محفل حلقہ ذکر اللہ
حیدرآباد ۔ 13 ۔ فروری : ( راست ) : محمد عبدالرزاق شاہ قادری جنیدی کے بموجب محفل حلقہ ذکر اللہ بارگاہ حضرت حافظ سید عبدالہ شاہ ولی قادریؒ 14 فروری کو بعد نماز عشاء آستانہ عالیہ قادریہ حق چمن شاہ علی بنڈہ ہری باولی موڑ میں زیر نگرانی مولانا محمد اللہ شاہ قادری سرخیل آغا منعقد ہوگی ۔ بعد عشاء محفل درود شریف و نعت و منقبت بعد ازاں مولانا حافظ محمد عزت اللہ شاہ قادری سہیل پاشاہ خطاب کریں گے ۔ ذکر جہری دعا و سلام پر محفل کا اختتام عمل میں آئے گا ۔۔
ختم دلائل الخیرات
حیدرآباد ۔ 13 ۔ فروری : ( راست ) : ابوالفداء اسلامک ریسرچ سنٹر کے زیر اہتمام محفل ختم دلائل الخیرات ( درود شریف ) و ختم خواجگان نقشبند و تعلیمات اولیاء نقشبند زیر نگرانی مولانا سید اشہ حسین شہید اللہ بشیر بخاری نقشبندی جمعرات بعد نماز مغرب مسجد حضرت سید شاہ فیض اللہ حسینیؒ شکر گنج مقرر ہے ۔ خواتین کے لیے پردہ کا نظم رہے گا ۔ بعد نماز عشاء نگران محفل کا خطاب اور جماعت ابوالفداء کا قصیدہ بردہ شریف اور ذکر و سلوک و مراقبہ کی مجلس رہے گی ۔۔
جلسہ تعلیمات شیخ الاسلام ؒو
ماہانہ فاتحہ حضرت ابوالبرکاتؒ
حیدرآباد ۔ 13 ۔ فروری : ( راست ) : کل ہند مرکزی مجلس شیخ الاسلام بانی جامعہ نظامیہ کے زیر اہتمام جلسہ تعلیمات شیخ الاسلام و المسلمین بانی جامعہ نظامیہ حضرت محمد انوار اللہ فاروقیؒ و ماہانہ فاتحہ ابوالبرکات حضرت مولانا پیر سید خلیل اللہ شاہ قبلہ مجددی زیر صدارت مولانا پیر غلام احمد قریشی 8 جمادی الثانی کو بعد نماز ظہر مدرسہ برکات الحسنات مقرر ہے ۔۔
جلسہ فیضان غوث اعظمؒ
حیدرآباد ۔ 13 ۔ فروری : ( راست ) : الگیلانی عالمی سوسائٹی کے زیر اہتمام جلسہ فیضان حضرت سیدنا غوث اعظم ؒ 14 فروری اردو گھر مغل پورہ میں مقرر ہے ۔ نگرانی واصف احمد علوی صدر سوسائٹی کریں گے ۔ مہمان خصوصی حافظ سید شاہ ملتانی خطاب کریں گے ۔۔
رشتے اور تعلقات توڑنے پر دنیا و آخرت میں سخت وعیدیں
طلاق اور خلع کو سختی کے ساتھ روکنے پر زور ، اجتماع سے مولانا محمد فہیم الدین کا خطاب
حیدرآباد ۔ 13 ۔ فروری : ( پریس نوٹ ) : نبی کریم ؐ کا ارشاد ہے جو رشتوں کو توڑتے ہیں وہ جنت میں داخل نہیں ہوں گے ۔بعض رشتے محبت اور اخوت کے ہیں اور بعض رشتے بیزارگی اور کچھ دشمنی اور نفرتوں کے ہیں قریب ترین رشتے محبت ، ہمدردی ، اخوت اور صلہ رحمی کے رشتے ہیں اور ان سے تعلقات توڑنے پر دنیا و آخرت میں سخت وعیدیں سنائی گئی ہیں ۔ ان خیالات کا اظہار مولانا محمد فہیم الدین نے جماعت اسلامی ہند چارمینار چھتہ بازار کے اجتماع عام بعنوان ’ مثالی خاندان ‘ سے خطاب کرتے ہوئے کیا ۔ انہوں نے مزید کہا کہ اولاد کو چاہئے کہ اپنے ماں باپ کی فرمانبرداری کریں انہیں تکالیف دینے سے گریز کریں بلکہ ان کے حق میں دعائیں کرتے رہیں ۔ اے اللہ ان پر رحم فرما جیسا کہ وہ میرے چھوٹے پنے میں رحم کیا تھا ۔ معاشرے میں طلاق اور خلع عام ہوتے جارہے ہیں انہیں سختی کے ساتھ روکنے کی ضرورت ہے شوہر اور بیوی کا رشتہ ایک مضبوط رشتہ ہے انہیں ہمیشہ قائم رکھنے کی کوشش کریں رنجشیں آنے نہ دیں آپس میں اتحاد اور اتفاق سے رہیں ۔ قرآن مجید کی تلاوت ، سیرت النبیؐ ، سیرت صحابہؓ ، سیرت صحابیات کا بغور مطالعہ کریں ۔ نبی کریم ؐ نے شیاطین کے شر سے بچنے کی جو دعائیں بتلائی ہیں کثرت سے پڑھا کریں ۔ محمد ظفر فاروقی نے سورۃ الماعون کی تفسیر پیش کی ۔ آخر میں ڈاکٹر میر مشتاق علی کے اختتامی کلمات پر اجتماع کا اختتام ہوا ۔۔
حلقہ ذکر الہیٰ و اسپوکن عربی کلاسیس
حیدرآباد ۔ 13 ۔ فروری : ( راست ) : خانقاہ قادریہ حامدیہ کے زیر اہتمام جمعرات بعد نماز مغرب خانقاہ قادریہ حامدیہ روبرو ایس ایم پی ماڈل اسکول ، سائی رام انکلیو حیدر شاہ کورٹ راجندر نگر منڈل حلقہ ذکر الہی ہوگا اور بعد نماز عشاء اسپوکن عربی کلاسیس منعقد ہوں گی ۔ جس میں عربی صرف و نحو کی تعلیم مولانا محمد شرف الدین نظامی دیں گے ۔ نگرانی مولانا محمد عابد علی خاں القادری المقتدری کریں گے ۔۔
محفل نعت شہ کونینؐ
حیدرآباد ۔ 13 ۔ فروری : ( راست ) : ماہانہ فاتحہ حضرت ابوالبرکات سید خلیل اللہ شاہ نقشبندی 14 فروری کو قیام گاہ محمد غوث نقشبندی واقع بیرون غازی بنڈہ میں مقرر ہے ۔ بعد عشاء محفل نعت پاک ہوگی ۔۔
مجلس فاتحہ حضرت سلطان الواعظین و محفل سماع
حیدرآباد ۔ 13 ۔ فروری : ( راست ) : سلطان الواعظین حضرت صوفی شاہ محمد عبدالقادر قادری چشتی راز ؒ واعظ سرکار عالی جامع مسجد چوک کی مجلس فاتحہ 16 فروری کو احاطہ صوفی منزل مصری گنج میں مقرر ہے ۔ بعد نماز عصر مجلس ختم قرآن مجید ، بعد مغرب مجلس ختم خواجگان و حلقہ ذکر اللہ ، بعد عشاء محفل سماع مقرر ہے ۔ مولانا قاضی صوفی شاہ محمد عبدالقادر قادری چشتی قادر پاشاہ نگرانی کریں گے ۔ مولانا ابرار احمد خاں قادری کی قرات و صوفی شاہ محمد عبدالرحمن قادری چشتی تبریز پاشاہ کی نعت ہوگی ۔۔
جشن ولادت خاتون جنتؓ کا اجتماع
حیدرآباد ۔ 13 ۔ فروری : ( راست ) : کل ہند مجلس فیضان مصطفی کے زیر اہتمام سالانہ جشن ولادت باسعادت خاتون جنت حضرت سیدہ طاہرہ فاطمہ الزہرا ؓ کا مسجد حضرت سیدنا ابوبکر صدیق ؓ الحسنات کالونی ٹولی چوکی میں 15 فروری بعد نماز مغرب زیر صدارت مولانا محمد عثمان نقشبندی امام مکہ مسجد مقرر ہے ۔ قاری محمد غلام مجتبیٰ رضوی کی قرات کلام پاک ، نعت شریف و منقبت کے بعد مولانا محمد عظمت اللہ نقشبندی ، مولانا محمد سراج الرحمن نقشبندی کے علاوہ صدر جلسہ کا خطاب ہوگا ۔۔
قرآن سراپا رحمت اور مینارہ رشد و ہدایت
کتاب مراۃ القرآن کا رسم اجراء ، مولانا مفتی خلیل احمد ، مولانا شاہ محمد فصیح الدین نظامی کا خطاب
حیدرآباد ۔ 13 ۔ فروری : ( پریس نوٹ) : صدر الگیلانی عالمی سوسائٹی شاخ حلقہ یاقوت پورہ حضرت شیخ سالم باوزیر القادری الچشتی کی کتاب مراہ القرآن (ملہمات سالم ) مکمل قرآن کریم کے بامحاورہ اردو منظوم ترجمہ پانچویں جلد پارہ نمبر 21 تا 25 کی رسم اجراء بدست مولانا مفتی خلیل احمد شیخ الجامعہ نظامیہ ، صبا فنکشن ہال یاقوت پورہ عمل میں آیا ۔ حافظ محمد صابر پاشاہ قادری کی قرات کلام پاک سے محفل کا آغاز ہوا ۔ مسرس میر تحفظ علی قادری اور شیخ عثمان باوزیر قادری الچشتی نے انتظامات کی نگرانی کیا ۔ مولانا شاہ محمد فصیح الدین نظامی ، مولانا سید صادق پاشاہ اجمیری ، مولانا سید احمد پاشاہ قادری ، مولانا غوث کلیمی قادری ، مولانا شاہ محمد رفیع الدین فاروقی ، مولانا سید عبدالروف بغدادی ، مولانا حافظ محمد عثمان نقشبندی ، مولانا فرید پاشاہ قادری ، مولانا سید تراب پاشاہ قادری ، مولانا صوفی شاہ احمد قادری ، مولانا سعادت اللہ بخاری ، مولانا سید عبداللہ حسینی بخاری ، مولانا ہاشم پاشاہ قادری ، مولانا صوفی عبدالقادر ثانی ، مولانا سید فاروق پاشاہ قادری ، مولانا سالم مخدومی کے علاوہ دیگر معززین مہمانان خصوصی کی حیثیت سے شرکت کیے ۔ مولانا مفتی خلیل احمد نے اپنے تاثرات میں کہا کہ اللہ کی لا تعداد انمول نعمتوں میں ایک عظیم ترین نعمت قرآن مجید کا نزول ہے جو سراپا رحمت اور مینارہ رشد و ہدایت ہے ۔ جس میں پوری انسانیت کی فلاح و بہبودی کا سامان ہے ۔ قرآن فہمی اور ذوق کی ایک فضا جو وطن عزیز میں نظر آتی ہے حضرت شیخ سالم باوزیر القادری الچشتی نے جو کام قرآن مجید کا بامحاورہ اردو منظوم ترجمہ میں پیش کیا ہے وہ قابل مبارکباد ہے ۔۔
درس قرآن مجید
حیدرآباد ۔ 13 ۔ فروری : ( راست ) : جماعت اسلامی ہند ٹولی چوکی محلہ بال ریڈی نگر میں بروز جمعرات بعد نماز مغرب درس قرآن بمکان عبدالرب عقب مسجد بلال ٹولی چوکی میں منعقد ہوگا ۔۔
٭٭ جماعت اسلامی ہند ٹولی چوکی محلہ الحسنات کالونی میں درس قرآن بروز جمعرات خالد منزل روبرو مسجد ابوبکر صدیق ؓ بعد نماز مغرب منعقد ہوگا ۔۔
٭٭ جماعت اسلامی ہند ٹولی چوکی محلہ قادر باغ میں درس قرآن مجید بروز جمعرات بعد نماز عشاء بمکان عبدالحمید نزد بھارت کرانہ اسٹور منعقد ہوگا ۔۔
نمائش کلب میں
ادارہ ادب اسلامی کا مشاعرہ
حیدرآباد ۔ 13 ۔ فروری : ( راست ) : ظفر فاروقی کے بموجب نمائش سوسائٹی کے زیر اہتمام بروز جمعرات 14 اکٹوبر کو 8 بجے شام نمائش کلب میں مشاعرہ منعقد ہوگا ۔ مشاعرہ کی صدارت ڈاکٹر فاروق شکیل کریں گے ۔ جس میں شہر کے شعراء کرام اپنے کلام پیش کریں گے ۔۔
جلسہ اصلاح معاشرہ
حیدرآباد ۔ 13 ۔ فروری : ( راست ) : جلسہ اصلاح معاشرہ 14 فروری کو بعد نماز ظہر مسجد صراط مستقیم آزاد نگر عنبر پیٹ میں زیر صدارت مولانا حافظ محمد غوث رشیدی منعقد ہے ۔ مولانا شاہ محمد جمال الرحمن مخاطب کریں گے ۔۔
فضلاء کے لئے دوروزہ تربیتی پروگرام
حیدرآباد 13فروری (یواین آئی ) المعھد العالی الاسلامی حیدرآباد میں دس سال یعنی 2000 تا 2010 کے فضلاء کے لئے دوروزہ تربیتی پروگرام کا انعقاد عمل میں لایا گیا۔یہ پروگرام 9اور10فروری کو منعقد کیا گیا جس میں ملک بھر کے ماہرین اور علما نے خطاب کیا۔اس موقع پر عملی میدان میں عمدہ کارکردگی پر مولانا خالد سیف اللہ رحمانی کے ہاتھوں فضلاء کو توصیفی سند اور مومنٹو دیئے گئے ۔
جلسہ حضرت سید ابوبکر صدیقؓ و ماہانہ فاتحہ
حیدرآباد ۔ /13 فبروری (راست) جلسہ حضرت سیدنا ابوبکر صدیقؓ و ماہانا فاتحہ حضرت سید محمد جیلانی قادری کلیمی /15 فبروری کو بعد نماز عشاء آستانہ قطب صاحب نزد لوہے کا چارمینار ہائی ٹیک سٹی میں مقرر ہے ۔ حلقہ ذکر و اذکار قصیدہ بردہ شریف تبدیل غلاف مبارک ، چادر گل سلام و دعا ہوگی ۔ مولانا سید عبدالقادر جیلانی مخاطب کریں گے ۔ مولانا سید محمد غوث احمد قادری کلیمی نگرانی کریں گے ۔ حافظ محمد صدیق علی کی قرأت کلام پاک ، انور صابری کی حمد اور عارف نعیم کی نعت شریف سے آغاز ہوگا ۔ حافظ سید محمد محسن قادری مہمانوں کا استقبال کریں گے ۔