مذہبی خبریں

رحمان کے مہمانوں کا زادِ راہ تقویٰ
روزنامہ سیاست میں حج و عمرہ کلاسیس، مفتی سید آصف الدین ندوی کا خطاب
حیدرآباد ۔ یکم ؍ اگست (راست) دنیا کے بے شمار اسفار ہم کرتے ہیں اور ہر سفر کی تیاری و سامان سفر کی مناسبت سے ہوتا ہے۔ حج و عمرہ کا سفر مبارک سفر ہے اور حرمین شریفین کا قیام سعادت ہی سعادت ہے اور اس سفر میں چونکہ دنیا بھر کے مسلمان ہوتے ہیں جو مختلف علاقوں سے ہوتے ہیں۔ رنگ و نسل کے فرق کے ساتھ مزاجوں کا اختلاف ہوتا ہے اور اعمال حج و عمرہ بھی منفرد شان والے ہیں۔ مقامات بھی نئے ہیں تو اس سفر کا زادِ راہ قرآن نے تقویٰ قرار دیا ہے اور یوں کہا کہ بغیر سامان نہ جاؤ بلکہ سامان سفر لے کر جاؤ اور سامان میں بہترین توشہ تقویٰ ہے۔ یعنی اللہ کا خوف و استحضار۔ ان خیالات کا اظہار مولانا مفتی سید آصف الدین ندوی قاسمی ایم اے بانی جنرل سکریٹری لبیک سوسائٹی و ناظم مدرسۃ الخیر قادر باغ نے روزنامہ سیاست کے اشتراک سے گولڈن جوبلی ہال احاطہ روزنامہ سیاست عابڈس میں منعقدہ ہفتہ حج و عمرہ تربیتی کلاس میں کیا اور اپنے سلسلہ خطاب میں مولانا نے حج 2018ء کی تربیتی ہفتہ واری کلاسیس اور عمرہ کلاسیس کے تعاون میں روزنامہ سیاست کے اشتراک و تعاون کا شکریہ ادا کیا۔ قبل ازیں جناب سید شرف الدین صدر سوسائٹی نے تمہیدی کلمات میں کہا کہ یہ سعادت و خدمت ہے۔ مولانا نے عازمین کے سوالات کے جوابات دیئے اور دعا پر کلاس اختتام پذیر ہوئی۔

حضرات یوسفینؒ کا
جلوس جھیلہ مبارک
حیدرآباد یکم / اگست ( سیاست نیوز ) جلوس جھیلہ مبارک حضرات یوسفینؒ 2 اگست بعد نماز عصر قدم رسول پنجہ شاہ سے نشان مبارک و جلوس برآمد ہوگا ۔ درگاہ حضرات یوسفینؒ میں پہونچنے کے بعد گنبد مبارک پر نشان مبارک پیش کیا جائے گا ۔ متولی درگاہ یوسفینؒ و سجادہ نشین روضہ خرد گلبرگہ شریف کریں گے ۔ واضح رہے کہ حضرات سید یوسف الدین چشتی اور حضرت سید شرف الدین چشتی کے عرس شریف سے 15 روز قبل رسم جھیلہ مبارک عمل میں آتا ہے ۔

محفل ذکر و درود شریف
حیدرآباد ۔ یکم ؍ اگست (راست) خانقاہ صوفیہ ابوالعلائیہ روبرو مسجد پیارو میاں مصری گنج میں ’’محفل ذکر و درود شریف‘‘ 2 اگست کو بعد نماز عشاء 9 بجے بہ سرپرستی مولانا خواجہ صوفی شاہ محمد زبیر چشتی ابوالعلائی مقرر ہے۔