مذہبی خبریں

اللہ تعالیٰ اپنے پر بے حد مہربان
مسجد فاطمہ اڈمنٹن کینڈا میں مفتی اسماعیل شاہ کا خطاب
کینڈا ۔ 28 ۔ جون : ( راست ) : عید کے دن اللہ تعالیٰ اپنے بندوں پر بے حد مہربان ہوتا ہے ۔ جنہوں نے اپنے معبود حقیقی کی رضا حاصل کرنے کے لیے اس کے حکم کی پابندی کی اور حشر کے دن ان کے چہرے منور ہوں گے ۔ حقیقی عید تو ان کی ہے جن کے روزے مقبول ہوئے اور ان کی مغفرت ہوگی اور نیکی و اخلاق کے سانچے میں ڈھل گئے ۔ ان خیالات کا اظہار مولانا حافظ و قاری مفتی سید شاہ محمد اسماعیل علی شاہ قادری بانی امام بخاری اسلامک ریسرچ سنٹر نے عید الفطر کے موقع پر مسجد فاطمہ اڈمنٹن کینڈا میں عید الفطر کے کثیر اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے کیا ۔ مفتی صاحب نے نوجوانوں پر زور دیا کہ دیار غیر میں مبلغ اسلام کا کردار کرتے ہوئے قرآن مجید کے آفاقی پیغام کو دوسروں تک پہنچائیں ۔ جہاں تک ہوسکے اسلام سے متعلق غلط فہمیوں کو دور کرنے کی کوشش کریں ۔ اس موقع پر علماء مشائخین مصلیوں میں مرد وخواتین اور معصوم بچوں کی کثیر تعداد نے شرکت کی ۔ آخر میں عالم دنیا بالخصوص عالم اسلام کے لیے خصوصی دعا سلامتی کی گئی ۔۔

 

قرآن مجید کی تعلیمات ہر انسان کیلئے لازم ، قرآن شریف دستور حیات
عیدگاہ گنبدان قطب شاہی میں عید الفطر سے قبل مولانا قاری متین علی شاہ کا خطاب
حیدرآباد ۔ 28 ۔ جون : ( پریس نوٹ ) : عید الفطر انعام و اکرام کا دن ہے ۔ اس روز اللہ تعالیٰ ایک مہینہ تک روزہ ، افطار ، تلاوت قرآن مجید اور عبادت الہیٰ میں مصروف رہنے والے اپنے بندوں کو انعام سے سرفراز فرماتا ہے ۔ ان خیالات کا اظہار مولانا سید متین علی شاہ قادری نے عیدگاہ گنبدان قطب شاہی میں نماز عید الفطر سے قبل کثیر اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے کیا ۔ انہوں نے کہا کہ قرآن مجید ہمارا دستور حیات ہے ۔ قرآن مجید کی تعلیمات ہر انسان کے لیے لازم ہے ۔ مولانا متین علی شاہ نے کہا کہ طلاق اللہ تعالیٰ کو انتہائی ناپسند ہے ۔ اس نا پسندیدہ عمل کو بھی اختیار کرنے کا طریقہ قرآن مجید میں بتلایا گیا ہے مگر موجودہ دور میں بعض جاہل افراد جو قرآن و سنت سے ناواقف ہے تین طلاق کے ذریعہ انتہائی قبیح عمل کو اپنا رہے ہیں جس کی وجہ سے غیروں کے روبرو ہماری رسوائی کا سامان کیا جارہا ہے ۔ انہوں نے امت مسلمہ میں اتحاد و اتفاق کی ضرورت پر زور دیا اور کہا کہ جب تک ہم متحد رہیں گے اسلام دشمن طاقتوں کو اپنے اتحاد کے ذریعہ ناکام بناسکتے ہیں ۔ مولانا متین علی شاہ نوجوانوں پر زور دیا کہ وہ بعد رمضان کے بھی مساجد کو آباد رکھیں۔ جس طرح رمضان المبارک میں آباد رکھا تھا جس طرح رمضان میں برائیوں سے بچتے رہے اور خوب نیک عمل انجام دیتے رہے اسی طرح وہ سال کے آئندہ گیارہ مہینوں میں بھی اس سلسلہ کو جاری و ساری رکھیں ۔ اس موقع پر مسجد اقصیٰ فلسطین ، عراق ، شام ، ایران ، لیبیا ، قطر ، یمن ، افغانستان اور عالم اسلام اور عالمی سلامتی کے لیے دعا کی گئی ۔ قبل ازیں انہوں نے فضائل عید اور نماز عید کا طریقہ بھی بتایا ۔ ابتداء میں جناب غلام محی الدین پاشاہ بھائی نے تمام مصلیوں کا خیر مقدم کرتے ہوئے کہا کہ عیدگاہ گنبدان قطب شاہی کا گذشتہ سالوں سے کورٹ میں مقدمہ زیر دوراں ہے ۔ اس کی بازیابی کے لیے کوششیں جاری ہے ۔ اس موقع پر شکیل علی خاں ، عامر علی خاں ، شیخ منور قادری ، عزیز خاں پٹھان نمائندہ کارپوریٹر ہارون فرحان نمائندہ کارپوریٹر ، حبیب زین العابدین عابد بھی موجود تھے ۔ اور انتظامات میں حصہ لیا ۔ آخر میں جناب غلام محی الدین پاشاہ بھائی نے تمام محکمہ جات کا شکریہ ادا کیا ۔۔