ۔ اپریل : ( راست ) : علامہ سید شاہ بدر الدین قادری الجیلانی صدر کل ہند سنی علماء بورڈ نے جامعتہ المومنات مغل پورہ میں 3 کتاب نور ہدایت مصنفہ مفتیہ ناظمہ عزیز ۔ الباقیات الصالحات مصنفہ مفتیہ تہمینہ تحسین ۔ نصیحت آموز حکایتیں مصنف مفتی محمد کاظم حسین نقشبندی کی رسم اجراء عمل میں لائی بعد اجراء خطاب کرتے ہوئے کہا کہ علم نور ہے جس سے معرفت خداوندی حاصل ہوتی ہے ۔ علم دین قرآن و حدیث کی تعلیم ہے اس کا مقصد خدا کی رضا حاصل کرنا ہے اور خدا کی رضا انبیاء علیھم السلام سے فیضان حاصل کرنے میں ہے اور علم سے آدمی کو افضلیت حاصل ہوتی ہے ۔ اس تقریب کا آغاز حافظہ سمیرہ خاتون کی قرات کلام پاک اور قاریہ رومیصاء افشین کی نعت شریف اور قاریہ ناز محمدی کی منقبت سے ہوا ۔ حضرت سید شاہ نجم الدین قادری جیلانی نے کہا کہ مسلمانوں پر حضورﷺ کی تعظیم و توقیر واجب ہے اور جب تک عشق رسولؐ سے دل معمور نہ ہو ایمان مکمل نہیں ہوتا ۔ سید شاہ حامد حسین شطاری نے کہا کہ علامہ بدر الدین قادری جیلانی میں آپ کے والد علامہ سید شاہ رشید پاشاہؒ کی جھلکیاں نظر آتی ہے ۔ آپ علم ، حلم ، اخلاص اور عاجزی و انکساری میں اپنے والد محترم کی طرح ہیں ۔ سرزمین حیدرآباد کی طرح اب امریکہ کی سرزمین شکاگو میں علم دین کے نور سے لوگوں کو مستفید کررہے ہیں ۔ جناب فاروق علی خاں ایڈوکیٹ نے کہا کہ مولانا الجیلانی کی تعلیمات اور نصیحتوں پر طالبات اگر عمل کرے تو دنیا و آخرت سنوارسکتی ہیں ۔ اس اجلاس میں مفتی حافظ محمد مستان علی قادری نے مہمانوں کا خیر مقدم کیا جب کہ مفتی محمد کاظم حسین نقشبندی ، سید سمیع اللہ ، جناب محمد احمد پاشاہ قادری ، عبدالرحیم قادری ، مولانا صوفی عبدالواسع ، حافط محمد صابر پاشاہ قادری نے شرکت کی ۔ مفتی حسن الدین نے کلمات تشکر ادا کیا ۔ علامہ سید شاہ بدر الدین قادری جیلانی کی دعا و سلام پر اس اجلاس کا اختتام عمل میں آیا ۔۔

عرس شریف
حیدرآباد ۔ 30 اپریل ۔ (راست ) حبیب طالب بن عمر العطاس کی اطلاع کے بموجب حضرت العلامہ مولانا حبیب عبداﷲ بن عیدروس العطاس العلوی الحسینی کا 95 واں عرس مبار ک یکم رجب المرجب ۱۴۳۵ھ بروز جمعرات کو زیرنگرانی حضرت سید شاہ طاہر القادری الموسوی عظیم الشان پیمانے پر منعقد ہوگا۔ تقریبات عرس کا آغاز بعد نماز عصر ختم قرآن و برآمدگی صندل شریف از آستانہ ٔ العطاسیہ سے ہوگا ۔ مراسم صندل مالی کے فرائض سجادہ نشین و متولی خلیفۂ بانوا حبیب عمر بن عبداﷲ العطاس قادری صبغت اﷲ شاہ المعروف حبیب فاروق العطاس انجام دیں گے بعد مغرب طعام تبرک برائے خاص و عام اور بعد عشاء قصیدہ بردہ شریف و محفل سماع کا انعقاد عمل میں آئیگا ۔وابستگان سے زیادہ سے زیادہ تعداد میں شرکت کی خواہش کی جاتی ہے ۔

مدارس دینیہ ایمان و اسلام کی حفاظت کے اہم ذرائع
جلسہ تکمیل حفظ قرآن ، مولانا قاضی محمد سمیع الدین قاسمی کا خطاب
حیدرآباد ۔ 30 ۔ اپریل : ( راست ) : مدارس دینیہ دین و اسلام کی تحفظ کے اہم ذرائع ہیں یہاں انسانیت سکھائی جاتی ہے ۔ مدارس دینیہ اگر بہترین عمارتوں کی شکل ہو لیکن مقصد تعلیم پر توجہ نہو تو بیکار ہے ۔ ان خیالات کا اظہار مولانا قاضی محمد سمیع الدین قاسمی نے دارالعلوم ابراہیمیہ اسبسطاس ہلز کالونی بالا نگر میں منعقدہ جلسہ تکمیل حفظ قرآن مجید سے خطاب کرتے ہوئے کیا جو مولانا حافظ محمد ذکی الدین راہی حسامی سیوا نگری بانی و مہتمم مدرسہ ہذا کی صدارت میں منعقد ہوا ۔ مولانا نے کہا قرآن میں تقریبا 69 مقامات پر ہزار الفاظ میں تعلیم کی اہمیت بیان کی گئی ہے ۔ سب سے پہلا لفظ اقراء ہے ۔ مسلمان کو اللہ نے جو سعادت بخشی وہ سب سے پہلا لفظ قرآن میں نازل ہونے والا اقراء ہے ۔ اس سورت میں سب سے پہلی پانچ آیتیں جس میں قلم کی تعلیم کا تذکرہ ہے ۔ ایک حدیث میں حضورؐ نے فرمایا میں معلم بناکر بھیجا گیا ہوں اور ایک حدیث میں علم ہی کی بنیاد پر علماء کو انبیاء کا وارث کہا گیا ۔ مولانا نے حفظ قرآن تکمیل کرنے پر طالب علم کو اور ان کے سرپرستوں کو بالخصوص بانی مدرسہ مولانا راہی کو مبارکباد دی اور اس ادارہ کے معاونین محبین مخلصین قابل مبارکباد ہیں ۔ اللہ ان حضرات کو جزائے خیر عطا فرمائے ۔ مولانا محمد عاشق الہی ہاشمی صدر مدرسہ جامعہ عربیہ سیوا نگر نے خطاب کرتے ہوئے کہا حضورؐ نے فرمایا تم میں بہترین شخص وہ ہے جو قرآن سیکھے اور دوسروں کو سکھائے ۔ یہ ادارہ جامعہ سیوا نگر دن بہ دن ترقی کے منازل طے کررہاہے اللہ اسے مزید ترقیات سے نوازے ۔ مولانا حافظ محمد امتیاز الدین قاسمی نے حافظ محمد امیر الحق کو آخری رکوع پڑھا کر تکملہ کروایا ۔ بکثرت گلپوشی کی گئی اور انعامات سے نوازا گیا ۔ حافظ عبدالحفیظ ، شیخ یونس الدین ، قاری سید ہاشم جامعی ، مولانا غلام مصطفی قاسمی نے بحیثیت مدعوئین خصوصی شرکت کی ۔ حافظ محمد تقی الدین حسامی نے نظامت کے فرائص انجام دئیے ۔ حافظ محمد امیر الحق نے قرآن مجید کے حقوق اور اس کی حفاظت پر کے عنوان پر تقریر پیش کی ۔ مولانا محمد ذکی الدین راہی حسامی نے تعلیمی رپورٹ پیش کی ۔ صدر انتظامی کمیٹی مدرسہ ہذا الحاج اندور محمد اعجاز اے پی این ٹریڈرس مشیر آباد کے تعاون کی ستائش کی ۔ شرکاء کی کثیر تعداد تھی ۔ جن میں قابل ذکر مولانا سعید احمد حسامی ، حافظ محبوب علی ، حافظ ظفر احمد حافظ عبدالصمد مولوی عبدالواحد ، حافظ عبدالمجیب ، مفتی عبدالشکور قاسمی ، حافظ غلام ربانی فیضی حافظ احمد علی فیضی ، عبدالحمید بھائی ہیں ۔۔

حج و عمرہ تربیتی کورس کا آغاز
حیدرآباد ۔ 30 ۔ اپریل : ( راست ) : عازمین حج و عمرہ کی دینی تربیت و عملی رہنمائی کے لیے لبیک سوسائٹی کے زیر اہتمام پہلا 10 روزہ حج و عمرہ تربیتی کورس یکم مئی صبح 10 تا 11 بجے دن انسٹی ٹیوٹ آف عربک متصل ہوٹل سٹی ڈائمنڈ نزد رعیتو بازار مہدی پٹنم شروع کیا جارہا ہے ۔ جو 10 مئی تک جاری رہے گا ۔ جس میں حج و عمرہ کی خصوصی دعائیں معہ ترجمہ و تشریح ، حج و عمرہ کے مسائل و احکام ، حرمین شریفین کی جنرل انفارمیشن اور عربی زبان سکھائی جاتی ہے ۔ حج کمیٹی اور خانگی اداروں سے روانہ ہونے والے سبھی عازمین حج و عمرہ اور زائرین مدینہ منورہ حضرات و خواتین استفادہ کرسکتے ہیں ۔ تفصیلات کے لیے 9290164227 پر ربط کریں ۔۔

سیرت النبیؐ کورس
حیدرآباد ۔ 30 ۔ اپریل : ( راست ) : رسول اللہ ﷺ کی سیرت طیبہ کا جاننا ہر مسلمان کے لیے ضروری ہے ۔ اس لیے کہ یہ ہمارے کلمہ کا حصہ ہے ۔ آپؐ خاتم الانبیاء ہیں۔ اسی مقصد کے تحت مولانا مفتی سید آصف الدین ندوی قاسمی بانی انسٹی ٹیوٹ آف عربک مہدی پٹنم نے ایک مرتب و منفرد اور جامع سیرت النبیؐ دس روزہ کورس ترتیب دیا ہے جس میں رسول اللہ ؐ کی ولادت مبارکہ سے لے کر تمام حالات زندگی سال بہ سال ، عہد بہ عہد بیان کئے جائیں گے ۔ کلاس کے اوقات صبح 10 تا 11 بجے دن ہوں گے ۔ دوسرا بیاچ 10 مئی سے انسٹی ٹیوٹ آف عربک ، سعید کمرشیل کامپلکس ، مہدی پٹنم میں ہوگا ۔ خواہشمند حضرات و خواتین طلبہ وطالبات اوقات کار 9 تا 1 بجے دن رجسٹریشن کروالیں ۔ بیاچ میں نشستیں محدود رکھی گئی ہیں ۔ تفصیلات کے لیے 9849611686 پر ربط کریں ۔۔

محفل حمد و نعت
حیدرآباد /30 اپریل ( راست ) خانقاہ قادریہ ابراہیمیہ کے زیر اہتمام جمعرات یکم مئی کو بعد نماز عشاء مسجد حضرت عمر فاروقؓ واقع حشمت پیٹ نزد ایل این آئی ایم ایچ ہاسپٹل سکندرآباد میں زیر سرپرستی صوفی شیخ کریم الدین علی شاہ قادری الازہری محفل حمد و نعت مقرر ہے ۔ مولانا قاضی شیخ قادر محی الدین قادری خصوصی خطاب کریں گے ۔ قاری محمد عبدالمنان کی قرات ہوگی ۔ جناب محمد زاہد قادری نظامت کے فرائض انجام دیں گے ۔ خواتین کیلئے پردے کا انتظام رہے گا ۔

جلسہ اصلاح معاشرہ
حیدرآباد /30 اپریل ( راست ) مولانا محمد زکریا فہد قاسمی کی اطلاع کے بموجب بتاریخ یکم اپریل بروز جمعرات بعد نماز ظہر مسجد صراط مستقیم آزاد نگر عنبرپیٹ میں عظیم الشان پیمانے پر جلسہ اصلاح معاشرہ منعقد ہے ۔ مہمان مقرر مولانا شاہ محمد جمال الر خطیب جامع مسجد معظم پورہ ہوں گے ۔ صدارت حافظ محمد غوث رشیدی ناظم اعلی مدرسہ ہذا کریں گے ۔ جلسہ کی کارروائی مولانا شیخ عبیداللہ حسامی چلائیں گے ۔ جلسہ کا آغاز حافظ و قاری ابراہیم کی قرات کلام پاک سے ہوگا ۔ خواتین کیلئے پردہ کا نظم رہے گا ۔

حلقہ ذکر الہیٰ و نعت شاہ کونینﷺ
حیدرآباد ۔ 30 ۔ اپریل : ( راست ) : حلقہ ذکر الہیٰ و نعت شاہ کونینؐ زیر نگرانی حضرت شاہ محمد صدیق مینائی چشتی قادری واقع آستانہ مینائی پھول باغ ، جہاں نما میں بروز جمعرات بعد عشاء مقرر ہے ۔ ذکر الہیٰ و دعا کے بعد نعت شریف کا آغاز ہوگا ۔ آخر میں خصوصی دعا ہوگی ۔۔

درود شریف کی محفل
حیدرآباد ۔ 30 ۔ اپریل : ( راست ) : خانقاہ صوفی ابوالعلائی مصری گنج میں بروز جمعرات بعد نماز عشاء خاتمہ خواجگان اور درود شریف کی محفل منعقد ہوگی ۔ سجادہ نشین و متولی الحاج محمد زبیر چشتی صوفی ابوالعلائی کی نگرانی میں محفل منعقد ہوگی ۔ بعد ازاں خصوصی دعا ہوگی ۔۔

حلقہ ذکر و ختم خواجگان
حیدرآباد ۔ 30 ۔ اپریل : ( راست ) : حلقہ ذکر درود شریف و ختم خواجگان بروز جمعرات بعد نماز عشاء بمقام درگاہ حضرت شیخ جی حالیؒ زیر سرپرستی مولانا محمد مظفر علی چشتی ابوالعلائی سجادہ نشین و متولی مقرر ہے ۔ مراقبہ و مکاشفہ کے بعد دعا سلامتی اور سلام بحضور خیر الانام اور تقسیم تبرک پر اختتام ہوگا ۔۔
٭٭ ہفتہ واری مجلس حلقہ ذکر و فکر بروز جمعرات بعد نماز عشاء قیام گاہ مولانا سید ارشد پاشاہ قادری واقع نزد خواجہ ہوٹل تاڑبن میں مقرر ہے ۔ حافظ سید فصیح اللہ قادری کی قرات بزرگ نعت خواں خواجہ احمد علی شاہ کی نعت شریف کے بعد ذکر کا آغاز ہوگا اور خصوصی دعا ہوگی ۔۔

فاتحہ حضرت خواجہ محبوب مرزا چشتیؒ
حیدرآباد ۔ 30 ۔ اپریل : ( راست ) : سالانہ فاتحہ خواجہ خواجگان خواجہ غریب نوازؒ ماہانہ فاتحہ حضرت محبوب الہ خواجہ محبوب مرزا چشتیؒ 2 رجب کو درگاہ شریف حضرت محبوب گلشن سرور نگر میں مقرر ہے ۔ چار بجے شام تلاوت کلام پاک ، ختم خواجگان فاتحہ بعد مغرب چراغ چشتیاں روشن ہوں گے اور سماع کی محفل منعقد ہوگی ۔ بعد محفل سماع سلام بحضور اکرم آقائے دوجہاںﷺ میں پیش کیا جائے گا ۔۔

عرس شریف
حیدرآباد ۔ 30 ۔ اپریل : ( راست ) : عرس شریف حضرت خواجہ میاں مجذوبؒ زیبا باغ آصف نگر میں یکم مئی کو بعد نماز فجر تلاوت کلام پاک و مجلس قل و چادر گل پیش کی جائے گی ۔ مراسم عرس خواجہ شاہ عثمان علی سجادہ نشین و متولی انجام دیں گے ۔۔