حضرت علی کرم اللہ وجہہ ہر لمحہ حضورانور ؐ پر اپنی جان قربان کردینے کا جذبہ رکھتے تھے
شرفی چمن میں پانچویں محفل حضرت علیؓ ،ڈاکٹر سید محمد حمید الدین شرفی اورپروفیسرسید محمدحسیب الدین حمیدی کے خطابات
حیدرآباد ۔ 20 ۔ مارچ : ( پریس نوٹ) : رسول اللہ صلی اللہ علیہ و آلہ وسلم کی ذات اطہر کے ساتھ سچی وارفتگی، جاں نثاری کے روح پرور مظاہرے اور بے پایاں محبت کے باعث ساری امت کے قلوب میں حضرت علی المرتضیٰ کرم اللہ وجہہ کی محبت نے گھر بنا رکھا ہے۔حضرت علیؓ نے اپنی ساری زندگی آداب و احترام رسالتؐ کو ملحوظ رکھا اور جاں نچھاور کرنے کے کسی موقع کو ہاتھ سے جانے نہ دیا۔حضرت علیؓ کو ہمیشہ حضور انورؐ کی خدمت اقدس کی سعادتیں ملتی رہیں۔شب ہجرت جب کاشانہ اقدس کے باہر قریش کے منتخب جوان حضور انورؐ پر حملہ کرنے کے لئے تیار کھڑے تھے، رسولؐ اللہ نے حضرت علیؓ کو اپنے بستر اقدس پر استراحت کے لئے منتخب کیا ۔حضرت علیؓ جو ہر لمحہ حضورانور ؐ پر جان قربان کردینے کا جذبہ رکھتے تھے، ارشاد کی تعمیل میںحضورؐ کے بستر اقدس پر استراحت کی ۔حضور اکرمؐ نے اپنی سبز حضرمی چادر حضرت علیؓ کو عطا فرمائی۔حضور انورؐ جب بھی استراحت فرماتے اسی چادر کو اوڑھتے تھے۔جب کفار قریش نے رسول اللہؐ کے بستر پر حضورؐ کی چادر اوڑھے ہوئے حضرت علیؓ کو دیکھا تو کہنے لگے واللہ! بے شبہ یہ (حضرت) محمدؐ سو ، رہے ہیں اور ان پر انھیں کی چادر ہے۔صبح تک یہ اشرار اسی حالت میں رہے ۔ ڈاکٹر سید محمد حمید الدین شرفی ڈائریکٹر آئی ہرک و سجادہ نشین درگاہ حضرت تاج العرفاءؒ نے آج صبح 8-30 بجے ’’حمیدیہ‘‘ واقع شرفی چمن سبزی منڈی قدیم میں اسلامک ہسٹری ریسرچ کونسل( انڈیا)آئی ہرک اور مجلس انتظامی درگاہ شریف حضرت تاج العرفاء سید شاہ محمدسیف الدین قادری شرفی ؒ کے زیر اہتمام 7 تا 13 رجب المرجب جاری سالانہ محافل حضرت امیر المومنین سیدنا علی بن ابی طالب کرم اللہ وجہہ کے سلسلہ کی پانچویں محفل میں سامعین کے ایک کثیر اجتماع سے شرف تخاطب حاصل کرتے ہوئے ان حقائق کا اظہار کیا۔انھوں نے سلسلہ کلام کو جاری رکھتے ہوے سیرت حلبیہ کے حوالے سے بتایا کہ اللہ تعالیٰ نے حضرت جبرئیل ؑ اور حضرت میکائیل ؑ سے فرمایا کہ ’’میں نے تم دونوں کے درمیان بھائیوں کا رشتہ پیدا کر دیا ہے اور تم میں سے ایک کی عمر دوسرے سے زیادہ رکھی ہے اور اب تم میں سے کون اپنے ساتھی کے لئے زندگی کا ایثار کرتا ہے؟؟‘‘ (یعنی وہ زیادہ عمر تم دونوں میں سے کس کو دی جائے؟) اس پر دونوں نے ہی لمبی زندگی کی خواہش کی۔ اللہ تعالیٰ نے ان سے فرمایا کہ میں نے علی ابن ابی طالب اور (حضرت) محمدؐ کے درمیان بھائیوں کا رشتہ قائم کر دیا ۔ اب علی ان (حضرت محمد مصطفی ؐ) کے بستر پر رات گزار رہے ہیں تا کہ ان پر اپنی جان قربان کر دیں اور ان کے لئے اپنی زندگی کا ایثار کریں۔ اب تم دونوں زمین پر جائوں اور ان کے دشمنوں سے ان کی حفاظت کرو‘‘۔چنانچہ حضرات جبرائیل و میکائیل علیھم السلام زمین پر آئے، حضرت جبرئیل ؑحضرت علیؓ کے سرھانے کھڑے ہوئے اور حضرت میکائیل ؑ ان کی پائنتی کے پاس کھڑے ہو گئے۔ پھر حضرت جبرئیلؑ نے حضرت علیؓ کی طرف دیکھ کر کہا کہ ’’واہ واہ اے ابن ابو طالب! تم جیسا کون ہے ! اللہ تعالیٰ نے تمہارے ساتھ فرشتوں کو مقابلہ کیا ہے‘‘۔ حضرت علی کرم اللہ وجہہ مکہ مکرمہ میں ان تمام امانتوں کو جو رسول اللہؐ کے پاس تھیں،آپ کے حکم کی تعمیل میں ان کے مالکین کو واپس کر دیا۔ حضرت علیؓ پاپیادہ سفر ہجرت کرتے ہوئے قبا پہنچے جہاں مدینہ میں رونق افروزی سے قبل رسول اللہؐ کچھ دن کے لئے قیام کر رہے تھے۔ محفل کے اختتام سے قبل بارگاہ رسالتؐ پناہی میں سلام تاج العرفاءؒ پیش کیا گیا۔ ذکر جہری اور دعاے سلامتی پرمحفل اختتام پذیر ہوئی۔
غیر طرحی نعتیہ مشاعرہ
حیدرآباد ۔ 20 ۔ مارچ : ( راست ) : بزم مخلص کے زیر اہتمام غیر طرحی نعتیہ مشاعرہ و محفل نعت 24 مارچ کو 2 بجے دن صدر بزم و داعی محفل نعت گو شاعر حضرت مخلص حیدرآبادی کی قیام گاہ بیت الحفاظ واقع کرما گوڑہ میں مقرر ہے ۔ صدارت حضرت پیر خواجہ علیم الدین گوڈر شاہی کریں گے ۔ محمد عبدالقیوم الہامی علیم ناظم مشاعرہ و محفل نعت ہوں گے ۔ محفل کا آغاز قاری مولوی محمد نصیر الدین کی تلاوت کلام پاک و سلیم الہامی کی حمد باری تعالیٰ سے ہوگا ۔۔
مجلس علمیہ تلنگانہ و آندھرا پردیش کا اجلاس عام
حیدرآباد ۔ 20 ۔ مارچ : ( راست ) : مجلس علمیہ تلنگانہ و آندھرا پردیش کے ارکان عام کا ایک اجلاس 23 مارچ کو نماز فجر تا نماز عشاء جامعہ اسلامیہ تجوید القرآن آزاد نگر عنبر پیٹ منعقد ہوگا ۔ جس میں مولانا خلیل الرحمن سجاد نعمانی ، مولانا یحییٰ نعمانی اور مولانا خالد بیگ ندوی کے خطابات ہوںگے ۔۔
درگاہ حضرت امر اللہ شاہؒ میں جشن مولائے کائنات حضرت سیدنا علی مرتضیٰ ؓ
حیدرآباد ۔ 20 ۔ مارچ : ( راست ) : سید شاہ لیاقت حسین رضوی المدنی کے بموجب آستانہ عالیہ رضویہ موسومہ درگاہ حضرت امر اللہ شاہؒ مغل پورہ میں 21 مارچ کو جشن ولادت حضرت سیدنا علی مرتضیٰ مقرر ہے ۔ عصر تا مغرب قصیدہ بردہ شریف ۔ بعد نماز مغرب جلسہ فضائل علی مرتضیٰ سے مولانا سید شاہ اسرار حسین رضوی المدنی ، مولانا شاہ محمد فصیح الدین نظامی کا خطاب ہوگا ۔ بعد نماز عشاء محفل سماع منعقد ہوگی ۔۔
جشن ولادت مولائے کائنات حضرت سیدنا علیؓ
حیدرآباد ۔ 20 ۔ مارچ : ( راست ) : جشن ولادت مولائے کائنات حضرت سیدنا علی کرم اللہ وجہ و عرس شریف افتخار الصوفیہ الحاج سید شاہ اعظم علی صوفی قادری حسنی حسینی صوفی اعظم قطب دکن ثانی 21 مارچ جمعرات درگاہ شریف حضرت صوفی اعظم واقع بیرون دریچہ بواہیر ، حسینی علم زیر سرپرستی سجادہ نشین مولانا سید شاہ ظہیر الدین علی صوفی قادری مقرر ہے ۔ بعدنماز عصر ختم قرآن مجید ہوگی ۔ بعد نماز مغرب پیشکش چادر گل سلام و فاتحہ خوانی ہوگی ۔ بعد نماز عشاء جلسہ جشن ولادت مولائے کائنات حضرت سیدنا علیؓ و عظمت اولیاء منعقد ہوگا ۔ جس میں مولانا قاری سید متین علی شاہ قادری ، مولانا سید شاہ ظہیر الدین علی صوفی قادری مخاطب کریں گے ۔ بعد ازاں محفل سماع کا انعقاد عمل میں آئے گا ۔۔
٭٭ جشن ولادت مولائے کائنات حضرت سیدنا علی ؓ 13 رجب بعد نماز عشاء بمکان سید سلطان محی الدین قادری سجادہ نشین درگاہ بالا پور سید امام علی شاہ قادریؒ سنتوش نگر منعقد ہوگا ۔ سید اکبر محی الدین قادری شکیل پاشاہ فضائل و مناقب مولائے کائنات بیان کریں گے ۔ بعد ازاں محفل نعت و منقبت منعقد ہوگی ۔۔
٭٭ خانقاہ آمریہ قلعہ گولکنڈہ جنسی بازار میں 21 مارچ کو بعد نماز عشاء حلقہ ذکر اللہ کے بعد مقام حضرت سیدنا علی ؓ و فیضان حضور غریب نوازؒ منعقد ہوگا ۔ مولانا شیخ عبدالکریم شاہ امری قادری نگرانی کریں گے ۔ مولانا شیخ عبدالرحیم شاہ آمری ، مولانا شیخ محبوب شاہ مخاطب کریں گے ۔۔
٭٭ جشن مولود کعبہ حضرت سیدنا علی ابن ابی طالب و حضرت منشی سید اسمعیل شاہ صوفیؒ کی مجلس فاتحہ 21 مارچ کو درگاہ شریف واقع لنگم پلی چپل بازار چوراہا کاچی گوڑہ مقرر ہے ۔ بعد نماز عصر محفل درود شریف ، بعد مغرب تا عشاء پیشکشی چادر گل سلام فاتحہ و دعا کے بعد محفل نعت و منقبت زیر نگرانی مولانا صوفی شاہ محمد احمد اللہ اقبال چشتی القادری مقرر ہے ۔۔
مولا علی ؓ کانفرنس
حیدرآباد ۔ 20 ۔ مارچ : ( راست ) : مجلس ابنائے اسلام حسینی کونسل کے زیر اہتمام مولا علی ؓ کانفرنس 23 مارچ کو بعد نماز مغرب اردو مسکن خلوت مقرر ہے ۔ صدارت مولانا سید محمد اولیاء حسینی مرتضی پاشاہ بانی و صدر مجلس ابنائے اسلام کریں گے ۔ مولانا سید محمد باقر حسینی مصطفی پاشاہ ، مولانا شیخ احمد باوزیر مہمانان خصوصی ہوں گے ۔ مولانا سید علی حسینی قادری کا خطاب ہوگا اور محمد خان قادری ارشد حبیبی استقبالیہ کلمات پیش کریں گے اور سید نعمت اللہ حسینی قادری نظامت کے فرائض انجام دینگے ۔۔
درس قرآن مجید
حیدرآباد ۔ 20 ۔ مارچ : ( راست ) : جماعت اسلامی ہند ٹولی چوکی محلہ بال ریڈی نگر میں بروز جمعرات بعد نماز مغرب درس قرآن بمکان عبدالرب عقب مسجد بلال ٹولی چوکی میں منعقد ہوگا ۔۔
٭٭ جماعت اسلامی ہند ٹولی چوکی محلہ الحسنات کالونی میں درس قرآن بروز جمعرات خالد منزل روبرو مسجد ابوبکر صدیق ؓ بعد نماز مغرب منعقد ہوگا ۔۔
٭٭ جماعت اسلامی ہند ٹولی چوکی محلہ قادر باغ میں درس قرآن مجید بروز جمعرات بعد نماز عشاء بمکان عبدالحمید منعقد ہوگا ۔۔
جلسہ اصلاح معاشرہ
حیدرآباد ۔ 20 ۔ مارچ : ( راست ) : مولانا سید عباد بن ذکی القاسمی کے بموجب 21 مارچ کو بعد نماز ظہر مسجد صراط مستقیم آزاد نگر عنبر پیٹ میں زیر صدارت حافظ محمد غوث رشیدی جلسہ اصلاح معاشرہ منعقد ہے ۔ مولانا محمد عبدالستار ساجد قاسمی مخاطب کریں گے ۔ نماز ظہر 1-30 بجے ہوگی ۔ خواتین کے لیے پردہ کا نظم رہے گا ۔۔
زیارت آثار مبارک
حیدرآباد ۔ 20 ۔ مارچ : ( راست ) : جشن ولادت مولائے کائنات حضرت سیدنا علی ابن ابی طالب کرم اللہ وجہ و عرس مبارک خواجہ خواجگان سلطان الہند حضرت خواجہ معین الدین حسن چشتی غریب نوازؒ زیارت آثار مبارک مولائے کائنات ، زیارت کلاہ مبارک ( ٹوپی شریف ) ، حضرت سیدنا علی ؓ ، زیارت مکمل غلاف مبارک مزار اقدس مولائے کائنات نجف اشرف شریف ، زیارت آثار مبارک حضرت خواجہ غریب نوازؒ زیر نگرانی مولانا سید شاہ حیدر علی حسینی القادری حیدر پاشاہ ، خانقاہ چشتیہ محبوبیہ حضرت خواجہ محبوب اللہ ، مدینہ گلشن حیدر نگر جل پلی 22 مارچ مقرر ہے ۔ عصر تا مغرب ختم قرآن مجید ، ضربات رفاعیہ ، صندل مالی مغرب تا 9 بجے شب ، محفل سماع کا انعقاد عمل میں آئے گا ۔۔
عالیجاہ کوٹلہ تا کوہ مولا علی آج مرکزی جلوس سہرا مبارک
حیدرآباد ۔ 20 ۔ مارچ : ( راست ) : مرکزی سیرت زہرا کمیٹی کے زیر اہتمام ولادت باسعادت مولائے کائنات حضرت علی ابن ابی طالب ( جشن مولود کعبہ ) کی مناسبت سے 21 مارچ کو جعفری گلی کوٹلہ عالیجاہ سے کوہ مولا علی ( ملکاجگیری ) تک مرکزی جلوس سہرا مبارک برآمد ہوگا ۔ جناب علی رضا صدر کمیٹی جلوس کی قیادت کریں گے ۔ جلوس 3-30 بجے دن جعفر گلی کوٹلہ عالیجاہ سے برآمد ہوکر براہ اعتبار چوک ، تارناکہ ، کوہ مولا علی پہنچے گا اور جشن میں تبدیل ہوجائے گا ۔ جلوس سے قبل الحاج و زوار جناب سید عباس رضؤی سعید کی زیر صدارت جشن منعقد ہوگا ۔ جسے مولانا سید لقمان حسین موسوی ، مولانا سید افتخار حسین رضوی ، مولانا سید خورشید حسن ، مولانا سید ابوالقاسم عابدی ، مولانا علی مرتضی مخاطب کریں گے ۔ شعرائے علماء و مشائخین ، نامور ادبا کے علاوہ مرکزی و ریاستی وزراء ، اراکین پارلیمنٹ واسمبلی ، پولیس کے عہدیدار اور دیگر شخصیتیں بارگاہ مولائے کائنات میں نذرانہ عقیدت پیش کریں گی ۔ نظامت کے فرائض جناب سکندر علی مرزا انجام دیں گے ۔ مہمانان خصوصی جناب محمد محمود علی وزیر داخلہ تلنگانہ ، جناب ایم ایم بھاگوت کمشنر پولیس رچہ کونڈہ ، جناب سوامی گوڑ چیرمین تلنگانہ لیجسلیٹو کونسل ، جناب ایس ستیہ نارائنا سابق وزیر ، جناب زاہد علی خاں ایڈیٹر روزنامہ سیاست کے علاوہ جناب ششی دھر ریڈی اپنے فرزندوں کے ساتھ استقبال و پھول پیش کریں گے ۔ کوہ مولا علی پر مولانا سید مہدی علی ہادی و مولانا سید جلال حیدر زیدی اور ممتاز شعراء نذرانہ عقیدت پیش کریں گے ۔ مولانا علی مرتضی ، قاری مصطفی ، عباس سعید ، نوشاد رضا عدنان ، سید کاظم حسین ، سید نقی حسین ، سید عقیل حسین الغدیر ، جاوید مرزا ، سید شبیر موسوی ، میر حسن علی موسوی ، سید مصطفی حسین رضوی ، جناب عسکری حسن ، نور الحسن ، مرزا یاور حسین ، حیدر رضا متین اور فراز رضوی نے شرکت کرتے ہوئے مرکزی جلوس کو کامیاب بنانے کی اپیل کی ہے ۔۔
جلوس سہرہ مبارک
٭٭ چھلہ مولا علی حیدر نگر ریاست نگر معین باغ میں 14 رجب کو 9 بجے شب جلوس صندل مبارک مقرر ہے ۔ مسرس میر حسین علی رضوی ، مولوی علی عباس اختر ، مولوی سید حیدر زیدی بیان کریں گے ۔ حسن علی و دیگر نذر کریں گے ۔۔
استقبال سہرا مبارک
حیدرآباد ۔ 20 ۔ مارچ : ( راست ) : انجمن عابدی سادات حسینیہ زہرا پرانی حویلی میں 13 رجب کو 8 بجے شب استقبال و سہرا و صندل مبارک کوہ مولا علی مقرر ہے ۔ مہمان ذاکر ذوالفقار علی شیر بنگلور ، سید حیدر رضا رضوی ، سید حسن عباس ہاشم عابدی اور سید محمد کاظم عباس عابدی سہرا مبارک کا نذرانہ پیش کریں گے ۔۔
جلوس سہرا
حیدرآباد ۔ 20 ۔ مارچ : ( راست ) : مرکزی جلوس سہرا بضمن جشن ولادت مولائے کائنات حضرت علی 13 رجب کو ایک بجے دن بعد جشن مبارک الاوہ بی بی دبیر پورہ سے برآمد ہوگا جو مختلف مقامات سے ہوتا ہوا کوہ مولا علی پہنچے گا ۔۔
٭٭ مرکزی جلوس سہرا مبارک بضمن جشن ولادت مولائے کائنات حضرت علی 21 مارچ کو بعد مغرب عاشور خانہ حسینی علم سے زیر قیادت مسٹر رضوان جمیلی برآمد ہو کر دارالشفاء سے ہوتا ہوا کوہ مولا علی پہونچے گا ۔۔
٭٭ مرکزی جشن ظہور مولود کعبہ و مرکزی قدیم سہرا مبارک حضرت علی ابن ابی طالب زیر اہتمام انجمن نوجوانان حسینی نقشہ کربلا و انجمن پروانہ شبیر آج 4 بجے شام بارگاہ ابوالفضل عباس دیوان دیوڑھی بعد جشن سہرا مبارک برآمد ہوگا ۔ پتھر گٹی ، میر عالم منڈی ، چادر گھاٹ ، برکت پورہ پہونچے گا ۔ جلوس کی قیادت مولانا مہدی علی ہادی کریں گے ۔۔
جشن مولود کعبہ
حیدرآباد ۔ 20 ۔ مارچ : ( راست ) : جناب سید حسین آقا صدر شیعہ اسوسی ایشن آف انڈیا کے زیر اہتمام قدیم جشن مولود کعبہ ولادت حضرت علی ابن ابی طالب 13 رجب 7-30 بجے صبح شریعت کدہ نور خاں بازار میں مقرر ہے ۔ مولانا سید نثار حسین حیدر آقا نگرانی کریں گے ۔ مدعو شعرائے کرام نذرانہ عقیدت پیش کریں گے ۔۔
محفل ذکر و سلوک
حیدرآباد ۔ 20 ۔ مارچ : ( راست ) : ایوان فاضل و عاقل حسامیہ منزل پنجہ شاہ میں 20 مارچ کو 10 بجے شب محفل ذکر و سلوک مقرر ہے ۔ مولانا محمد حسام الدین ثانی عاقل جعفر پاشاہ نگرانی کرینگے اور مولانا رضی الدین رحمت حسامی بیان کرینگے ۔۔