مذہبی خبریں

شعبان کے مہینہ کو ذات محمدی ؐ سے نسبت حاصل
مسلمان صدق دل کے ساتھ توبہ و استغفار اور عبادات میں مصروف رہیں اور رمضان کا استقبال کریں
حیدرآباد ۔ 21 مئی (راست) ملت اسلامیہ اس حقیقت سے بخوبی واقف ہے کہ رب تبارک و تعالیٰ نے رجب، شعبان اور رمضان کو تمام مہینوں پر فضیلت بخشی ہے اور مسلمان ان مہینوں میں عبادات، توبہ و استغفار، تلاوت قرآن، ذکر و اذکار میں مصروف رہتے ہیں بلکہ ان مہینوں میں اللہ تعالیٰ نے متبرک راتیں بھی مسلمانوں کو عطا کی ہیں۔ لہٰذا اکابرین امارت شرعیہ (تلنگانہ و آندھرا) عامتہ المسلمین سے حسب روایت قدیم یہ اپیل کرتے ہیں کہ شب برأت کے موقع پر اور دیگر دنوں اور اوقات میں اپنے نفسوں کا محاسبہ کرتے ہوئے صدق دل کے ساتھ رسول کریم صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کے وسیلہ سے اللہ کی بارگاہ میں کثرت سے توبہ و استغفار کریں اور متبرک رات کو عبادات میں گذاریں۔ اپنے لئے، اپنے اہل و عیال کیلئے اور اسلام کی بقاء کیلئے گڑگڑا کر دعائیں کریں۔ اس لئے کہ اس رات کو اللہ تعالیٰ دعاؤں کو قبول فرماتا ہے۔ جیسا کہ سرکار دوعالم صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کا ارشاد ہیکہ شعبان میرا مہینہ ہے اور رمضان اللہ تعالیٰ کا مہینہ ہے۔ اس طرح مسلمان ان ایام کو غفلت میں نہ گذار دیں بلکہ ان ایام میں نفل روزے رکھیں اور جیسا کہ برأت کی رات کیلئے بتایا گیا کہ رات کو قیام کرو اور دن میں روزہ رکھو۔ اس رات کو مسلمان لہولعب میں نہ گذاریں اور اپنی اولاد کو سڑکوں پر گھونے سے منع کریں اور عبادات میں مصروف رکھیں۔ آخر میں حکومت تلنگانہ سے ہماری اپیل ہیکہ ان متبرک مہینوں کے موقعوں پر خصوصی انتظامات کی طرف توجہ دیں۔ ستم ظریفی یہ ہیکہ ان مہینوں کے آغاز کے بعد بھی جیسا کہ ہر حکومتِ وقت علماء و مشائخ و قائدین ملت کا مشترکہ اجلاس انتظامات کے سلسلہ میں طلب کرتی رہی لیکن حکومت وقت کی اس جانب کوئی توجہ نہیں ہے۔ یہ اور بات ہیکہ حکومتِ وقت نے اقلیتوں کے مختلف امور کی طرف توجہ دے رہی ہے جس کی سب ہی ستائش کرتے ہیں لیکن اقلیتوں کے بنیادی مسائل و دیگر امور سے پہلوتہی کی جارہی ہے۔ لہٰذا اس طرف بھی حکومت کی توجہ کی ضرورت ہے۔ مشترکہ بیان جاری کرنے والوں میں علماء و مشائخ امارت شرعیہ (تلنگانہ و آندھرا) مولانا مفتی خلیل احمد، امیر شریعت (امارت شرعیہ، تلنگانہ و آندھرا)، مولانا سید محمد قبوال بادشاہ قادری الشطاری (نائب امیر شریعت، امارت شرعیہ)، مولانا سید علی اکبر نظام الدین حسینی صابری (نائب امیر شریعت امارت شرعیہ)، مولانا سید اسرار حسین رضوی المدنی (مشیراعلیٰ امارت شرعیہ)، مولانا سید محمد صدیق حسینی عارف قادری (نائب امیر شریعت، امارت شرعیہ)، مولانا سید فضل اللہ قادری الموسوی (آرگنائزنگ سکریٹری، امارت شرعیہ)، مولانا محمد مظفر علی نیازی مدیر صحیفہ (معتمد امارت شرعیہ)، مولانا سید محمود بادشاہ قادری زرین کلاہ (رکن امارت شرعیہ)، مولانا سید ظہیرالدین علی صوفی قادری (رکن امارت شرعیہ)، مولانا سید حامد محمد قادری (رکن امارت شرعیہ)، مولانا سید محمد ابراہیم قادری فاروق پاشاہ زرین کلاہ (رکن امارت شرعیہ)، مولانا سید غلام غوث شیخن احمد قادری الشطاری کامل بادشاہ (رکن امارت شرعیہ)، مولانا سید قطب الدین حسینی زید صابری (رکن امارت شرعیہ)، مولانا سید لیاقت حسین رضوی (رکن امارت شرعیہ)، مولانا سید میراں حسینی بغدادی (رکن امارت شرعیہ)، مولانا سید تنوید عالم قادری الموسوی (رکن امارت شرعیہ)، مولانا سید عظمت اللہ چشتی نیازی (رکن امارت شرعیہ) و دیگر اراکین امارت شرعیہ شامل ہیں۔

 

قلی قطب شاہ اسٹیڈیم میں آج جلسہ شب برأت
مفتی شہزور عالم مہمان مقرر، کل ہند بزم رحمت عالم کا اعلان
حیدرآباد ۔ 21 مئی (راست) کل ہند بزم رحمت عالم کے زیراہتمام جشن شب برأت اتوار 22 مئی کو 9 بجے شب قلی قطب شاہ اسٹیڈیم پر منعقد ہوگا۔ مولانا اسرار حسین رضوی المدنی سرپرستی کریں گے جبکہ ایم اے مجیب صدر کل ہند بزم رحمت عالم نگرانی کریں گے۔ اس جلسہ شب برأت سے بیرونی عالم دین مولانا مفتی شہزور عالم (بہار) خصوصی خطاب کریں گے۔ ان کے علاوہ مولانا مظفر حسین خان قادری بندہ نوازی، جناب احسان عابد (آئی اے ایس)، مولانا عابد حسین نظامی و دیگر علماء کرام فضائل شب برأت پر تفصیل سے روشنی ڈالیں گے۔ اس موقع پر سوہ یٰسین کی تلاوت اور اجتماعی دعا کی جائے گی۔ حافظ و قاری سید ناظم الدین قادری ملتانی قادری کی قرأت سے جلسہ کا آغاز ہوگا۔ سید مدثر قادری، عبداللہ ہند قادری، عبدالفراز قادری، محمد اکرم، قاری محمد بن احمد باوزیر بارگاہ رسالت مآب ؐ میں نعت شریف کا نذرانہ پیش کریں گے۔

 

کل ہند مرکزی میلاد کمیٹی کا آج مرکزی جلسہ شب برأت
مقامی علمائے کرام کے علاوہ علامہ تنویر ہاشمی، علامہ عمر نورانی کی شرکت

حیدرآباد ۔ 21 مئی (راست) ڈاکٹر محمد عبدالنعیم ذکی سیٹھ (معتمد کمیٹی) نے بتایا کہ کل ہند مرکزی میلاد کمیٹی کے زیراہتمام مرکزی جلسہ شب برأت اتوار 22 مئی کو بعد نماز عشاء میلاد میدان روبرو خلوت پیالیس الحاج خواجہ معین الدین اقبال قادری ملتانی (صدر کمیٹی) کی زیرنگرانی منعقد ہوگا۔ جلسہ کا آغاز حافظ غلام محمد خان نقشبندی کی قرأت کلام مجید سے ہوگا۔ قاری اسداللہ شریف، جناب معلم سعد قادری، حافظ محمد فاروق قادری، جناب طہہ العمودی نعت شہہ کونین ؐ سنانے کی سعادت حاصل کریں گے۔ علمائے دین مفتی حافظ سید ضیاء الدین نقشبندی، مولانا محمد آصف عرفان قادری، مولانا حافظ و قاری احسن بن محمد الحمومی کے علاوہ شمالی ہند کے عالم دین مفکراسلام علامہ محمد عمر نورانی (گیار، بہار) اور جنوبی ہند کے خانوادۂ حضرت ہاشم پیر دستگیر ؒ کے چشم و چراغ علامہ سید تنویر ہاشمی (بیجا پور کرناٹک) کے بصیرت افروز خطابات ہوں گے۔ جناب محمد شاکر احمد خطبہ استقبالیہ اور جناب شعیب احمد نظامت کے فرائض انجام دیں گے۔ واضح رہیکہ اس تاریخ ساز اجلاس میں شہر کے علاوہ پڑوسی ریاستوں سے بھی کثیر تعداد میں لوگ شرکت کرتے ہیں۔ اس کے پیش نظر کمیٹی نے وسیع پیمانہ پر انتظامات کئے ہیں۔ جلسہ گاہ میں مختلف مقامات پر مشاہدہ کیلئے کلوز ٹی وی سرکٹ نصب کئے گئے ہیں۔ شہہ نشین پر صرف مدعو حضرات، علماء و مشائخ ہی کا داخلہ رہے گا۔ پروگرام براہ راست (لائیو) نشرکیا جائے گا۔ بارش ہونے کی صورت میں اردو مسکن آڈیٹوریم روبرو شاہ منزل میں جلسہ منتقل ہوجائے گا۔ جلسہ کے اختتام پر عالم اسلام میں امن و امان اور سارے مسلمانوں کیلئے خصوصی رقت انگیز دعا ہوگی۔

 

مرحومین کیلئے دعائے مغفرت اور بلندی درجات کی دعائیں کرنے کا مشورہ
نوجوان اپنا وقت ضائع نہ کریں، محمد شریف اشرفی کا بیان
حیدرآباد ۔ 21 مئی (راست) محمد شریف اشرفی شریک معتمد کل ہند مرکزی کمیٹی غلامان رسول ؐ نے مسلمانوں پر زور دیا کہ وہ شب برأت کی شب اپنے تعلق کو رب سے استوار و مضبوط کریں وہیں آقائے دوجہاں ؐ کی محبت کو دلوں میں جاں گزیں کریں اور دعاؤں کا کثرت سے اہتمام بھی کیا کریں۔ انہوں نے کہاکہ اس رات مسلمان اپنے ان رشتہ دار، دوست احباب کو یاد کرتے ہیں جنہوں نے ان کے ساتھ زندگی کے لمحات گذارے لیکن وہ اب اس دنیا میں نہیں ہے، داعی اجل کو لبیک کہا آج ان کے حق میں مغفرت کی دعائیں کرنا اور ان کے درجات کی بلندی کیلئے دعائیں مانگنا بڑی اہمیت کا حامل ہے۔ انہوں نے کہا کہ جن کے والدین پچھلی رات میں تھے اب دنیا سے پردہ فرما چکے ان کی مغفرت کیلئے یہ مدت ایک تحفہ کے سواء کم نہیں۔ لیکن دیکھا گیا کہ نوجوانوں کی بڑی تعداد اس اہم رات میں اپنے اوقات کو ضائع کرتی ہے۔ اللہ تعالیٰ ان کو اجر سے نوازتا ہے جو اس رات کی برکتوں، رحمتوں اور فضائل کو سننے کیلئے جمع ہوتے ہیں۔ اس لئے ایسے جلسوں میں مسلمان زیادہ سے زیادہ تعداد میں شریک ہوں۔

 

آج چنچلگوڑہ جونیرکالج گراونڈ پر کل ہند مرکزی رحمت عالم کمیٹی کا مرکزی جلسہ شب برأت
مہمان مقررین مفتی محمد شاکر القادری، علامہ محمد صغیر رضا قادری، علامہ محمد جمیل قادری کے خطابات
حیدرآباد ۔ 21 مئی (راست) محمد شاہد اقبال قادری (صدر رحمت عالم کمیٹی) و ڈاکٹرعظمت رسول کی اطلاع کے بموجب کل ہند مرکزی رحمت عالم کمیٹی کے زیراہتمام عظیم الشان مرکزی جلسہ شب برأت 22 مئی اتوار کو بعد نماز عشاء گورنمنٹ جونیر کالج گراونڈ چنچل گوڑہ پر عمل میں آئے گا۔ سرپرستی مولانا سید محمد شاہ قادری ملتانی، صدارت مولانا خلیل علی شاہ بابا قادری قدرتی محبوبی، نگرانی جناب محمد شوکت علی صوفی کریں گے۔ بیرونی مہمان مقرر کرام میں شمالی ہند کے نامور عالم دین، مفکراسلام، مولانا مفتی محمد شاکرالقادری (راجستھان)، مولانا محمد صغیر رضا قادری (اترپردیش)، مولانا محمد جمیل قادری (گجرات) کے بصیرت افروز خطابات ہوں گے۔ اس عظیم رات میں نبی مکرم ؐ کے موئے مبارک کی زیارت کرائی جائے گی۔ نیز عالم اسلام کے مظلوم مسلمانوں بالخصوص فلسطین و شام کے مسلمانوں کیلئے رقت انگیز دعا کا اہتمام کیا جائے گا۔ مقامی علماء کرام میں مولانا ڈاکٹر سید عبدالمعز قادری شرفی (کامل الحدیث جامعہ نظامیہ)، مولانا محمد اقبال رضوی القادری، مولانا ڈاکٹر محمد عبدالنعیم قادری نظامی (کامل الحدیث جامعہ نظامیہ) و نائب صدر رحمت عالم کمیٹی، ڈاکٹر نادرالمسدوسی کے خطابات ہوں گے۔ مہمانان خصوصی کی حیثیت سے مولانا سید محمد عبداللہ حسنی چشتی قادری، مولانا ڈاکٹر محمد اخلاق شرفی، ڈاکٹر مجیب شاہد، ڈاکٹر حیدر یمنی، ڈاکٹر خالد، محمد ضیاء الرحمن، مولانا عرفان بیگ رضوی القادری شرکت کریں گے۔ جلسہ کا آغاز حافظ و قاری صلاح الدین جاوید کی قرأت کلام پاک سے ہوگا۔ بارگاہ رسالت مآب ؐ میں محمد عمران رضا، محمد خلیل رضا، محمد فرحت اللہ شریف، داؤد قادری ہدی نعت پیش کریں گے۔ نظامت کے فرائض حافظ شیخ حسین قادری ملتانی انجام دیں گے۔ صدر استقبالیہ جناب مرزا نثار احمد بیگ نظامی (ایڈوکیٹ سپریم کورٹ) ہوں گے۔ نائبین استقبالیہ جناب محمد افتخار علی (ایڈوکیٹ)، جناب محمد مکرم علی (ایڈوکیٹ)، جناب احمد خان، جناب قادر خان قادری ہوں گے۔ معتمد استقبالیہ سید لئیق قادری و نائب معتمد محمد عبدالکریم رضوی، سید طاہر حسین قادری ہوں گے۔ محمد شاہد اقبال قادری (صدر رحمت عالم کمیٹی) نے کہا کہ اس عظیم الشان مرکزی جلسہ شب برأت میں سامعین کی کثیر تعداد کے پیش نظر رحمت عالم کمیٹی گورنمنٹ جونیر کالج گراونڈ چنچلگوڑہ پر ہزاروں کے مجمع کیلئے خصوصی انتظامات کررہی ہے۔ پینے کے پانی اور پارکنگ کیلئے بہتر انتظام کیا جارہا ہے۔ اس جلسہ کو وقت کی اہم ضرورت سمجھتے ہوئے ملت اسلامیہ کے ہر فرد کی ذمہ داری ہیکہ وہ اس عظیم الشان مرکزی جلسہ میں شرکت کریں۔

 

دینی اجتماعات
حیدرآباد ۔ 21 مئی (راست) جماعت اسلامی ہند چارمینار کا اجتماع عام 22 مئی اتوار کو 11 بجے دن دفتر جماعت اسلامی چھتہ بازار میں منعقد ہوگا۔ درس قرآن حافظ عبدالعزیز دیں گے جبکہ جناب محمد مہتدی بعنوان ’’استقبال رمضان‘‘ پر خطاب کریں گے۔
درس فقہ و فقہی شرعی مسائل
حیدرآباد ۔ 21 مئی (راست) کلیتہ البنین جامعتہ المؤمنات مغلپورہ میں اتوار  22 مئی کو صبح 8 بجے درس فقہ و فقہی شرعی مسائل حافظ محمد صابر پاشاہ قادری دیں گے۔ ڈاکٹر مفتی محمد مستان علی قادری بانی و ناظم اعلیٰ جامعتہ المؤمنات نگرانی کریں گے۔

 

دعائے نصف شعبان
حیدرآباد ۔ 21 مئی (راست) حسب عمل قدیم خانقاہ قادریہ درگاہ شریف باقر نگر عیدگاہ میرعالم (بستی نبی کریم) میں 14 شعبان المعظم اتوار کو دعائے نصف شعبان پڑھائی جائے گی۔ نماز عشاء 10 بجے ادا کی جائے گی۔ بعد نماز عشاء راتب حداد و حلقہ ذکر ہوگا۔ مولانا سید شاہ حیدر علی حسینی القادری حضرت حیدر پاشاہ خلف و جانشین قطب دکن حضرت سید شاہ جعفر صادق حسینی القادری قبلہ فضائل و اعمال شب برأت بیان کریں گے۔ سہ بار یٰسین شریف و دعائے نصف شعبان پڑھائی جائے گی۔ دعائے نصف شب و سلام بحضور خیرالانام ؐ پر اختتام عمل میں آئے گا۔

 

جشن ظہور
حیدرآباد 21 مئی (راست) فرزندان بانی ادارہ چہاردہ معصومین مولوی سید کاظم حسین عابدی مرحوم کی جانب سے 14 شعبان المعظم بوقت 8.30 بجے شب بمقام دائرہ حضرت میر مومنؒ مقرر ہے جس میں سید حسن عباس ہاشم عابدی، سید حیدر عباس عابدی، سید حسین عباس لائق عابدی، سید محمود کاظم عابدی اور سید کامران زیدی قصیدہ خوانی پیش کریں گے۔
اعراس شریف
حیدرآباد 21 مئی (راست) مظہر کمال حضرت سید شاہ شیخن احمد شطاری القادری الملقب شیخن اولیاءؒ کا عرس شریف 22 مئی یکشنبہ کو درگاہ شریف مسجد آستانہ شطاریہ دبیرپورہ میں مقرر ہے۔ بعد عصر مسجد آستانہ شطاریہ میں تلاوت قرآن مجید ہوگا۔ بغور مغرب زیرسرپرستی مولانا سید محمد قبول بادشاہ حسنی الحسینی قادری الشطاری ادیب جانشین حضرت کامل فاتحہ سبوچہ صندل مالی گل افشانی و فاتحہ دعائے امن و سلامتی کے بعد نعت خوانی ہوگی۔ مولانا سید غلام غوث شیخن احمد حسنی الحسینی قادری الشطاری کامل بادشاہ منتخب سجادہ نشین متولی و آستانہ شطاریہ مراسم عرس شریف انجام دیں گے۔
٭ حضرت ابوالقاسم شاہ سید عبدالوہاب حسینی القادری الملتانی قدس سرہ العزیز کا عرس شریف 23 مئی بروز دوشنبہ زیرسرپرستی مولانا سید شفیع اللہ حسینی القادری الملتانی سجادہ نشین درگاہ پیر قطب المشائخ حضرت شاہ سید پیر حسینی القادری الملتانی محقق قدس سرہ العزیز امام پورہ شریف مقرر ہے۔ تقاریب عرس شریف کا آغاز قیامگاہ سجادہ نشین محلہ سمتا کالونی بعد نماز عصر تلاوت کلام پاک و ختم سے ہوگا۔ بعد نماز عشاء درگاہ شریف برمزار معزؒ گل افشانی و فاتحہ ہوگی۔ مراسم عرس شریف خلیفہ و جانشین دوم انجام دیں گے۔
٭ محدث کبیر حضرت حافظ سید عبدالرحمن حسینی البخاری چشتی القادری دہلویؒ کا عرس شریف 23 مئی کو بعد نماز مغرب درگاہ حضرت ممدوح واقع دریچہ بواہیر عثمان باغ میں منعقد ہے۔ بعد نماز مغرب تلاوت قرآن حکیم، رسم صندل مالی پیشکشی چادرگل عطر بیزی، صلوٰۃ و سلام و دعا ہوگی۔ بعد نماز عشاء گولڈن پیالس فنکشن ہال کاماٹی پورہ میں محفل عطائے خرقہ خلافت و اجازت و دستار بندی و محفل سماع منعقد ہوگی۔ جملہ مراسم عرس سجادہ نشین حضرت ممدوح انجام دیں گے۔

 

دینی اجتماع
٭ مرکزی بزم انوار صوفیہ شاہ ولی اللہی کے زیراہتمام درگاہ شریف حضرت سلطان الواعظینؒ واقع صوفی منزل، مصری گنج میں آج بروز اتوار بعد نماز مغرب ہفتہ واری دینی اجتماع مقرر ہے۔ اس موقع پر محفل درود شریف، مجلس ختم خواجگان، مجلس حلقہ ذکر اللہ کے بعد نگران اجتماع مولانا قاضی صوفی شاہ محمد عبدالقادر قادری چشتی ثانی سجادہ نشین و نبیرہ حضرت ممدوحؒ کا خطاب ہوگا۔ صوفی محمد عبدالرحمن تبریز پاشاہ کی قرأت و صوفی محمد عبدالرافع صوفی پاشاہ کی نعت شریف سے مجلس کا آغاز ہوگا۔

 

جلسہ فیضان بایزید بسطامیؒ
حیدرآباد 21 مئی (راست) کل ہند مرکزی مجلس شیخ الاسلام بانی جامعہ نظامیہ کے زیراہتمام جلسہ فیضان بایزید بسطامیؒ زیرصدارت حافظ مولانا غلام احمد قریشی مجددی النقشبندی صدر کل ہند مرکزی مجلس شیخ الاسلام بانی جامعہ نظامیہ 15 شعبان قدیم سنی مرکز مدرسہ برکات الحسنات حسینی علم میں بعد نماز عصر مقرر ہے۔
قرأت قرآن مجید اور اذان کی مفت کلاسیس
حیدرآباد 21 مئی (راست) مدرسۃ النور لتحفیظ القرآن الکریم سعیدآباد میں اتوار کو صبح 10 تا 12 بجے دن حافظ و قاری محمد شوکت اللہ غوری کی زیرنگرانی قرأت کلام پاک اور اذان کی بالکل مفت بہترین عملی مشق کروائی جارہی ہے۔ طلباء و طالبات کے لئے علیحدہ کلاسیس کا نظم ہے۔
دعائے نصف شعبان
حیدرآباد 21 مئی (راست) بضمن شب برأت دعائے نصف شعبان کا خصوصی اہتمام زیرنگرانی حضرت سید شاہ علی رضا حسینی سجادہ نشین حضرت سیدنا جعفر صادق حسینیؒ درگاہ شریف حضرت سیدنا فقیر پاشاہؒ نزد عیدگاہ میر عالم باقر نگر میں 14 شعبان بروز اتوار ہوگا۔ نماز عشاء 9 بجے ہوگی۔ مابعد حلقہ ذکر اللہ و تلاوت یٰسین شریف (سہ بارہ) و دعائے نصف شعبان ہوگی۔
شب برأت، جلسے اور پٹاخوں کی رات نہیں ہے، پیر افتخاری کا پیام
حیدرآباد 21 مئی (پریس نوٹ) پیر افتخاری علامہ سید شاہ قادر محی الدین حسین سنجری سخن چشتی سجادہ نشین و جانشین چشتی چمن سرپرست بزم انوار سخن چشتی چمن نے شب برأت کے موقع پر عامۃ المسلمین کے لئے ایک پیام میں اپیل کی ہے کہ شب برأت کی فضیلت کو سمجھیں۔ شب برأت کا ایک ایک لمحہ نہایت اہم اور فیض رساں ہے۔ اسے جلسوں، جلوسوں اور پٹاخوں کے علاوہ سیر و تفریح، ہوٹلوں میں گھومنے پھرنے اور کھانے پینے میں ضائع نہ کریں۔ پیر افتخاری نے یہ بھی کہاکہ عام طور پر لوگ عبادت کرنے کے بجائے شب برأت کو عشاء کے بعد منعقد ہونے والے جلسوں میں نصف شب سے زیادہ شرکت کرتے گھروں کو رخصت ہوجاتے اور اسی کو شب برأت کا ثواب و برکات سمجھتے ہیں جبکہ نوجوانان ملت پٹاخوں کو چھوڑنے کا اہتمام کرتے ہوئے ہوٹلوں میں کھانے پینے اور بازاروں میں گھومتے پھرتے ہوئے اس عظیم اور مقدس شب کی فضیلتوں سے محروم ہوجاتے ہیں۔ حساب کتاب، حیات و موت اور رزق کی تقسیم والی اور بے پناہ اجر و ثواب والی اس مقدس رات میں حق تعالیٰ کی عطا کردہ نعمتوں سے محروم ہوجاتے ہیں۔
درس بخاری شریف
حیدرآباد 21 مئی (راست) مولانا محمد حنیف کامل جامعہ نظامیہ بروز اتوار بعد نماز عشاء قیامگاہ جناب محمد اسداللہ خسرو چشتی واقع متصل مسجد محی الدین سید علی چبوترہ میں درس بخاری شریف دیں گے۔ خواتین کے لئے پردہ کا اہتمام رہے گا۔
محفل سماع
حیدرآباد 21 مئی (راست) حضرت شاہ محمد صدیق سوداگرؒ کی ماہانہ فاتحہ و محفل سماع 14 شعبان بروز اتوار بعد نماز عشاء خواجہ پہاڑی تاڑبن میں مقرر ہے۔ سجادہ نشین و متولی درگاہ شریف نگرانی کریں گے۔