مذہبی خبریں

جامع مسجد فرسٹ لانسرز میں عازمین حج کا تربیتی اجتماع
حیدرآباد /4 جولائی ( پریس نوٹ ) تلنگانہ اسٹیٹ حج کمیٹی کے زیر اہتمام منتخب عازمین حج کا بارھواں تربیتی اجتماع اتوار 8 جولائی کو صبح 10.30 بجے دن سے جامع مسجد فرسٹ لانسرز نزد درگاہ حضرت سید احمد بادپاؒ میں منعقد ہوگا ۔ صدرنشین تلنگانہ اسٹیٹ حج کمیٹی جناب محمد مسیح اللہ خان صدارت کریں گے ۔ اسپیشل آفیسر پروفیسر ایس اے شکور سفر حج کے انتظامات سے متعلق اہم امور پر روشنی ڈالیں گے ۔ ممتاز علمائے کرام و ماہرین فضائل و مناسک حج و عمرہ اور آداب زیارت روضہ نبوی ﷺ بیان کریں گے ۔ عازمین حج سے بپابندی وقت شرکت کی خواہش کی گئی ہے ۔ وہ اپنے ساتھ نوٹ بک اور قلم ضرور لائیں تاکہ اہم باتیں نوٹ کی جاسکیں ۔ خاتون عازمین کیلئے خصوصی انتظامات کئے گئے ہیں ۔ اراکین حج کمیٹی نے عازمین سے شرکت کی خواہش کی ہے ۔ عازمین سے اپیل ہے کہ وہ چھوٹے بچوں کو اپنے ساتھ نہ لائیں ۔ اجتماع میں خانگی ٹور آپریٹرس کے توسط سے جانے والئے عازمین بھی شرکت کرسکتے ہیں۔

حضرت اعظم پاشاہ اجداد کی یادگار اور آئندہ نسل کے لیے نمونہ
درگاہ موسیٰ قادریؒ میں علامہ کاظم پاشاہ کا خطاب
حیدرآباد ۔ 4 ۔ جولائی : ( راست ) : زندگی اور موت اس کائنات کی فطرت میں داخل ہے ۔ ذات باری کے علاوہ ہر شئے فانی اور اس کا وجود عارضی ہے اور اس حقیقت سے انکار نہیں کیا جاسکتا کہ انسانوں میں بعض اشخاص بندگان خدا کو نفع پہنچانے کا سبب اور ذریعہ ہوتے ہیں ۔ فیض رسانی کے مختلف اور متعدد ذرائع اور ابواب ان سے متعلق ہوجاتے ہیں ۔ ان افراد کے دنیا سے رخصت ہوجانے پر بے شمار انسانوں کو گہرے رنج و غم کا سامنا ہوتا ہے ۔ ایسی ہی صاحب عظمت اور بافیض شخصیات میں حضرت اعظم پاشاہ قبلہؒ شامل تھے ۔ ان خیالات کا اظہار درگاہ شریف سیدنا سید شاہ موسیٰ قادریؒ پرانا پل میں منعقدہ مولانا ڈاکٹر سید شاہ محمد غوث محی الدین قادری الموسوی اعظم پاشاہ جانشین حضرت علامہ وحید العصر عارف ؒ کے فاتحہ سیوم اور اعلان جانشینی و دستار بندی مولانا سید شاہ محمد سلطان محی الدین قادری الموسوی مرتضی پاشاہ فرزند دوئم حضرت ممدوح کے موقع پر علامہ سید کاظم پاشاہ قادری الموسوی الجیلانی سجادہ نشین خانقاہ موسویہ نے افراد خانوادہ و متعلقین ، مشائخ و علماء ، مریدین و معتقدین اور عوام الناس کی موجودگی میں کیا ۔ علامہ کاظم پاشاہ نے کہا کہ حضرت اعظم پاشاہ قبلہؒ متاع عزیز تھے امانت دیانت ، اخلاص وللہیت ، ذہانت و فطانت ، شرافت و سنجیدگی کے پیکر مجسم ، علم و عمل اور تقویٰ و طہارت کے پاسبان تھے ، سادگی و وضع داری ، حسن اخلاق و حسن کردار جیسے صفات سے آپ متصف تھے ۔ بعد ازاں مزار حضرت ممدوح پر چادر گل پیش کی گئی ۔۔

جلسہ اصلاح معاشرہ
حیدرآباد ۔ 4 ۔ جولائی : ( راست ) : مولانا سید عباد بن ذکی القاسمی کے بموجب 5 جولائی بعد نماز ظہر مسجد صراط مستقیم آزاد نگر عنبر پیٹ میں زیر صدارت حافظ محمد زکریا فہد قاسمی جلسہ اصلاح معاشرہ منعقد ہے ۔ جلسہ کا آغاز حافظ محمد عبداللہ کی قرات کلام پاک سے ہوگا ۔ اس جلسہ کو مولانا محمد عبدالقوی مخاطب کریں گے ۔ نماز ظہر 1-30 بجے ہوگی ۔ خواتین کے لیے پردہ کا نظم رہے گا ۔۔

درس تفسیر و حلقہ ذکر
حیدرآباد ۔ 4 ۔ جولائی : ( راست ) : جامع مسجد درگاہ امر اللہ شاہؒ مغل پورہ میں جمعرات 5 جولائی کو بعد نماز مغرب حلقہ ذکر ہوگا ۔ بعد نماز عشاء درس تفسیر قرآن مجید ہوگا۔ نگرانی مولانا سید شاہ اسرار حسین رضوی المدنی سجادہ نشین کریں گے ۔ مولانا محمد فصیح الدین نظامی درس دیں گے ۔۔

محفل نعت پاک
حیدرآباد ۔ 4 ۔ جولائی : ( راست ) : بزم میلاد النبیؐ کے زیر اہتمام محفل نعت پاک 5 جولائی جمعرات کو بعد نماز عشاء 9-30 بجے شب مسجد حضرت مولوی محمد زماں خاں صاحب شہیدؒ روپ لال بازار میں منعقد ہوگی ۔ نگرانی جناب سید شاہ احمد علی تاجی شرفی قادری ( بانی و صدر بزم میلاد النبیؐ ) کریں گے ۔ سید انور علی سلمان کی قرات کلام پاک کے بعد شیخ عبدالرحمن اور محمد حسین کی نعت ہوگی ۔ بعد ازاں شعرا و نعت خواں حضرات منظوم نذرانہ عقیدت پیش کریں گے ۔۔

قرات کی تربیت
حیدرآباد ۔ 4 ۔ جولائی : ( راست ) : ماہ رمضان المبارک کے تعطیلات کے بعد خانقاہ آمریہ کے زیر اہتمام خواہش مند حضرات کے لیے حسب ذیل مقامات پر قرات کی تربیت کا 20 شوال سے آغاز ہوگا ۔ صبح بعد نماز فجر خانقاہ آمریہ گولکنڈہ قلعہ میں ایک گھنٹہ دوپہر 2 تا 3 بجے مدرسہ نوریہ آمریہ شاہین نگر میں بعد نماز عشاء ٹولی چوکی محمد عظمت کے مکان زیر سرپرستی مولانا شیخ عبدالکریم شاہ آمری قادری چشتی تربیت دی جائے گی ۔ نگرانی مولانا محمد رضوان قریشی خطیب مکہ مسجد کریں گے جب کہ حافظ شیخ معین الدین آمری قرات کی تربیت دیں گے ۔ خواہش مند حضرات 7097382786 ۔ 9160216243 پر ربط کریں ۔۔

جماعت اسلامی کی آئیے مسجد دیکھیں مہم
مختلف مساجد میں برادران وطن کے لیے خصوصی پروگرام ، غلط فہمیوں کا ازالہ
حیدرآباد ۔ 4 ۔ جولائی : ( دکن نیوز ) : جماعت اسلامی ہند شہر حیدرآباد کی جانب سے برادران وطن کو مسجد سے قریب کرنے اور ان کے ذہنوں میں مسجد اور اذان و دیگر امور کے متعلق پھیلائی گئی غلط فہمیوں کو دور کرنے کے لیے مسجد عزیزیہ مہدی پٹنم ، مسجد اجالے شاہ سعید آباد ، مسجد اجالے شاہ بستی واڑی ، سلطان شاہی ، مسجد بالا پور ، مسجد خواجہ گلشن فرسٹ لانسر ، مسجد ابرار وراثت نگر کالونی ، ٹولی چوکی ، مسجد قادریہ ونستھلی پورم ، مسجد قادریہ سعید آباد ، مسجد ابراہیم یاقوت پورہ ، جامع مسجد کتہ پیٹ ، مسجد الخیر بورہ بنڈہ ، مسجد محمدیہ کاکتیہ نگر ، مسجد محمد یہ ایم سی ایچ کالونی عنبر پیٹ ’ آئیے مسجد دیکھیں ‘ مہم کے ذریعہ برادران وطن میں مسجد اور اسلام کے متعلق غلط فہمیاں موجود تھیں ان کو دور کیا گیا ۔ ان مساجد میں برادران وطن کی کثیر تعداد شریک ہو کر مسلمانوں کی اس عبادت گاہ کا اولاً مشاہدہ کیا ۔ مسجد محمدیہ ایم سی ایچ کالونی عنبر پیٹ میں برادر گوپی اور کئی برادران وطن موجود تھے ۔ برادر گوپی نے مسجد کا تفصیلی جائزہ لینے کے بعد اپنے تاثرات میں بتایا کہ جیسے ہی میں نے جماعت اسلامی ہند کے اس پروگرام کو پڑھا اور سنا تو میرے بھی ذہن میں اس بات کا اشتیاق پیدا ہوا کہ میں اس مسجد کو اپنی آنکھوں سے دیکھوں اور مسلمانوں سے ملاقات کروں ۔ اللہ و ایشور نے میری اس بات کو سنا اور مجھے اس کے گھر میں قدم رکھنے کا موقع عنایت فرمایا ۔ اس موقع پر محمد مجاہد گیٹورائی نے برادران وطن کو بزبان تلگو مسجد اور اس کی اہمیت پر روشنی ڈالی ۔ مسجد عزیزیہ مہدی پٹنم ہمایوں نگر میں ’ آئیے مسجد دیکھیں ‘ کے تحت پروگرام منعقد ہوا جس میں غیر مسلم مرد و خواتین اور طالبات نے شرکت کی ۔ انہیں جماعت اسلامی ہند کے کارکنان ( مرد و خواتین ) نے تفصیل سے مسجد ، وضو ، اقامت ، اذان ، نماز کی افادیت اور دیگر امور سمجھائے ۔ جناب امتیازحسین ، منیجر اسلامک انفارمیشن سنٹر اور دیگر نے مسجد کی اہمیت پر روشنی ڈالی ۔ اس موقع پر شرکاء کی عطر ، شیرخورمہ سے تواضع کی گئی ۔۔