مذہبی خبریں

عازمین حج کا تربیتی اجتماع
حیدرآباد ۔ 22 ۔ جون : ( پریس نوٹ ) : تلنگانہ اسٹیٹ حج کمیٹی کے زیر اہتمام عازمین حج کا دسواں تربیتی اجتماع اتوار 24 جون کو 10-30 بجے دن تا 4 بجے سہ پہر مسجد نور نزد منڈی مادنا پیٹ میں منعقد ہوگا ۔ جناب محمد مسیح اللہ خاں صدر نشین تلنگانہ اسٹیٹ حج کمیٹی صدارت کریں گے ۔ پروفیسر ایس اے شکور اسپیشل آفیسر تلنگانہ اسٹیٹ حج کمیٹی سفر حج سے متعلق اہم امور کی وضاحت کریں گے ۔ مولانا حافظ خواجہ نذیر الدین سبیلی ناظم جامعہ عائشہ نسواں فضائل و مناسک حج اور آداب زیارت روضہ نبویؐ بیان کریں گے ۔ عازمین حج سے بہ پابندی وقت شرکت کی خواہش کی گئی ہے ۔ وہ اپنے ساتھ نوٹ بک اور قلم ضرور لائیں تاکہ اہم باتیں نوٹ کی جاسکیں ۔ خاتون عازمین کے لیے خصوصی انتظامات کئے گئے ہیں ۔ وہ چھوٹے بچوں کو اپنے ساتھ نہ لائیں ۔

عرس شریف
حیدرآباد ۔ 22 ۔ جون : ( راست ) : حضرت صوفی شاہ محمد عبدالقادر قادری چشتی راز واعظ دکن سرکار عالی جامع مسجد چوک کے عرس شریف کی تقاریب عرس کا 23 تا 26 جون درگاہ شریف صوفی منزل مصری گنج میں مقرر ہے ۔ 23 جون کو بعد نماز عشاء مراسم غسل شریف ، سلام ، فاتحہ و دعا ہوگی ۔ 24 جون کو بعد نماز عشاء برآمدی جلوس صندل معہ ضربات رفاعیہ روبرو جامع مسجد پیارو میاں مصری گنج تا صوفی منزل ، بعد مراسم صندل مرکزی جلسہ فیضان اولیاء زیر صدارت مولانا سید شاہ محمد قبول بادشاہ حسنی حسینی قادری شطاری مقرر ہے ۔ مولانا سید شاہ عزیز اللہ قادری ، مولانا شاہ محمد فصیح الدین نظامی ، مولانا حافظ سید خلیل اللہ بشیر اویس بخاری کے خطابات ہوں گے ۔ 25 جون کو بعد نماز مغرب مجلس چراغاں و قصیدہ بردہ شریف ، بعد نماز عشاء محفل سماع مقرر ہے ۔ 26 جون کو صبح 9-30 بجے مجلس ختم قرآن مجید ، سلام ، فاتحہ و دعا پر چار روزہ تقاریب عرس شریف کا اختتام عمل میں آئیگا ۔۔

آج تقریب عید ملاپ و نعتیہ مشاعرہ
حیدرآباد ۔ 22 ۔ جون : ( راست ) : بزم عاشقان رسولؐ و دبستان عدیل کے زیر اہتمام تقریب عید ملاپ و نعتیہ مشاعرہ 23 جون کو بعد عشاء رہائش گاہ سید شاہ مسرور عابدی شرفی قادری چنچل گوڑہ مقرر ہے ۔۔
٭٭ خانقاہ غفوریہ بمقام صابر نگر نزد مسجد والا جاہی میں 23 جون کو تقریب عید ملاپ 10 بجے شب محفل سماع منعقد ہوگی ۔۔

اظہار تشکر
حیدرآباد ۔ 22 ۔ جون : ( راست ) : مولانا محمد رحیم الدین انصاری ناظم جامعہ اور مولانا محمد حسام الدین ثانی مہتمم جامعہ نے ان تمام اہل خیر حضرات کا شکریہ ادا کیا جنہوں نے رمضان المبارک میں جامعہ اسلامیہ دارالعلوم حیدرآباد کا زکواۃ ، صدقہ ، فطرہ اور عطیات کے ذریعہ تعاون کیا ۔ ان کا یہ تعاون جامعہ میں مختلف شعبہ جات میں زیر تعلیم مستحق طلبہ کے اخراجات کی تکمیل اور جامعہ کے مختلف امور کی انجام دہی میں سہولت کا باعث ہوگا ۔ ان حضرات نے اردو اخبارات کا بھی شکریہ ادا کیا جنہوں نے جامعہ کی نیوز اہمیت کے ساتھ شائع کی اور جامعہ کی آواز اور ضروریات کو عامتہ المسلمین تک پہونچایا ۔۔
٭٭ ڈاکٹر محمد مشتاق علی صدر ، جناب اسمعیل شریف ، جناب سید شمیم محی الدین ، محمد فہیم الدین ، نائب صدور ، جناب محمد بن سعید معتمد عمومی ، جناب ایم ایم غوری شریک معتمد جناب اسد اللہ بیگ خازن جناب محمد شرف الدین قریشی ، محمد یونس ذکی ، محمد منیر بیگ ، معتمدین جناب سید معراج ، مفتی محمد عبدالکبیر قریشی ، جناب مومن قریشی و دیگر اراکین عاملہ نے تمام اہل خیر حضرات سے اظہار تشکر کیا ہے ۔ کہ انہوں نے انجمن فلاح معاشرہ کی جانب سے کی جانے والی اجتماعی شادیوں میں تعاون کیا ۔ انجمن نے ان تمام اردو روزناموں سے اظہار تشکر کیا ہے ۔ جنہوں نے اپنے مقبول روزناموں میں انجمن فلاح معاشرہ کی طرف سے کی جانے والی اجتماعی شادیوں کی تشہیر کی ۔ اللہ تعالی سے دعا ہے کہ ان سب کو دن دو گنی رات چوگنی ترقی عطا فرمائے ۔ آمین ۔۔

درس قرآن مجید و تفسیر
حیدرآباد ۔ 22 ۔ جون : ( راست ) : مرکزی مجلس فیضان ملتانیہ کے زیر اہتمام محفل درس قرآن مجید و تفسیر زیر نگرانی مولانا شاہ سید شفیع اللہ حسینی القادری ملتانی جامع مسجد ابراہیمی قادر باغ رنگ روڈ بروز شنبہ بعد نماز مغرب مقرر ہے۔ محفل کا آغاز قرات کلام پاک و نعت شریف سے ہوگا ۔ بعد ازاں مولانا ابو زاہد شاہ سید وحید اللہ حسینی القادری الملتانی درس قرآن مجید دینگے اور تفسیر بیان کرینگے ۔۔

قرات و اذاں کی تربیتی کلاسیس
حیدرآباد ۔ 22 ۔ جون : ( راست ) : قاری محمد صمصام الدین حسامی کے بموجب علامہ حسام الدین فاضل میموریل ایجوکیشنل سوسائٹی کے زیر اہتمام حسامیہ اسکول اندرون کمان شیخ فیض یاقوت پورہ ہفتہ ، اتوار اور پیر بعد نماز مغرب تا عشاء قاری غلام احمد نیازی کی زیر سرپرستی لڑکوں کیلئے قرات کلام پاک معہ تجوید اور اذان کی تربیتی کلاسیس مفت چلائے جارہے ہیں ۔ نوجوانوں سے استفادہ کی خواہش کی جاتی ہے ۔۔

خانقاہ قبول مصطفوی میں
آج نعتیہ مشاعرہ
حیدرآباد ۔ 22 ۔ جون : ( راست ) : حضرت سید مرتضیٰ بادشاہ حسنی الحسینی قادری چشتی حبیب زرین کلاہؒ کے عرس مبارک کے موقع پر بزم حبیب زرین کلاہ کے زیر اہتمام 23 جون کو 9 بجے شب خانقاہ قبول مصطفوی نزد چمن نور خاں بازار میں زیر نگرانی مولانا سید محمد قبول بادشاہ قادری غیر طرحی نعتیہ مشاعرہ منعقد ہوگا ۔ مولانا سید احمد بادشاہ قادری زرین کلاہ کے خیر مقدمی کلمات ہوں گے ۔ شعراء کرام مسرس جلال عارف ، سید عبدالرحمن قادری طاہر ، ڈاکٹر فاروق شکیل ، سلیم عابدی ، اکبر خاں اکبر ، یوسف روش ، سردار سلیم ، اسلم فرشوری ، طیب پاشاہ قادری ، فرید سحر ، سمیع اللہ حسینی ، اسد ثنائی ، جنید حسینی ، وجیہ اللہ سبحانی ، جنید زرین کلاہ ، کامل حیدرآبادی ، جہانگیر قیاس ، قابل حیدرآبادی ، بصیر افضل ، شاہد عدیلی ، قاری انیس احمد ، شبیر علی خاں ، ثناء اللہ انصاری ، تشکیل رزاقی ، عظمت اللہ جعفری اور سید جلیس کے علاوہ مولانا سید محمود بادشاہ قادری زرین کلاہ اور نگران مشاعرہ منظوم نذرانہ عقیدت پیش کریں گے ۔ قاضی فاروق عارفی کی نظامت ہوگی ۔۔

تنظیم نسواں تعمیر ملت کا
جلسہ عید ملاپ و یوم تاسیس
حیدرآباد ۔ 22 ۔ جون : ( پریس نوٹ ) : کل ہند مجلس تعمیر ملت کے بموجب تنظیم نسواں تعمیر ملت کے زیر اہتمام جلسہ عام عید ملاپ اور یوم تاسیس 25 جون ساڑھے دس بجے دن صدر دفتر تعمیر ملت مدینہ منشن نارائن گوڑہ مقرر ہے ۔ صدارت صدر تنظیم نسواں محترمہ انیس عائشہ کریں گی ۔ تفصیلات کے بموجب قرات کلام مجید سے اس محفل کا آغاز ہوگا ۔ نعت شریف کے بعد اظہار خیال تنظیم کے معتمد ڈاکٹر جوہر جہاں کریں گی ۔ انہوں نے خواتین و طالبات اور تنظیم کے اسکالر شپ حاصل کرنے والوں سے وقت مقررہ پر شرکت کی خواہش کی گئی ہے ۔۔

توبہ درحقیت گناہوں پر شرمندہ ہونا ہے : حافظ محمد صابر پاشاہ
حیدرآباد ۔ 22 ۔ جون : ( راست ) : توبہ درحقیقت نام ہے گناہوں پر شرمساری کا ، رجوع الی اللہ ہونے کا ، عہد و پیمان کا اور وعدہ نبھانے کا ، چنانچہ توبہ کے شرعی معنی یہ ہیں کہ آدمی سے اگر کوئی گناہ ہوجائے تو صدق دل سے اپنے رب کی طرف رجوع ہو کر اپنے کرتوت پر شرمندگی کا اظہار کرے معافی طلب کرے اور آئندہ اس قسم کے گناہ نہ کرنے کا پختہ ارادہ کرے اور اسی وعدے پر پابند رہے ۔ ہر بندہ اللہ کی طرف رجوع ہو کر آہ زاری کریں اور ایسی بارش کی دعا مانگیں جو ہر اعتبار سے باعث خیر و نفع بخش ہو ۔ ہوسکتا ہے کہ اللہ تعالی ہم گناہ گاروں پر رحم و کرم کا معاملہ فرما کر باراں رحمت کا نزول فرمادے ۔ ان خیالات کا اظہار حافظ محمد صابر پاشاہ قادری نے خطبہ جمعہ کے دوران کیا ۔۔

ماہانہ فاتحہ
حیدرآباد ۔ 22 ۔ جون : ( راست ) : مولانا پیر سید خلیل اللہ شاہ قبلہ مجددی کی ماہانہ فاتحہ زیر صدارت حافظ مولانا پیر غلام احمد قریشی بمقام قدیم سنی مرکز مدرسہ برکات الحسنات 8 شوال بعد نماز عشاء مقرر ہے ۔ علمائے کرام کے خطابات ہوں گے ۔۔

عرس شریف
٭٭ حضرت العلامہ شاہ احمد گلیمی چراغ دکنؒ کا عرس شریف گلیمی گلشن منی کنڈہ روڈ عقب گنبدان قطب شاہی میں 10 تا 12 شوال مقرر ہے ۔ سہ روزہ دینی تقاریب منعقد ہوں گی ۔ نگرانی اور صدارت جناب شاہ احمد خسرو المدنی جانشین چراغ دکن کریں گے ۔ 25 جون کو بعد نماز ظہر اجتماع ہوگا ۔ بعد ادائیگی نماز مغرب 9 بجے شب تک دینی اشغال ہوں گے ۔ 26 جون کو بعد نماز اشراق نماز ظہر تک دینی اعمال کا سلسلہ جاری رہے گا ۔ بعد نماز عشاء جلسہ قرات کلام پاک و نعت شریف وعظ اور جانشین چراغ دکن کا خطاب ہوگا ۔ 27 جون کو بعد نماز فجر ختم قرآن ہوگا اور محفل سماع بعد نماز مغرب تک جاری رہے گی ۔ بعد نماز مغرب پیشکشی چادر گل اور سلام بحضور ﷺ کے ساتھ یہ سہ روزہ دینی اجتماعات اختتام پذیر ہوں گے ۔۔

مسلمانوں کو آخرت کی فکر کرنے پر زور
جامع مسجد لالہ گوڑہ میں جلسہ، مفتی محمد مستان علی قادری کا خطاب
حیدرآباد۔ /22 جون، ( راست ) جامع مسجد محمدی ، ساؤتھ لالہ گوڑہ سکندرآباد میں منعقدہ جلسہ سے ڈاکٹر مفتی محمد مستان علی قادری نے کہا کہ ہر نفس کو موت کا مزہ چکھنا ہے۔ موت مومن کے لئے دنیا و آخرت کے خوفوں میں سب سے زیادہ حوصلہ شکن خوف ہے، موت کے درد کا ایک خطرہ دنیا کے پہاڑوں پر رکھ دیا جائے تو سب پہاڑ پگھل جائیں گے۔ امام اوزاعیؒ کا قول ہے ہمارے علم میں یہ بات آئی ہے کہ مردہ قبر سے اُٹھنے تک موت کی تلخی محسوس کرتا رہے گا۔ حضرت حسنؓ سے مروی ہے کہ حضور صلی اللہ علیہ وسلم نے موت اور اس کے دکھ دردکا تذکرہ فرماتے ہوئے ارشاد فرمایا کہ یہ دکھ درد تلوار سے لگنے والی تین سو چوٹوں کے برابر ہوتا ہے۔مفتی محمد مستان علی قادری نے مسلمانوں پر زور دیا کہ وہ فکر آخرت کریں، موت کے وقت کی کیفیت پر غور کریں۔ موت آنے سے پہلے اس کا سامان تیار کریں۔ موت کا وقت ٹل نہیں سکتا ہے۔ جب انسان کی موت واقع ہوتی ہے تو رشتے دار ، دوست احباب جمع ہوکر روتے ہیں اور غم مناتے ہیں۔ کچھ لوگ میت کا دیدار کرکے واپس چلے جاتے ہیں اور کچھ احباب مسجد میں نماز جنازہ ادا کرتے ہیں اور رخصت ہوجاتے ہیں اور کچھ خاص احباب قبرستان تک جاتے ہیں تدفین کے بعد واپس ہوجاتے ہیں۔ میت قبر میں تنہا ہوتی ہے اگر وہ صالح اور دیندار ہو تو اس کی قبر منور ہوتی ہے اور اگر وہ بدعمل ہو تو قبر کہتی ہے کہ میں کیڑے مکھوڑوں کا گھر ہوں، سانپ ، بچھوؤں کا گھر ہوں آ آ میں تیرے انتظار میں ہوں۔ مولانا نے مزید کہا کہ جب بندہ دنیا میں آئیگا تو ضرور دنیا سے جائے گا سوائے اللہ کی ذات کے ہر ذات فنا ہونے والی ہے۔ سوائے اللہ کی ذات کہ اور جو بندہ اللہ کے ڈر و خوف سے آخرت کی فکر ، موت کے وقت کی کیفیت کو جانتا ہے تو وہ ہمیشہ اسلامی تعلیمات پر عمل پیرا ہوتا ہے۔ اللہ تعالیٰ سے دعا ہے کہ سارے مسلمانوں کو موت اور نزع کی مصیبتوں اور سختیوں سے سب کو محفوظ فرمائے۔