مذہبی خبریں

روزہ دار کا ہر نیک عمل مقبول بارگاہ حق تعالیٰ ہوتا ہے
مسجدکھاروا گولکنڈہ اور’’ حمیدیہ‘‘ میں ڈاکٹر سید محمد حمید الدین شرفی کا خطاب
حیدرآباد ۔7؍جون( پریس نوٹ) رمضان مبارک کے فضل و شرف کا ایک اہم ترین پہلو اس ماہ مبارک میں قرآن حکیم کا نزول ہے اللہ تعالیٰ نے اپنے کلام پاک کو نازل کرنے کے لئے تمام مہینوں میں اس برکت والے مہینے کا انتخاب فرمایا اور جس رات قرآن کریم کا نزول فرمایا اس رات کو ہزار مہینوں سے زیادہ قدر و منزلت سے سرفراز کیا۔ فرضیت صوم، سحر و افطار کی برکتیں، اعمال صالحہ کی شرح اجر و ثواب میں اضافہ ، ابواب سماوات اور ابواب جنت کا وا ہو جانا، رحمتوں کا شب و روز اترنا، رزق میں وسعت، نوید رحمت و مغفرت و نجات، عفو و کرم، قیام رمضان(تراویح)، نماز تہجد، تلاوت قرآن مجید، سماعت قرآن پاک کا سلسلہ، اعتکاف، انفاق، زکوٰۃ کی ادائیگی، صدقہ فطر اور اعمال خیر کے سلسلہ میں بندگان خدا کا جذبہ مسابقت اس مبارک مہینے کے خصائص ہیں۔ روزہ داروں کی دعائوں کی قبولیت اللہ تعالیٰ کا کرم خاص ہے۔ رمضان شریف کے فضائل، شان و عظمت اور برکات خاص کا ادراک و اندازہ انسانی اذہان نہیں کر سکتے جیسا کہ حدیث شریف میں آیا ہے کہ اگر بندوں کو معلوم ہو جاتا کہ رمضان مبارک کیا ہے تو اہل ایمان آرزو کرتے کہ سال بھر رمضان مبارک رہے۔ روزہ دار اور دوزخ کے درمیان ایسی خندق بنا دی جاتی ہے کہ جتنا فاصلہ زمین و آسمان کے درمیان ہے۔ رمضان شریف کا سب سے اعلیٰ پسندیدہ اورمحبوب عمل فریضہ صوم کی ادائیگی ہے روزہ دار کا ہر عمل مقبول بارگاہ حق تعالیٰ ہوتا ہے۔ اس ماہ مبارک میں کیا جانے والا صدقہ سب سے افضل ہے۔ زکوٰۃ دین کا اہم فرض ہے جب مومن بندہ نماز اور روزہ کے ساتھ زکوٰۃ ادا کرتا ہے تو ہر فریضہ کی ادائیگی پر اسے حق تعالیٰ بے پناہ اجر و ثواب سے مالا مال فرماتا ہے اور رمضان مبارک میں زکوٰۃ ادا کرنے کی صالح روایت دراصل اجر و ثواب میں اضافہ کے پیش نظر ہے۔ رمضان مبارک میں نزول قرآن مجید ہوا جس کے لئے اللہ تعالیٰ نے اپنے محبوب حضور انور صلی اللہ علیہ و آلہ و سلم کے سینہ اطہر کا انتخاب فرمایا اور ہمیں اپنے حبیب ؐکے دامن رحمت سے وابستہ کرکے خیر الامم کے امتیاز و شرف سے سرفراز فرمایا۔ڈاکٹر سید محمد حمید الدین شرفی ڈائریکٹر آئی ہرک نے رمضان مبارک کے روح پرور اور نورافزاء ماحول میں 21؍ رمضان المبارک کو بعد نماز عصر ’’حمیدیہ‘‘ شرفی چمن اور 22؍رمضان المبارک کو بعد نماز ظہرمسجد کھاروا گولکنڈہ میں روزہ دار مصلیوں کے نمائندہ اجتماعات سے خطاب کی سعادت حاصل کرتے ہوے ان حقائق کا اظہار کیا۔ وہ اسلامک ہسٹری ریسرچ کونسل (انڈیا) آئی ہرک کے’’حضرت تاج العرفائؒ یادگار خطابات‘‘ کے بائیسویں سال کے اجتماعات سے خطاب کر رہے تھے جن کا آغاز قراء ت کلام پاک سے ہوا۔ بارگاہ شہنشاہ کونینؐ میں ہدیہ نعت پیش کیا گیا۔

ختم دلائل الخیرات
حیدرآباد ۔ /7 جون(راست) مسجد شمس النساء بیگم ، قریب برکت پورہ بس ڈپو میں ختم دلائل الخیرات کا /8 جون کو بعد نماز جمعہ 3 بجے دن مقرر ہے ۔ نگرانی مولانا سرفراز اللہ چشتی کریں گے ۔ مولانا ابورجاء سید شاہ حسین شہید اللہ بشیر بخاری نقشبندی قادری و فضائل دلائل بیان کریں گے ۔

جلسہ سماعت قرآن
حیدرآباد ۔ /7 جون (راست) روضہ غوثیہ شریفہ اندرون احاطۂ درگاہ حضرت مرزا سردار بیگ صاحبؒ آغا پورہ میں سالانہ دو روزہ جلسہ سماعت قرآن مجید /9 اور /10 جون کو روضۂ غوثیہ میں صبح 9 تا 1.00 بجے دن مقرر ہے ۔ حافظ جعفر ، حافظ محمد بلال ، حافظ محمد نظام الدین اور دیگر حفاظ کرام مکمل قرآن کریم سنائیں گے ۔ جناب فضیلت مآب شاہ احمد خسرو المدنی نگرانی کریں گے۔

سماعت قرآن برائے خواتین
حیدرآباد ۔ /7 جون (راست) جامعۃ المؤمنات مغلپورہ کے زیراہتمام /8 جون بروز جمعہ 9 بجے صبح بمکان محمد اکبر علی عطا پور سماعت قرآن میں حافظہ فریعہ نورین مؤمناتی ، حافظہ رمیصا ء افشین مؤمناتی قرآن مجید سنانے کی سعادت حاصل کریں گی ۔

مکہ مسجد میں آج 11 بجے دن مصر کے قراء کی تلاوت
مولانا پیر نقشبندی کا خصوصی خطاب
حیدرآباد ۔ /7 جون (پریس نوٹ) عالمی قرآنی و روحانی مہم کے محرک و بانی مولانا پیر سید شبیر نقشبندی افتخاری کی قیادت میں آج جامعہ ازہر شریف قاہرہ مصر کے جید قراء عظام الشیخ عبدالباسط، الشیخ سامع ، الشیخ مصطفی اپنے مخصوص لحن میں آیات قرآن کی تلاوت حاصل کریں گے ۔ 11 بجے دن مولانا پیر نقشبندی کا مکہ مسجد کے مقدس منبر سے ’’قرآن سے نسبت اور صاحب قرآن سے محبت‘‘ کے زیرعنوان سالانہ خطاب عام ہوگا ۔ اور 12.30 بجے دن قبل اذاں تک قراء کرام کی تلاوت ہوگی ۔

آج یتیم بچوں کے ساتھ مصری قراء کا افطار
آج /8 جون خضرا اینکولو قلعہ گولکنڈہ میں مصر کے قراء اپنے میزبان مولانا پیر نقشبندی کے زیرنگرانی یتیم و مسکین بچوں کے ساتھ افطار کریں گے ۔

اجتماع و مجلس حلقہ ذکر اللہ
حیدرآباد ۔ /7 جون (راست) خانقاہ رفاعیہ رنمست پورہ میں اجتماع و مجلس حلقہ ذکر اللہ بروز جمعہ بعد نماز عصر زیرصدارت مولانا صوفی شاہ محمد عبدالقادر قادری مقرر ہے ۔

اسٹیڈی سرکل تعمیر ملت کا قرآنی مذاکرہ
حیدرآباد ۔ /7 جون (راست) کل ہند مجلس تعمیر ملت کے جاری کردہ پریس نوٹ کے بموجب /10 جون کو ساڑھے دس بجے دن قرآنی مذاکرہ گلشن خلیل تالاب مانصاحب زیر صدارت محمد ضیاء الدین نیر نائب صدر کل ہند مجلس تعمیر ملت مقرر ہے ۔ جناب محمد وہاج الدین صدیقی معتمد عمومی تعمیر ملت بعنوان ’ قرآن حکیم اور ہماری زندگی ‘ ڈاکٹر لقاالحق بعنوان فلسفہ اجتماعیت اور رمضان ، ڈاکٹر رفیع الدین فاروقی بعنوان ’ روزہ کا اصل مقصد تقویٰ مخاطب کریں گے ۔ مذاکرہ کے آخر میں صدر مذاکرہ محمد ضیاء الدین نیر کا خطاب ہوگا ۔

تنظیم نسواں تعمیر ملت کے قرآنی مذاکرات
حیدرآباد ۔ /7 جون (راست) تنظیم نسواں کل ہند مجلس تعمیر ملت کے زیراہتمام ایک اور قرآنی مذاکرہ بمقام وکٹری پبلک اسکول ، شمع کالونی نزد الیوسف ہوٹل وٹے پلی جہاں نما میں /9 جون کو دس بجے دن سے ہوگا ۔ خواتین کے اس مذاکرہ سے محترمہ خوشتر جہاں وائس پرنسپل بعنوان ماہ صیام ڈاکٹر جوہر جہاں بعنوان ’’روزہ اور صحت اور محترمہ سیدہ زہرہ فاطمہ بعنوان ’توبہ و استغفار‘ مخاطب کریں گے ۔

٭٭ تنظیم نسواں کل ہند مجلس تعمیر ملت کے زیراہتمام قرآنی مذاکرہ اتوار 10 جون کو 10 بجے دن اسکالرز ماڈل ہائی اسکول تالاب کٹہ ریلوے برج میں برائے خواتین و طالبات مقرر ہے ۔ صدارت محترمہ اصغر صدیقہ کریں گی اور بعنوان ’ ترک نواہی بہترین عمل مخاطب کریں گی ۔ محترمہ صبیحہ صدیقی کا بعنوان ’ ماہ صیام اور خواتین کی ذمہ داریاں ‘ خطاب ہوگا ۔

جلسہ قرات
حیدرآباد ۔ 7 ۔ جون : ( راست ) : جامع مسجد برکت ولا روڈ نمبر 7 بنجارہ ہلز کے زیر اہتمام سالانہ جلسہ قرات بیاد قاری شیخ ابراہیم علی شاہ قادری 8 جون کو بعد نماز عصر جامع مسجد برکت ولا پر منعقد ہوگا ۔ قراء فن قرات کا مظاہرہ کریں گے ۔۔

قبل نماز جمعہ خطاب
حیدرآباد ۔ 7 ۔ جون : ( راست ) : مولانا حافظ محمد ذاکر شاہ محی الدین قادری کا قبل نماز جمعہ مسجد احناف روہیل واڑی بارکس میں خطاب ہوگا ۔ نماز جمعہ 1-30 بجے ہوگی ۔۔
٭٭ مسجد حسینی پہاڑ محمدی لائن پر جمعتہ الوداع سے قبل مولانا سید شاہ محمد عبدالمستجب نقشبندی قادری کا خطاب ہوگا ۔۔

عرس شریف
حیدرآباد ۔ 7 ۔ جون : ( راست ) : حضرت سید محمد فضل اللہ شاہ قادری غفوری کا عرس زیر سرپرستی مولانا سید شاہ اعظم علی صوفی قادری صدر کل ہند جمعیتہ المشائخ تکیہ فضل اللہ شاہ موسی نگر چادر گھاٹ 23 رمضان کو مقرر ہے ۔ بعد نماز جمعہ صندل مالی پیشکشی غلاف و چادر گل سلام و فاتحہ ، مراسم عرس سجادہ نشین و متولی مولانا شاہ مسعود احمد قادری انجام دیں گے ۔۔

جلسہ فضائل شب قدر ، حمدیہ اور
نعتیہ مشاعرہ
حیدرآباد ۔ 7 ۔ جون : ( راست ) : اسوسی ایشن آف اردو ڈیولپمنٹ کی جانب سے اردو کاٹیج مصری گنج میں 11 جون 3 بجے دن جلسہ فضائل شب قدر ، حمدیہ اور نعتیہ مشاعرہ منعقد ہوگا ۔ جناب محمد تمیز الدین احمد مخاطب کریں گے ۔۔

ڈاکٹر حمید الدین شرفی کے خطابات
حیدرآباد ۔ 7 ۔ جون : ( راست ) : ڈاکٹر سید محمد حمید الدین شرفی ڈائرکٹر آئی ہرک بروز جمعہ ، قبل نماز جمعہ 12-30 بجے دن مسجد مالا کنٹہ ، معظم جاہی مارکٹ اور 1-30 بجے دن مسجد حسینی روڈ نمبر 3، بنجارہ ہلز میں ونیز بعد نماز جمعہ 3 بجے سہ پہر مسجد درگاہ واقع شرفی چمن سبزی منڈی میں شرف تخاطب حاصل کریں گے ۔۔

ڈاکٹر محمد سراج الرحمن کا خطاب
حیدرآباد ۔ 7 ۔ جون : ( راست ) : جامع مسجد پائیگاہ بشیر باغ میں ڈاکٹر محمد سراج الرحمن فاروقی کا خطاب ’ لیلتہ القدر ‘ پر ہوگا ۔ بعد جمعہ مولانا غلام نبی شاہ نقشبندی کا لٹریچر دستیاب رہے گا ۔۔

اعمال شب قدر
حیدرآباد ۔ 7 ۔ جون : ( راست ) : مسجد معصومین پنجتن کالونی میں22 رمضان کو 9 بجے شب اعمال شب قدر مقرر ہے ۔ نگرانی میر صابر علی زوار کریں گے ۔ جب کہ فرائض مولانا کرار آغا انجام دیں گے ۔۔

قلعہ گولکنڈہ میں آج مصری قراء کی محفل قرأت
حیدرآباد ۔ /7 جون (پریس نوٹ) انتظامی کمیٹی مدرسہ رحمت العلوم کے زیراہتمام سالانہ مرکزی جلسہ قرأت آج /8 جون جمعہ بعد نماز تراویح ٹھیک 10 بجے شب مسجد اختری محلہ دلاور شاہ نگر قلعہ گولکنڈہ منعقد ہوگا ۔ جلسہ کی صدارت مولانا پیر سید شبیر نقشبندی (محرک عالمی قرآنی و روحانی) کریں گے ۔ جبکہ مولانا قاری سید متین علی شاہ قادری (ناظم اعلیٰ مدرسہ رحمت العلوم و صدر آل انڈیا قرأت اکیڈیمی) نگرانی کریں گے ۔ عالم اسلام کی عظیم دینی درسگاہ جامع ازہر مصر کے مہمان ممتاز قراء کرام اپنے مخصوص لحن میں قرأت کلام پاک سنانے کی سعادت حاصل کریں گے ۔ جناب کوثر محی الدین ، جناب محمد منور سرکل انسپکٹر ،مولانا سید شاہ ظہیرالدین علی صوفی قادری سجادہ نشین ، جناب غلام محی الدین خان پاشاہ بھائی ، جناب جاوید ربانی ، جناب ہارون فرحان نمائندہ کارپوریٹر ، جناب عزیز خان پٹھان نمائندہ کارپوریٹر، جناب ایم اے وحید مہمانان خصوصی ہوں گے ۔ قاری سید حمیدالدین نے عامۃ المسلمین سے شرکت کی خواہش ہے ۔

حیدرآباد زکوٰۃ اینڈ چیاریٹبل ٹرسٹ اور فیڈ سے
ایک کروڑ 70 لاکھ کے افطار پیکس اور عید کپڑوں کی تقسیم
حیدرآباد۔/7جون، ( پریس نوٹ ) جناب غیاث الدین بابو خان چیرمین حیدرآباد زکوٰۃ اینڈ چیریٹبل ٹرسٹ نے بتایا کہ رمضان المبارک کے موقع پر ریاست تلنگانہ اور آندھرا پردیش کے تمام اضلاع میں ایک کروڑ 70 لاکھ کے صرفہ سے تیار کردہ 12,000 افطار فوڈ کٹس کی تقسیم عمل میں لائی گئی۔ جس میں 3660 کم عمر بیوائیں شامل ہیں۔FEED کے تعاون سے چلائے جارہے اردو میڈیم اسکولس کے 7800 طلباء میں افطار فوڈ پیک کے علاوہ اسکول یونیفارمس اور 1820 یتیم طلباء میں عید کے کپڑوں کی تقسیم عمل میں لائی گئی۔ جبکہ یتیم طلباء میں عید کے کپڑوں کے ساتھ سلائی کیلئے فی کس 200 روپئے نقد ادا کئے گئے۔ اس ضمن میں ضلع نظام آباد کے بودھن سرکل کے 3,000 طلباء میں جناب شاد عبدالعظیم خان اور ان کی ٹیم کے ذریعہ افطار فوڈ کٹس کی تقسیم عمل میں لائی گئی۔ جناب مصطفی بابو خان اور ان کی ٹیم وقارآباد سرکل کے 1545 طلباء میں افطار کٹس ، یونیفارمس اور طلباء میں عید کے کپڑے تقسیم کئے ۔ ظہیرآباد سرکل کے 2950 طلباء میں تقسیم کیلئے جناب محمد ضیاء الدین نیر ، ٹرسٹی FEED اور ڈاکٹر نجم الدین اور ان کی ٹیم نے اپنا قیمتی وقت لگایا ۔ جناب کے ایچ مصطفی اور ان کے ساتھیوں نے مریکل سرکل کے 545 طلباء میں تقسیم کا کام انجام دیا۔ تلنگانہ اور آندھرا پردیش کے 3960 کم عمر بیواؤں اور ان کے 7500بچوں میں افطار پیکس کے ساتھ عید کے کپڑوں پر مشتمل کٹس تقسیم کئے گئے۔ بیواؤں میں کٹس کی تقسیم کیلئے ٹرسٹیز والینٹرز محترمہ دردانہ محمود، محترمہ نصرت ضیائ، جناب احمد سعید، جناب علی الدین حیدر، جناب محمد ضیاء الدین نیر اور مقامی ذی اثر حضرات کی خدمات حاصل کی گئیں۔ شہر حیدرآباد کے پروگرامس ٹرسٹ آفس بیگم پیٹ پر منعقد کئے گئے جس میں 300 بیواؤں میں افطار کٹس اور عید کیلئے کپڑے تقسیم کئے گئے۔ اس کے علاوہ140 بیواؤں میں 6,600/- روپئے مالیت کے فدیہ کٹس تقسیم کئے گئے، جس میں 3,000/- روپئے نقد شامل ہیں۔ شہر حیدرآباد کے پروگرامس میں جناب غیاث الدین بابو خان، جناب ضیاء الدین نیر، جناب محمد امان، جناب علی الدین حیدر اور جناب احمد سعید کے علاوہ شجاعت بابو خان کی سرپرستی میں لیڈی والینٹرز نے تقسیم کئے۔ انہوں نے ان تمام حضرات کا شکریہ ادا کیا جنہوں نے اس کار خیر میں اپنا قیمتی وقت اور سرمایہ لگایا۔