مذہبی خبریں

قرآن کے احکام پر عمل آوری میں نجات
محمد نسیم الدین احمد کی اردو اور انگریزی تصانیف کا رسم اجراء ، دانشوروں کا خطاب
حیدرآباد /3 اکٹوبر ( پریس نوٹ ) ماہر قانون جناب محمد نسیم الدین احمد کی اردو کتاب اساس قرآن مجید اور انگریزی کتاب ، فنڈامنٹلس آف دی قرآن کی رسم اجراء سالارجنگ میوزیم میں منعقد ہوئی ۔ اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے پروفیسر احمد اللہ خان سابق ڈین فیکلٹی آف لاعثمانیہ یونیورسٹی نے کہا کہ قرآن مجید کے تعلق سے جتنا پڑھا جائے کم ہے ۔ انہوں نے کہا کہ اگرچہ عربی کو دنیا کی پانچویں بڑی زبان قرار دیا گیا ہے لیکن عربی سیکھنے والوں کی تعداد میں بے تحاشہ اضافہ ہوتا جارہا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ 1939 میں میونخ جرمنی میں ایک یہودی عالم نے قرآن مجید کے نسخوں کو جمع کرنے کا کام شروع کیا اور اس کی عبوری رپورٹ میں کہا گیا کہ اب تک دس ہزار نسخے جمع کئے گئے ہیں اور ان میں کسی میں بھی کوئی فرق نہیں پایا گیا ۔ انہوں نے کہا کہ سورہ نساء کی آیت نمبر 80 میں کہا گیا کہ جس نے رسول ﷺکی اطاعت کی اس نے اللہ کی اطاعت کی، اس لئے اللہ کے بعد رسول اللہ ﷺ کے احکام کو ماننا اور ان پر عمل کرنا ضروری ہے ۔ انجمن تدبر و تفکر کی جانب سے منعقدہ اس تقریب میں ڈاکٹر محمد فہیم اختر ندوی صدر شعبہ اسلامک اسٹیڈیز مولانا آزاد نیشنل اردو یونیورسٹی نے کہا کہ جناب نسیم الدین احمد نے 99 سوالات ضبط تحریر میں لائے ہیں جو عام طور پر اٹھاکرتے ہیں یا اٹھائے جاتے ہیں ۔ ان کی کتاب مستند معلومات پر مبنی ہے ۔ قرآن مجید ایک زندہ معجزہ ہے اسے سن کر بڑے بڑے دل پگھل گئے ۔ شاعروں نے شاعری ترک کردی ۔ انہوں نے کہا کہ قرآن مجید ایک تسلسل سے ہمارے پاس آیا ہے ۔ اس کی تلاوت کا طریقہ بھی وہی ہے جو رسول اللہ ﷺ کا رہا ہے اور قرآن پڑھنے کا طریقہ ساری دنیا میں ایک ہے ۔ ڈاکٹر فاطمہ بیگم پروین ڈاکٹر عقیل ہاشمی اور نسیم الدین احمد نے بھی مخاطب کیا ۔ مس آمینہ سحر نے جلسہ کی کارروائی چلائی ۔ قاری محمد سراج کی قرات کلام پاک سے جلسہ کا آغاز ہوا ۔ اس تقریب میں جناب عابد رسول خان سابق صدرنشین اقلیتی کمیشن جناب ای اسمعیل جناب محمد خلیق الرحمن ، جناب خواجہ کمال الدین اور دیگر افراد شریک تھے ۔ تقریب کے بعد پدماوتی کماری نے ساز پر صوفیانہ کلام پیش کیا ۔

دینی اجتماع
حیدرآباد ۔ /3 اکٹوبر (راست) تحریک اسلامی کے زیراہتمام اجتماع /4 اکٹوبر کو بعد نماز عشاء سنی مرکز مسجد گل بانو نامپلی میں منعقد ہوگا ۔ نگران تحریک مولانا محمد فاروق رضا قادری ’’شان اہل بیت کرام ‘‘ پر خطاب ہوگا ۔

تنظیم بنت حرم کا جلسہ تاثرات حج برائے خواتین
حیدرآباد /3 اکٹوبر ( پریس نوٹ ) تنظیم بنت حرم کے زیر اہتمام جلسہ بعنوان تاثرات حج برائے خواتین 11 اکٹوبر کوصبح 10 تا 4 بجے دن صنعاء گارڈن فنکشن ہال ( نزد سردار محل آفس چارمینار ) زیر نگرانی محترمہ صبیحہ صدیقی صدر تنظیم بنت حرم و رکن مجلس عاملہ آل انڈیا مسلم پرسنل لاء بورڈ مقرر ہے ۔جس میں حج کے مقدس فریضہ سے واپس ہونے والی خواتین اپنے تاثرات حج بیان کریں گی اور گذشتہ سالوں میں حج کرنے والی حاجی خواتین بھی اپنے تاثرات بیان کریں گی ۔ خواتین کو شرکت کی ہے ۔ مہمان خصوصی پروفیسر اشرف رفیع ، محترمہ امتہ الغفور سکریٹری بزم خواتین ، محترمہ اصغر صدیقہ نائب صدر تنظیم نسواں تعمیر ملت ، محترمہ رجاء اور لکچرر دمام یونیورسٹی شرکت کریں گے۔ جلسہ کا آغاز محترمہ نعیم النساء فاروق کی قرات کلام پاک سے ہوگا ۔ محترمہ فضل النساء باری تعالی ، محترمہ ممتاز عشرت جہاں نعت شریف پیش کریں گی ۔ محترمہ عزیزہ محبوب معتمد تنظیم بنت حرم ، محترمہ رحمت النساء فاروقی صدر معلمہ مدرسہ بنات الحرم ، محترمہ سیدہ زینت سلطانہ ، محترمہ شاکرہ کوثر ، محترمہ سیدہ میمونہ جلسہ کو مخاطب کریں گی ۔ جو خواتین جلسہ کو مخاطب کرنا چاہتی ہوں وہ 7 اکٹوبر تک مدرسہ بنات الحرم ( اندرون مکہ مسجد ) یا فون نمبرات 8790825170/ 9703679879/ 8374183214 پر اطلاع دیں ۔ اضلاع سے آنے والی خواتین قبل از وقت اطلاع دیں ۔

قومی سمینار بعنوان ’ پیغام حسین ؓ انسانیت کے نام ‘
حیدرآباد ۔ 3 ۔ اکٹوبر : ( راست ) : جناب میر فراست علی باقری جنرل سکریٹری حیدری ایجوکیشنل اینڈ سوشیل ویلفیر سوسائٹی کے زیر اہتمام قومی سمینار بعنوان ’ پیغام حسین ؓ انسانیت کے نام ‘ سالار جنگ میوزیم ہال 6 اکٹوبر کو 10-30 بجے دن منعقد ہوگا ۔ جس میں بلا لحاظ مذہب و ملت تمام علماء ، دانشور ، سیاسی ، سماجی قائدین خطاب کریںگے ۔۔

عرس حضرت محمد شاہ صاحب قبلہؒ
حیدرآباد ۔ 3 ۔ اکٹوبر : ( راست ) : عرس حضرت سید محمد شاہ ہاشم حسینی صابری ؒ المعروف محمد شاہ صاحب ؒ بمقام درگاہ شریف حضرت شاہ خاموش ؒ ، نامپلی منعقد ہوگا ۔ 23 محرم مطابق 4 اکٹوبر بروز پنجشنبہ بعد نماز عصر صندل شریف از حجرہ گدی شریف تا درگاہ شریف مابعد صندل مالی بعد مغرب چراغاں 5 اکٹوبر مطابق 24 محرم بروز جمعہ صبح 8 بجے قرآن خوانی ، قصیدہ بردہ شریف و مجلس سماع ، شام 4 بجے تا بعد مغرب مجلس سماع ، قل و ختم شریف مقرر ہے ۔ مراسم عرس مولانا سید شاہ علی اکبر نظام الدین حسینی صابری سجادہ نشین انجام دیں گے ۔۔

فلسفہ شہادت پر مذاکرہ و مسالمہ
حیدرآباد ۔ /3 اکٹوبر (پریس نوٹ) ڈاکٹر راہیؔ جنرل سکریٹری مولانا محمد علی جوہر اکیڈیمی کی اطلاع کے بموجب اکیڈیمی کا سالانہ مذاکرہ بعنوان ’’فلسفہ شہادت ‘‘ بصدارت مولانا حبیب عبدالرحمن الحامد اسلامی اسکالر /13 اکٹوبر کو 2 بجے دن مسدوسی ہال والٹا روڈ مغل پورہ انعقاد پذیر ہوگا ۔ مہمان خصوصی مولانا حسین شہید ، مولانا ضیاء عرفان حسامی ، ڈاکٹر نادرالمسدوسی ہوں گے ۔ ڈاکٹر م ق سلیم کا حج بیت اللہ شریف سے واپسی پر خیرمقدم ہوگا اور تہنیت پیش کی جائے گی ۔ جناب انیس احمد انیس کی قرأت و حمد اور ڈاکٹر غیاث عارف کی نعت ہوگی ۔
ڈاکٹر راہیؔ کا کلیدی نوٹ اور نظامت ہوگی ۔ مذاکرے کے فوری بعد ’’ ملا ہے آسراء آل عبا کا ‘‘ (عبا قافیہ کا ردیف ہے ) کے زیر طرح مسالمہ ہوگا ۔ ڈاکٹر عباسؔ متقی صدارت کریں گے ۔ مسرس یوسف روشؔ ، جلال عارفؔ اور حلیم بابرؔ ، مہمان خصوصی ہوں گے ۔ قدیم و جدید مکتب فکر کے منتخب شعراء کا تازہ طرحی سلام ہوگا ۔

درس قرآن مجید
حیدرآباد ۔ /3 اکٹوبر (راست) جماعت اسلامی ہند ٹولی چوکی محلہ بال ریڈی نگر بروز جمعرات بعد نماز مغرب درس قرآن بمکان عبدالرب صاحب عقب مسجد بلال ٹولی چوکی میں منعقد ہوگا ۔
٭٭ جماعت اسلامی ہند ٹولی چوکی محلہ الحسنات کالونی میں درس قرآن ، خالد منزل روبرو مسجد ابوبکر صدیقؓ بعد نماز مغرب منعقد ہوگا ۔
٭٭ جماعت اسلامی ہند ٹولی چوکی محلہ قادر باغ میں درس قرآن مجید بروز جمعرات بعد نماز عشاء بمکان عبدالحمید نزد بھارت کرانہ اسٹور منعقد ہوگا ۔

اعراس شریف
حیدرآباد ۔ /3 اکٹوبر (راست) عرس شریف حضرت مولانا شاہ محمد عبدالغفور صدیقی القادری فرزند اکبر حضرت مولانا شاہ محمد عبدالمقتدر صدیقی القادری فضلؒ کا /23 محرم الحرام بروز جمعرات مطابق /4 اکٹوبر مرقد عشاق عیدی بازار نزد بند ناکہ بارگاہ حضرت فضلؒ میں منعقد ہے ۔ حسب نظام العمل عصر تا مغرب ختم قرآن مجید ہوگا ۔ بعد نماز مغرب محفل سماع ہوگی ۔ مراسم عرس شریف سجادہ نشین مرقد عشاق انجام دیں گے ۔
٭٭ قدوۃ السالکین قطب العارفین حضرت سید شاہ غلام افضل بیابانی المعروف مالکؒ کے خلیفۂ خاص کنزالعرفاں حضرت شاہ محمد کشفیؔ بیابانی رفاعی القادریؒ کا عرس شریف /4 اکٹوبر بروز جمعرات مقرر ہے ۔ جلوس صندل مالی ہمراہ رفاعی فقراء درگاہ حضرت ممدوح احاطہ دو پہاڑ شاہ ولیؒ مصری گنج سے بعد عشاء 9.30 بجے شب پہنچے گا ۔ بعد صندل مالی محفل سماع منعقد ہوگی جس میں قوال حضرت شاہ کشفیؔ کا عرفانہ کلام پیش کریں گے ۔ /22 محرم کو بعد عشاء محفل چراغاں و سماں منعقد ہوگا ۔ /25 محرم کو ختم قرآن پاک محفل قل کے بعد تقاریب عرس کا اختتام عمل میں آئے گا ۔ مولانا محمد رحیم ضیاء الدین افضل بیابانی فرید پاشاہ المعروف شاہ محمد کیفی بیابانی رفاعی القادری مراسم انجام دیں گے ۔
٭٭ حضرت سید شاہ ناصر الدین علی قادری المعروف سیدؒ اندرون مسجد سید نزد الاوہ بی بی بیرون دبیر پورہ /5 اکٹوبر بروز جمعہ بعد نماز عصر تلاوت قرآن پاک بعد نماز مغرب حلقہ ذکریا الجہر بعد وعظ و صندل مالی نائب سجادہ قاری محمد دستگیر خاں قادری چشتی بدست انجام دیں گے ۔ نگرانی حضرت سید شاہ نصیرالدین قادری سجادہ نشین مقرر ہے ۔
٭٭ عرس شریف بارگاہ پیر حضرت محبوب الٰہی سید سعاد اللہ حسینی قادری شہیدیؒ سعاد اللہ نگر ہت نورہ منڈل نرساپور ضلع سنگاریڈی /6 اور /7 اکٹوبر کو مقرر ہے ۔
٭٭ حضرت میراں سید شاہ ولی اللہ قادری الجیلانی حضرت میراں سید شاہ بدرالدین قادری الجیلانی قدس سرۃ کا عرس شریف /10 اکٹوبر بعد نماز عصر تا عشاء احاطہ درگاہ شریف مقبرہ والا جاہ واقع صابر نگر کالونی جھرہ آصف نگر میں مقرر ہے ۔ صدارت مولانا سید عماد الدین قادری سجادہ نشین حضور جلالۃ العلم قدس سرۂ مولانا سید نجم الدین قادری الجیلانی ثاقب پاشاہ شہنشاہِ ولایت کریں گے ۔

ماہانہ محفل نعت
حیدرآباد ۔ /3 اکٹوبر (راست) ماہانہ محفل نعت و مناقب سید الشہداء امام عالی مقام امام حسینؓ زیراہتمام بزم گلستان خلیل بروز جمعرات /23 محرم کو مسجد شہامت جنگ موسیٰ باؤلی حسینی علم روڈ مقرر ہے ۔ نگرانی داعی محفل قاری خلیل اللہ قریشی کریں گے اور صدارت پیر خواجہ علیم الدین گوڈر شاہی کریں گے ۔ محمد عبدالقیوم الہامی صدر بزم ثنائے مصطفیٰ مہمان خصوصی ہوں گے ۔

مرکزی انجمن مہدویہ کے نعت خوانی کوئز تقریری و تحریری مقابلے
حیدرآباد ۔ /3 اکٹوبر (راست) بسلسلہ جشن میلادالنبیؐ زیراہتمام و مقام مرکزی انجمن مہدویہ چنچل گوڑہ برائے طلباء و طالبات /14 اکٹوبر کو نعت خوانی مقابلے 10 بجے دن پندرہ سال کے طلباء ان مقابلوں میں حصہ لے سکتے ہیں اور کم از کم پانچ اشعار ترنم میں سنانا لازمی ہے ۔ کوئیز مقابلے 12 بجے دن عنوانات ہائی اسکول ، رسول اللہ ﷺ کی مکی زندگی ، کالج : سیرت رسول اللہ ﷺ اور مدنی زندگی ، /21 اکٹوبر تقریری مقابلے 10 بجے دن ہائی اسکول اخلاق رسول اللہ ﷺ اور ہم وقت 5 منٹ کالج : حقوق والدین ( قرآن و حدیث کی روشنی میں) وقت 5 منٹ ، تحریری مقابلے 12 بجے دن عنوانات ہائی اسکول : رسول اللہ ﷺ رحمت العالمین وقت 30 منٹ کالج : اخلاق رسول اللہ ﷺ اور ہم وقت 30 منٹ مضمون اردو ۔ ہندی یا انگریزی میں تحریر کیا جاسکتا ہے ۔ مقابلے میں حصہ لینے والے طلباء اپنے نام کا آغاز مقابلے سے پندرہ منٹ قبل شریک کرواسکتے ہیں ۔ اسکول و کالج انتظامیہ و سرپرستوں اور اولیاء طلباء سے خواہش کی جاتی ہے کہ وہ بچوں کو ان مقابلوں میں شرکت کی ترغیب دیں ۔ جناب محمد جاوید مہدی خداوندی اور محترمہ عائشہ شفتین کنوینر کے فرائض انجام دیں گے ۔

ختم دلائل الخیرات
حیدرآباد ۔ /3 اکٹوبر (راست) ابوالفداء اسلامک ریسرچ سنٹر کے زیراہتمام محفل ختم دلائل الخیرات (درود شریف) و ختم خواجگان نقشبند و تعلیمات اولیاء نقشبند زیرنگرانی مولانا سید شاہ حسین شہید اللہ بشیر بخاری نقشبندی قادری خلیفہ حضرت ابوالفدائؒ ہر جمعرات بعد نماز مغرب مسجد حضرت سید شاہ فیض اللہ حسینیؒ شکر گنج مقرر ہے ۔ خواتین کیلئے پردہ کا نظم رہے گا ۔ بعد نماز عشاء نگران محفل کا خطاب اور ’’جماعت ابوالفدائ‘‘ کا قصیدہ بردہ شریف اور ذکر و سلوک و مراقبہ کی مجلس رہے گی ۔

دینی تعلیم ضرورت و اہمیت پر جلسہ
حیدرآباد ۔ /3 اکٹوبر (راست) مولانا سید عباد بن ذکی القاسمی کے بموجب /4 اکٹوبر کو بعد نماز ظہر مسجد صراط مستقیم ، آزاد نگر عنبر پیٹ ، زیرصدارت مولانا حافظ محمد غوث رشیدی جلسہ اصلاح معاشرہ منعقد ہے ۔ مولانا عبدالملک مظاہری مخاطب کریں گے۔