جامعۃ المؤمنات کا ریاستی اجتماع قومی سمینارو سالانہ امتحانات
حیدرآباد ۔ /27 اپریل (راست) جامعۃ المؤمنات کی مجلس عاملہ کا اہم مشاورتی اجلاس جامعہ ہذا مغلپورہ میں ڈاکٹر مفتی حافظ مستان علی قادری ناظم اعلیٰ جامعۃ المؤمنات کی صدارت میں منعقد ہوا جس میں /30 اپریل کو فقہ ، تفسیر ، حدیث و سیرت کا امتحان منعقد کرنے کا فیصلہ کیا گیا ۔ جبکہ یکم مئی امتحان قرأت امام عاصم کوفی ، /2 مئی مکتبہ المؤمنات کے کتابوں کی رسم اجراء عمل میں لائی جائے گی ۔ /7 مئی قومی سمینار بعنوان : ’’سراج الفقہاء حضرت سیدنا امام اعظم ابو حنیفہؒ حیات و خدمات‘‘ شایان شان طریقہ پر منعقد کیا جائے گا ۔ /10 مئی جلسہ ختم البخاری و تکمیل حفظ القرآن برائے خواتین منعقد کیا جائے گا ۔ /16 تا /25 مئی جامعۃ المومنات ، کلیۃ البنین اور جامعہ کے شاخوں کے سالانہ امتحانات جماعت اول تا مفتی کورس مع حفظ القرآن منعقد ہوں گے ۔
مجلس علمیہ کے ارکان شوری کا اجلاس
حیدرآباد /27 اپریل ( راست ) مجلس علمیہ تلنگانہ و آندھراپردیش کے ارکان شوری کا اجلاس 28 اپریل مسجد اکبری ، اکبر باغ صبح 9 تا 1 بجے دن بصدارت مولانا سید اکبر مفتاحی ناظم مجلس علمیہ منعقد ہوگا اور بعد نماز ظہر 3 تا 5 بجے شہر کے علماء کرام کیلئے ملک کی شخصیت محدث کبیر مولانا سید ارشد مدنی استاذ حدیث دارالعلوم دیوبند و صدر جمعیتہ علماء ہند کا خصوصی خطاب ہوگا ۔
خطاب عام
حیدرآباد /27 اپریل ( راست ) انجمن گراؤنڈ ملے پلی میں جمعرات 28 اپریل کو بعد نماز مغرب ڈاکٹر محبوب فرید بعنوان دور جدید کے فتنے ،مسلم نوجوان اور والدین کی ذمہ داری خطاب کریں گے ۔ جناب محمد شمس الدین حاصل مطالعہ پیش کریں گے ۔ جناب سید فہیم الدین کی تلاوت قرآن مجید و اردو ترجمانی سے جلسہ کا آغاز ہوگا ۔
چنچل گوڑہ جونئیر کالج گراؤنڈ پر انٹرنیشنل معراج النبی ؐکانفرنس
بیرونی مہمان مقرر صابر القادری ( نیپال ) کی شرکت کی توثیق
حیدرآباد /27 اپریل ( راست ) محمد شاہد اقبال قادری ( صدر رحمت عالم کمیٹی ) و ڈاکٹر محمد عبدالنعیم قادری ( نائب صدر کمیٹی ) کی اطلاع کے بموجب کل ہند مرکزی رحمت عالم کمیٹی کی اکیس سالہ سن تاسیس کے موقع پر عظیم الشان انٹرنیشنل معراج النبی ﷺ کانفرنس 4 مئی کو بعد نماز عشاء گورنمنٹ جونئیر کالج چنچل گوڑہ منعقد ہوگی ۔ سرپرستی مولانا سید محمد شاہ قادری ملتوانی صدارت مولانا خلیل علی شاہ بابا قادری قدرتی محبوبی اور نگرانی محمد شوکت علی صوفی کریں گے ۔ مہمانان خصوصی کی حیثیت سے سید وقارالدین قادری ( چیرمین انڈو عرب لیگ ) مولانا پروفیسر تنویر الدین خدانمائی افتخاری ، مولانا سید محمد عبداللہ حسنیچشتی قادری ، جناب افتخار شریف ( امریکہ ) شرکت کریں گے ۔ بیرون مہمان مقرر عالمی شہرت یافتہ ممتاز عالم دین مفکر اسلام ، حافظ الحدیث مولانا مفتی صابر القادری ( نیپال ) کا خطاب ہوگا ۔ دیگر مہمان علماء کرام بھی مخاطب کریںگے ۔ مقامی علماء کرام میں مولانا ڈاکٹر سید عبدالمعز قادری شرفی ،مولانا ڈاکٹر نادرالمسدوسی ، مولانا محمد اقبال احمد رضوی القادری ، مولانا محمد عبدالنعیم قادری نظامی ( کامل الحدیث جامعہ نظامیہ ) و نائب صدر کمیٹی کے خصوصی خطابات ہوں گے ۔ صدر استقبالیہ جناب مرزا نثار احمد بیگ نظامی ہوں گے ۔ نائبین استقبالیہ جناب محمد افتخار علی ، جناب محمد مکرم علی ، جناب احمد خان ، جناب قادر خان قادری ، سید لئیق قادری ہوں گے ۔ معتمد استقبالیہ سید عثمان قادری و نائب معتمد محمد عبدالکریم رضوی ہوں گے ۔ محمد شاہد اقبال قادری ( صدر کمیٹی ) نے کہا کہ معراج النبی کانفرنس کو کامیاب بنانے کی کوشش کی جارہی ہے جبکہ رحمت عالم کمیٹی اپنے کانفرنسیس ، جلسوں اور گروپ میٹنگس اور خصوصی اجتماعات کے ذریعہ نوجوان نسل کو بے راہ روی سے بچانے کیلئے کئی ایک خدمات انجام دے رہی ہے ۔ عامتہ المسلمین سے اس عظیم الشان کانفرنس میں کثیر تعداد میں شرکت کی گذارش کی جاتی ہے ۔
جامعہ نظامیہ میں درس بخاری شریف یکم مئی کو مقرر
حیدرآباد /27 اپریل ( پریس نوٹ ) جامعہ نظامیہ شبلی گنج حیدرآباد میں بخاری شریف کی آخری حدیث کا درس یکم مئی اتوار صبح 10 بجے احاطہ جامعہ نظامیہ بصدارت مفکر اسلام حضرت مفتی خلیل احمد شیخ جامعہ مقرر ہے ۔ مولانا محمد خواجہ شریف شیخ الحدیث جامعہ نظامیہ بخاری شریف کی آخری حدیث کا درس دیں گے ۔ اس جلسہ میں جامعہ کے فارغین علماء کرام اور مشائخ عظام شرکت کریں گے ۔ مولوی سید احمد علی معتمد جامعہ نے عامتہ المسلمین ، محبان جامعہ اور طلبائے قدیم سے شرکت کی خواہش کی ہے ۔
جشن معراج النبیؐ و اعراس شریف
حیدرآباد ۔ 27 ۔ اپریل : ( راست ) : بضمن جشن معراج النبیؐ و عرس شریف حضرت سید شاہ اعظم علی صوفی اعظم درویش حسنی حسینی قادری قطب دکن و عرس شریف علامہ الحاج سید شاہ اعظم علی صوفی القادری کی چار روزہ تقاریب 24 تا 27 رجب مقرر ہے ۔ عرس کی تقاریب کا آغاز 24 رجب المرجب کو بعد نماز عشاء تصوف کدہ کبوتر خانہ قدیم حسینی علم جلسہ قرات سے ہوگا ۔ نگرانی مولانا شمس الدین زماں کریں گے ۔ مولانا قاری سید متین علی شاہ قادری ، مولانا محمد رضوان قریشی مہمان خصوصی ہوں گے ۔ اس جلسہ قرات میں ممتاز قراء کرام اپنے مخصوص انداز میں تلاوت قرآن مجید سنائیں گے ۔ 25 رجب بعد نماز عصر جلوس صندل شریف از تصوف کدہ کبوتر خانہ قدیم حسینی علم تا درگاہ شریف حضرت صوفی اعظمؒ بیرون دریچہ بواہیر ، حسینی علم پہنچے گا اور بعد نماز مغرب سجادہ نشین مولانا سید شاہ ظہیر الدین علی صوفی قادری صندل مالی کی رسم انجام دیں گے ۔ اور بعد نماز عشاء تصوف کدہ کبوتر خانہ قدیم ، حسینی علم میں محفل نعت شاہ کونین زیر نگرانی سجادہ نشین مقرر ہے ۔ اس محفل نعت کی نظامت کے فرائض مولانا سید احمد علی تاجی انجام دیں گے ۔ جس میں نعت خواں حضرات نعت شریف سنائیں گے ۔ 26 رجب کو بعد نماز عشاء درگاہ شریف حضرت صوفی اعظم حسینی جشن معراج النبیؐ کا انعقاد عمل میں آئے گا ۔ اس جلسہ کو مولانا سید شاہ رضی الدین علی صوفی قادری اور مولانا سید شاہ ظہیر الدین علی صوفی قادری سجادہ نشین درگاہ حضرت صوفی اعظم مخاطب کریں گے ۔ بعد ازاں محفل سماع منعقد ہوگا ۔ 27 رجب بعد نماز فجر تلاوت قرآن مجید پر عرس کی 4 روزہ تقاریب کا اختتام عمل میں آئے گا ۔۔
جامعتہ الحرمین الشریفین کا عراقی
عالم دین کا مطالعاتی دورہ
حیدرآباد ۔ 27 ۔ اپریل : ( راست ) : عراق کے عالم دین و خطیب شیخ ابوقصی جو 102 کتابوں کی اسناد کے مجاز و حامل ہیں ۔ وہ جامعہ کے نصاب تعلیم اور طریقہ تعلیم کے بارے میں واقفیت حاصل کرنے حیدرآباد تشریف لائے اور جامعہ کے شعبہ جات ، حفظ قرآن کریم 11 ماہ ، مہارت زبان عربی 11 ماہ ، حفظ صحیحین شریفین 11 ماہ ، انگریزی بزبان عربی میں مہارت 7 ماہ ، علوم بلاغت میں مہارت 5 ماہ ، علوم قرآن کریم میں مہارت 11 ماہ ، میں کا تفصیلی معائنہ کیا جن کے ہمراہ ایک وفد بھی تھا بعد از معائنہ شیخ نے اظہار خیال کرتے ہوئے کہا کہ اس نوعیت اور معیار کے جامعات عالم عرب و اسلام میں نادر الوجود ہیں اور میرے لیے یہ پہلا اتفاق ہے کہ اس طرح کا ادارہ خاموشی سے بغیر کسی سہولیات اور وسائل کے غیر معمولی خدمات انجام دے رہا ہے ۔ جس پر موصوف بانی جامعہ پروفیسر مولانا سید جہانگیر و شیوخ جامعہ کو اس غیر معمولی کامیابی پر مبارکباد دی ۔۔
مولانا سید ارشد مدنی کی
آج حیدرآباد آمد و خطاب
حیدرآباد ۔ 27 ۔ اپریل : ( راست ) : مولانا غیاث الدین رحمانی نے کہا کہ مولانا سید ارشد مدنی اپنے امن و امان اور قومی یکجہتی کے پیغام کو لے کر 28 اپریل بروز جمعرات دوپہر دینی و اقامتی درس گاہ جامعہ اسلامیہ دارالعلوم رحمانیہ تالاب کٹہ یاقوت پورہ میں تکمیل حفظ قرآن و درس ختم بخاری کے عنوان سے منعقد ہونے والے اجلاس عام میں شرکت کریں گے ۔ مولانا مدنی مغرب بعد احاطہ دارالعلوم رحمانیہ میں جلسے کو خطاب کریں گے ۔ اس جلسے میں مولانا کے علاوہ جنوبی ہند کے عالم دین امیر شریعت کرناٹک مولانا اشرف علی باقوی ناظم و شیخ الحدیث دارالعلوم سبیل الرشاد ، بنگلور نیز مذہبی و سیاسی قائدین بھی شرکت کریں گے ۔ مولانا مفتی محمد غیاث الدین رحمانی قاسمی نے عامتہ المسلمین سے اس اجلاس میں شریک ہونے کی گزارش کی ہے ۔ یہ اجلاس مولانا رحمانی کی ہی صدارت میں منعقد ہوگا ۔۔
مدرسہ رحمت العلوم قلعہ گولکنڈہ میں
گرمائی دینی کلاسیس
حیدرآباد ۔ 27 ۔ اپریل : ( پریس نوٹ ) : انتظامی کمیٹی مدرسہ رحمت العلوم ( ملحقہ جامعہ نظامیہ ) حسینی نگر نزد مسجد کلاں قلعہ گولکنڈہ کے زیر اہتمام سالانہ دینی گرمائی کلاسیس کا 25 اپریل سے آغاز ہوچکا ہے ۔ جہاں حفاط ، قراء اور اساتذہ کرام کی نگرانی میں معصوم طلباء وطالبات کے لیے درس و تدریس کا انتظام کیا گیا ہے ۔ جہاں قاعدہ ، ناظرہ ، تجوید ، قرآن مجید ، اذکار نماز ، نصاب اہل خدمات شرعیہ ، اذاں و قرات نعت کی عملی مشق ، چہل حدیث ، مسنون دعائیں معہ ترجمہ ، دینیات ، مختصر سیرت النبیؐ ، سیرت اولیاء کے علاوہ اردو کی کلاسیس کا انتظام کیا گیا ہے ۔ اوقات تعلیم 9 بجے صبح تا ایک بجے دن ہوں گے اور بعد نماز مغرب تا 8-30 بجے شب ہوں گے ۔ اس مختصر ایک ماہ کی کلاسیس کے اختتام پر کامیاب طلباء وطالبات میں اسنادات وانعامات تقسیم کئے جائیں گے ۔ مولانا سید متین علی شاہ قادری ناظم اعلی مدرسہ رحمت العلوم نے اولیاء طلباء سے خواہش کی ہے کہ وہ اپنے نونہالوں کو اس دینی گرمائی کلاسیس میں کثیر تعداد میں شریک کروائیں ۔۔