مذہبی خبریں

 

سیرت النبیؐ میں انسانیت اور حیات طیبہ کا درس
کل ہند سنی علماء بورڈ کی عظمت مصطفی کانفرنس و ایوارڈ تقریب ، مولانا یوسف زاہد کا خطاب
حیدرآباد ۔ 29 ۔ نومبر : ( راست ) : کل ہند سنی علماء بورڈ کے زیر اہتمام سالانہ عظمت مصطفی ؐ کانفرنس کے بضمن میلاد النبیؐ ایوارڈ و جلسہ تقسیم انعامات برائے مقابلہ جات اردو گھر مغل پورہ میں مولانا سید شاہ حامد حسین شطاری ترجمان کل ہند سنی علماء بورڈ کی صدارت میں منعقد ہوا ۔ جلسہ کا آغاز قرات و نعت شریف سے ہوا اس موقع پر مولانا یوسف زاہد صدر نشین کھادی بورڈ تلنگانہ اسٹیٹ نے مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ سیرت النبیؐ میں دو اہم پہلو نمایاں ہیں ۔ ایک انسانیت کا درس دیتا ہے اور حضور ﷺ کی حیات طیبہ ہے جس کا ہر پہلو روز روشن کی طرح عیاں ہے ۔ آپ کی تعلیمات سراپا رحمت ہیں حضور کی تعلیمات اور اسوہ حسنہ قیامت تک آنے والے نسلوں کیلیے بہترین نمونہ ہے ۔ حضور کی میلاد باسعادت کے موقع پر کل ہند سنی علماء بورڈ کی جانب سے میلاد النبیؐ ایوارڈ اور طلباء وطالبات میں سیرت النبیؐ سے وابستگی پیدا کرنے کی غرض سے جو مقابلہ جات نعت شریف ، قرات ، حفظ القرآن وغیرہ منعقد کئے گئے ہیں وہ قابل ستائش و لائق تحسین ہیں ۔ حافظ مظفر حسین بندہ نوازی نے عشق مصطفی کے عنوان پر مخاطب کیا ۔ نظامت کے فرائض مفتی عبدالواسع احمد صوفی انجام دئیے ۔ خطبہ استقبالیہ الحاج محمد معز چودھری صدر استقبالیہ نے ادا کئے ۔ حافظ محمد مستان علی قادری نے خیر مقدمی کلمات ادا کئے ۔ اس موقع پر 20 ایسی شخصیات مرد و خواتین کو مولانا سید یوسف زاہد نے ایوارڈ سے نوازا ۔ جن میں پروفیسر اشرف رفیع ، ڈاکٹر شکیلہ خانم ، ڈاکٹر سراج الرحمن نقشبندی ، مولانا مظہر حسینی صابری ، مولانا سید اصغر اشرفی ، مفتیہ رضوانہ زرین ، مفتیہ ناظمہ عزیز ، مفتیہ تہمینہ تحسین ، قاریہ امتہ الغفور صادقہ ، الحاج محمد معین بابو چودھری ، الحاج محمد محمود احمد خاں کامرانی ، محمد عاکف الدین ، حافظ محمد مظفر حسین ، عاصم ریشما ، محمد عبدالقدیر احمد صوفی ، ، فیض اللہ ، محمد حفیظ الدین ، مولانا سید شاہ محمد فصل اللہ قادری الموسوی ، محمد امجد علی ، محترمہ طیبہ تسنیم ان کے علاوہ سنی علماء بورڈ کے زیر اہتمام حفظ القرآن ، قرات ، نعت شریف ، تقریر ، تحریر کے مقابلہ جات میں انعام اول ، دوم ، سوم اور ترغیبی حاصل کرنے والوں کو انعامات و توصیف نامہ بدست مہمانان خصوصی تقسیم کئے گئے ۔ جلسہ میں حافظ صابر پاشاہ قادری ، جناب ذاکر حسین ، محمد حامد علی ، الحاج رحیم اللہ خاں نیازی ، جناب شمس الدین فاروقی ، جناب کلیم اللہ ، مفتی عبدالرحیم ، مرزا سعادت اللہ بیگ ، حافظ محمد عبدالرحمن ، مولانا عبدالغفار نظامی ، مولانا حافظ محمد عمر وغیرہ نے شرکت کی ۔۔

عظمت مصطفی ﷺ کانفرنس
حیدرآباد ۔ /29 نومبر (راست) کل ہند سنی علماء بورڈ کے زیراہتمام /30 نومبر بروز جمعرات بعد مغرب جامع مسجد کمبل پوش لال دروازہ بعد عشاء جامع مسجد نعمت اللہ خاں عالی ، میر کا دائرہ میں عظمت مصطفیٰ ﷺ کانفرنس مولانا سید شاہ حامد حسین شطاری ترجمان کل ہند سنی علماء بورڈ کی صدارت میں مقرر ہے ۔ جلسہ کا آغاز قاری قدرت اللہ کی قرأت، حافظ محمد جعفر کی نعت شریف سے ہوگا ۔ مولانا محمد مستان علی قادری (ناظم اعلیٰ جامعۃ المؤمنات) ، ڈاکٹر مفتی عبدالواسع احمد صوفی ، جناب شمس الدین فاروقی ، مولانا حافظ محمد عمر ، مولانا حافظ محمد ریاض اشرفی ، مولانا قاری محمد عابد ، مولانا محمد اشفاق مخاطب کریں گے ۔

محفل ذکر و درود شریف
حیدرآباد ۔ /29 نومبر (راست) خانقاہِ صوفیہ ابوالعلائیہ روبرو مسجد پیارو میاں مصری گنج ’’محفل ذکر و درود شریف ‘‘ /30 نومبر کو بعد نماز عشاء 9 بجے بہ سرپرستی حضرت خواجہ صوفی شاہ محمد زبیر چشتی ابوالعلائی متولی مقرر ہے ۔

مرکزی محفل نعت شہہ کونین
حیدرآباد ۔ /29 نومبر (راست) بزم میلاد النبی کے زیراہتمام سالانہ مرکزی محفل نعت شہہ کونین بسلسلہ آمد رسولؐ /30 نومبر بروز جمعرات بعد نماز مغرب مسجد حضرت مولوی محمد زماں خانصاحب شہیدؒ روپ لال بازار میں منعقد ہوگی ۔ نگرانی جناب سید شاہ احمد علی تاجی شرفی قادری کریں گے ۔ قاری محمد عبداللہ صوفیانی کی قرأت کلام پاک کے بعد محمد جلال احمد چشتی کی نعت شریف سے محفل کا آغاز ہوگا ۔ نگران محفل کے افتتاحی خطاب کے بعد شعراء و نعت خواں حضرات نعت پاک پیش کریں گے ۔

کل ہند مجلس تعمیر ملت یوم صحابہؓ پروگرام کو قطعیت
حیدرآباد ۔ /29 نومبر (پریس نوٹ) رحمتہ للعالمینؐ و یوم صحابہؓ کی مجلس استقبالیہ نے اپنے جاری کردہ پریس نوٹ میں یوم صحابہؓ کی تفصیلات سے واقف کراتے ہوئے کہا /3 ڈسمبر کو چنچل گوڑہ جونیر کالج گراؤنڈ پر 8.30 بجے شام منعقد ہونے والے جلسہ عام یوم صحابہؓ کے نظام العمل کو قطعیت دی جاچکی ہے ۔ نگرانی جناب سید جلیل احمد صدر کل ہند مجلس تعمیر ملت کریں گے۔اس جلسہ کا آغاز حافظ محمد حبیب اللہ کی قرأت کلام پاک سے ہوگا ۔ جناب عمر احمد حمد باری تعالیٰ پیش کرنے کی سعادت حاصل کریں گے ۔جناب عظمت علی حیدر ، جناب رضی الدین راشد نعت شریف کی سعادت حاصل کریں گے ۔ جبکہ جناب باقر حسین منقبت پیش کریں گے ۔ جناب سید جلیل احمد کے افتتاحی کلمات ہوں گے ۔ جناب حمد خلیق الرحمن صدر استقبالیہ خطبہ استقبالیہ پیش کریں گے ۔ جناب عمر احمد شفیق بعنوان ’’خلیفہ سوم حضرت عثمان غنیؓ‘‘ ، جناب مفتی نیر اعظم بعنوان ’’صحابہ کرامؓ‘‘ کی افضلیت کا راز مولانا مسعود حسین مجتہدی تاسیس رکن آل انڈیا مسلم پرسنل لا بورڈ بعنوان ’’صحابہ کرامؓ کی استقامت ‘‘ مولانا حبیب عبدالرحمن الحامد بعنوان ایک مہاجرؓ ایک انصارؓ ، اور جناب محمد ضیاء الدین نیر نائب صدر کل ہند مجلس تعمیر ملت ، بعنوان ’’ صحابہ اکرامؓ رات کے راہب دن کے مجاہد‘‘ خطاب کریں گے ۔ اس کے علاوہ مولانا مفتی خلیل احمد شیخ الجامعہ نظامیہ اور مولانا ابو طالب رحمانی رکن مسلم پرسنل لا بورڈ کلکتہ کا بھی خطاب ہوگا ۔جناب سید جلیل احمد نگران جلسہ کا صدارتی خطاب ہوگا ۔ اس جلسہ کی نظامت کے فرائض مرزا یوسف بیگ معتمد استقبالیہ انجام دیں گے ۔ شکریہ پر یہ جلسہ اختتام پذیر ہوگا ۔

جلسہ میلاد النبی ﷺ
٭٭ کل ہند مرکزی مجلس اہل سنت و جماعت کے زیراہتمام جلسہ میلاد النبی ﷺ کا جلسہ /30 نومبر متصل جلوہ ہوٹل چراغ علی نگر بہادر پورہ بعد نماز عشاء منعقد ہے ۔ مولانا سید شجاعت علی سراج قادری صدر کل ہند مرکزی مجلس اہل سنت و جماعت صدارت کریں گے ۔ قاری سید علیم الدین شمس بابا کی قرأت ہوگی ۔ جناب عبداللہ بن عمر ، جناب سالم بن محمد ، جناب محمد علی قیصر قادری اور جناب سید حسین قادری نعت شریف سنائیں گے ۔ مولانا سید عبدالواسع نقشبندی قادری و نیازی ، مولانا محمد باقر علی صدیقی قادری ، مولانا سید حامد الحسن کلیمی علی پاشاہ چشتی و قادری ،جناب مرزا شاہ نواز بیگ قادری ایڈوکیٹ کے خطابات ہوں گے۔

 

دینی اجتماع
حیدرآباد ۔ 29 ۔ نومبر : ( راست ) : تحریک اسلامی کے زیر اہتمام دینی اجتماع 30 نومبر کو 8-45 تا 11 بجے شب سنی مرکز مسجد گل بانو نامپلی میں منعقد ہوگا ۔ مولانا محمد فاروق رضا قادری کا جشن میلاد عنوان پر خطاب ہوگا ۔۔

جلسہ جشن میلاد النبیؐ
حیدرآباد ۔ 29 ۔ نومبر : ( راست ) : مرکزی بزم انوار صوفیہ شاہ ولی اللہی کے زیر اہتمام سالانہ مرکزی جلسہ جشن عید میلاد النبیؐ و مجلس فاتحہ سلطان الواعظین صوفی شاہ محمد عبدالقادر قادری چشتی راز 30 نومبر کو درگاہ شریف احاطہ صوفی منزل مصری گنج میں مقرر ہے ۔ مولانا سید شاہ محمد قبول بادشاہ قادری شطاری صدارت کریں گے ۔ مولانا عبید اللہ فہیم قادری ، جناب کے بابو راؤ ایڈیشنل ڈی سی پی مہمان خصوصی ہوں گے ۔ اس موقع پر بعد نماز عشاء مرکزی جلسہ میلاد النبیؐ و بزم فاضلین جامعہ نظامیہ کے زیر اہتمام منعقدہ ریاستی نعتیہ مقابلے کے جلسہ تقسیم انعامات ہوگا ۔ بعد ازاں محفل سماع مقرر ہے ۔ مولانا سید شاہ سیف اللہ حسینی قادری ، مولانا سید قادر محی الدین قادری جنید پاشاہ ، مولانا قاضی صوفی شاہ محمد عبدالقادر قادری چشتی ثانی کے خطابات ہوں گے ۔۔
٭٭ مولانا سید عباد بن ذکی القاسمی کی اطلاع کے بموجب 30 نومبر بعد نماز ظہر مسجد صراط مستقیم آزاد نگر عنبر پیٹ میں زیر صدارت مولانا حافظ محمد غوث رشیدی جلسہ سیرت النبیؐ و اصلاح معاشرہ منعقد ہے ۔ مولانا شاہ محمد جمال الرحمن مفتاحی مخاطب کریں گے ۔۔
٭٭ مرکزی میلاد کمیٹی شمع اسلام کشن باغ کے زیر اہتمام جلسہ عید میلاد النبیؐ 30 نومبر کو بعد نماز عشاء میلاد روڈ نجم نگر کشن باغ چوراستہ زیر صدارت حضرت سید شاہ کاظم پاشاہ قادری مقرر ہے ۔ محمد صدیق حسین قادری ، مولانا شاہ فصیح الدین نظامی ، مولانا حافظ محمد عبید اللہ فہیم قادری ملتانی مہمانان خصوصی ہوں گے ۔ مولانا سید شاہ جاوید محی الدین قادری ، مولانا سید مدثر حسینی ، مولانا مرزا امجد بیگ ، مولانا سلطان احمد قادری مخاطب کرینگے ۔۔
٭٭ مرکزی تنظیم اہل سنت و جماعت عنبر پیٹ کے زیر اہتمام جلسہ ہائے جشن عید میلاد النبیؐ زیر نگرانی مولوی سید شاہ محمد فیض الدین قادری 30 نومبر کو مغرب تا عشاء مسجد بہادر شریف مدنی گول ناکہ عنبر پیٹ مقرر ہے ۔ مولانا سید شاہ حسن اللہ علوی شطاری اور مولانا رشید احمد مخاطب کریں گے ۔۔
٭٭ کلیتہ البنین مغل پورہ میں 30 نومبر کو 12-30 تا 1-30 بجے دن جشن میلاد النبیؐ کی محفل نعت شریف حافظ محمد مستان علی قادری کی صدارت میں مقرر ہے ۔ محفل کا آغاز طلبہ کی قرات اور نعت شریف سے ہوگا ۔۔

جشن میلاد النبیؐ برائے خواتین
حیدرآباد ۔ 29 ۔ نومبر : ( راست ) : جامعتہ المومنات مغل پورہ میں 30 نومبر کو 5 بجے تا مغرب جشن میلاد النبیؐ کی دسویں محفل مفتیہ رضوانہ زرین کی صدارت میں مقرر ہے ۔ مفتیہ حافظہ بدر النساء بعنوان ’ انیس بیکساں کی سادگی ‘ خطاب ہوگا ۔۔

مسجد محمدیہ ( کمہارواڑی ) کا افتتاح
حیدرآباد ۔ 29 ۔ نومبر : ( راست ) : الحاج محمد عبدالغفور عرفانی کی اطلاع کے بموجب مسجد محمدیہ اہل سنت و جماعت کا افتتاح و جشن میلاد مصطفیﷺ 11 ربیع الاول بوقت نماز عصر محلہ کمہارواڑی فتح دروازہ منعقد ہے ۔ نماز عصر سے مسجد محمدیہ میں نمازوں کا آغاز ہوگا ۔ بعد نماز عصر جلسہ ہوگا ۔ صدارت مفتی خلیل احمد شیخ الجامعہ نظامیہ کریں گے ۔ متولی مسجد محمدیہ اہل سنت و جماعت مہمانوں کا خیر مقدم کریں گے ۔ مفتی محمد عظیم الدین ، مولانا ابوعمار عرفان اللہ شاہ نوری مہمانان خصوصی ہوں گے ۔ علاوہ ازیں ڈپٹی چیف منسٹر جناب الحاج محمد محمود علی اور الحاج سید احمد پاشاہ قادری زرین کلاہ کی خصوصی شرکت ہوگی ۔ حافظ محمد اسحاق جنید کی قرات اور کمسن قاری سعد احمد کی نعت سے جلسہ کا آغاز ہوگا ۔ نماز عصر 4 بجکر 45 منٹ پر ہوگی ۔۔

محفل نعت و زیارت آثار مبارکؐ
حیدرآباد ۔ 29 ۔ نومبر : ( راست ) : بزم انوار مصطفی کی جانب سے محفل نعت شہہ کونینؐ 30 نومبر کو بعد نماز عشاء بمکان الحاج محمد یوسف نقشبندی نزد مومن ہائی اسکول ناگا باولی دبیر پورہ مقرر ہے ۔ نعت گو شعراء کرام و نعت خواں بارگاہ خیر الانام میں نعت پیش کریں گے ۔ اس موقع پر آثارمبارک کی زیارت کروائی جائے گی ۔ خواتین کے لیے آثار مبارک کی زیارت بعد نماز عصر تا عشاء ہوگی ۔ بعد نماز عشاء مرد حضرات کو آثار مبارکؐ کی زیارت تا دیر رات تک کروائی جائے گی ۔۔

 

کسی بھی کام کی بہتری کے لیے اچھی نیت اور ایمانداری لازمی
اردو یونیورسٹی میں جلسۂ میلاد النبیؐ کا اہتمام
پروفیسر حسیب الدین قادری اور ڈاکٹر علیم اشرف جائسی کے خطابات
حیدرآباد، 29؍ نومبر (پریس نوٹ) عمل کا دارومدار نیتوں پر ہے اور جب نیت ایمانداری کی ہے تو اس کام کے لیے بہتر ہونے کی نبی کریمؐ نے بشارت دی ہے۔ خود نبی کریمؐ کی ساری زندگی ایمانداری کا ایک عملی نمونہ پیش کرتی تھی۔ یہاں تک کہ دشمن بھی اپنی امانتیں نبی کریمؐ کے یہاں رکھایا کرتے تھے۔ ان خیالات کا اظہار پروفیسر سید محمد حسیب الدین قادری نے مولانا آزاد نیشنل اردو یونیورسٹی میں میلاد النبیؐ کے سلسلہ میں منعقدہ تقریب میں کیا۔ اس تقریب کا اہتمام مانو ٹیچرس اسوسی ایشن (مانوٹا)، مانو ایمپلائز اسوسی ایشن(میوا) اور مانو اسٹوڈنٹس یونین(ایم ایس یو) کی جانب سے کیا گیا تھا۔ ڈاکٹر علیم اشرف صدر شعبۂ عربی نے اپنے خطاب میں اسلام میں اخلاق کی اہمیت پر روشنی ڈالی۔ انہوں نے کہا کہ دنیا بھر میں اسلام کے پھیلنے کی وجہ اچھے اخلاق رہے ہیں۔ مسلمانوں میں آج اخلاق کی کمی نظر آتی ہے۔ انہوں نے روح کی تعریف بیان کرتے ہوئے کہا کہ روح کی شکل کو اخلاق کہتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ انسان کو اخلاق کی مشق کرتے رہنا چاہیے ۔ڈاکٹر شکیل احمد، پرو وائس چانسلر نے بھی جلسہ میلاد النبیؐ کو مخاطب کیا اور کہا کہ اردو یونیورسٹی کے طلبہ اور اساتذہ کی جانب سے اس طرح کی محفل میلادؐ کا انعقاد ایک خوش آئند بات ہے اور انہیں خوشی ہے کہ وہ اس بابرکت محفل میں شریک ہیں۔ انہوں نے طلبہ برادری پر زور دیا کہ وہ اپنی عملی زندگیوں میں نبی کی تعلیمات کو اپنائیں۔ڈاکٹر محمد جنید ذاکر، صدر مانوٹا نے خیر مقدمی خطاب کیا ۔ سیار احمد میر نے ابتداء میں قرأت کلام پاک اور ترجمانی کی۔ ڈاکٹر محمد عبدالسمیع صدیقی اور بلال احمد، نے نعت سنائی۔ عطا اللہ نیازی نے شکریہ ادا کیا۔

 

اعراس شریف
حیدرآباد ۔ 29 ۔ نومبر : ( راست ) : مولانا سید شاہ موسیٰ قادری ثالث و سید شاہ عبدالصمد قادری بغدادی جانشین کی اطلاع کے بموجب عرس حضرت سید شاہ موسیٰ قادری بغدادیؒ اور عرس حضرت سید شاہ رحیم قادری بغدادی واقع آستانہ فرمان واڑی متصل دفتر روزنامہ سیاست ، نظام شاہی روڈ حسب عمل درآمد قدیم 10 تا 12 ربیع الاول سہ روزہ تقاریب اعراس شریف پوری عقیدت و احترام کے ساتھ کاشانہ سجادہ نشین حسب نظام العمل ذیل مقرر ہے ۔ 10 ربیع الاول بعد فجر غسل شریف و داعی خدمت سجادہ نشین پیر بغدادیؒ بعد مغرب برآمدگی جلوس صندل کاشانہ سجادہ نشین بعد نماز عشاء مراسم صندل مالی و ادائی خدمت قصیدہ بردہ شریف و سلام و جلسہ میلاد النبیؐ طعام و تبرک ۔ 11 ربیع الاول بعد فجر ختم قرآن مجید بعد عصر مجلس عالیہ ۔ بعد مغرب جشن چراغاں ۔ 12 ربیع الاول بعد فجر تلاوت کلام پاک ، پیشگی چادر گل سلام و فاتحہ خوانی و تقسیم تبرک ۔ زیارت آثار مبارک ؐ مردانہ صبح 7 تا 5 بجے ۔ زنانہ شام 6 تا 10 بجے ۔ زیر سرپرستی اعراس شریف حضرت مولانا پیر بغدادی محمد الحسینی قادری رفاعی نقیب روضہ رحمانیہ خطہ صالحین ۔ مولانا حامد حسین حسان فاروقی صدر سنی دعوت اسلامی ۔ الداعی سید شاہ موسیٰ قادری سجادہ نشین و سید شاہ عبدالصمد قادری جانشین ۔۔

 

حمیدیہ میں آج دسویں محفل میلاد النبیؐ
حیدرآباد ۔ 29 ۔ نومبر : ( پریس نوٹ ) : اسلامک ہسٹری ریسرچ کونسل ( انڈیا ) آئی ہرک اور مجلس انتظامی درگاہ شریف حضرت تاج العرفاءؒ کے زیر اہتمام 10 ربیع الاول کو 8 بجے تا 9-30 بجے صبح بمقام حمیدیہ شرفی چمن سبزی منڈی قدیم میں جاری 26 روزہ محافل میلاد النبیؐ کے سلسلہ کی دسویں محفل مبارک منعقد ہوگی ۔ صاحبزادہ سید محمد علی موسی رضا حمیدی علی پاشاہ ، مولانا مفتی سید محمد سیف الدین حاکم حمیدی ، اور پروفیسر سید محمد حسیب الدین حمیدی کے خطابات ہوں گے ۔ بعد ازاں نگران محفل ڈاکٹر سید محمد حمید الدین شرفی مخاطب کریں گے ۔ شعراء کرام ہدیہ نعت پیش کریں گے ۔۔

بضمن عظمت مصطفی کانفرنس کل ہند سنی علماء بورڈ کے زیر اہتمام منعقدہ نعت کلام پاک کے مقابلوں میں کامیابی حاصل کرنے پر 27 نومبر اردو گھر مغل پورہ میں منعقدہ جلسہ میں زیر تعلیم چارم مدرسہ ایم ایس اسکول برانچ شاہ علی بنڈہ کمسن طلبہ سعیدہ شائستہ انجم بنت سید شفیع الدین کو مولانا سید شاہ احمد حسین شطاری کے ہاتھوں ایوارڈ اور سند سے نوازا گیا ۔۔

جلسۂ تعزیت برائے خواتین
حیدرآباد ۔ 29 نومبر (راست) محترمہ الحاجہ خواجہ بی المعروف واعظہ قدسیہ بیگم نجفی و شرفی کا جلسۂ تعزیت برائے خواتین 30 ڈسمبر بروز جمعرات بعد نماز ظہر تا 3 بجے بمکان قدسیہ بیگم مرحومہ واقع متصل مسجد حلیمہ قباء کالونی ، شاہین نگر مقرر ہے ۔ نعت گو شاعر الحاج محمد اکبر خاں اکبرؔ کی مرحومہ والدہ محترمہ تھیں۔

 

حضورؐ کی ولادت باسعادت پر اپنے اعمال کا احتساب ضروری
بزم محمدیہ کا جشن میلاد النبیؐ و نعتیہ مشاعرہ
حیدرآباد ۔ 29 ۔ نومبر : ( راست ) : بزم محمدیہ کا سالانہ جشن میلاد النبیؐ جیوتی ریسڈنسی ریڈہلز زیر نگرانی مولانا قاضی سراج الدین رضوی صدر مظہر ملت اکیڈیمی منعقد ہوا ۔ قاری انیس احمد اور اسد خاں نے قرات و نعت سنائی ۔ جناب جابر پٹیل صدر انڈیا عرب فرینڈ شپ فاونڈیشن مہمان خصوصی تھے ۔ خطیب اہل سنت محمد ضیا عرفان قادری حسامی نے کہا کہ حضور اکرم ﷺ کی ولادت باسعادت کی خوشی اسی لیے ہے کہ اللہ تعالیٰ نے آپ کی خاطر ساری دنیا کی تخلیق فرمائی ۔ اگر حضور نہ ہوتے تو کچھ بھی نہ ہوتا اللہ تعالیٰ نے آپ کے صدقے میں ہمیں عزت نصیب فرمائی ہم بڑے خوش نصیب ہیں کہ ہم حضور کے امتی ہیں ۔ آپ کے امتی بننے کی کئی انبیاء نے خواہش کی تھی ۔ ہم پر لازم ہے کہ شکران نعمت کے طور پر جہاں اللہ تعالیٰ کی حمد بیان کریں وہیں حضور اکرم ﷺ پر درود شریف کا نذرانہ پیش کریں ۔ میلاد کی خوشی میں ہم اپنی قضا شدہ نمازوں کو ادا کرنے کا نظام الاوقات ترتیب دیں ہماری کوئی نماز قضاء نہ ہونے پائے ۔ ہر نماز جماعت کے ساتھ ادا کی جائے ۔ میلاد کے نام پر گانا بجانا سڑکوں پر ناچنا خوشی کے نام پر لوگوں کو اذیت پہنچانا حضور کی تعلیمات کے خلاف عمل ہے ۔ محمد انس عرفان نے مہمان شعراء کا خیر مقدم کیا ۔ جناب سردار سلیم نے نگرانی کی ۔ سہیل عظیم نے نظامت کے فرائض انجام دئیے ۔ سردار سلیم ، محمد ضیا عرفان قادری حسامی ، حلیم بابر محبوب نگر ، قاری انیس احمد شرفی ، نور الدین امیر ، اسلم فرشوری ، الحاج زعیم زمرہ ، سید یوسف روش ، حامد رضوی ، مفتی اختر ضیا ، ابراہیم خاں ایاز ، زاہد ہریانوی ، باقر تحسین ، سہیل عظیم ، ڈاکٹر صادق ، حافظ شمشیر عالم ، گووند اکشے ، فیاض احمد خاں ، اظہر لطیفی ، اسماعیل قدیری قادری نے کلام سنایا ۔۔
حضور اکرمؐ کی شریعت مطہرہ جامع و مدلل
تنظیم بنت حرم کا جلسہ ، سرکردہ خواتین کا خطاب
حیدرآباد ۔ 29 ۔ نومبر : ( پریس نوٹ ) : نبی کریم ﷺ کی لائی ہوئی شریعت مطہرہ جامع مدلل اور مکمل ہے جس میں انسانی اقدار کا بھر پور لحاظ کیا گیا ہے ۔ جو گذرے ہوئے انسانی معاشرے کو راہ راست پر لانے کا واحد ذریعہ ہے ۔ مسلمانوں کو نئے نظریات اور افکار کی کوئی ضرورت نہیں ۔ ہمیں اپنی اصلاح شریعت کے اصولوں کے مطابق کرنی ہے ۔ ان خیالات کا اظہار محترمہ صبیحہ صدیقی صدر تنظیم بنت حرم و رکن مجلس عاملہ آل انڈیا مسلم پرسنل لا بورڈ و ممبر میاریج کونسلنگ سنٹر فار مینارٹیز گورنمنٹ آف تلنگانہ اسٹیٹ نے مرکزی جلسہ برائے خواتین و طالبات زیر اہتمام تنظیم بنت حرم کو مخاطب کرتے ہوئے کیا ۔ انہوں نے مزید کہا کہ نبی کریم ﷺ سے اٹوٹ محبت ملت اسلامیہ میں اتحاد کی سب سے اہم کڑی ہے ۔ فروعی مسائل میں الجھ کر دنیا کو کھوکھلا کر رہے ہیں ۔ یہ ہماری انحطاط کا سبب بن رہا ہے ۔ محترمہ اشرف رفیع نے کہا حضور ﷺ خاتم الانبیاء ہے ۔ اس کا مطلب یہ نہیں ہے کہ اسلام کی تبلیغ کا سلسلہ بھی ختم ہوچکا ، اس کو جاری رکھنا ہر مومن و مومنہ کا فرض اور ذمہ داری ہے ۔ قرآنی تعلیمات کو آنے والی نسلوں تک پہنچائیں ۔ محترمہ سیدہ عقیلہ خاموشی نائب صدر تنظیم بنت حرم و رکن آل انڈیا مسلم پرسنل لا بورڈ نے بھی مخاطب کیا ۔ محترمہ عزیزہ محبوب نے بتایا کہ اس جلسہ میں آنے کا مقصد سیرت طیبہ ، ازواج مطہرات اور صحابہ کرام کی زندگیوں کو اسوہ بناکر اپنی زندگی گذارنی چاہئے ۔ محترمہ رحمت النساء فاروقی اور محترمہ نعیم النساء اور محترمہ اصغر صدیقہ نے کہا کہ سرکار ؐ کو اللہ تعالی نے مبعوث فرمایا بالخصوص مومنوں کو مخاطب کرتے ہوئے کہ تم پر ایک بھاری احسان کیا ماں کی عظمت عورت کا مقام عورتوں کے حقوق ، انصاف ، خواتین سے حسن سلوک کی اہمیت اور دین کا حق ادا کریں ۔ تعمیل قرآنی کے ذریعہ ۔ محترمہ نعیم النساء فاروقی کی قرات کلام پاک سے جلسہ کا آغاز ہوا۔ محترمہ فضل النساء کی حمد باری تعالی محترمہ میمونہ بیگم ، محترمہ ممتاز عشرت جہاں ، محترمہ تزین انصاری ، محترمہ نجمہ سلطانہ محترمہ صفیہ جہاں ، محترمہ بتول اور محترمہ ہاجرہ بیگم نے پیش کی ۔ محترمہ سیدہ زینت سلطانہ محترمہ شاکرہ کوثر ، محترمہ رقیہ سلطانہ ، شمیم بیگم ، رخسانہ بیگم ، حبیب غوثیہ ، رضیہ بانو ، حمید النساء ، فاطمہ کوثر ، سلمی بیگم ، اکسیہ سلطانہ نے قصیدہ بردہ پیش کیا ۔ دعا پر جلسہ کا اختتام ہوا ۔۔