مذہبی خبریں

خدمت خلق اولیاء اللہ کا وصف کمال
مولانا شاہ محمد فصیح الدین نظامی اور مولانا سید رضوان پاشاہ کا خطاب
حیدرآباد ۔ /27 جنوری (راست) زمین شدت تپش سے مغلوب ہوکر پیاسی ہوتی ہے تو آسمان سے موسلادھار بارش ہوتی ہے ۔ تاریکی شب کی چادر بسیط ہوتی ہے تو صبح کا اجالا پھوٹ پڑتا ہے ۔ بندگان خدا میں جب گمراہی پھیلتی ہے اور نافرمانی عام ہوجاتی ہے تو رب کریم کی رحمت بے پایاں متوجہ ہوتی ہے اور خداوند قدوس اپنے خاص بندوں میں سے کسی نہ کسی کو پیکر رشد و ہدایت بناکر بھیجتا ہے ۔ اسی لئے خاکدان گیتی میں وقتاً فوقتاً انبیاء و رسل کا مقدس قافلہ آتا رہا جو انسانوں کو نافرمانیوں اور گمراہیوں سے بچاتا رہا ۔ سیدنا محمد رسول اللہ ﷺ کے بعد نبوت و رسالت کا دروازہ یک لخت بند ہوگیا لیکن پھر رب کریم کی شان کریمی سے بندوں کی مایوسی و بے بسی دیکھی نہ گئی اور جہاں انبیاء کرام کی آمد کا سلسلہ ختم کیا وہیں پر اپنے فضل بے نہایت سے ولایت ، غوثیت ، قطبیت کا دروازہ کھول دیا اور اس کام کے لئے عہد نبوی سے لے کر آج تک اولیائے امت میں غوث قطب اور ابدال وغیر ہم کا برابر ظہور ہوتا رہا ۔ ان مقدس افراد نے مخلوق کے بگڑے ہوئے حالات کو سنوارا اور ان کے اخلاق و کردار کی درستگی اور ایمان کی پختگی عطا کی ۔ ان خیالات کا اظہار مولانا محمد فصیح الدین نظامی مہتمم کتب خانہ جامعہ نظامیہ نے درگاہ قطب الاقطاب حضرت سید خواجہ حسن برہنہ شاہ قادری سرمدیؒ کے سالانہ عرس شریف کے موقع پر منعقدہ جلسہ سیرت اولیاء کے اجتماع سے کیا ۔ قاری غلام احمد نیازی کی قرأت کلام پاک اور مہمان شاعر حضرت جلیل نظامی ، محمد بصارت علی صدیقی اور قاری فرحت اللہ شریف کی نعت پاک سے جلسہ کا آغاز ہوا ۔ مولانا قاضی ابواللیث شاہ محمد غضنفر علی قریشی اسد ثنائی نے نگرانی کی ۔ مولانا حافظ سید رضوان پاشاہ قادری صدرنشین دی قرآن اکیڈیمی نے بھی خطاب کیا ۔ قبل ازیں حلقہ حیدریہ سلطانیہ نے قصائد نعتیہ پیش کئے ۔ مولانا مفتی محمد صلاح الدین نظامی نے کارروائی چلائی ۔ کنوینرس جناب محمد حسین نقشبندی معتمد عمومی درگاہ کمیٹی اور جناب سید شمس الاکبر علی الہاشمی شریک معتمد درگاہ کمیٹی کے شکریے اور نگران جلسہ مولانا قاضی اسد ثنائی کی دعا پر جلسہ اختتام کو پہنچا۔

اعراس شریف
حیدرآباد ۔ 27 ۔ جنوری : ( پریس نوٹ) : پیر طریقت شاہ محمد مظہر الدین الچشتی القادریؒ کا عرس شریف کا آغاز 22 اور 23 جمادی الاول گلستان مظہریہ لنگم پلی کاچی گوڑہ زیر نگرانی مولانا شاہ محمد خلیل الدین خالد مظہری الچشتی القادری ہوگا ۔ 22 جمادی الاول ساڑھے چار بجے برآمدگی صندل مبارک از دولت کدہ مظہریہ لنگم پلی عصر تا مغرب ختم قرآن مجید بعد نماز مغرب طعام ساڑھے نو بجے شب مراسم صندل مالی پیشکشی چادر گل غلاف مبارک سلام بحضور خیر الانام بعد ازاں سماع ہوگا ۔ 23 جمادی الاول مغرب چراغاں بعد نماز عشاء پیشکشی چادر گل نذرانہ عقیدت نعت و منقبت سماع مقرر ہے ۔۔
٭٭ عرس شریف حضرت خواجہ مرزا صمدانی بیگ چشتی القادری محبوبہ مرزائی اور حضرت خواجہ سید علاء الدین تمنا چشتی قادری قلندری مرزائی ، حضرت سید بدیع الدین المعروف بشیر میاں تمنائی مرزائی کا 31 جنوری کو زیر سرپرستی سجادہ نشین حضرت سردار بیگ قبلہؒ ، زیر نگرانی سجادہ نشین مقرر ہے ۔ بعد نماز عصر بمکان سجادہ نشین واقع وٹے پلی ورم گڈہ روڈ میں ختم قرآن مجید بعد نماز مغرب برآمد صندل بمکان سجادہ نشین نکلے گا ۔ بعد نماز عشاء احاطہ درگاہ حضرت مرزا سردار بیگ بھوئی گوڑہ میں سجادہ نشین مولانا سید غوث محی الدین تمنائی صندل مالی کی رسم انجام دیں گے ۔۔

خواتین کانفرنس کے اجتماعات
حیدرآباد ۔ 27 ۔ جنوری : ( راست ) : جامعتہ المومنات کی ایک روزہ کل ہند خواتین کانفرنس مرکزی موضوع تحفظ قانون شریعت اور ہماری ذمہ داریاں کے بضمن تعارفی اجتماع 28 جنوری کو مدینہ مسجد باغ جہاں آراء میں بعد نماز ظہر مفتی حافظ محمد مستان علی قادری ، مفتی عبدالواسع احمد صوفی ، حافظ محمد غوث عادل مخاطب کریں گے ۔۔

سمپوزیم ملت کے عروج و زوال کے اسباب کا انعقاد
حیدرآباد ۔ 27 ۔ جنوری : ( راست ) : سادات ایجوکیشن اینڈ ویلفیر سوسائٹی کے زیر اہتمام بہ تعاون مدینہ ایجوکیشن سوسائٹی سمپوزیم بعنوان ’ ملت کے عروج و زوال کے اسباب ۔ قرآن مجید اور احادیث کی روشنی میں ‘ بمقام مدینہ ایجوکیشن سنٹر نامپلی میں منعقد ہوا ۔ پروفیسرمحسن عثمانی ندوی نے درس قرآن کے عنوان سے سورہ فاتحہ کی تفسیر پیش کی ۔ پروفیسر فاطمہ شہناز نے صدارتی خطاب میں کہا کہ اسلامی تعلیمات سے دوری ، تعلیمی پسماندگی اور خواتین کی ناقدری زوال کے کے اہم اسباب ہیں ۔ آج کے مادی دور میں اشتہار بازی کے لیے خواتین کو ’ متاع بازار ‘ بنادیا ہے ۔ رہی سہی کسر انٹرنیٹ نے پوری کردی ۔ اس پر غور کرنے کی ضرورت ہے ۔ پروفیسر محسن عثمانی ندوی نے کہا کہ عصری علوم بالخصوص سائنس و ٹکنالوجی میں آگے آنے کی ضرورت ہے ۔ ڈاکٹر وحید اللہ حسینی قادری نے کہا کہ زوال کے تین اہم وجوہات ہیں ۔ ایمان کی کمزوری ، تعلیمی پسماندگی اور حب مال و زر ۔ ڈاکٹر سید اسلام الدین مجاہد نے سورہ عصر کے حوالے سے عروج و زوال کے اسباب پر روشنی ڈالی ۔ رحیم اللہ خاں نیازی ، محمد علی الدین قادری نے بھی مخاطب کیا ۔۔

طلبا و طالبات کے تحریری و تقریری انعامی مسابقے
حیدرآباد ۔ 27 ۔ جنوری : ( پریس نوٹ) : مولانا محمد عبدالغفار مجاہد القاسمی معتمد عمومی لجنتہ کے بموجب لجنتہ العلماء ریاست تلنگانہ و آندھرا پردیش کے زیر اہتمام مدارس اسلامیہ میں زیر تعلیم و تربیت طلبہ کرام کی حوصلہ افزائی بین المدارس الاسلامیہ انعامی تحریری و تقریری مقابلے منعقد کئے جارہے ہیں ۔ مسابقہ تقریری برائے طلبا دو طبقات پر مشتمل ہوں گے ۔ طبقہ علیا میں جماعت ششم تا دورہ حدیث بعنوان ’ ہم جنس پرستی فطرت سے بغاوت ‘ اور طبقہ سفلیٰ میں جماعت سوم تا جماعت پنجم بعنوان ’ مسلم پرسنل لا کا تحفظ کیوں اور کیسے ؟ ‘ منعقد ہوگا ۔ مسابقہ تحریری برائے طلبہ طبقہ علیا میں جماعت ہفتم تا دورہ حدیث و تخصصات بعنوان ’ اسلام کا نظام طلاق ‘ منعقد ہوگا ۔ نیز برائے طالبات مسابقہ تقریری ایک طبقہ پر مشتمل ہوگا ۔ جماعت چہارم تا فضیلت بعنوان ’ آزادی نسوان کا فریب اور معاشرے پر اس کے اثرات ‘ مسابقہ منعقد ہوگا ۔ تحریری مسابقہ برائے طلبا 31 جنوری کو 2 بجے دن تا 4 بجے مدرسہ مصباح العلوم واقع اندرون احاطہ جامع مسجد اے بیاٹری لائن روبرو آئی ٹی آئی ملے پلی منعقد ہوگا اور مسابقہ تقریری برائے طلبا 7 فروری کو صبح 8 تا شام 5 بجے کانفرنس ہال دفتر مجلس ختم نبوت نزد مسجد الماس کالی قبر روڈ ، منعقد ہوگا ۔ واضح ہو کہ مسابقہ تقریری برائے طالبات 7 فروری کو 8 بجے تا شام 5 بجے مدرسہ اسلامیہ جمال القرآن کشن نگر جھرہ آصف نگر منعقد ہوگا ۔ لجنتہ العلماء کی ذمہ داران نے تمام خواہش مند طلبا وطالبات سے اپیل کی ہے کہ وہ اپنے نام و جماعت کی صراحت کے ساتھ مولانا عبدالغفار مجاہد القاسمی معتمد عمومی لجنتہ العلماء کے پاس 31 جنوری تک درج کروادیں ۔ تفصیلات کے لیے فون 9391030931 ۔ 9848099432 پر ربط کریں ۔۔

تحفظ شریعت اور ہماری ذمہ داری پر آج سمینار برائے خواتین
حیدرآباد ۔ 27 ۔ جنوری : ( پریس نوٹ) : خواتین وطالبات میں اسلامی شعور بیدار کرنے کے ساتھ حکومت کی جانب سے مسلم پرسنل لا میں جو دخل اندازی کی جارہی ہے ۔ اس کے تدارک کے لیے اپنی تمام تر امکانیات کا استعمال کرتے ہوئے باہمی اتحاد و اتفاق کے ذریعہ یہ ثابت کرنا کہ مسلم پرسنل لا ہمارے لیے جان سے زیادہ عزیز ہے ۔ اس سلسلہ میں اقراء بسمہ سی ٹی آئی ، حسینی علم کے زیر اہتمام اور بہ تعاون صمدانی ایجوکیشنل سوسائٹی عثمان باغ خواتین کے لیے سمینار بعنوان تحفظ شریعت اور ہماری ذمہ داری ، 28 جنوری کو 10 بجے دن ، پالکی فنکشن ہال حسینی علم روڈ مقرر ہے ۔ حافظ عبدالشکور کنوینر سمینار نے بتایا کہ ڈاکٹر اسماء زہرا ڈائرکٹر سلامہ ہاسپٹل و رکن آل انڈیا مسلم پرسنل لا بورڈ و ذمہ دار ویمنس وینگ ، محترمہ عقیلہ خاموشی صدر تنظیم بنت حرم و رکن آل انڈیا مسلم پرسنل لا بورڈ ، محترمہ جویریہ صدیقہ پرنسپل براعم ہائی اسکول و جونیر کالج اور مفتیہ ناظمہ عزیز وغیرہ مخاطب کریں گے ۔ ہائی اسکولس و کالجس کے طالبات اور خواتین سے اپیل کی گئی ہے کہ اس میں شرکت کریں ۔۔

اصلاحی و تربیتی اجتماع
حیدرآباد ۔ 27 ۔ جنوری : ( راست ) : مولانا سید عباد بن ذکی القاسمی کے بموجب 28 جنوری کو بعد نماز عشاء جامعہ اسلامیہ تجوید القرآن آزاد نگر عنبر پیٹ میں زیر صدارت مولانا حافظ محمد غوث رشیدی ، زیر سرپرستی مولانا شاہ محمد کمال الرحمن قادری اصلاحی و تربیتی اجتماع منعقد ہے ۔ مولانا شاہ فضل الرحمن محمود مخاطب کریں گے ۔۔

جماعت اسلامی ہند شہر حیدرآباد کی مثالی خاندان مہم
حیدرآباد ۔ 27 ۔ جنوری : ( پریس نوٹ) : محمد عبدالسمیع سکریٹری شعبہ نشر و اشاعت ، جماعت اسلامی ہند ، شہر حیدرآباد کے مطابق جماعت اسلامی ہند شہر حیدرآباد کی جانب سے یکم تا دس فروری دس روزہ مثالی خاندان مہم منائی جائے گی تاکہ امت مسلمہ میں اسلامی خاندانی نظام سے متعلق شعور بیدار کیا جائے ۔ اس ضمن میں والدین ، اولاد ، شوہر بیوی اور رشتہ داروں کے حقوق سے متعلق مختلف پروگرامس منعقد ہوں گے۔ اس کے علاوہ نکاح ، طلاق ، خلع اور وراثت وغیرہ سے متعلق احکام و مسائل سے عامتہ المسلمین کو واقف کروانے کے لیے مختلف پروگرامس بھی منعقد کئے جائیں گے ۔ اس مہم کے دوران مختصر ڈاکومنٹری بھی تیار کی جائے گی ۔ اس کے علاوہ مختصر کتابچوں ، اسٹیکرس ، پوسٹرس اور وال ہینگرس ، کے ذریعہ بھی بڑے پیمانے پر ملت میں شعور بیدار کرنے کی سعی کی جائے گی ۔ شہر حیدرآباد کے تمام یونٹس میں کیڈر کے لیے مثالی خاندان کے عنوان سے ورکشاپ منعقد کئے جائیں گے ۔ شہر کی مختلف مساجد میں مہم کے دوران خطبہ جمعہ انہی موضوعات پر منعقد ہوں گے ۔ ساتھ ہی انہی موضوعات پر ائمہ و خطباء مساجد کو تحریری خطبات مہیا کئے جائیں گے ۔۔