عبادت معبود اور خدمت مخلوق سعادت دارین کے موجب
ڈاکٹر سید محمد حمید الدین شرفی کے ’’حضرت تاج العرفائؒ یادگار خطابات‘‘ کا تسلسل
حیدرآباد۔30؍مئی( پریس نوٹ) اللہ تعالیٰ نے تمام مخلوقات میں انسانوں کو جو شرف عطا فرمایا ہے وہ اظہر من الشمس ہے۔ انسانی جماعت میں اہل ایمان کی شناخت ان کے عقیدہ توحید و رسالت اور فرائض دین کی پابندی کے ساتھ قائم ہے اور قیامت تک مومن کی یہی پہچان بنی رہے گی۔اہل ایمان فرض عبادتوں نماز، زکوٰۃ، روزہ اور حج کے ذریعہ تمام اقوام عالم میں ممتاز رہیں گے۔ احکام خداوندی کی اطاعت اور ارشادات و سنت نبویؐ کی پیروی انھیں اخلاق و کردار کی بلندی سے نوازتی رہے گی اور مطیع و فرمانبردار مسلمان ہمیشہ سر بلند اور نمایاں رہیں گے اور ساری دنیا کو دین حق کی عظمتوں کا احساس دلاتے رہیں گے خیر الامم کے منصب کی تکمیل کرتے ہوے دعوت و تبلیغ کے فرائض پورے کرتے رہیں گے۔ خالق کونین کی عبادات اور مخلوق خدا سے بہترین معاملات مسلمانوں کو دنیا میں سرخروئی سے ہمکنار کرنے، اقبال مندیوں سے نوازنے اور آخرت میں عفو و مغفرت و نجات کی نعمتوں سے مالامال ہونے کا شرف بخشتے ہیں۔ڈاکٹر سید محمد حمید الدین شرفی ڈائریکٹر آئی ہرک نے رمضان مبارک کے روح پرور اور نورانی ماحول میں 13؍رمضان المبارک کو بعد نماز عصر ’’حمیدیہ‘‘شرفی چمن اور 14؍رمضان المبارک کو بعد نماز ظہرجامع مسجد عنبر پیٹھ میں خطاب کی سعادت حاصل کرتے ہوے ان حقائق کا اظہار کیا۔ وہ اسلامک ہسٹری ریسرچ کونسل انڈیا (آئی ہرک) کے’’ حضرت تاج العرفائؒ یادگار خطابات‘‘ کے بائیسویں سال کے اجلاسوں سے خطاب کر رہے تھے جو قراء ت کلام پاک سے شروع ہوے۔ بارگاہ رسالت پناہی ؐمیں ہدیہ نعت پیش کی گئی۔ ڈاکٹرسید محمد حمید الدین شرفی نے بتایا کہ نیت پر اعمال کا دارومدار ہوتا ہے پہلے نیت بعد میں عمل اگر نیت خیر کے باوصف عمل خیر کا صدور نہ بھی ہو تو تب بھی اچھی نیت اور نیک ارادوں کا اجر و ثواب مل جاتا ہے اور اگر نیک نیت کے موافق عمل صالح کا صدور ہو جاے تو پھر عمل کا ثواب کئی گنا زیادہ ملتا ہے رمضان مبارک میں یہ شرح ثواب بہر حال بڑھ جاتی ہے۔ رمضان مبارک میں ابواب سمٰوٰت کا کھل جانا اللہ تعالیٰ کی رحمتوں کے نزول کی دلیل، ابواب جنت کا وا ہونا بخشش و مغفرت اور عطاے جنت کی نوید، دوزخ کے دروازوں کا بند ہو جانا آگ اور عذاب سے نجات کا مژدہ اور شیاطین کا زنجیروں میں جکڑ کر قید کر دیا جانا گویا برائیوں، گمراہیوں اور گناہوں کے راستوں کا مسدور ہو جانا ہے۔ لہذا اللہ تعالیٰ کی اطاعت اور رسول اللہ ؐ کی فرمانبرداری اور احکام قرآن و سنت کی پانبدی اور حصول تربیت صالحہ کا یہ بہترین موقع اور وسیلہ ہے۔ انھوں نے کہا کہ ماہ رمضان میں نصاب والوں کا زکوٰۃ ادا کرنا اور مدات خیر سے ضرورت مند بندوں کی مالی اعانت کرنا نہایت ہی پسندیدہ اور اجر عظیم کا موجب عمل ہے۔ فقرائ، مساکین، قرضداروں، مسافروں اور راہ خدا میں اچھے مقصد کے لئے خرچ کرنا سعادت ہے بالخصوص ضرورت مند اقرباء اور دور نزدیک کے رشتہ داروں کی مالی خدمت ہر لحاظ سے ترجیح رکھتی ہے۔اجلاسوں کے آخر میں بارگاہ رسالت مآبؐ میں سلام پیش کیا گیا او رعاجزانہ دعائیں کی گئیں۔
رمضان المبارک میں روزہ داروں پر اللہ کی رحمت
افطار پارٹی کے موقع پر نواب محمد کاظم علی خاں کا خطاب
حیدرآباد ۔ 30 ۔ مئی : ( پریس نوٹ ) : رمضان المبارک کے بابرکت مہینے میں روزہ داروں پر اللہ تعالی کی رحمتوں کی بارش ہوتی ہے اور فضل و کرم کے دروازے وا ہوجاتے ہیں ۔ ان خیالات کا اظہار جناب محمد کاظم علی خاں صدر ساوتھ انڈیا اسمال اینڈ میڈیم نیوز پیپرس اسوسی ایشن نے اسوسی ایشن کی جانب سے ترتیب دئیے گئے افطار پارٹی کے موقع پر کیا ۔ صحافیوں کی اس کارکرد و فعال ادارے کی جانب سے افطار پارٹی کا اہتمام کیا جارہا ہے ۔ انہوں نے مزید کہا کہ چھوٹے و متوسط اخبار والوں کی صفوں میں اتحاد پیدا ہوجائے تو ان کے مسائل آسانی سے حل ہوجائیں گے ۔ جناب محمد کاظم علی خاں نے جو امبیڈکر نیشنل کانگریس کے قومی صدر بھی ہیں ریاستی و مرکزی حکومتوں کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ جمہوریت کے چوتھے ستون کو کمزور کرنے کی سازش کی جارہی ہے ۔ صحافی جناب حسین علی خاں المعروف چندر سریواستو نے کہا کہ ہندوستان میں صحافت کی آزادی کو دبایا جارہا ہے جو جمہوریت پر حملے کے مترادف ہے ۔ انہوں نے اخبار والوں کو مشورہ دیا کہ کمیونٹی کی بنیاد پر اخبار نکالیں اور مقامی خبروں کو زیادہ سے زیادہ اجاگر کریں ۔ جناب جعفر حسین ، ہادی رحیل ، طاہر رومانی اور شوکت علی صوفی نے بھی مخاطب کیا ۔ احمد صدیقی مکیش نے مہمانوں کا استقبال کیا اور شکریہ ادا کیا ۔۔
دورہ قرآن مجید
حیدرآباد ۔ 30 ۔ مئی : ( راست ) : حسینیہ امیر المومنین کھیت بالسٹی میں 15 رمضان کو 9-30 بجے شب دورہ قرآن مجید مقرر ہے ۔۔
جامعہ نظامیہ ملت اسلامیہ کا عظیم ورثہ اور سرمایہ افتخار
زکواۃ و عطیات کے ذریعہ اعانت ضروری ، جناب میر زاہد علی خاں ایڈیٹر سیاست کی اپیل
حیدرآباد ۔ 30 ۔ مئی : ( پریس نوٹ ) : علوم اسلامیہ کی عظیم دینی درس گاہ جامعہ نظامیہ مسلسل 147 سال سے علم دین کی اشاعت اور ملت اسلامیہ کی دینی رہبری میں شب و روز مصروف ہے ۔ جامعہ نظامیہ سے علماء کبار پیدا ہوئے جو اپنے علمی کارناموں درس و تدریس ، مواعظ و نصائح ، تصنیف و تالیف اور تصحیح و تعلیق کے ذریعہ ہند و بیرون ہند اسلام اور مسلمانوں کی بے لوث خدمات انجام دیتے آرہے ہیں ۔ان علماء نے اخلاص ، یکسوئی اور سچی لگن سے تدریس و تعلیم کے فرائض انجام دئیے ۔ دیگر ممالک کے لاکھوں طلباء نے بھی یہاں سے اکتساب علم کیا ۔ وقت اور اثرات کے لحاظ سے ہندوستان کا جامعہ ازہر کہا جائے تو بیجا نہ ہوگا ۔ جامعہ نظامیہ دور جدید میں مغربی تہذیب کی یلغار میں دینی تہذیب اور علمی ورثہ کا محافظ ثابت ہوا ۔ جامعہ نظامیہ125 سالہ جشن کے موقع پر با مقصد دس نکاتی ترقیاتی پروگرام کا اعلان کیا تھا جس میں اہم ترین کلیتہ البنات ( لڑکیوں کا کالج ) کا قیام تھا اس کالج کا قیام عمل میں لایا قاضی پورہ میں ایک وسیع جدید ترین عمارت میں یہ کالج قائم ہے ۔ یہاں 400 سے زائد طالبات اعلیٰ دینی تعلیم حاصل کررہی ہیں ۔ عثمان گنج میں جامعہ نظامیہ کی ایک زر خرید جائیداد ہے جس پر کمرشیل کامپلکس کی تعمیر کا 5 کروڑ کے صرفہ سے جاری ہے ۔ عامتہ المسلمین سے اپیل ہے کہ وہ علوم اسلامیہ کی اس عظیم درس گاہ کے مالیہ کو مستحکم کریں ۔ آخر میں میری ملت اسلامیہ سے پر خلوص اپیل ہے کہ جامعہ نظامیہ کے تعاون کے لیے آگے آئیں ماہ رمضان المبارک کے موقع پر اپنے زکواۃ اور عطیات جامعہ نظامیہ شبلی گنج حیدرآباد اور گن فاونڈری روبرو اسٹیٹ بینک آف حیدرآباد زیر تعمیر کامپلکس صبح 7 بجے تا شام 6 بجے تک وصولی زکواۃ کا انتظام کیا گیا ہے ۔ ہر جمعہ مکہ مسجد میں وصولی زکواۃ کے کاونٹر قائم کیے جاتے ہیں نیز جامعہ نظامیہ کے فون نمبرات 24416847, 24576772, 24503267 پر مطلع کریں تو کارکن آکر وصولی کا کام انجام دیں گے ۔ چیکس اور ڈرافٹس پر صرف ’ جامعہ نظامیہ ‘ تحریر فرما کر کراس کردیں ۔ جامعہ کو آپ کی اعانت دراصل اپنی مدد خود آپ کرنا ہے ۔ طالب علم دین پر خرچ کرنا بموجب ارشاد نبویؐ ایک ایسی نیکی ہے جو بعد حیات بھی جاری رہتی ہے ۔۔
جلسہ فضائل رمضان المبارک و
جشن نزول قرآن کریم
حیدرآباد ۔ 30 ۔ مئی : ( پریس نوٹ ) : اسلامک ہسٹری ریسرچ کونسل ( انڈیا ) آئی ہرک کے زیر اہتمام یکم تا اختتام ماہ صیام ’فضائل رمضان المبارک و جشن نزول قرآن کریم ‘ سے معنون بائیسویں سالانہ حضرت تاج العرفاء یادگار خطابات کے سلسلہ میں 15 رمضان بعد نماز ظہر مسجد سید عبدالرزاق جیاگوڑہ اور بعد نماز عصر حمیدیہ شرفی چمن میں ڈاکٹر سید محمد حمید الدین شرفی خطاب کریں گے ۔۔
ختم دلائل الخیرات
حیدرآباد ۔ 30 ۔ مئی : ( راست ) : ابوالفداء اسلامک ریسرچ سنٹر کے زیر اہتمام محفل ختم دلائل الخیرات ( درود شریف) و ختم خواجگان نقشبند و تعلیمات اولیاء نقشبند زیر نگرانی مولانا سید شاہ حسین شہید اللہ بشیر بخاری نقشبندی قادری جمعرات بعد نماز عصر مسجد حضرت سید شاہ فیض اللہ حسینیؒ شکر گنج مقرر ہے ۔ خواتین کے لیے پردہ کا نظم رہے گا ۔ بعد نماز عشاء نگران محفل کا خطاب اور ’ جماعت ابوالفداء ‘ کا قصیدہ بردہ شریف اور ذکر و سلوک و مراقبہ کی مجلس رہے گی ۔۔
محفل ذکر و درود شریف
حیدرآباد ۔ 30 ۔ مئی : ( راست ) : خانقاہ صوفیہ ابوالعلائیہ روبرو مسجد پیارو میاں مصری گنج میں محفل ذکر و درود شریف بروز جمعرات بعد نماز عشاء 9 بجے بہ سرپرستی حضرت خواجہ صوفی شاہ محمد زبیر چشتی ابوالعلائی مقرر ہے ۔۔
سید خلیل اللہ حسینی میموریل اسکالر شپ حاصل کرنے والے
یتیم و غریب طلباء و طالبات کا امتحان میں شاندار مظاہرہ
حیدرآباد ۔ /30 مئی (پریس نوٹ) پروفیسر زین الدین نوید سکریٹری اسکالر شپ کمیٹی کی اطلاع کے بموجب کل ہند مجلس تعمیر ملت کے زیراہتمام ہائی اسکول کے طلباء و طالبات کو آٹھویں جماعت سے دسویں جماعت اسکالر شپ دی جاتی ہے ۔ ان طلباء کو ایک اسکرین ٹسٹ کے ذریعہ منتخب کیا جاتا ہے ۔ یہ طلباء و طالبات ذہین لیکن معاشی اعتبار سے کمزور یا پھر یتیم ہوتے ہیں اس سال (31) طلباء و طالبات نے میٹرک کے امتحان میں شرکت کی جن میں سے (10) طلباء طالبات نے 9 سے لیکر 9.8 گریٹ حاصل کیا اور دیگر طلباء و طالبات نے بھی 8 سے لیکر 9 گریٹ حاصل کیا ۔ ان طلباء و طالبات کے لیے کل ہند مجلس تعمیر ملت کے صدر دفتر مدینہ منشن نارائن گوڑہ پر ایک تقریب رکھی گئی جس کی صدارت ڈاکٹر محمد مشتاق علی کارگذار صدر کل ہند مجلس تعمیر ملت و صدر اسکالر شپ کمیٹی نے کی اس موقع پر جناب محمد ضیاء الدین نیر نائب صدر تعمیر ملت ، ڈاکٹر محمد متین الدین قادری ممبر تلنگانہ پبلک سرویس کمیشن نے طلباء اور طالبات سے مخاطب کیا اور انہیں اعلیٰ تعلیم حاصل کرنے کی ترغیب دی ۔اور اس کے ساتھ ساتھ وہ اپنے اخلاق و کردار اچھے سے اچھے بنائے اور پڑھ لکھ کر قوم و ملت کے غریب طلباء و طالبات کی مدد کریں ۔ جیسے آج ان کی مدد کی گئی اور ان طلباء و طالبات سے کہا گیا کہ انٹرمیڈیٹ میں بھی اسکالر شپ دی جائے گی ۔
جامعۃ المؤمنات میں داخلوں کے لیے آج سے فارمس کی اجرائی
حیدرآباد ۔ /30 مئی (راست) ڈاکٹر مفتی حافظ محمد مستان علی قادری بانی و ناظم اعلیٰ جامعۃ المؤمنات نے اپنے پریس نوٹ میں بتایا کہ جامعۃ المؤمنات و کلیۃ البنین کے جدید داخلہ فارم کی اجراء /31 مئی بروز جمعرات عمل میں لائی جارہی ہے ۔ ہاسٹل میں وہی طالبات داخلہ لے سکتے ہیں جن کا تعلق اضلاع سے ہو ، جید معلمات کی تصدیق کے بعد داخلہ کے اہل قرار دیئے جائیں گے ۔ ہاسٹل اور بیرون میں داخلہ لینے کے خواہشمند حضرات روزانہ صبح 10 تا 5 بجے شام منتظم جامعہ مفتی عبدالرحیم سے دفتر جامعۃ المؤمنات متصل اردو گھر مغلپورہ سے حاصل کرسکتے ہیں ۔ نشستیں محدود ہیں ، داخلوں میں عجلت کیجئے ۔
اولاد کو والدین کے حقوق پرورش سے غافل نہ ہونے کا مشورہ
رمضان میں تقویٰ کے ذریعہ زندگی سنوارنے کی تلقین ‘ صدر ایس آئی او کا خطاب
حیدرآباد ۔ 30مئی ( پریس نوٹ ) قرآن مجید کی اخلاقی تعلیمات کے موضوع پر تفصیلی اظہار خیال کرتے ہوئے جناب کلیم خان صدر ایس آئی او نے کہا کہ بنیادی شرط یہ ہے کہ اللہ کے ساتھ کوئی دوسرا معبود نہ ہو اور اپنے ماں باپ کے ساتھ بھلائی کا سلوک کیا جائے ۔ والدین کی ربوبیت میں ربوبیت الٰہی کاپرتوہے ‘ اسی لئے عبودیت الٰہی کے بعد جو عمل انسان کیلئے مقدم ہوسکتا ہے وہ یہی ہے کہ والدین کے حقوق پرورش سے غافل نہ ہوں ۔ انسان کی احتیاج کے دو ہی وقت ہوتے ہیں ایک طفولیت والا اور دوسرا بڑھاپا ۔ طفولیت میں ماں باپ نے خدمت کی تھی ‘ بڑھاپے میں اولاد کو والدین کی خدمت کرنی چاہیئے ۔ قاری عبدالمنان نے کہا کہ رمضان مبارک ہر سال آتا اور صدیوں سے آرہا ہے ‘ ایک کے بعد دوسرا قرآن ختم ہوتا ہے ‘ ہر رمضان میں تلاوت قرآن ہوتی ہے ‘ روزے رکھے جاتے ہیں ‘ نمازیں پڑھی جاتی ہیں ‘ ذکر اور دعاؤں میں راتیں ہوتی ہیں لیکن ہم وہیںکے وہیں رہتے ہیں ‘ جہاں رمضان شروع ہونے سے پہلے تھے ۔ ہماری شخصی حالت میں کوئی تبدیلی نہیں ہوتی ۔ جناب محمد ضیاء الدین نیئر نائب صدر کُل ہند مجلس تعمیر ملت نے اجلاس کی صدارت کی ۔ انہوں نے کہا کہ وقت کا تقاضہ ہے کہ ہم ماہ رمضان میں تقویٰ حاصل کرتے ہوئے ہماری انفرادی اور اجتماعی زندگی کو سنواریں ۔ ڈاکٹر عبدالمنان کی قرات سے مذاکرہ کا آغاز ہوا ۔ ڈاکٹر رفیع الدین فاروقی نے قرآن مجید کے تذکیری پہلو پر روشنی ڈالی ۔ رضی الدین راشد کے شکریہ پر محفل کا اختتام عمل میں آیا ۔
مسلم گرلز اسوسی ایشن کا خواتین و طالبات کیلئے یوم القرآن پروگرام
حیدرآباد ۔ /30 مئی (پریس نوٹ) مسلم گرلز اسوسی ایشن کی جانب سے خواتین و طالبات کو قرآنی تعلیمات سے واقف کروانے ، قرآن کریم سے تعلق مضبوط کرنے اور قرآن کے علم ، فہم اور تدبر کو عام کرنے کیلئے ایک خصوصی پروگرام یوم القرآن زیرصدارت پروفیسر جمیل النساء /2 جون کو صبح 10 تا شام 5.30 ، خواجہ منشن فنکشن ہال ، مانصاحب ٹینک پر منعقد ہوگا ۔ پروگرام میں جملہ چار سیشنس ہوں گے ۔ پہلے سیشن میں تعارف قرآن ، قرآن کی تلاوت کے آداب ، نزول قرآن و اسباب نزول ، قرآن کی جمع و ترتیب ، قرآن اور سورتوں کے نام ، قرآن اور عربی زبان ، دوسرے سیشن میں قرآنی آیات محکم و متشابہ ، قرآنی آیات ناسخ و منسوخ ، قرآن کا وجوہ مخاطبت ، قرآنی آیات فواتح و خواتم ، قرآن اور تخلیق انسانی ، تیسرے سیشن میں فضائل قرآن ، قرآن دستور حیات ، اعجاز قرآن ، امثال قرآن ، قصص القرآن اور چوتھے سیشن میں قرآن کے حفاظ و راوی ، قرآن کے مشہور تراجم و تفاسیر ، قرآنی فکر ، قرآن کی جامعت و وسعت اور قرآنی دعائیں جیسے اہم عنوانات پر عالمات ، دانشور خواتین و طالبات ، محترمہ ماریہ احمدی ، محترمہ تسنیم فاطمہ ، ڈاکٹر جویریہ جاوید ، پروفیسر طیبہ سلطانہ ، عالمہ امۃ الکریم صالحہ ، پروفیسر ذکیہ سلطانہ ، پروفیسر رفیق ، عالمہ عائشہ صدیقہ ، ڈاکٹر اسماء زہرہ ، محترمہ بشری ندیم ، محترمہ زارا خاں ، محترمہ میمونہ سلطانہ ، محترمہ تہنیت اطہر ، محترمہ اسماء ندیم ، محترمہ رقیہ فرزانہ ، عالمہ حفیظہ بیگم ، اور محترمہ روحی خاں مخاطب کریں گے ۔