مذہبی خبریں

سنی دعوت اسلامی کا دو روزہ ریاستی اجتماع
بیرونی و مقامی علماء و مبلغین کے خطابات ، مولانا محمد حسان فاروقی کا بیان
حیدرآباد ۔ 30 ۔ جنوری : ( راست ) : عالمی تحریک سنی دعوت اسلامی کا دو روزہ ریاستی سنی اجتماع 9 ، 10 فروری کو عیدگاہ میر عالم نزد زو پارک منعقد ہوگا ۔ 9 فروری کو صبح 10 تا 8 بجے شب صرف خواتین کے لیے اور دوسرے دن 10 فروری کو صبح 8 تا 10 بجے شام مرد حضرات کے لیے اجتماع رہے گا ۔ ان خیالات کا اظہار مولانا محمد حامد حسین حسان فاروقی ذمہ داران و مبلغین کے ایک بڑے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا ۔ مولانا نے بتایا کہ ملک کی مختلف ریاستوں سے عوام کی کثیر تعداد میں شرکت کے پیش نظر وسیع ترین انتظامات کئے جارہے ہیں ۔ مولانا نے بتایا کہ اس اجتماع میں بیرونی و مقامی علماء کرام و مبلغین سنی دعوت اسلامی مخاطب کریں گے ۔ شہر و اضلاع کے مختلف مقامات و مساجد میں اجتماعات کا سلسلہ جاری ہے ۔ اس اجلاس میں محمد ہارون نقشبندی ، محمد آصف نقشبندی ، محمد امان اللہ نقشبندی ، حافظ محمد عرفان قادری ، مفتی محمد عبدالعزیز قادری ، مرزا عارف اللہ بیگ قادری ، عارف نوری ، حافظ حاجی نوری ، قاری سہیل قادری ، مولانا احمد خاں قادری ، مولانا سید معین الدین شرفی ، خالد رضوی ، سہیل نوری و دیگر نے شرکت کرتے ہوئے اپنے مفید مشورے پیش کئے ۔۔

جامعتہ المومنات کی کل ہند خواتین کانفرنس
3فبروری کو چنچل گوڑہ میں مقررہ سرکردہ شخصیتوں کا خطاب
حیدرآباد ۔30 جنوری ( پریس نوٹ ) جامعتہ المومنات کے زیراہتمام 3 کو چنچل گوڑہ کالج گراؤنڈ پر صبح 8 تا 8بجے شب ایک یومی کُل ہند خواتین کانفرنس منعقد ہوگی ۔ جس کا مرکزی موضوع ’’ تحفظ قانون شریعت اور ہماری ذمہ داریاں ‘‘ مقرر ہے ۔ کانفرنس میں مختلف عنوانات جیسے پابندی شریعت سراسر رحمت ہے۔ گھریلو تشدد اور اس کا سدباب ، پہلی زچگی کے اخراجات کی ذمہ دار کون ، اسلامی معاشرہ اور مغربی سازشیں ، فتنہ قادیانیت اور مسلم خواتین کا تحفظ آزادی نسواں اور اسلامی معاشرہ ، تربیت اولاد میں والدین کا کردار ، حقوق الزوجین اور سماجی صورتحال ، تقریب نکاح اور قاضیوں کی ذمہ داریاں ، نکاح کو آسان کرو اور نکاح سے ایمان کی تکمیل ، تعزیرات اسلامی و تعزیرات ہند کا تقابلی جائزہ ، خواتین کے حقوق اسلامی اور دیگر ادیان کی نظر میں ، شادی میں جہیز کا مطالبہ اور مروجہ رسم کا شرعی حکم ، بیوہ گان و بے سہارا خواتین کو سہارا گھر کا نظم ، شادی و ولیمہ کی محفلوں میں فضول خرچی کی ممانعت ، خودکشی کے اسباب اور وجوہات اسلامی نقطہ نظر میں ، خوشگوار ازدواجی زندگی کس طرح گذاری جائے ، الکٹرانک میڈیا کا استعمال اور مسلمانوں کی ذمہ داریاں ، بلا سبب بغیر اجازت شوہر عورتوں کا بازاروں میں گھومنا ، حقہ یا کوئی نشہ والی چیزوں کا استعمال اسلامی نقطہ نظر میں ، آداب معاشرت طلاق و خلع اور اس کے اسلامی احکام ، طلاق ثلاثہ کے اسلامی احکام اور پارلیمنٹ بل کا تقابلی جائزہ شامل ہیں ۔

جامعہ نظامیہ میں جلسہ تقسیم اسناد ، عطائے خلعت و عرس شیخ الاسلامؒ
/3 فبروری کو علمی مذاکرہ ’’دور جدید کے طبی مسائل شریعت کی روشنی میں‘‘
حیدرآباد ۔ /30 جنوری (پریس نوٹ) علوم اسلامیہ کی عظیم دینی درسگاہ جامعہ نظامیہ حیدرآباد کے زیراہتمام بموقع عرس شریف شیخ الاسلام عارف باللہ مولانا حافظ محمد انواراللہ فاروقی قدس سرہ العزیز بانی جامعہ نظامیہ و جلسہ تقسیم اسناد عطائے خلعت و دستار بندی فاضلین و حفاظ ، تین روزہ علمی تقاریب کا انعقاد عمل میں آئے گا ۔ /3 فبروری کو 10 ساعت دن علمی مذاکرہ بعنوان’’دور جدید کے طبی مسائل شریعت کی روشنی میں ‘‘ منعقد ہوگا ۔ اس علمی مذاکرہ میں حسب ذیل حضرات مقالہ جات پیش کریں گے ۔ (1) مولانا حافظ سید ضیاء الدین شیخ الفقہ جامعہ نظامیہ ’’سروگسی کی حقیقت ، مختلف شکلیں اور شرعی احکام ‘‘ ، (2) مولانا حافظ سید بدیع الدین صابری پروفیسر شعبہ عربی جامعہ عثمانیہ ’’کلوننگ کے مسائل شریعت کی روشنی میں ‘‘ ۔ (3) مولانا حافظ محمد لطیف احمد ، نائب شیخ الفقہ جامعہ نظامیہ ’’پلاسٹک اور کاسمٹک سرجری حلت و حرکت کے تناظر میں ‘‘ ۔ (4) مولانا حافظ سید واحد علی نائب شیخ المعقولات جامعہ نظامیہ ’’سرجری کے اقسام اور صورتیں شریعت کے آئینہ میں ‘‘ ۔ (5) مولانا حافظ محمد امین الدین نائب مفتی جامعہ نظامیہ ’’طبی مشورہ کی بنیاد پر قتل اور اسقاط حمل اسلامی نقطہ نظر سے ‘‘ /5 فبروری کو بعد نماز عصر قرآن خوانی و چادر گل برمزار بانی جامعہ شیخ الاسلام عارف باللہ مولانا حافظ محمد انوار اللہ فاروقی قدس سرہ العزیز پیش کی جائے گی ۔ بعد نماز مغرب جلسہ تقسیم اسناد ، دستار بندی و عطائے خلعت بصدارت مولانا سید شاہ اکبر حسینی صابری امیر جامعہ نظامیہ منعقد ہوگا ۔ قرأت قرآن مجید ، نعت شریف سے جلسہ کی کارروائی کا آغاز ہوگا ۔ مفکر اسلام حضرت مولانا مفتی خلیل احمد ، شیخ الجامعہ جامعہ نظامیہ خطبہ استقبالیہ دیں گے ۔ بزبان اردو ، اور بزبان عربی طلبہ جامعہ کی تقاریب ہوں گی ۔ تعلیمی رپورٹ مولانا ڈاکٹر محمد سیف اللہ نائب شیخ الجامعہ پیش کریں گے ۔ مالی رپور ٹ جناب سید احمد علی معتمد جامعہ نظامیہ پیش کریں گے ۔ تذکرہ حضرت شیخ الاسلام بانی جامعہ نظامیہ مولانا حافظ میر لطافت علی شیخ التفسیر ، جامعہ نظامیہ بیان کریں گے ۔ فاضلین جامعہ و حفاظ جامعہ کی خلعت دستاربندی بدست شیوخ جامعہ نظامیہ عمل میں آئے گی ۔ تقسیم اسناد انعامات اور گولڈ میڈل بدست حضرت امیر جامعہ نظامیہ عمل میں آئے گی ۔ سال حال جامعہ نظامیہ کے امتیازی کامیاب طلبہ اور کلیۃ البنات جامعہ نظامیہ کی امتیازی کامیاب طالبات کو گولڈ میڈل دیئے جائیں گے ۔ /6 فبروری 2019 ء کو بعد نماز عشاء طلباء جامعہ کے زیراہتمام نعتیہ مشاعرہ منعقد ہوگا جس میں ممتاز شعراء کرام اپنا نعتیہ کلام پیش کریں گے ۔

اعراس شریف
حیدرآباد ۔ 30 جنوری ( پریس نوٹ ) اعراس شریف زین الاتقیاء ابوالحیاء حضرت سید شاہ طاہر قادری لااُبالی الجیلانی عطا ؒ کا عرس شریف حضرت سید شاہ محی الدین قادری لااُبالی الجیلانی ہادیؒ المعروف پتھر والے صاحب ؒ 31جنوری و یکم فبروری کو بارگاہ حضرت پتھروالے صاحب مستعد پورہ کاروان ، زیرنگرانی ڈاکٹر سید شاہ عبدالمھیمن قادری لااُبالی الجیلانی منعقد ہوگا ۔ بروز جمعرات بعد نماز مغرب صندل مبارک رزاقی خانقاہ تا بارگاہ حضرت ممدوحؒ بعد جلسہ فیضان اولیاء پیشکشی صندل مالی و صلوٰۃ و سلام قرأت کلام پاک سید عبدالموخر قادری ، نعت سید عبدالمقسط قادری ، منقبت سید عبدالمستعان قادری ، خطابات سجادہ نشین حضرت ممدوح علیہ ، مولانا مصطفیٰ شریف قادری نقشبندی، صدارتی کلام فقیہ دکن مولانا مفتی خلیل احمد شیخ الجامعہ نظامیہ بعد ازاں شب میلاد شریف یکم فبروری بروز جمعہ بعد نماز مغرب برآمدگی نشان مبارک حضور غوث الاعظم دستگیرؒ نغمہ چشتیہ ( محفل سماع ) بعد نماز عشاء مستعد پورہ نزد درگاہ شریف مقرر ہے ۔

٭٭ اعراس شریف حضرت خواجہ مرزا صمدانی بیگ چشتی القادری محبوبی مرزائی اور حضرت خواجہ سید علاء الدین تمنا چشتی قادری قلندری مرزائی ، حضرت سید بدیع الدین المعروف بشیر میاں تمنائی قلندری مرزائی کا 31 جنوری کو زیرسرپرستی سجادہ نشین حضرت سردار بیگ قبلہؒ زیرنگرانی سجادہ نشین کریں گے ۔ بعد نماز عصر بمکان سجادہ نشین واقع وٹے پلی ورم گڈہ روڈ میں ختم قرآن مجید ، بعد نماز مغرب برآمد صندل بمکان سجادہ نشین نکلے گا ۔ بعد نماز عشاء احاطہ درگاہ حضرت مرزا سردار بیگ بھوئی گوڑہ میں سجادہ نشین صندل مالی کی رسم انجام دیں گے ۔

جلسہ اصلاح معاشرہ
حیدرآباد ۔ 30 ۔ جنوری : ( راست ) : مولانا سید عباد بن ذکی القاسمی کے بموجب 31 جنوری کو بعد نماز ظہر مسجد صراط مستقیم آزاد نگر عنبر پیٹ میں زیر صدارت مولانا حافظ محمد غوث رشیدی جلسہ اصلاح معاشرہ منعقد ہے ۔ مولانا شاہ محمد جمال الرحمن مخاطب کریں گے ۔۔

تحریک اسلامی کا اجتماع
حیدرآباد ۔ 30 ۔ جنوری : ( راست ) : تحریک اسلامی کے زیر اہتمام اجتماع 31 جنوری کو بعد نماز عشاء سنی مرکز مسجد گل بانو نامپلی میں منعقد ہوگا ۔ مولانا مفتی محمد آصف بلال قادری کا ’ خوف خدا عزوجل ‘ پر خطاب ہوگا ۔۔

درس قرآن مجید
حیدرآباد ۔ 30 ۔ جنوری : ( راست ) : جماعت اسلامی ہند ٹولی چوکی محلہ بال ریڈی نگر میں بروز جمعرات بعد نماز مغرب درس قرآن بمکان عبدالرب عقب مسجد بلال ٹولی چوکی میں منعقد ہوگا ۔۔
٭٭ جماعت اسلامی ہند ٹولی چوکی محلہ الحسنات کالونی میں درس قرآن بروز جمعرات خالد منزل روبرو مسجد ابوبکر صدیقؓ بعد نماز مغرب منعقد ہوگا ۔۔
٭٭ جماعت اسلامی ہند ٹولی چوکی محلہ قادر باغ میں درس قرآن مجید بروز جمعرات بعد نماز عشاء بمکان عبدالحمید نزد بھارت کرانہ اسٹور منعقد ہوگا ۔۔

منقبت مقابلہ سیدہ کائنات
حیدرآباد ۔ /30 جنوری (راست) مرکزی بزم میلادالنبی کے زیراہتمام بسلسلہ ولادت باسعادت سیدۂ کائنات مقابلہ منقبت منعقد ہوگا ۔ اس مقابلہ میں شرکت کے لئے 15 سال سے زائد عمر کے نعت خواں کو شرکت کی اجازت رہے گی ۔ مقابلہ میں شرکت کے خواہشمند نعت خواں اصحاب دفتر بزم میلادالنبی تاج منشن روپ لعل بازار نزد مسجد حضرت مولوی زماں خاں صاحب شہیدؒ سے شام 5 تا 8 بجے شب داخلہ فارم حاصل کرسکتے ہیں ۔ خواہشمند حضرات اپنا نام اور مکمل پتہ فون نمبر 9951464267 پر درج کرواسکتے ہیں۔

جامعۃ المؤمنات تا چنچل گوڑہ گراؤنڈ مفت سواری کا نظم
حیدرآباد ۔ /30 جنوری (راست) جامعۃ المؤمنات حیدرآباد کی ایک روزہ کل ہند خواتین کانفرنس جس کا مرکزی موضوع ’’تحفظ قانون شریعت اور ہماری ذمہ داریاں ‘‘ /3 فبروری کو صبح 8 تا 8 بجے شام چنچل گوڑہ جونیر کالج گراؤنڈ میں مقرر ہے ۔ یہ کانفرنس مسلسل 12 گھنٹے جاری رہے گی ۔ اس کانفرنس میں شرکت کرنے والے خواتین کو اطلاع دی جاتی ہے کہ وہ 8 تا 10 بجے دن تک مفت بس سواری کا نظم کیا جارہا ہے ۔

سید مظہر قادری فاؤنڈیشن کا جلسہ
حیدرآباد ۔ /30 جنوری (راست) سید مظہر قادری فاؤنڈیشن کا سالانہ جلسہ و تقسیم تعلیمی انعامات /2 فبروری کو 7.30 بجے شب اردو مسکن خلوت زیرصدارت مولانا سید محمد قبول پاشاہ قادری شطاری مقرر ہے ۔ مہمانان خصوصی مولانا سید شاہ عبیداللہ قادری آصف پاشاہ اور جناب محمد قمرالدین چیرمین تلنگانہ اقلیتی کمیشن ہوں گے ۔ مولانا سید آل مصطفی قادری الموسوی علی پاشاہ و ڈاکٹر محمد متین الدین قادری رکن پبلک سروس کمیشن مخاطب کریں گے ۔ جناب سید خلیل احمد قادری موظف ڈپٹی انسپکٹر اسکولس بہادر پورہ ، حضرت سید مظہر قادری کی خدمات پر مخاطب کریں گے ۔

تحریری و تقریری انعامی مسابقے
حیدرآباد ۔ 30 جنوری ( راست ) مولانا محمد عبدالغفار مجاہد القاسمی عمومی الجنتہ العلماء ریاست تلنگانہ و آندھراپردیش کے زیراہتمام انعامی تحریری و تقریری مقابلے منعقد کئے جارہے ہیں ۔ مسابقہ تقریری برائے طلبہ دو طبقات پر مشتمل ہوں گے ۔ طبقہ علیا میں جماعت ششم تا دورۂ حدیث بعنوان ’’ ہم جنس پرستی فطرت سے بغاوت‘‘ اور طبقہ سفلیٰ میں جماعت سوم تا جماعت پنجم بعنوان ’’ مسلم پرسنل لاء کا تحفظ کیوں اور کیسے ؟ ‘‘ منعقد ہوگا ۔ مسابقہ تحریری برائے طلبہ طبقہ علیا میں جماعت ہفتم تا دورۂ حدیث و تخصصات بعنوان ’’ اسلام کا نظام طلاق ‘‘ منعقد ہوگا ۔ نیز برائے طالبات مسابقہ تقریری ایک طبقہ پر مشتمل ہوگا ۔ جماعت چہارم تا فضیلت بعنوان ’’ آزادیٔ نسوان کا فریب اور معاشرے پر اس کے اثرات‘‘ مسابقہ منعقد ہوگا ۔ تحریری مسابقہ برائے طلبہ 31جنوری 2بجے دن تا 4بجے مدرسہ مصباح العلوم واقع اندرون احاطہ جامع مسجد اے بیاٹری لائن روبرو آئی ٹی آئی ملے پلی منعقد ہوگا ۔ تحریری مسابقہ کا وقت دوپہر 2تا 4:30 بجے منعقد ہوگا ۔ مقالہ فل اسکیپ سائز کے کم از کم چار صفحات پر تحریر کرنا ضروری ہے ۔د رمیان میں صرف ایک سطر چھوڑ سکتے ہیں اور مسابقہ تقریری برائے طلبہ 7 فبروری صبح 8 تا شام 5 بجے کانفرنس ہال دفتر مجلس ختم نبوت نزد مسجد الماس کالی قبر روڈ حیدرآباد منعقد ہوگا ۔ واضح ہو کہ مسابقہ تقریری برائے طالبات 7بجے کو 8بجے تا 5بجے مدرسہ اسلامیہ جمال القرآن کشن نگر جھرہ آصف نگر حیدرآباد منعقد ہوگا ۔ تقریری مسابقہ 7:30 بجے صبح شروع ہوگا ۔ شرکت کنندہ کو اپنے مدرسہ کا توثیق نامہ پیش کرنا ہوگا ۔ مزید تفصیلات کیلئے 9347276767 یا 9391030931 پر ربط کریں ۔