مذہبی خبریں

جامع مسجد اعظم پورہ میں عازمین حج کا تربیتی اجتماع
حیدرآباد ۔ 27 جون (پریس نوٹ) تلنگانہ اسٹیٹ حج کمیٹی کے زیر اہتمام منتخب عازمین حج کا گیارھواں تربیتی اجتماع اتوار یکم جولائی کو صبح 10 بجے تا 4 بجے دن جامع مسجد اعظم پورہ میںمنعقد ہوگا۔ صدر نشین تلنگانہ اسٹیٹ حج کمیٹی جناب محمد مسیح اللہ خان صدارت کریں گے ۔ اسپیشل آفیسرپروفیسر ایس اے شکورسفر حج کے انتظامات سے متعلق اہم امور پر روشنی ڈالیں گے۔ صدر کل ہند جمیعتہ المشایخ‘ مولانا سید شاہ قاضی اعظم علی صوفی شریک معتمد مولانا سید ابو الفتح بندگی بادشاہ قادری ‘ مولانا سید مصطفی قادری سعید پاشاہ ‘ کے خطابات ہوں گے ۔ پریکٹیکل ماڈل اور پاور پوائنٹ کے ذریعہ اہم امور اہم مقامات اور مناسک حج و عمرہ اور زیارت مدینہ کی وضاحت کی جائے گی ۔ احرام کے شرائط اور احرام باندھنے کا عملی مظاہرہ کیاجائے گا۔ بعد ظہر سوال جواب کا خصوصی سشن ہوگا۔ عازمین حج سے بپابندی وقت شرکت کرنے اور اپنے ساتھ نوٹ بک اور پین لانے کی کی خواہش کی گئی ہے ‘ تاکہ اہم باتیں نوٹ کی جاسکیں۔ خاتون عازمین کے لئے علحدہ خصوصی انتظامات کئے گئے ہیں‘ عازمین سے خواہش کی گئی ہے کہ وہ چھوٹے بچوں کو اپنے ساتھ نہ لائیں۔

عرس شریف
حیدرآباد /28 جون ( راست ) عرس شریف حضرت سید شاہ غلام حسن شطاریؒ ( ثانی ) المعروف حضرت سید شاہ سعدوبنے شطاریؒ خانقاہ سعدوبنے روبرو مسجد یسین جنگ دبیرپورہ میں 29 جون مقرر ہے ۔ بعد عصر قرآن خوانی بعد نماز مغرب صندل مالی کی رسم انجام دی جائے گی ۔ بعد صندل مالی فیضان اولیاء پر خصوصی خطاب مولانا سید محمد قبول بادشاہ قادری شطاری جانشین کامل کا ہوگا ۔ بعد نماز عشاء محفل سماع منعقد ہوگی ۔

اسلام میں امن و سکول اور اطمینان اور مساوات کا مظاہرہ
تنظیم نسواں تعمیر ملت کی تقریب ، محترمہ عائشہ صدیقہ کے قبول اسلام کے تاثرات

حیدرآباد /28 جون ( پریس نوٹ ) تنظیم نسواں کل ہند مجلس تعمیر ملت کے زیر اہتمام تقریب عیدملاپ و یوم تاسیس مدینہ مشین ،نارائن گوڑہ میں زیر صدارت صدر تنظیم نسواں محترمہ انیس عائشہ منعقد ہوئی ۔ جس میں خواتین کی تنظیموں کے نمائندوں ، اساتذہ ، طالبات اور خواتین کی کثیر تعداد نے شرکت کی ۔ محترمہ اجیر النساء کی قرات کلام پاک سے جلسہ کا آغاز ہوا ۔ محترمہ نصرت ضیاء الدین نئیر نے حمد باری تعالی سنائی ، محترمہ ممتاز جہاں عشرت نے نعت شریف پیش کی ۔ صدر تنظیم بنت حرم و رکن آل انڈیا مسلم پرسنل لاء بورڈ محترمہ صبیحہ صدیقی نے کہا کہ آج امت انتشار کے عالم سے گذر رہی ہے ۔ بحیثیت امت ہم پر بھاری ذمہ داریاں عائد ہوتی ہیں اور ہم کو عملی میدان میں بہت کچھ کرنے کی ضرورت ہے ۔ پروفیسر جمیل النساء رکن مسلم پرسنل لاء بورڈ نے اسلام کے ابتدائی ایام کا تذکرہ کرتے ہویء کہا کہ جو قوم اپنی جہالت پر فخر کرتی تھی اس نے اسلام قبول کیا ۔ رسول اللہ ﷺ نے صحابہ کو جس انداز میں تیار کیا اب ویسے ہی دور کی ضرورت ہے ۔ ہم کو چاہئے کہ صحابہ کرام کے مصائب کو یاد کرکے ان جیسے سچے مسلمان بننے کی کوشش کریں ۔ پروفیسر اشرف رفیع نے کہا کہ ہماری زندگی کے دو رخ ہیں ۔ ہم باطن کو فراموش کرچکے ہیں اور ہمارا ظاہر زمانہ سے ڈر رہا ہے اور یہی چیز ہم کو بدنام کر رہی ہے ۔ نبی کریم ﷺ نے 23 سالل کے عرصہ میں جاہل و ظالم قوم کو بدل دیا ۔ آج ہمارے پاس علم کے خزانے ہیں جس سے استفادہ کرنے کی ضرورت ہے ۔ وقت کا تقاضہ ہے کہ ہم اپنے دین کو مضبوط بنائیں ۔ پروفیسر شاہدہ بیگم نے کہا کہ حالات اس قدر بگڑ چکے ہیں کہ رمضان کے بعد مسجدوں میں برائے نام مصلی رہ گئے ہیں ۔ ہم اپنے بچوں کو بتائیں کہ ہماری رقم میں غریبوں کا بھی حصہ ہے ۔ محترمہ عابدہ کریم نے کہا کہ ہم کو خوشی کے اظہار میں بھی شریعت کی پابندی کرنا ہے ۔ اللہ نے جو بے پناہ نعمتیں عطا کی ہیں ان پر اللہ کا شکر ادا کرنا ضروری ہے ۔ محترمہ جلیسہ یسین نے کہا کہ ہم اللہ کے پیغام کو جاننے کی کوشش کریں کیونکہ آج ملک میں 80 فیصد مسلمان قرآن نہیں جانتے ۔ محترمہ سیدہ عقیلہ خاموشی نے کہا کہ عید کا پیام یہ ہے کہ جب مومن اللہ کی رضا اور رسول اللہ ﷺ کی فرماں برداری میں زندگی گذارنے کا عادی ہوجاتا ہے تو پھر راہ کی کوئی مشکل نہیں رہا جاتی ۔ بلکہ راحت و رحمت لگنے لگتی ہے ۔ محترمہ انیس عائشہ نے صدارتی خطاب میں کہا کہ ہم ملت کیلئے کام کریں ۔ اتحاد و اتفاق کا مظاہرہ کریں۔ اگر ہم اپنے اختلافات کو لے کر چلیں تو مسلمانوں کا حال برا ہوجائے گا ۔ اس تقریب میں محترمہ عائشہ صدیقہ اہلیہ جناب مظہر خان نے اپنے قبول اسلام کے تاثرات بیان کرتے ہوئے کہا کہ اسلام میں مساوات کا مظاہرہ ہوتا ہے ۔ امیر غریب ، کالاگوڑا ، چھوٹا بڑا سب برابر ہوتے ہیں ۔ جبکہ مندروں میں اور ہندو برادری میں ذات پات کا مظاہرہ ہوتا ہے ۔ اللہ نے ان کو ہدایت دی اور انہوں نے اسلام قبول کرلیا ۔ وہ مہیلا منڈلی کے صدر کی بیٹی ہیں اور ایسے گرم ماحول سے اسلام میں داخل ہوئی ہیں ۔ اسلام میں استقامت کیلئے ان کے شوہر کا ان کو بڑا تعاون حاصل ہے ۔ اسلام قبول کرنے کے بعد وہ کافی سکون و اطمینان محسوس کرتی ہیں ۔ اس تقریب میں تنظیم بنت حرم ، بزم علم و ادب تحفظ شریعت کمیٹی دبستان جلیل ، مدرہ محمدیہ سوماجی گوڑہ ، تفہیم شریعہ کمیٹی اور بزم خواتین کے نمائندوں نے شرکت کی ۔ دعاء و سلام پر تقریب اختتام کو پہونچی ۔ ڈاکٹر جوہر جہاں معتمد تنظیم نے کارروائی چلائی اور شکریہ ادا کیا ۔

ڈاکٹر حمید الدین شرفی کے خطابات
حیدرآباد ۔ 28 ۔ جون : ( پریس نوٹ ) : ڈاکٹر سید محمد حمید الدین شرفی ڈائرکٹر آئی ہرک بروز جمعہ ، قبل نماز جمعہ 12-30 بجے دن مسجد مالا کنٹہ ، معظم جاہی مارکٹ اور 1-30 بجے دن مسجد حسینی روڈ نمبر 3، بنجارہ ہلز میں ونیز بعد نماز جمعہ 3 بجے سہ پہر مسجد درگاہ واقع شرفی چمن سبزی منڈی میں شرف تخاطب حاصل کریں گے ۔۔

ڈاکٹر محمد سراج الرحمن کا خطاب
حیدرآباد ۔ 28 ۔ جون : ( راست ) : جامع مسجد پائیگاہ بشیر باغ میں ڈاکٹر محمد سراج الرحمن فاروقی کا خطاب ’ والدین کی فرمانبرداری ‘ پر ہوگا ۔ بعد جمعہ مولانا غلام نبی شاہ نقشبندی کا لٹریچر دستیاب رہے گا ۔۔

ٹیپو سلطان اور ان کی بے مثل حب الوطنی پر سمپوزیم
حیدرآباد ۔ 28 ۔ جون : ( پریس نوٹ) : کل ہند مجلس تعمیر ملت کے بموجب بروز اتوار یکم جولائی کو ساڑھے دس بجے صبح گلشن خلیل موقوعہ تالاب مانصاحبہ روبرو گارڈن ٹاور سمپوزیم بعنوان ’ ٹیپو سلطان اور ان کی بے مثل حب الوطنی ‘ مقرر ہے ۔ جناب محمد ضیا الدین نیر نائب صدر کل ہند مجلس تعمیر ملت صدارت کریں گے ۔ جناب اقبال احمد کے علاوہ دیگر دانشور مخاطب کرینگے ۔۔

مدرسہ بنات الحرم میں داخلے
حیدرآباد ۔ 28 ۔ جون : ( راست ) : تنظیم بنت حرم کے زیر اہتمام چلائے جانے والے مدرسہ بنات الحرم اندرون مکہ مسجد میں داخلوں کا آغاز ہوچکا ہے ۔ جس میں شعبہ حفظ القرآن ، ناظرہ مع تجوید ، شعبہ عالمیت جس میں ملا ، امامت ، موذنی ، ڈپلوما ان عربک جن کے امتحانات جامعہ نظامیہ سے دلائے جاتے ہیں ۔ اس کے ساتھ ٹیلرنگ عصری تعلیم ، مہندی ڈیزائن کی مفت تعلیم دی جاتی ہے ۔ کوئی فیس نہیں ، اوقات مدرسہ صبح 10 تا 4 بجے دن اور اتوار کو 11 تا 12 بجے درس قرآن مجید ، 12 تا 1 بجے درس بخاری شریف ، 1 تا 2 مختلف عنوانات پر بیانات ہوں گے ۔ مزید تفصیلات کے لیے 9703679879 ۔ 8374183214 پر ربط کریں ۔۔

مسجد کلثوم نصیر کا آج افتتاح
حیدرآباد ۔ 28 ۔ جون : ( راست ) : مسجد کلثوم نصیر محمد نگر ( بندلہ گوڑہ ) کا افتتاح 29 جون کو مقرر ہے ۔ جلسہ قرات کلام پاک سے صبح 11 بجے ہوگا ۔ جس میں قراء کرام حصہ لیں گے ۔ مسجد میں نماز جمعہ 2-15 بجے ہوگی ۔ نماز سے قبل مولانا محمد صدام حسین قادری حبیبی کا بیان اور امامت کرینگے ۔ بعد نماز جمعہ مدرسہ حضرت آمنہؓ کا بھی افتتاح عمل میں آئے گا ۔۔

مجلس شہادت
حیدرآباد ۔ 28 ۔ جون : ( راست ) : سید علی حسین طباطبائی سرگروہ جعفری ۸۸ کے بموجب 15 شوال ہفتہ 7 بجے شب عبادت خانہ حسینی میں مجلس شہادت حضرت امام جعفر صادق سے مولانا حیدر زیدی خطاب کریں گے عجمی ماتم ہوگا ۔۔

عرس شریف
حیدرآباد ۔ 28 ۔ جون : ( راست ) : حضرت نظر بہادر کوڑی شاہ صاحب کا عرس شریف 14 شوال بعد نماز مغرب مسجد بہار علی سے صندل برآمد ہوگا ۔ جس کی نگرانی وقف سپرنٹنڈنٹ مرزا منور بیگ کرینگے ۔۔