مذہبی خبریں

دینی مدارس و جامعات کے معلمات کے لیے خصوصی ٹریننگ
حیدرآباد ۔ 8 ۔ اگست : ( راست ) : جامعتہ المومنات کے زیر اہتمام ایک روزہ ریاستی تربیتی پروگرام ( ٹیچر ٹریننگ ) برائے معلمات دینی مدارس و جامعات 11 اگست کو صبح 8-30 بجے دن کانفرنس ہال جامعتہ المومنات مغل پورہ میں مفتی محمد حسن الدین کی صدارت میں مقرر ہے ۔ حسب ذیل عناوین حفظ القرآن کا طریقہ تدریس ، تدریس قرآن مجید کا بنیادی نہج ، اسکول ایڈمنسٹریشن ، مدرس و صدر مدرس کے فرائض و ذمہ داریاں ، قواعد عربی ادب کی تدریس کا طریقہ ، مادری زبان کی تدریس کا طریقہ ، انگریزی تدریس کا نہج پر خصوصی لکچر ہوں گے ۔ اجلاس کا آغاز حافظہ رمیصاء افشین کی قرات ، قاریہ شفا ناز کی نعت شریف سے ہوگا ۔ خیر مقدمی کلمات مفتی محمد مستان علی قادری ناظم اعلی ، کلمات تشکر حافظ محمد صابر پاشاہ قادری ادا کریں گے ۔ اس تربیتی پروگرام میں بحیثیت مہمان خصوصی الحاج محمد محمود علی ڈپٹی چیف منسٹر تلنگانہ شرکت کریں گے ۔ اس ٹیچر ٹریننگ میں اسکالرس کے خصوصی لکچر دیں گے ۔۔

عرس حضرت قطب میاںؒ
حیدرآباد ۔ 8 ۔ اگست : ( راست ) : عرس حضرت سید محمد شاہ قطب الدین حسینی صابریؒ سابقہ سجادہ نشین حضرت شاہ خاموشؒ و امیر جامعہ نظامیہ 10 اگست مقرر ہے ۔ بعد نماز عصر صندل مالی و قرآن خوانی بعد نماز مغرب مجلس سماع منعقد ہوگا ۔ مراسم عرس مولانا سید شاہ علی اکبر نظام الدین حسینی صابری سجادہ نشین انجام دیں گے ۔۔

درس تفسیر قرآن مجید و حلقہ ذکر جہری
حیدرآباد ۔ 8 ۔ اگست : ( راست ) : جامع مسجد درگاہ امر اللہ شاہ ، ؒ مغل پورہ میں 9 اگست کو بعد نماز مغرب حلقہ ذکر ہوگا اور بعد نماز عشاء درس تفسیر قرآن مجید مقرر ہے ۔ نگرانی مولانا سید شاہ اسرار حسین رضوی المدنی سجادہ نشین کریں گے ۔ مولانا مفتی شاہ محمد فصیح الدین نظامی درس دیں گے ۔۔

جلسہ اصلاح معاشرہ
حیدرآباد ۔ 8 ۔ اگست : ( راست ) : حافظ سید عباد بن ذکی کے بموجب 9 اگست کو بعد نماز ظہر مسجد صراط مستقیم آزاد نگر عنبر پیٹ میں زیر صدارت حافظ محمد غوث رشیدی جلسہ اصلاح معاشرہ منعقد ہے ۔ مہمان مقرر مولانا مفتی محمد عبدالمغنی مظاہری مخاطب کرینگے ۔ جلسہ کا آغاز سعید خاں کی قرات کلام پاک سے ہوگا ۔ جلسہ کی کارروائی مولانا رحیم اللہ خاں چلائیں گے ۔۔

حج سے عالمی بھائی چارہ مساوات اور عالمی امن کا پیغام
جماعت اسلامی کا اجتماع ، جناب محمد یوسف علی خاں کا خطاب
حیدرآباد ۔ 8 ۔ اگست : ( پریس نوٹ ) : حاجی اللہ کا مہمان ہوتا ہے ، حج گناہوں کا کفارہ ہے اور عورتوں اور کمزوروں کا جہاد ہے ، حاجی کی دعا قبول ہوتی ہے ، ان خیالات کا اظہار جناب محمد یوسف علی خاں امیر مقامی جماعت اسلامی ہند خلوت نے ’ مناسک حج ‘ پر پاورپوائنٹ پریزنٹیشن دیتے ہوئے کیا ۔ انہوں نے مزید کہا کہ عاقل بالغ مسلمان جو بیت اللہ تک پہنچنے کی استطاعت رکھتا ہو اس پر حج فرض ہے ۔ انہوں نے مناسک عمرہ و حج کے مناسک پر تفصیل سے پریزینٹیشن پیش کیا اور کہا کہ دنیا کے مختلف مقامات سے مختلف رنگ ، نسل و زبان کے لوگ امیر بھی غریب بھی بادشاہ بھی فقیر بھی ایک طرح کے اور ایک ہی رنگ کے لباس میں اللہ کے گھر میں حاضر ہوتے ہیں اور اس طرح عالمی بھائی چارے کا پیغام دیتے ہیں ۔ عالمی اجتماعیت کا پیغام دیتے ہیں ۔ مساوات کا اور امن کا پیغام دیتے ہیں ۔ دنیا بھر سے لاکھوں فرزندان توحید حضرت ابراہیم ؑ کی آواز پر لبیک کہتے ہوئے حاضر ہوتے ہیں اور پرامن طریقہ سے مناسک عمرہ و حج ادا کرتے ہیں ۔ انہوں نے حاجیوں سے مخاطب ہو کر کہا کہ کوشش اس بات کی کیجئے کہ مناسک حج و عمرہ ادا کرتے وقت آپ کی ذات سے دوسرے اہل ایمان کو کوئی نقصان نہ پہنچے اور حج کے دوران کوئی گالی ، گلوج لڑائی جھگڑا نہیں کرنا چاہیے اور حج سے اس طرح واپس لوٹیں جس طرح ماں کے پیٹ سے جنے گئے ہوں ۔ یعنی گناہوں کی معافی کروا کر واپس ہوں ۔ پروگرام کے ابتداء جناب حافظ تجمل حسین کی تلاوت و ترجمان سے ہوا اور جناب غلام معین نے کارروائی چلائی ۔۔

اجتماع برائے خواتین
حیدرآباد ۔ 8 ۔ اگست : ( راست ) : رفیعہ نوشین سکریٹری بزم علم و ادب کے بموجب اجتماع 11 اگست کو 2-30 بجے دن ایمپائر اسٹیٹ فلیٹ نمبر 105 اکبر باغ ملک پیٹ مقرر ہے ۔ قرات کلام مجید کے بعد محترمہ ممتاز جہاں عشرت نعت شریف پیش کریں گے ۔ سیدہ عابدہ کریم ’ یاد ابراہیم خلیل اللہ ‘ اور ’ سورہ نصر ‘ کی تفسیر بیان کریں گے ۔ محترمہ سیدہ سراج النساء ’ حضرت جنید بغدادی ؒ کا ایک قصہ ‘ سنائیں گے ۔ رفیعہ نوشین ’ تعریف کے طلب گار ‘ پر مضمون سنائیں گے ۔ ڈاکٹر جوہر جہاں ’ کہاں گئے وہ دن ‘ پر مخاطب کریں گے ۔ ڈاکٹر لطیف النساء مہمان خصوصی کی حیثیت سے شرکت کریں گے ۔۔

جمعیتہ علماء گریٹر حیدرآباد کا اجلاس
حیدرآباد ۔ 8 ۔ اگست : ( راست ) : سید نذیر احمد قاسمی سکریٹری جمعیتہ علماء گریٹر حیدرآباد کے بموجب شہر حیدرآباد کے تمام اراکین کا ایک اہم اجلاس 9 اگست کو بعد عشاء متصلاً جامع مسجد دارالشفاء میں منعقد ہوگا ۔ مفتی عبدالمغنی مظاہری صدارت کریں گے ۔ حافظ پیر شبیر احمد مہمان خصوصی ہوں گے ۔ مولانا محمد عبدالقوی کا خطاب ہوگا ۔ اس موقع پر دینی تعلیمی بورڈ شہر حیدرآباد کی تشکیل عمل میں آئے گی اور 6 اکٹوبر کو ہونے والے ریاستی اجلاس عام کے سلسلہ میں مشاورت ہوگی ۔۔