مذہبی خبریں

جمعیتہ علماء کا گجرات ہائی کورٹ سے رجوع ہونے کا فیصلہ
مساجد کی تعمیر مسلمانوں کے دین و ایمان کی بقاء کا موثر ذریعہ
دو مساجد کا افتتاح ، مولانا سعید اکبر اور مولانا انصار اللہ قاسمی کے خطابات
حیدرآباد۔ 23 اپریل (پریس نوٹ) شہری علاقوں میں دینی اجتماعات اور مختلف ملی تنظیموں کی سرگرمیوں کی وجہ سے دینی ماحول بنا رہتا ہے۔ شہر کے مسلمانوں میں دینی معلومات نہ بھی رہیں تو کم از کم انہیں اپنے مسلمان ہونے کا شعور و احساس تو رہتا ہے لیکن دیہاتوں کی غریب مسلم آبادیوں کی صورتحال مختلف ہے۔ وہاں دینی ماحول اور فضاء نہ ہونے کی وجہ سے قادیانیت اور عیسائیت کی ارتدادی سرگرمیوں کے پھیلنے کا زیادہ امکان رہتا ہے، اس کی وجہ سے سے بعض اوقات دیہات کے مسلمانوں میں اپنے مسلمان ہونے کا شعور بھی باقی نہیں رہتا۔ ان حالات میں دیہات کے مسلمانوں کے درمیان مساجد کی تعمیر ان کے دین و ایمان کی بقاء اور ان کی مذہبی و ملی تشخص کی حفاظت کا موثر ذریعہ ہے۔ کونہ سمندر منڈل بھیمگل نظام آباد اور موراپلی منڈل جگتیال کریم نگر میں مجلس تحفظ ختم نبوت ٹرسٹ آندھرا پردیش کی زیرنگرانی تعمیر شدہ مساجد کے افتتاح کے موقع پر مولانا انصار اللہ قاسمی آرگنائزر مجلس تحفظ ختم نبوت نے ان خیالات کا اظہار کیا۔ مولانا مفتی سعید اکبر صدر مجلس تحفظ ختم نبوت نظام آباد نے کہا کہ زمین پر اللہ تعالیٰ کو سب سے محبوب ترین جگہ مسجد ہے اور سب سے ناپسند جگہ بازار ہے۔ تلاوت قرآن سے افتتاحی تقریب کا آغاز ہوا۔ مولانا وجیہ الدین قاسمی ناظر مجلس تحفظ ختم نبوت نے ہدیہ نعت پیش کی۔ مولانا مفتی عبدالمعز شامزی حسامی صدر مجلس تحفظ ختم نبوت مٹ پلی نے کارروائی چلائی۔ حافظ جلال الدین، مولانا اکرام قاسمی، مولانا عمر علی بیگ اور دیگر بھی موجود تھے۔

’حسد اعمال صالحہ کے اجر و ثواب سے محرومی کا سبب
جامع مسجد ایرفورس میں مولانا حافظ محمد ذکی الدین راہی حسامی کا خطاب
حیدرآباد۔ 23 اپریل (راست) انبیائے کرام علیہم السلام کی بعثت کا مقصد اللہ کے احکامات کو لوگوں تک پہونچانا ہے۔ ارشاد باری ہے: ائے رسولؐ جو کچھ آپ کے رب کی جانب سے نازل کیا گیا ہے، اس کو لوگوں تک پہونچادیں‘‘۔ بعثت نبیؐ کا دوسرا مقصد یہ ہوتا ہے۔ نبی ایسا صالح ،نیک اور اخلاق عالیہ سے مزین معاشرہ تشکیل دے جس میں پائے جانے والی اخوت، محبت ، بھائی چارگی ، احترام ،انسانیت، عفو و درگذر اور اُلفت و احسان کی بھینی بھینی خوشبو سے زمین کے گوشے مہک اُٹھیں نیز نفرتوں عداوتوں اور اوصاف رذیلہ کا نام و نشان باقی نہ رہے۔ ان خیالات کا اظہار مولانا حافظ محمد ذکی الدین راہی حسامی سیوانگری بانی و مہتمم دارالعلوم ابراہیمیہ اسبسطاس ہلز کالونی نے جامع مسجد ایرفورس گوتم نگر بالانگر حیدرآباد میں منعقدہ مسلمانوں کے ایک کثیر اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ مولانا نے کہا کہ آپؐ نے انسانیت کے احترام کے اصول اور حقوق انسانی کے گوشوں سے بندگان خدا کو واقف کراتے ہوئے چند نصیحتوں کا ذکر فرمایا، معاشرتی اصلاح کے نسخۂ کیمیاء کا ذکر کرتے ہوئے فرمایا آپس میں حسد مت کرو۔ مولانا راہی نے کہا کہ شریعت کی اصطلاح میں حسد یہ ہے کہ ایک انسان کو اللہ کی عطا کردہ نعمتوں کی وجہ سے دوسرے انسان سے جلنے لگے۔ یہ ایسا گناہ ہے جو انسان کو اعمال صالحہ کے اجر و ثواب سے محروم کردیا کرتا ہے۔ ایک حدیث میں ارشاد نبویؐ ہے :تم لوگ حسد سے بچو، اس لئے کہ حسد نیکیوں کو اس طرح کھا جاتا ہے جس طرح سے آگ خشک لکڑی کو ۔ تمام امراض باطنہ میں سے حسد سب سے مہلک مرض ہے۔ مولانا نے امت مسلمہ کو آپس میں حسد جیسے گناہ سے بچنے پر زور دیا۔ دعا پر اجتماع اختتام کو پہونچا ہے۔

مولانا عبدالقوی کی ضمانت استرداد پر اظہار حیرت ، قانونی و دیگر پہلوؤں کا جائزہ
حیدرآباد ۔ 23 ۔ اپریل : ( سیاست نیوز) : دہشت گردی کے فرضی الزامات کا سامنا کررہے مولانا عبدالقوی صاحب کی ضمانت کے استرداد کے خلاف جمعیتہ علماء نے گجرات ہائی کورٹ سے رجوع ہونے کا فیصلہ کیا ہے ۔ خصوصی پوٹا کورٹ احمد آباد میں گذشتہ یوم عدالت نے مولانا عبدالقوی کو 10 سال سے مفرور ملزم تسلیم کرتے ہوئے ان کی درخواست ضمانت کو مسترد کردیا تھا جب کہ جمعیتہ علماء کے ایڈوکیٹس نے یہ ثابت کرنے کے لیے کہ مولانا عبدالقوی نے کبھی کوئی دن چھپ کر یا مفرور نہیں گزارا زائد از 72 ثبوت و شواہد پیش کئے جس میں دستاویزی ثبوت شامل تھے اس کے باوجود مولانا کی ضمانت کے استرداد پر حیرت کا اظہار کرتے ہوئے جمعیتہ علماء کے ذمہ داران بشمول مولانا سید محمود مدنی ، مولانا حکیم الدین قاسمی ، مولانا حافظ پیر شبیر احمد نے کافی غور و خوض کے بعد پوٹا کورٹ کے اس فیصلہ کے خلاف گجرات ہائی کورٹ سے رجوع ہونے کا فیصلہ کیا ۔ قبل ازیں اس بات پر غور کیا جارہا تھا کہ احمد آباد ، پوٹا کورٹ میں درخواست ضمانت مسترد کئے جانے کے بعد فوری ہائی کورٹ میں ضمانت کے لیے درخواست داخل کی جائے لیکن تمام قانونی پہلوؤں اور دیگر امور کا جائزہ لینے کے بعد اس فیصلہ میں معمولی ترمیم کے ساتھ پوٹا عدالت کے فیصلہ کے خلاف گجرات ہائی کورٹ سے رجوع ہونے کا فیصلہ کیا گیا ہے ۔

ذمہ داران جمعیتہ علماء نے پوٹا کورٹ کی جانب سے درخواست ضمانت مسترد کئے جانے پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ایسا محسوس ہورہا ہے کہ اس مقدمہ پر کوئی دباؤ ہے جس کے سبب یہ حالات پیدا ہورہے ہیں ۔ واضح رہے کہ مولانا عبدالقوی حیدرآباد ، آندھرا پردیش بلکہ برصغیر ہند میں ایک انتہائی معتبر اور متقی عالم دین کی حیثیت سے اپنی شناخت رکھتے ہیں اور ملک بھر میں ان کی نگرانی میں مخالف دہشت گردی کے عنوان سے جلسے منعقد ہوتے رہے ہیں ۔ مولانا عبدالقوی کے مریدین و معتقدین کے علاوہ چاہنے والوں کی بڑی تعداد حیدرآباد بالخصوص علاقہ ملک پیٹ میں موجود ہے اور ان حالات میں سب ہی مولانا کی رہائی کے لیے متفکر ہیں ۔ جمعیتہ علماء ہند کے وکلاء کی ٹیم جناب محمود پراچہ کی نگرانی میں ایڈوکیٹ تہور خاں پٹھان اور الیاس پٹھان مولانا کے دفاع میں مصروف ہیں ۔ دفاعی وکلاء کو یقین ہے کہ مولانا عبدالقوی کی رہائی قانونی اعتبار سے جلد از جلد ہوجائے گی ۔۔

حلقہ ذکر و ختم خواجگان
حیدرآباد ۔ 23 ۔ اپریل : ( راست ) : حلقہ ذکر درود شریف و ختم خواجگان 24 اپریل بعد نماز عشاء درگاہ حضرت شیخ جی حالیؒ زیر سرپرستی مولانا محمد مظفر علی صوفی چشتی ابوالعلائی سجادہ نشین و متولی مقرر ہے ۔ مراقبہ و مکاشفہ کے بعد دعا سلامتی اور بحضور خیر الانام اور تقسیم تبرک پر اختتام ہوگا ۔۔

جامعہ عائشہ نسواں میں
درس بخاری شریف
حیدرآباد ۔ 23 ۔ اپریل : ( راست ) : میر مقبول علی الہاشمی معتمد عمومی کے بموجب لڑکیوں کی معروف دینی درس گاہ جامعہ عائشہ نسواں کے زیر اہتمام 26 اپریل کو جامعہ عائشہ نسواں ، داراب جنگ کالونی نزد عیدگاہ قدیم مادنا پیٹ میں جلسہ عام بعنوان ’ تکمیل حفظ قرآن مجید و اختتام درس بخاری شریف ‘ منعقد کیا جارہا ہے ۔ مولانا خالد سیف اللہ رحمانی سرپرست جامعہ صدارت کریں گے ۔ مہمان خصوصی مولانا یونس پالن پوری بخاری شریف کی آخری حدیث کا درس دیں گے ۔ اس کے علاوہ شہر کے علماء کرام مولانا شاہ جمال الرحمن مفتاحی ، مولانا قاضی سمیع الدین قاسمی ، مولانا سید محمد اکبر مفتاحی ، مولانا محمد حسام الدین ثانی عامل جعفر پاشاہ ، مفتی مولانا عبدالوہاب نیلور کے بھی خطابات ہوں گے ۔ حافظ عبداللہ کلیمی قرات اور حافظ و قاری تاج الدین سعید نعت شریف پیش کریں گے ۔ مولانا محمد خواجہ نذیر الدین سبیلی ناظم جامعہ نے علماء حفاظ اور عوام الناس سے شرکت کی اپیل کی ہے ۔۔

جلسہ اصلاح معاشرہ
حیدرآباد ۔ 23 اپریل (راست) حافظ سید عباد بن ذکی قاسمی کی اطلاع کے بموجب 24 اپریل کو بعد نماز ظہر 1.30 بجے مسجد صراط مستقیم آزاد نگر عنبرپیٹ میں زیرصدارت مولانا محمد ذکریا فہد قاسمی منعقد ہے۔ مہمان مقرر مولانا الیاس احمد رشادی ہوں گے۔